Tag: Foreign Ministry

  • روس نے برطانوی فوجی افسران سمیت 23 افراد پر پابندی لگادی

    روس نے برطانوی فوجی افسران سمیت 23 افراد پر پابندی لگادی

    ماسکو : روس کی وزارت خارجہ نے برطانیہ کے 23 شہریوں کے روس میں داخلے پر پابندی عائد کردی، جن میں مسلح افواج، میڈیا نمائندے، عدلیہ اور دیگر شامل ہیں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ افراد اور تنظیموں کے خلاف روسی حکومت نے یہ اقدام برطانیہ کی یکطرفہ پابندیوں کے ردعمل میں کیا ہے۔

    روسی دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ تحریری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ نے بعض روسی شہریوں اور فرموں پر یکطرفہ طور پر پابندیاں عائد کی ہیں اور یوکرین کو فوجی تیکنیکی امداد فراہم کی ہے۔

    اسی بنا پر23 برطانوی شہریوں کے روس میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ان میں یوکرینی فوجیوں کو تربیت دینے والے فوجی ماہرین، بعض میڈیا اداروں سمیت عدالتوں اور جیلوں کے متعدد عہدیداران شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ روس نے گزشتہ برس برطانوی صحافی، دفاعی صنعت کے ناظمین اور فوجی عہدیداروں پر مشتمل 49 افراد اور بعد ازاں سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سمیت 39 برطانوی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔

  • میزائل پاکستان میں کیسے داخل ہوا؟ وضاحت کافی نہیں، بھارت کو سوالات کے جوابات دینا ہوں گے، وزارت خارجہ

    میزائل پاکستان میں کیسے داخل ہوا؟ وضاحت کافی نہیں، بھارت کو سوالات کے جوابات دینا ہوں گے، وزارت خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت وضاحت کریں میزائل پاکستان میں کیسے داخل ہوا، اندرونی عدالتی تحقیقات کا فیصلہ کافی نہیں، پاکستان مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے میزائل کے حادثاتی فائرنگ کے سرکاری اعتراف کے بعد ترجمان وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نےبھارتی وزارت دفاع کےبیان کانوٹس لیاہے، بیان میں میزائل کی حادثاتی طور پر گرنے پر افسوس کا اظہار کیا گیا، اندرونی عدالتی تحقیقات کے فیصلے پر افسوس ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام کی جانب سے پیش کردہ سادہ وضاحت کافی نہیں ہے، بھارت کو کچھ سوالات کے جوابات دینا ہوں گے۔

    وزارت خارجہ نے کہا کہ بھارت کو حادثاتی میزائل لانچ اور روکنے کی طریقہ کار کی وضاحت کرنی چاہیے، میزائل کی قسم اور خصوصیات کو واضح طور پر بیان کرنے کی ضرورت ہے، میزائل کی پرواز کے راستے، رفتار کی وضاحت کرنی ہوگی۔

    ترجمان نے بھارت سے سوالات کئے کہ میزائل آخرکارکیسے مڑ کر پاکستان میں داخل ہوا؟ کیا میزائل خود کو تباہ کرنے کے طریقہ کار سے لیس تھا؟ کیاہندوستانی میزائلوں کو معمول کی دیکھ بھال کے تحت بھی لانچ کیلئے رکھا گیا ہے۔

    وزارت خارجہ نے مزید کہا پاکستان کی جانب سے وضاحت طلب کیے جانے تک تسلیم کرنے کا انتظارکیوں کیا؟ کیا واقعی میزائل کو اس کی مسلح افواج نے ہینڈل کیا تھا یا کچھ بدمعاش عناصرنے؟

    ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعہ سنگین نوعیت کی کئی خامیوں اورتکنیکی خامیوں کی نشاندہی کرتاہے، بھارت کااندرونی عدالتی تحقیقات کا فیصلہ کافی نہیں، پاکستان حقائق کا درست تعین کرنے کیلئے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔

  • ہماری خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے: شاہ محمود قریشی

    ہماری خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے، ہماری خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری خارجہ اور وزارت خارجہ کےافسران نے شرکت کی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عالمی سطح پر سرخرو کیا۔

