Tag: foreign travelers

  • بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    کراچی : وزارت داخلہ کے احکامات کے تناظر میں غیر ملکیوں کو الیکٹرانک ٹریول اتھرائزیشن ( ای ویزہ) کے اجراء کا سلسلہ گزشتہ روز سے شروع کر دیا گیا ہے۔

    کراچی : تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کو خوشخبری سنادی، وزارت داخلہ کی جانب سے غیرملکیوں کی پاکستان آمد پر انہیں ای ویزا جاری کرنے کا آغاز کردیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرملکیوں کو ویزے کی تمام کاغذی کارروائی کے بعد ایک کیو آر کوڈ جاری کیا جائے گا۔

    پاکستان، آن ارائیول ویزے کے اجرا کا آغاز

    ویزے کی تفصیلات پر مبنی کیو آر کوڈ پاکستانی ائرپورٹس پر ایف آئی اے امیگریشن حکام اسکین کریں گے۔ سسٹم کی تصدیق پر غیرملکی کو پاکستان میں90 دن قیام کا ٹورسٹ ویزہ جاری کر دیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ٹریول اتھرائزیشن پر مبنی ویزے کی منطوری متعلقہ سفارت خانہ دے گا، پاسپورٹ سے لنک ای ویزا بورڈنگ کے وقت متعلقہ ائرلائن عملہ بھی اسکین کرے گا۔

    وزارت داخلہ کا کنا ہے کہ غیر ملکی مسافروں کو سفر کی معلومات اور رابطہ نمبر پاس ٹریک نامی ایپلیکیشن پر بھی اپ لوڈ کرنا ہوگا۔

  • کویت آنے کے لیے غیرملکی مسافروں کو کیا کرنا ہوگا؟

    کویت آنے کے لیے غیرملکی مسافروں کو کیا کرنا ہوگا؟

    کویت سٹی : کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے بعد فضائی آپریشن کی معطلی سے پیدا ہونے والے مسائل سے کویت آنے والے غیر ملکیوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔

    اس حوالے سے کویتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں غیر ممنوعہ ممالک میں 14دن گزارنے والے تارکین وطن کے پاس کویت آنے کیلئے صرف دو راستے ہیں۔

    ایئر پورٹس کو 10روز کیلئے بند رکھنے کے فیصلے کے بعد وہ مسافر جو کویت میں داخلے کی تیاری میں کسی دوسرے ملک میں 14دن گزار رہے ہیں ان کو یا تو آئندہ سال جنوری کے پہلے ہفتے میں ایئر پورٹ کھلنے تک اسی ملک میں قیام کرنا پڑے گا یا واپس اپنے ملک جانا ہوگا۔

    کویتی اخبار کے مطابق مننوعہ ممالک کی فہرست میں آنے والے تارکین وطن جو غیر ممنوعہ تیسرے ملک سے واپس لوٹنا چاہتے ہیں ان کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں وہیں رکنا ہے یا کویتی حکومت کے اگلے فیصلے کا انتظار کرنا ہے۔

    اس حوالے سے سیاحت اور ٹریول مارکیٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم ممالک میں رہائش پذیر تارکین وطن فلائٹ کی بکنگ اور سفر کی سہولیات سے متعلق معلومات مسلسل حاصل کررہے ہیں۔ یہ تارکین وطن پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ ان کے پاس کویت جانے کیلئے کچھ ہی دن باقی ہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ زیادہ تر ٹریول کمپنیاں اپنے صارفین کیلئے کوئی فیصلہ کرنے سے قاصر ہیں لیکن عام تاثر یہ ہے کہ شاید ٹرانزٹ ملک کیلئے سفر کرنا میسر ہوگا جس کیلئے خاص طریقہ کار ہوگا۔ یہ کویتی حکومت پر منحصر ہے کہ وہ کب نیا فیصلہ جاری کرتی ہے جس سے ان کی واپسی آسان ہوگی۔

    اس کے علاوہ وہ لوگ جو پہلے ہی سفر کرچکے ہیں اور قرنطین کے سبب ٹرانزٹ ملک میں قیام پذیر ہیں ان کیلئے دو مختلف حالات ہیں، پہلا یہ کہ جن پاس کافی وقت ہے اور یہ ایام گزارنے کیلئے وہ اپنی خوراک اور رہائش کا انتظام باآسانی کرسکتے ہیں، اگر مدت میں مزید توسیع کردی جاتی ہے تو وہ ان کیلئے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔

    دوسری صورتحال ان لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث ہے جن کے معطلی کی مدت کے دوران ٹرانزٹ ملک میں قیام کی مدت ختم ہوجائے گی جس کے باعث وہ اس ملک میں اپنا قیام بڑھانے یا اپنے آبائی ملک واپس جانے کا فیصلہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔

  • کورونا وائرس : بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلئے نئی سفری ہدایات جاری

    کورونا وائرس : بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلئے نئی سفری ہدایات جاری

    کراچی : کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے مسافروں کو محفوظ رکھنے کیلئے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ، جس میں مسافروں کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا ، اس حوالے سے سی اے اے کے ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کو کورونا وائرس کے حوالے سے تین کیٹگری اے ، بی اور سی میں تقسیم کیا ہے۔

    کیٹیگری سی کے ممالک سے آنے والے مسافروں کا کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا اور ڈنمارک کو کیٹیگری سی میں شامل کرلیا گیا، ڈنمارک سے آنیوالے تمام مسافروں کے ٹیسٹ ملکی ایئرپورٹ پر کئے جائیں گے۔

    کیٹگری اے میں شامل30 ممالک کی تعداد کم کر کے 21کر دی گئی ، کیٹگری اے میں شامل آسٹریلیا ،چین، مالدیپ، نیوزی لینڈ، نائجیریا، ساوتھ کوریا، سعودی عرب، سنیگال، سری لنکا اور ویتنام شامل ہیں جبکہ ترکی کا نام کیٹیگیری اے سے نکال دیا گیا ہے۔

    کیٹگری اے میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ / پی سی آر سے استثنی حاصل ہوگا۔

    سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نئی ایس او پیز کے مطابق کیٹگری بی میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دے دیا گیا، کیٹگری بی ممالک سے آنے والے تما م مسافروں کو سفر سے قبل 96 گھنٹے کے اندر اندر کورونا ٹیسٹ کروانا لازم ہوگا۔

    کیٹیگری سی کے ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ پاکستان بشمول ایئرپورٹ پر لئے جائیں گے۔

    سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نئی ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا تمام بین الاقوامی ائیرلائنز، چارٹرڈ طیاروں اور دیگر فضائی کمپنیوں پر لازم قرار دیا گیا۔

    نوٹیفکیشن میں بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کو ہیلتھ ڈکلیریشن فارم پر کرنا لازمی قراردیتے ہوئے ہیلتھ ڈکلیئریشن فارم میں مسافروں سے گذشتہ 14دنوں میں کن کن ممالک میں سفر کا ان کی تفصیلات طلب کی گئیں ہیں ۔

    جس میں کہاگیا 14دنوں کے دوران مسافرکوویڈ 19 کے مریض سے تعلق رہا ہو، ڈکلیئریشن فارم میں مسافر کو افریقہ یا جنوبی امریکہ کے آخر پانچ دنوں میں قیام تو نہیں کیا اس کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہے۔

    سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نئی ایڈوائزری 20 نومبرسے 31 دسمبر 2020 تک نافذ العمل رہے گی۔