Tag: forest fire

  • ایبٹ آباد کے قریب جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوگئی

    ایبٹ آباد کے قریب جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوگئی

    ایبٹ آباد میں گلیات کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوگئی، آتشزدگی سے ہزاروں درخت اور پودے جل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گلیات کے جنگلات میں آتشزدگی کے بعد مقامی انتظامیہ یا محکمہ جنگلات کی جانب سے 48 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی آگ بجھانے کی کارروائی تاحال شروع نہیں کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اڑتیس گھنٹے گزرنے کے باوجود سرکاری مشینری نہیں پہنچ سکی ہے، آگ سے سیکڑوں درخت جل کرخاک ہوگئے۔

    یونین کونسل نملی میرا کے گاؤں دکھن پنگھوڑہ سنگل کے جنگلات میں تیز ہواؤں کی وجہ سےآگ بھڑکی، شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے آگ بجھانے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال تشویشناک ہوسکتی ہے۔

  • کوہ جاندران میں جنگل کی آگ پر قابو پا لیا گیا

    کوہ جاندران میں جنگل کی آگ پر قابو پا لیا گیا

    بارکھان اور کھولو کی سرحد پر واقع، کوہ جاندران کے علاقے میں جنگل میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا۔

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق کوہ جاندران میں جنگل کی آگ پر قابو پا لیا گیا، مقامی آبادی کے مطابق 16 مارچ کو کوہ جاندران میں واقع جنگل میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

    این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ، لیویز، فرنٹیئر کور اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے جنگل کی آگ پر قابو پانے کے لیے مربوط رسپانس کے ساتھ اقدامات اٹھائے۔

    بارکھان سے موصولہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق آگ کو محدود کر دیا گیا ہے اور مزید پھیلاؤ کا خطرہ کم سے کم ہے، فاریسٹ آفیسر نے تصدیق کی ہے کہ صورت حال قابو میں ہے اور علاقہ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی ہے، تاکہ کسی بھی قسم کی دوبارہ آتش زدگی کو اٹھنے سے روکا جا سکے۔

    بارکھان: کوہ جاندران میں آگ بے قابو، سیکڑوں قیمتی جڑی بوٹیاں جل کر خاکستر ہوگئیں

    این ڈی ایم اے آگ بجھانے کی کوششوں کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، اور صوبائی محکموں کے ساتھ مل کر صورت حال کا جائزہ لینے اور ضرورت کے مطابق وسائل کی تقسیم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ متاثرہ آبادی کی حفاظت اور جنگل کی آگ کو پوری طرح بجھانے کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

  • جنگلات میں ہولناک آتش زدگی، درجنوں افراد ہلاک

    جنگلات میں ہولناک آتش زدگی، درجنوں افراد ہلاک

    شمالی افریقی ملک الجیریا میں جنگلات میں ہولناک آتش زدگی سے 26 افراد ہلاک ہوگئے، سینکڑوں مکانات کے رہائشیوں کو نقل مکانی کرنی پڑی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق الجیریا کے جنگلات میں آتش زدگی سے 26 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    الجیریا کے وزیر داخلہ نے آگ لگنے کے واقعے میں 26 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

    وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ تیونس کی سرحد کے قریب واقع جنگلات میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز ہیلی کاپٹر کی مدد بھی لے رہے ہیں۔ آگ کی وجہ سے 350 رہائشیوں کو نقل مکانی بھی کرنا پڑی ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شمالی الجیریا میں ہر سال آگ لگنے کے واقعات رونما ہوتے ہیں، گزشتہ سال بھی آتشزدگی کے واقعے میں 90 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 1 لاکھ ایکڑ زمین مکمل طور پر جل گئی تھی۔

  • پرتگال اور اسپین کے جنگلات میں لگی آگ سے آسمان سرخ ہو گیا

    پرتگال اور اسپین کے جنگلات میں لگی آگ سے آسمان سرخ ہو گیا

    میڈرڈ: پُرتگال اور اسپین کے جنگلات میں لگی آگ سے آسمان سرخ ہو گیا، جنگلات میں لگی آگ پر دس دن بعد بھی قابو نہ پایا جا سکا، دھواں اسپین کے دارالحکومت تک پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پُرتگال اور اسپین کے جنگلات میں لگی آگ تاحل بے قابو ہے، 22 افراد زخمی ہو چکے ہیں، اور آگ کی شدت مزید بڑھتی جا رہی ہے، آگ کے شعلے اتنے بلند ہیں کہ آسمان سرخ ہو گیا ہے۔

