Tag: Four-Year-Old Girl

  • دل دہلا دینے والا واقعہ ، مگر مچھ 4 سالہ بچی کو ماں کے سامنے  نگل گیا

    دل دہلا دینے والا واقعہ ، مگر مچھ 4 سالہ بچی کو ماں کے سامنے نگل گیا

    سکھر: سندھ کے ضلع سکھر میں خونخوار مگر مچھ 4 سالہ بچی کو ماں کے سامنے نگل گیا، والد نے بچی کی تلاش کیلئے مدد کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں صالح پٹ نارا کینال کے کنارے دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ، جہاں خونخوار مگرمچھ پانی کی تلاش میں بیٹھی چار سالہ بچی کو نگل گیا۔

    صالح پٹ نارا کینال کے کنارے بچی اپنی ماں کےساتھ بیٹھی تھی کہ مگرمچھ نے حملہ کردیا جبکہ بچی سعیدہ مہر کی والدہ نے بھاگ کر جان بچائی۔

    ننھی سعیدہ کے بےبس والد کا کہنا ہے کہ علاقے میں کھارا پانی ہے، پینے اور استعمال کے لئے میٹھے پانی کی تلاش میں یہاں تک آتے ہیں، خدارا کوئی مدد کرے شایدمیری بچی زندہ مل جائے۔

    بچی کے گھرمیں کہرام مچا ہوا ہے جبکہ پانی میں مگر مچھوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے ریسکیوٹیموں کوبھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ خورشید شاہ کاعلاقہ ہے ، کم ازکم میٹھے پانی کی سہولت تو دے دیں جبکہ ذرائع محکمہ وائلڈلائف کا کہنا ہے کہ 300سے زائدمگر مچھ دریا میں موجود ہیں اس لیے لوگ ان کے قریب جانے سے گریز کریں۔

    خیال رہے ناراکینال میں چند ماہ پہلے بھی گیارہ سال کی بچی مگر مچھ کا نوالہ بنی تھی۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے اسلام آباد انٹرنیشل ایئرپورٹ پر 4 سالہ بچی کھیلتے ہوئے تیسری منزل سے نیچے گر گئی، بچی کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ دم توڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ صبح اسلام آباد انٹرنیشل ایئر پورٹ پر پیش آیا جب والدین کے ساتھ آنے والی 4 سالہ بچی تیسری منزل (لیول) سے پہلی منزل پر گر پڑی۔

    عینی شاہدین کے مطابق بچی ماں کے ہاتھوں سے گری، انتظامیہ نے فوری طور پر سول ایوی ایشن کے ڈاکٹرز کو طلب کرلیا۔

    بعد ازاں بچی کو تشویشناک حالت میں پہلے سی اے اے ایمبولینس پر ٹراما سینٹر اور پھر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال لے جایا گیا تاہم بچی جانبر نہ ہوسکی۔

    ترجمان پمز کے مطابق بچی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی، اونچائی سے گرنے کے باعث بچی کے سر پر شدید چوٹ لگی تھی اور سر پر چوٹ لگنے سے بچی کے ناک، کان اور منہ سے خون بہنے لگا۔

    ذرائع کے مطابق بچی کی موت سر پر چوٹ لگنے اور زیادہ خون بہنے سے ہوئی۔

    سول ایوی ایشن ترجمان کے مطابق بچی اسلام آباد کی ہی رہائشی تھی۔ پمز اسپتال انتظامیہ نے بچی کی میت لواحقین کے حوالے کردی جسے لے کر وہ آبائی علاقے فتح جنگ روانہ ہوگئے۔

    خیال رہے کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشل ایئر پورٹ کا سنہ 2018 میں افتتاح کیا گیا تھا، ایئرپورٹ خاصا وسیع ہے اور جدید طرز پر تعمیر کیا گیا ہے تاہم مذکورہ واقعہ حفاظتی اقدامات میں کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