Tag: form

  • ایران کی سعودی عرب کو امریکا کے خلاف اتحاد کی پیش کش

    ایران کی سعودی عرب کو امریکا کے خلاف اتحاد کی پیش کش

    تہران : ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو سعودیہ کی تضحیک پر مبنی بیان دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض حکومت ایران کے ساتھ اتحاد کرکے خطے کو مضبوط بنائے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ میں مضبوط اتحادی سعودی عرب سے متعلق مضحکہ خیز بیان دینے پر ایران  ٹرمپ کے بیان محض دعوے قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کے دفاع میں میدان میں آگیا۔

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت کو ایران کے ساتھ مل کر امریکا کے خلاف مضبوط اتحاد بنانا چاہیے تاکہ مشرق وسطیٰ کو مضبوط کیا جاسکے۔

    ایرانی وزیر خارجہ نے ٹویٹر پر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ یہ کہہ کر کہ ’سعودی عرب ہماری حمایت کے بغیر دو ہفتے بھی نہیں رہ سکتا‘ توہین کی ہے۔

    جواد ظریف کا کہنا ہے کہ ’ہم اپنے پڑوسیوں کی طرف ایک مرتبہ پھر ہاتھ بڑھاتے ہیں، چلو خطے کو طاقتور بناتے ہیں اور خود پرستی کو روکتے ہیں‘۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست میسی سپی کے شہر ساؤتھ ہیون میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز امریکی فوج کی حمایت کے بغیر وہ 2 ہفتے بھی اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کو اپنی فوج کے لیے ہمیں ادائیگی کرنی ہوگی‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی صدر یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے یہ بات سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز سے کب کہی اور سعودی عرب نے فوری طور پر کیا رد عمل دیا۔

    واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب امریکا کا سب سے مضبوط اتحادی ہے دونلڈ ٹرمپ نے اپنے غیر ملکی دوروں کا آغاز بھی سعودی عرب سے کیا تھا۔

  • دیامر میں اسکولز جلانے کے واقعات پر تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل

    دیامر میں اسکولز جلانے کے واقعات پر تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل

    گلگت : دیامر میں اسکولز جلانے کے واقعات پر گلگت بلتستان حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دیدی،ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا ہے کہ علم دشمنوں کا مقابلہ نئے تعلیمی اداروں کے قیام سے کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں چلاس کے علاقے میں اسکولز جلانے کے واقعات کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔

    گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے داریل تانگیر میں حالات معمول کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا جے آئی ٹی ڈی آئی جی دیامر کی سربراہی میں بنائی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام اور علمائے کرام کا بھرپور تعاون حاصل ہے، دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن جزوی طور پر جاری ہے، حکومت ہر صورت میں اپنے رٹ قائم رکھے گی۔


    مزید پڑھیں : گلگت: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، اسکول جلانے والوں کا اہم کارندہ ساتھی سمیت گرفتار


    ترجمان نے کہا کہ علم دشمنوں کا مقابلہ نئے تعلیمی اداروں کے قیام سے کریں گے۔

    واضح رہے کہ 3 اگست کو گلگت بلتستان کے ضلع دیامرکے علاقے چلاس میں نامعلوم تعلیم دشمن شرپسندوں نے 12 اسکولوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے آگ لگا دی تھی۔

    جس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے چلاس اور دیامر میں اسکولوں کوجلانے کےواقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور سیکرٹری گلگت بلتستان سے اڑتالیس گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی تھی۔

    دوسری جانب دیامیر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی کی گئی جس کے باعث اہم گرفتاریاں عمل میں آئیں ہیں ، اسکول تباہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیے گئے ملزمان کی تعداد سترہ ہوگئی۔

  • ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

    ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

    کراچی:  پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے بعد ایم کیو ایم کے سابق سینئر رہنماء سلیم شہزاد نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا اور کہا کہ ہمارےدروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق سینئر رہنماء سلیم شہزاد نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی میں چائناکٹنگ والے ہونگے نہ ٹارگٹ کلر اور نہ ہماری پارٹی میں ڈرائی کلین والے شامل ہونگے۔

    سلیم شہزاد کا میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارےدروازے سب کے لئے کھلے ہیں، 16دسمبرکو اورنگی میں جلسہ کرینگے۔

    ایم کیو ایم کے سابق رہنما نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن سے میں خودالیکشن لڑوں گا، کراچی کےباقی حلقوں سےاپنی پارٹی کےامیدوار کھڑے کروں گا۔


    مزید پڑھیں : سیاست میں ہلچل مچا کر گیا تھا اب نئی جماعت بنا کر پھر ہلچل مچاؤں گا، سلیم شہزاد


    اس سے قبل جولائی میں بھی متحدہ کے سابق سینئر رہنماء سلیم شہزاد نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاست میں ہلچل مچا کر گیا تھا اب نئی جماعت بنا کر پھر ہلچل مچاؤں گا، عوامی خدمت اور قوم کے بہتر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی جماعت بنانے کا فیصلہ کیا۔

    انکا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کا نام کیا ہوگا یہ آئندہ چند روز میں فیصلہ کرلیا جائے گا، متحدہ کی موجودہ قیادت میں سب سے سینئر ہوں اس لیے خود کسی سے رابطہ نہیں کروں گا البتہ ایم کیو ایم پاکستان یا کسی اور جماعت کے رہنماء نے شمولیت کے لیے بات کی تو ضرور کروں گا۔

    واضح  رہے سلیم شہزاد 6 فروری کو جب وطن واپس آئے تو انہیں ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا، ایم کیو ایم کے سابق رہنما کو دہشت گردوں کے علاج و معالجے سمیت دیگر مقدمات میں حراست میں لیا گیا تھا۔


    مزید پڑھیں : ایم کیوایم رہنما سلیم شہزاد کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار


    سلیم شہزاد دہشت گردوں کے علاج سمیت 5 مقدمات درج تھے، مقدمات کی تفتیش کے لیےعدالت نے انہیں 7 فروری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا، بعد ازاں عدالت نے پانچوں مقدمات میں ان کی ضمانت منظور کرلی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا تھا، بعد ازاں وہ کینسر کا علاج کروانے کے لیے لندن روانہ ہوگئے تھے۔

    خیال رہے سلیم شہزاد کا شمار اُن لوگوں میں ہوتا ہے جو الطاف حسین کے ساتھ ابتدائی ایام میں ہی منسلک ہوگئے تھے، ایم کیو ایم کی طلبہ تنظیم سے وابستہ ہونے کے بعد سلیم شہزاد نے مرکزی کمیٹی میں وائس چیئرمین سمیت دیگر اہم عہدوں پر فرائض انجام دیے، بعد ازاں وہ 1991 میں اپنے قائد کے ساتھ ہی خود ساختہ جلاوطنی اختیار کر کے لندن میں مقیم ہوگئے تھے اور وہ اب برطانیہ کے شہری بھی ہیں۔

    سلیم شہزاد نے لندن میں بھی تنظیمی سرگرمیاں جاری رکھیں اور وہ لندن رابطہ کمیٹی میں عہدوں پر براجمان رہے تاہم بعد میں پیدا ہونے والے اختلافات کے باعث 2000 کے بعد انہیں تنظیمی عہدوں سے بتدریج ہٹایا جاتا رہا اور گزشتہ چند سالوں سے گمنامی کی زندگی بسر کر رہے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