Tag: form 15

  • الیکشن 2013 : دھاندلی میں الیکشن کمیشن بھی ملوث تھا، عمران خان

    الیکشن 2013 : دھاندلی میں الیکشن کمیشن بھی ملوث تھا، عمران خان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نےپینتیس پنکچروں کی بات کی تھی یہاں تو پورا ٹائر ہی پنکچر نکلا۔ ڈھائی کروڑ ووٹ کہاں گئے؟بیس ہزار فارم پندرہ لاپتہ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ان کا کہنا تھا کہ چھپن ہزار پولنگ اسٹیشنز میں سے بیس ہزار کےفارم پندرہ غائب ہیں، ڈھائی کروڑ ووٹ کہاں گئےٰ؟

    عمران خان کا کہنا تھا کہ 2013ء کے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی میں الیکشن کمیشن بھی ملوث تھا۔ الیکشن کمیشن نے چار مرتبہ اپنا بیان بدلا۔

    فارم پندرہ کے بغیر فارم 14 نہیں بن سکتا۔ مسلم لیگ (ن) فارم پندرہ کے حوالے سے افواہیں پھیلا رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اس سے پہلے کسی الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات نہیں ہوئیں۔

    تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فارم پندرہ سےمتعلق ن لیگ نے غیر ذمہ دارانہ مہم چلائی ، پینتیس پنکچروں کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فارم پندرہ کے انکشاف کے بعد الیکشن کا پورا ٹائر پنکچر ہوگیاہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ نون لیگ کے مطالبے پر ایک ایک ووٹ گننے کو تیار ہیں، عمران خان نےکہا کہ خواجہ سعدرفیق کےحلقےمیں بیس ہزارآٹھ سو اضافی بیلٹ پیپرزبھیجےگئے،جبکہ حمزہ شہباز کےحلقےمیں باون ہزاراضافی بیلٹ پیپرزاضافی ڈالےگئے۔

    انہوں نے سوال کیا کہ نواز شریف کی تقریر کے بعد آر ایم ایس سسٹم بند ہوا اس کی تحقیقات کیوں نہیں ہوئیں؟

  • جوڈیشل کمیشن کو فارم 15 سے متعلق رپورٹ مل گئی

    جوڈیشل کمیشن کو فارم 15 سے متعلق رپورٹ مل گئی

    اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن کو قومی اورصوبائی اسمبلیوں کے نوے فیصد حلقوں کے فارم پندرہ سے متعلق رپورٹ موصول ہوگئی ہے۔

    قومی اسمبلی کے249 حلقوں،سندھ اسمبلی کے108 ،بلوچستان کے 38، اور کے پی کے کے 95حلقوں کاریکارڈ جو ڈیشل کمیشن کو موصول ہوگیا ہے قومی اسمبلی کے 63ہزارمیں سے20ہزار پولنگ اسٹیشنزکےفارم 15غائب ہیں۔

    پنجاب اسمبلی کے 39ہزار میں سے 12ہزار فارم پندرہ کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے ،نوازشریف کےحلقے این اے 120کے220میں سے114،شیخ رشید کےحلقےاین اے 55کے249میں سے 91فارم،عمران خان کےحلقےاین اے 56کے255میں سے 34فارم حمزہ شہبازکےحلقےاین اے 119کے242میں سے 78فارم ، سعد رفیق کےحلقےاین اے 125کے 265میں سے 169فارم ،احسن اقبال کےحلقےاین اے 117کے255میں سے 66فارم ،فہمیدہ مرزا کےحلقے این اے 225کے292میں سے219فارم ،چوہدری نثار کےحلقےاین اے 52کے351میں سے 69فارم 15غائب ہیں۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی انکوائری سے پہاڑ جتنا بڑا ثبوت مل گیا،دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو چکا ہے اب الیکشن دو ہزار تیرہ کا کوئی وجود نہیں رہا۔

    اے آر وا ئی سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے صحیح کہا تھا کہ ثبوت تھیلوں میں موجود ہیں، بند تھیلے کھلوانے پر جوڈیشل کمیشن کے مشکور ہیں، ثابت ہو رہا ہے کہ الیکشن 2013میں منظم دھاندلی کی گئی۔

     جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ جو ڈیشل کمیشن کو جو ثبوت فراہم کرنا تھے کر چکے،دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو چکا،کمیشن جو فیصلہ کرے گا قبول ہو گا۔

    جہانگیر ترین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں ضرورت سے زیادی بیلٹ پیپر چھاپے۔

  • جوڈیشل کمیشن کی کارروائی: مختلف رہنماؤں کے بیانات قلمبند

    جوڈیشل کمیشن کی کارروائی: مختلف رہنماؤں کے بیانات قلمبند

    اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ق کی جانب سے طلب کئے گئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے سات ریٹررننگ آفیسرز نے امیدواروں کو حتمی گنتی کیلئے نوٹس جاری نہ کئے جانے کے الزام کی حلفاً تردید کردی۔

    جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز افضل پر مشتمل جوڈیشل کمیشن نے فارم 15 کے حوالے سے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن کو طلب کئے جانے کی تجویز پر فیصلہ مؤخر کردیا ہے۔

    کمیشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فارم پندرہ سے متعلق بیشتر تفصیلات سامنے آگئی ہیں جبکہ فارم پندرہ کی رپورٹ کے حوالے سے ابھی کوئی تبصرہ نہیں کریں گے اور جائزہ لیں گے کہ ایڈیشنل سیکرٹر ی کو بلانے کی ضرورت ہے کہ نہیں ۔