    انہوں نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے کامیاب اجلاس پر وزارت خارجہ ٹیم کو مبارکباد بھی دی، انہوں نے کہا کہ بہترین سفارت کاری کے لیے معاشی خود انحصاری اہمیت کی حامل ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔ ہماری خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فخر ہے میں انتہائی قابل سول سرونٹس اور سفیروں کی ٹیم کی سربراہی کر رہا ہوں۔

  • این سی او سی کا پاکستان آنے والے مسافروں کی کرونا رپورٹ پر تحفظات کا اظہار

    این سی او سی کا پاکستان آنے والے مسافروں کی کرونا رپورٹ پر تحفظات کا اظہار

    اسلام آباد: این سی او سی نے خلیجی ممالک سے پاکستان آنے والے افراد کی کرونا رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اس ضمن میں وزارت خارجہ کو خط تحریر کیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک سے لوگ نیگٹو کرونا رپورٹس کیساتھ پاکستان آرہےہیں، پاکستانی ایئرپورٹس پر دوبارہ ٹیسٹ کےدوران بعض مسافر کےنتائج مثبت آئے۔

    این سی او سی کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پچھلے پانچ دنوں میں ان ممالک سے آئے تریسٹھ لوگوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا، ان 63میں سے 47 افراد متحدہ عرب امارات سے پاکستان آئے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ خلیجی ممالک سے پاکستان آنیوالے مسافر قابل اعتبار لیبارٹریز سے ٹیسٹ کرا کرپاکستان آئیں اور وزارت خارجہ اس ضمن میں اقدامات کو یقینی بنائے۔

    یہ بھی پڑھیں: ایئرپورٹ پر کرونا مریضوں کو پکڑنے کیلیے انوکھا فیصلہ

    دوسری جانب بیرون ملک سے آنے والے کوورنا مریض پکڑنے کےلیے انوکھا فیصلہ سامنے آیا ہے، اب سراغ رساں کتے ‏ایئر پورٹ پر کورونا مریض کی نشاندہی کریں گے، یہ فیصلہ جعلی کرونا رپورٹس سے پاکستان آنے والے مسافروں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے ‏بعد کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر سراغ رساں کتوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ہے اور سراغ رساں ‏کتے ایئر پورٹ پر کرونا مریض کی نشاندہی کریں گے،پاک فوج ایئر پورٹ انتظامیہ کو تربیت یافتہ کتے فراہم کرے گی، سراغ رساں کتے12مئی سےتعینات ‏ہوں گے، اسلام آبادایئرپورٹ انتظامیہ نےاےسی سی ٹیم کوداخلےکی اجازت دے دی ہے۔

  • ‘ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں  لئے جانے کے معاملے کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’

    ‘ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں لئے جانے کے معاملے کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’

    اسلام آباد : وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ کا کہنا ہے کہ ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں لئے جانے کے معاملے کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ نے ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں لئے جانے کے معاملے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملائیشیا میں پاکستانی ہائی کمیشن ، متعلقہ حکام اور پی آئی اےسے رابطے میں ہے ، معاملے کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ مسافروں کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے ، مسافروں کو متبادل ذرائع سے بھیجنے کیلئے انتظامات مکمل کرلئےگئے ہیں۔ مسافر آج رات کوالالمپور سے پرواز ای کے343سےروانہ ہوں گے۔

    دوسری جانب معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پی آئی اےکابوئنگ777طیارہ ملائیشیامیں روکاگیا، یہ طیارہ 12 سال پہلے لیز پر لیا گیا تھا اور کوروناکی وجہ سےیہ طیارہ گزشتہ مہینوں میں زیر استعمال نہیں تھا، جیسے پوری دنیامیں کورونا کی وجہ سے ریٹ کم ہوئے، پی آئی اےبھی ان کے ساتھ نئے ریٹ پربات چیت کررہی تھی، کیس برطانیہ کی عدالت میں زیرسماعت ہے۔

    ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ ملائیشیا سے سارے معاملے کا کچھ لینا دینا نہیں تھا، لیزکرنے والی کمپنی ملائیشیاکی تھی نہ ہی وہاں کوئی کیس چل رہاتھا، اچانک اسٹےآرڈرلےکروہاں طیارہ روک لیا گیا، پی آئی اےملکی پیسہ نہ بچاتا،لٹاتا رہتا تو تنقید کرنے والےخوش ہوتے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ تنقیدکرنےوالوں کوسمجھناچاہئےادارہ قومی بچت کی کوشش کر رہاہے اور برطانیہ میں کیس لڑ رہا ہے، لیز کرنے والی کمپنی ملائیشیا میں اسٹے آرڈر لے لیتی ہے، ہمیں بطورپاکستانی پی آئی اےانتظامیہ کوسپورٹ کرناچاہئے، تنقیدنہیں کرنی چاہئےکیونکہ وہ بچت کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75 ویں سیشن کیلئے منتخب صدر کی وزارت خارجہ آمد

    اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75 ویں سیشن کیلئے منتخب صدر کی وزارت خارجہ آمد

    اسلام آباد : اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75 ویں سیشن کیلئے منتخب صدر وولکن بوزکر کی وزارت خارجہ آمد پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75 ویں سیشن کیلئے منتخب صدر وولکن بوزکر وزارت خارجہ پہنچے ، جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا۔

    اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر نے وزارت خارجہ کے لان میں پودا لگایا۔

    نومنتخب صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے جبکہ نومنتخب صدر وولکن بوزکر اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پریس کانفرنس بھی کریں گے‌۔

    دورہ پاکستان میں وولکن بوزکر وزیراعظم عمران خان سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں جنرل اسمبلی ایجنڈےکے حوالے سے مسائل،ترجیحات پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    گذشتہ روز اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی کے صدر کے ساتھ اقوام متحدہ کے اہداف کے تین بنیادی ستونوں سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کریں گے ،جس میں امن و استحکام ، ترقی اور انسانی حقوق شامل ہیں۔

    یاد رہے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یو این جی اے کے صدر منتخب ہونے کے ناطے میں متعدد ممالک کا دورہ کرتا رہتا ہوں، اس سلسلے میں کل بطور منتخب صدر یواین 75واں جنرل اسمبلی پاکستان کا دورہ کروں گا۔

    خیال رہے جولائی کے آخر میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کو پاکستان آنا تھا تاہم وہ منسوخ ہوگیا تھا، وولکن بوزکر کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر مجھے 26 اور 27 جولائی کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا ، جو فلائٹس کے تکنیکی مسائل کی باعث ملتوی کیا۔

    واضح رہے وولکن بوزکرگزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں سیشن میں صدر منتخب ہوئے تھے۔

  • پاکستان نے افغانستان کیلئے فضائی حدود کبھی بند نہیں کی، وزارت خارجہ

    پاکستان نے افغانستان کیلئے فضائی حدود کبھی بند نہیں کی، وزارت خارجہ

    اسلام آبا د : وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت سے حالیہ کشیدگی کے دوران افغان ٹرانزٹ ٹریڈ جاری ہے، پاکستان نے افغانستان کیلئے اپنی فضائی حدود کبھی بند نہیں کی۔

    یہ بات سینیٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ترجمان وزارت خارجہ نے تحریری جواب میں کہی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا، اس موقع پرسینیٹر مشتاق احمد نے ٹائیفائیڈ کی دوا کی مفت فراہمی سے متعلق سوال کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں کو پرلگ گئے ہیں، جس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا کہ ٹائیفائیڈ پر ہم جلد قابو پالیں گے، سرکاری اسپتالوں میں مفت دوائیں فراہم کی جاتی ہیں۔

    وقفہ سوالات کے دوران وزرات خارجہ کے ترجمان نے پاک افغان تجارت کے حوالے سے تحریری جواب جمع کرادیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کیلئے فضائی حدود کبھی بند نہیں کی، بھارت سے حالیہ کشیدگی کے دوران بھی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ جاری رہی۔

    وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی تعداد 3 ہزار ہے، سعودی ولی عہد کے اعلان کے مطابق 2080 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔

  • پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کریں: چینی وزرات خارجہ

    پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کریں: چینی وزرات خارجہ

    بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کریں، مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن واضح ہے، مذاکرات سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں ترجمان چینی وزارت خارجہ نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کریں، مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن واضح ہے۔

    ترجمان چینی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے پاکستان اور بھارت متنازعہ معاملات پر بات کریں گے، مذاکرات سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

    چینی دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ مذاکرات سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، پاک بھارت مذاکرات خطے اور عالمی برادری کے مفاد میں ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران ان کی چینی صدر شی جن پنگ ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔

    ملاقات میں چینی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات سے پاکستان مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

    چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغان مسئلے کے پر امن حل پر اتفاق کیا۔

  • یورپی یونین کی وزارت خارجہ کی سربراہ فیڈریکاموگیرنی کی وزارت خارجہ آمد

    یورپی یونین کی وزارت خارجہ کی سربراہ فیڈریکاموگیرنی کی وزارت خارجہ آمد

    اسلام آباد : یورپی یونین کی وزارت خارجہ کی سربراہ فیڈریکاموگیرنی کی وزارت خارجہ پہنچ گئیں ، جہاں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹیجک مذاکرات ہوں گے،مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے خارجہ تعلقات اور سیکورٹی پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی نے وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ کادورہ کیا، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان اور وفدکا استقبال کیا۔

    اس موقع پرپاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹیجک مذاکرات ہوں گے، یورپی یونین وفد کی قیادت فیڈریکا موگیرینی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کریں گے۔

    مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    یورپی یونین کی خارجہ امورکی سربراہ فیڈریکاموگرینی دورے کے دوران میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

    یاد رہے 13 مارچ کو وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے بزنس لیڈرز سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا جی ایس پی پلس کے حوالے سے یورپی یونین کے شکرگزار ہیں، 26 مارچ کو پاکستان اور یورپی یونین میں معاہدہ ہونے جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : 26 مارچ کو پاکستان اور یورپی یونین میں معاہدہ ہونے جارہا ہے ، وزیرخارجہ

    گزشتہ ماہ 24 فروری کو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کی نمائندہ فیڈریکاموگرینی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا جس میں انہوں نے یورپی یونین کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کے لیے تعاون کی یقین کرائی تھی۔

    فیڈریکاموگرینی نے موجودہ صورت حال میں پاکستان کے رویے کو سراہتے ہوئے زور دیا تھا کہ دونوں ملک تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کریں۔

  • وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری

    وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری

    اسلام آباد: وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں سعودی عرب کی طرف سے ملی معاشی مدد، پاک چین تعلقات میں بہتری، متحدہ عرب امارات سے معاہدے، کرتار پور راہداری اور دیگر اہم کامیابیوں کا ذکر شامل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ہدایت پر وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی۔ رپورٹ میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ کے بیرون ملک دوروں اور حاصل شدہ کامیابیوں کی تفصیلات شامل ہیں۔

    رپورٹ میں پاکستان کا دورہ کرنے والی اہم شخصیات اور وفود کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔ 11 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں علاقائی اور عالمی معاملات پر ترجیحات درج ہیں۔

    وزرات خارجہ کی رپورٹ میں وزیر خارجہ کے صیربنی یاس فورم، یورپی یونین، جرمنی، جاپان، کوریا اور لیتھونیا کے اعلیٰ سطح کے وفود کے ساتھ مذاکرات کا تذکرہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

    وزیر خارجہ کے جنرل اسمبلی سے خطاب اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)، آسم سمٹ اور ڈی ایٹ کونسل میں پاکستان کی شرکت کی تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔

    رپورٹ میں سعودی عرب کی طرف سے ملی معاشی مدد، پاک چین تعلقات میں بہتری، متحدہ عرب امارات سے معاہدے، کرتار پور راہداری اور دیگر اہم کامیابیوں کا ذکر بھی شامل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 100 روز مکمل ہوچکے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان 100 روزہ حکومتی کارکردگی اور حاصل کیے گئے اہداف کے بارے میں قوم کو آگاہ کریں گے۔