    سینکڑوں فائر فائٹرز فضا میں بلند ہوتے آگ کے شعلوں کو کنٹرول کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، پُرتگال کے نیشنل پارک میں لگنے والی آگ بھی دوبارہ بھڑک اٹھی، کئی دیہات خالی کرا لیے گئے۔

    بلند ہوتے شعلے دور دراز علاقوں سے دکھائی دے رہے ہیں، جنگل کی آگ سے اٹھنے والا دھواں اسپین کے درالحکومت میڈرڈ تک پہنچ گیا، ہر سو جلنے کی بو پھیل گئی ہے۔

    میڈرڈ میں "فور ٹاورز” کے نام سے مشہور فلک بوس عمارت تک دھواں دیکھا گیا، ایک ہزار فائر فائٹرز آگ کو کنٹرول کرنی کوششیں کر رہے ہیں، وسیع پیمانے پر لگنے والی آگ کے باعث متعدد علاقوں اور دیہات کو خالی کرا لیا گیا ہے۔

    14 ہزار ہیکٹر کا رقبہ جل کر خاکستر ہو چکا ہے، یورپی ممالک کے حکام نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر رکھا ہے، واضح رہے کہ یورپ میں گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔

  • جنگلات میں آتش زدگی، محکمہ جنگلات کے 6 افسران معطل

    جنگلات میں آتش زدگی، محکمہ جنگلات کے 6 افسران معطل

    لاہور: صوبہ پنجاب میں جنگلات میں آتش زدگی کے واقعات کے بعد محکمہ جنگلات کے 6 افسران کو معطل کردیا گیا، افسران نے غفلت و لاپرواہی کا مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر کمالیہ میں جنگلات میں آگ لگنے کے معاملے پر سیکریٹری جنگلات نے فیصل آباد کے 6 افسران کو معطل کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران کو محکمانہ امور میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا، افسران کو کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں معطل کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق افسران کی نااہلی اور لاپرواہی جنگل و جنگلی حیات کے زیادہ نقصان کا باعث بنی، افسران کو پیڈا ایکٹ کے سیکشن 6 کے تحت 3 ماہ کے لیے معطل کیا گیا۔

    سیکریٹری جنگلات کا کہنا ہے کہ معطل ہونے والے افسران میں ایس ڈی ایف او، 2 بلاک آفیسر اور 3 فاریسٹ گارڈز شامل ہیں۔

  • جنگلات میں آتشزدگی سے نمٹنے کے لیے چین کا تعاون

    جنگلات میں آتشزدگی سے نمٹنے کے لیے چین کا تعاون

    اسلام آباد: پاکستان کے جنگلات میں آتشزدگی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے چین کے ساتھ مشترکہ فریم ورک کے تحت میٹنگ کی گئی، میٹنگ میں دونوں ممالک کے ماہرین پر مشتمل جوائنٹ ورکنگ گروپ کی تشکیل کی بنیاد رکھی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جنگلات میں آتشزدگی کے خطرے سے نمٹنے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے پاک چین تعاون فریم ورک کے تحت اعلیٰ سطح کے وفد کی آن لائن میٹنگ ہوئی۔

    میٹنگ کا مقصد جنگلات میں لگنے والی آگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔

    پاکستان کی جانب سے وفد کی قیادت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے کی جبکہ چینی وفد کی سربراہی بین الاقوامی تعاون اور ریسکیو ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر لیو ویمن نے کی۔

    اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے کی معاونت، ممبران این ڈی ایم اے، جوائنٹ سیکریٹری ای اے ڈی، ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروس 1122، ڈی جی سول ڈیفنس، ڈی آئی جی جنگلات اور وزارت موسمیاتی تبدیلی نے کی۔

    مسٹر لیو ویمن نے بلوچستان میں ہونے والی آتش زدگی پر کامیابی سے قابو پانے میں حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور بذریعہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی قبل از وقت وارننگ، مشترکہ نگرانی کے نظام اور فوری رسپانس کے حوالے سے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔

    اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے کی تجویز پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں ممالک کے ماہرین پر مشتمل جوائنٹ ورکنگ گروپ کی تشکیل کی بنیاد رکھی گئی تاکہ اس سلسلے کو آگے بڑھایا جا سکے۔

  • بلوچستان : جنگلات کی آگ بجھانے کیلئے پاک فوج کی کارروائیاں جاری

    بلوچستان : جنگلات کی آگ بجھانے کیلئے پاک فوج کی کارروائیاں جاری

    راولپنڈی : بلوچستان میں شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں، اس حوالے سے ، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔

    ،آئی ایس پی آر کے مطابق پی ڈی ایم اے بلوچستان اور این ڈی ایم اے کی امدادی ٹیمیں بھڑکتے شعلوں کو ٹھنڈا کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق شیرانی کے جنگلات میں 18مئی کوآگ لگی تھی، پاک فوج اور ایف سی بلوچستان ہرممکن تعاون فراہم کررہی ہے۔

    کوئٹہ کورہیڈ کوارٹر پی ڈی ایم اے کے ساتھ رابطے میں ہے، جنگلات میں آگ 10ہزارفٹ کی بلندچوٹیوں سےشروع ہوئی، شدید گرم موسم اور ہواؤں سے آگ دور تک پھیل گئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ قریب ترین دیہات آگ سے 10 کلومیٹر دور ہیں، متاثرہ علاقے سے10خاندان محفوظ مقامات پرمنتقل کردیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان نے مانی خوا میں میڈیکل ریلیف کیمپ قائم کردیا، ایف سی ونگ،2آرمی ہیلی کاپٹرز آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں۔

    ایک ہیلی کاپٹر سے آگ پر پانی گرایا جارہا ہے، دوسرےہیلی کاپٹر سے فائر بالز اور کیمیکلز پھینکے جارہے ہیں۔

  • چترال: سینگور کے جنگلات میں آگ لگ گئی

    چترال: سینگور کے جنگلات میں آگ لگ گئی

    چترال: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر چترال میں سینگور کے جنگلات میں آگ لگ گئی، جنگل میں چلغوزے کے درخت بڑی تعداد میں ہیں جو آگ کی لپیٹ میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چترال کے علاقے سینگور کے جنگلات میں آگ لگ گئی، آگ نے چلغوزے کے درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    ڈویژنل فارسٹ آفیسر چترال کا کہنا ہے کہ فارسٹ ڈپارٹمنٹ، ریسکیو اور مقامی افراد آگ بجھانے میں مصروف ہیں، آگ پر جلد قابوں پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ڈی ایف او کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے آگ بھجانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، آگ نے 5 ہیکٹر رقبے کو لپیٹ میں لے لیا ہے، سینگور کے جنگلات میں چلغوزے کے درخت بڑی تعداد میں ہیں۔

    حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کی بھی انکوائری کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ کل رات گول نیشنل پارک کے جنگل میں بھی آگ لگی تھی جس پر قابو پالیا گیا تھا، سینگور کے جنگلات بھی گول نیشنل پارک کے جنگلات سے منسلک ہیں۔

  • دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں آتش زدگی

    دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں آتش زدگی

    گلگلت بلتستان کے شہر چلاس میں دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں لگی آگ کو تاحال نہ بھجایا جاسکا، آتش زدگی سے سینکڑوں درخت جل کر خاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق دیامیر کے پہاڑی جنگلات میں آتش زدگی سے سینکڑوں درخت جل گئے، گوہر آباد، ہڈور اور کھنبری کے گھنے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوچکی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات اب تک سامنے نہیں آسکیں، مقامی افراد کو مطالبہ ہے کہ حکومت فوری آگ بجھانے کا انتظام کرے۔

    اس سے قبل چترال میں 9 ہزار فٹ بلندی پر پہاڑوں میں جنگلات میں لگی آگ پر گزشتہ روز 5 دن بعد قابو پایا جاسکا۔ خوفناک آتش زدگی کے باعث لاتعداد قیمتی درخت جل کر راکھ ہو گئے۔

    وادی کیلاش کے علاقے بیریئر کے پہاڑوں پر جنگلات میں آگ 9 جون کو لگی تھی جس نے 85 ایکڑ (680) کنال رقبے پر محیط درختوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔

    ضلعی فاریسٹ افسر چترال فرہاد علی کے مطابق ریسکیو عملے کے ساتھ مقامی لوگوں نے بھی آگ بجھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

  • روس: سائبیریا کے جنگلات میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی

    روس: سائبیریا کے جنگلات میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی

    سائبیریا:جنگلات میں خوفناک آتشزدگی نے چھبیس افراد کی جان لے لی۔

    روس کے علاقے سائبیریا کے جنگلات میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی رہائشی علاقوں کواپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ نے سائبیریا کے جنوبی علاقے خاکاسیا سمیت بیس سے زائد دیہات اورقصبوں کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    آگ سے چھبیس افراد جھلس کرہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے، جنھیں قریبی اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے، آگ سے متعدد مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

    آگ سے ہونے والے اب تک نقصان کا اندازہ چھیانوے ملین ڈالر لگایا گیا ہے ، آگ کو بجھانے کے عمل میں پانچ ہزار فائر فائٹرز اورہیلی کاپٹرنے حصہ لیا۔