    بدھ کے روز ہونے والی کارروائی میں سات ریٹرننگ افسران کے علاوہ جماعت اسلامی اور مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے پیش کئے گئے گواہوں پر جرح مکمل کی گئی۔

    جماعت اسلامی کے گواہ محمد حسین محنتی نے عدالت کو بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر متحدہ کے کارکنوں کی جانب سے قبضہ کر لیا گیا تھا اور ان کے جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹس کو مار پیٹ کر نکال دیا گیا تھا۔

    ان کی شکایت پر تیس ایف آئی آر درج ہوئیں اور صورت حال بہتر نہ ہونے پر جماعت اسلامی نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا ۔ محمد حسین محنتی نے کمیشن سے استدعا کی کہ کراچی میں دوبارہ الیکشنز کی سفارش کی جائے ۔

    مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے آفتاب احمد اور طارق علی نے اپنے بیانات میں متحدہ پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حلقوں میں ووٹروں کو گھروں سے نہیں نکلنے دیا گیا اور الیکشن میں دھاندلی کے لئے طاقت کا استعمال بھی کیا گیا ۔

    فارم پندرہ نہ پہنچنے پر تحریک انصاف کے وکیل عبدالحفیظ پیرا زادہ نے کہا کہ جب تک مواد سامنے نہ ہو وہ دلائل نہیں دے سکیں گے اس لئے فارم پندرہ آنے تک سماعت ملتوی کر دی جائے جس پر کمیشن نے سماعت پیر کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردی۔

  • ملک بھر کے قومی وصوبائی حلقوں کے تھیلے کھولنے کا حکم

    ملک بھر کے قومی وصوبائی حلقوں کے تھیلے کھولنے کا حکم

    اسلام آباد : انکوائری کمیشن نے فارم 15 کے معائنے کے لئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابی تھیلےکھولنے سے متعلق فیصلہ جاری کردیا جس کے مطابق کمیشن نے ملک بھر کے قومی وصوبائی حلقوں کے تھیلے کھولنے کا حکم دے دیا۔

    انکوائری کمیشن کے جاری کردہ تحریری فیصلے کے مطابق تھیلے کھولنے کے لئے متعلقہ ضلع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

    ڈسٹرکٹ سیشن جج کی معاونت علاقائی الیکشن کمشنر کریں گے۔ فارم 15 کے حصول کے لئے سفید، خاکی اور نیلے رنگ کے تھیلے کھولے جائیں گے اور ان کے علاوہ دیگر کسی بیگ کو نہیں چھیڑا جائے گا۔

    کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ فارم 15 کی فوٹواسٹیٹ نقول ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی تصدیق کے ساتھ سربہمر لفافوں میں کمیشن کو ارسال کی جائے گی۔

    کسی پولنگ اسٹیشن کے تھیلے میں اگر فارم 15 نہ نکلے یا تھیلا کھلا ملے تو اس کی اطلاع کمیشن کو رپورٹ کی صورت میں دی جائے گی۔

    قبائلی علاقہ جات میں یہ کام پولیٹیکل ایجنٹس کریں گے۔ اس سے پہلے اس ضمن میں تمام تمام سیاسی جماعتوں کے وکلاء اور الیکشن کمیشن کے ماہرین کا ایک اجلاس آج صبح سپریم کورٹ میں بند کمرے میں ہوا جس میں وکلا کے دلائل اور الیکشن کمیشن کے ماہرین کی دی جانے والی رائے کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

  • جوڈیشل کمیشن، انتخابی تھیلوں سے فارم15نکالنے کی تجویز پر فیصلہ محفوظ

    جوڈیشل کمیشن، انتخابی تھیلوں سے فارم15نکالنے کی تجویز پر فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد : دھاندلی کی تحقیقات کیلئےقائم جوڈیشل کمیشن نے تحریکِ انصاف کی جانب سے انتخابی حلقوں کے تھیلوں سے فارم پندرہ نکالنے کی تجویز پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    کمیشن کا ان کیمرہ اجلاس چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کا تیکنیکی عملہ اورسیاسی جماعتوں کے وکلاء بھی شریک تھے۔

    اجلاس میں تحریکِ انصاف کی جانب سے گزشتہ روز فارم پندرہ انتخابی تھیلوں میں سے نکالنے کی تجویز پر غور کیا گیا، کمیشن کے بند کمرے کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے تمام حلقوں کے تھیلے کھولنے یا نہ کھولنےکےمعاملے سے متعلق تفصیلی غور و خوض کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز پی ٹی آئی نےانکوائری کمیشن سے قومی اسمبلی کے تمام حلقے کھولنےکا مطالبہ کیا تھا، جوڈیشل کمیشن میں پی ٹی آئی کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ نےکمیشن کے نمائندوں کی موجودگی میں ووٹوں کے تھیلے کھولنے کا مطالبہ کیا۔

    جس پر کمیشن نے ماہرین کا بند کمرے میں اجلاس بدھ کو طلب کیا گیا تھا۔

    تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن فارم پندرہ کے حوالے سے فیصلہ بدھ کو کرے گا،  تہمینہ دولتانہ اور دیگر ن لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کچھ بھی کرلے اپنا الزام ثابت نہیں کرسکتی، کمیشن میں جمعرات کو سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد پر جرح ہوگی۔