Tag: FPCCI

  • حکومت ملک کا امیج اورترسیلات بہتر بنا رہی ہے، ایف پی سی سی آئی

    حکومت ملک کا امیج اورترسیلات بہتر بنا رہی ہے، ایف پی سی سی آئی

    اسلام آباد : فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹری (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر کریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان کا بین الاقوامی امیج بہتر ہو رہا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مزید کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی جس سے معیشت مستحکم ہوگی، غیر ملکی کمپنیوں کی پاکستان آمد سے دیگر کمپنیاں بھی اپنی سوچ بدلیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلوں کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے ، ان کا موقف تھا کہ دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی قانونی ذرائع سے تقریباً بیس ارب ڈالر سالانہ بھجواتے ہیں۔

    پندرہ ارب ڈالر تک کی رقم غیر قانونی ذرائع سے بھجوائی جاتی ہے جو اگر بینکوں کے ذریعے بھجوائی جائے تو ملک کو کسی غیر ملکی قرضے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

  • دستکاری کی زوال پزیر صنعت کی سرپرستی کی جائے: یونائیٹڈ بزنس گروپ

    دستکاری کی زوال پزیر صنعت کی سرپرستی کی جائے: یونائیٹڈ بزنس گروپ

    اسلام آباد: یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما اورایف پی سی سی آئی کے صدراتی امیدوار انجینئر دارو خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ دستکاری کی زوال پزیر صنعت کی سرپرستی کی جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، دارو خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اگر اس صنعت کی سرپرستی کی جائے تو اس شعبے سے وابستہ لاکھوں خواتین کو با عزت روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس شعبہ کو ترقی دینے سے دیہی عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا، ملک زرمبادلہ کما ئے گا اور دیہات سے شہروں کی جانب نقل مکانی میں بھی کمی آئے گی۔

    دارو خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ خواتین کے با اختیار ہونے سے معاشرے اور خاندان پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، ایک زمانہ میں دستکاری کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا تھا۔

    رہنما یونائیٹڈ بزنس گروپ کا کہنا تھا کہ اب یہ شعبہ زوال کا شکار ہوچکا ہے جس کی وجوہات میں مداخل کی بڑھتی ہوئی قیمت، قرضوں کی عدم فراہمی، آڑھتیوں کی لوٹ مار اور ارباب اختیار کی حوصلہ شکنی ہے ، جس نے اسے ناقابل تلاقی نقصان پہنچایا ہے۔

    انہوں نے زور دیا کہ دستکارے کے شعبے کو نقصان پہنچانے کی سب سے زیادہ ذمہ داری مڈل مین پر عائد ہوتی ہے جبکہ غریب دستکاروں کو انکے ظلم سے بچانے کیلئے کبھی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی ہے، اس شعبہ میں پاکستان اور چین کے اشتراک سے نہ صرف بھاری زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے بلکہ عالمی منڈی پر اجارہ داری بھی قائم کی جا سکتی ہے۔

  • امریکی سرمایہ کاروں کے لئے ویزہ کا حصول آسان بنایا جائے، ایف پی سی سی آئی

    امریکی سرمایہ کاروں کے لئے ویزہ کا حصول آسان بنایا جائے، ایف پی سی سی آئی

    اسلام آباد : فیڈریشن آف پا کستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر غضنفر بلور نے کہا ہے کہ امریکی سرمایہ کاروں کے لئے ویزہ کا حصول آسان بنایا جائے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں شامل ہے اور امریکی بزنس کمیونٹی کے لئے پاکستانی ویزہ کے حصول میں مشکلات سے سرمایہ کاری کی فضا پر اثر پڑے گا۔

    ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور کا مزید کہنا تھا کہ امریکی سفارت حانہ پاکستانی کاروباری برادری کو پانچ سال کا ویزہ جاری کررہا ہے مگر پاکستانی سفارت حانہ امریکی سرمایہ کاروں کو چند ماہ کا ویزہ جاری کرتا ہے ، جس سے انہیں کاروبار اور سرمایہ کاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    طویل المعیاد ویزہ کے حصول میں مشکلات سے دونوں ممالک کے تعلقات اور پاکستان میں کاروباری ماحول پر اثر پڑسکتا ہے ، اس لئے دونوں ممالک مل کر یہ مسئلہ حل کریں۔

    اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین کو آرڈی نیشن ملک سہیل نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی کاروبار اور ملازمت کے سلسلہ میں امریکہ میں مقیم ہیں جبکہ سینکڑوں اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔

    امریکہ نے مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور یہ ایک بہت بڑی کنزیومر مارکیٹ سے جسے نظر انداز کرنا مشکل ہے، دونوں ممالک ویزہ کے معاملات کو آسان بنائیں تاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری مل کر ترقی کا سفر طے کر سکے۔

  • فرسودہ نظام بدلنے کے لیے کاروباری برادری حکومت سے بھرپور تعاون کرے: ایف پی سی سی آئی

    فرسودہ نظام بدلنے کے لیے کاروباری برادری حکومت سے بھرپور تعاون کرے: ایف پی سی سی آئی

    کراچی: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹری(ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ فرسودہ نظام بدلنے کے لیے کاروباری برادری حکومت سے بھرپور تعاون کرے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم عمران خان ملک کی معاشی حالت میں انقلاب لانے کی مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں، جس میں انھیں کاروباری برادری کا بھرپور تعاون حاصل ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو ترقی دینے کے لیے ان کے خیالات اور عزم سے کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

    نائب صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کاروبار کی لاگت کم کرنے، ٹیکس کے نظام کو بدلنے اور کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹیں جلد از جلد دور کرنے کی یقین دہانی خوش آئند ہے۔

    انھوں نے کہا کہ چھوٹے کاروبار اور ایس ایم ایز کے بارے میں ان کے خیالات قابل قدر ہیں اورکاروبار کے تمام شعبوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ جب تک کاروبار ترقی نہیں کریں گے، ملک سے غربت دور ہو ہی نہیں سکتی۔

    عاطف اکرام شیخ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ملک کو خوشحال بنانے کا عزم کیا ہے، جس کے لیے بیوروکریسی کی ذہنیت تبدیل کرنا ضروری ہے، اس میں کامیابی کے بعد پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

  • ایف پی سی سی آئی کا ٹیکس نظام میں بنیادی تبدیلیوں کی غیرمشروط حمایت کا اعلان

    ایف پی سی سی آئی کا ٹیکس نظام میں بنیادی تبدیلیوں کی غیرمشروط حمایت کا اعلان

    اسلام آباد : فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹری کے نائب صدر کریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ  ایف پی سی سی آئی حکومت کےکاروباری لاگت کم کرنے کیلئے اصلاحات کا فیصلےکا خیر مقدم اور حمایت کرتی ہے۔

    ملک بھر کی کاروباری برادری حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنانے کے فیصلے کی تائید کرتی ہے اور اس سلسلے میں حکومت سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کاروباری لاگت کم کرنے کیلئے اصلاحات کا فیصلے اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے ٹیکس کے نظام میں بنیادی تبدیلیوں کی حمایت کرتے ہیں۔

    کریم عزیز ملک نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عالمی درجہ بندی اسی صورت میں بہتر ہو سکتی ہے ، جب کاروبار کرنا آسان ہو جائے، جس کے لئے سستی توانائی، کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی اور دیگر اقدامات ضروری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نئی قومی ٹیرف پالیسی بنا رہی ہے تاکہ کاروباری کی صورتحال بہتر ہو جائے،اگر اس پالیسی میں کاروباری برادری کی سفارشات کو مد نظر رکھا جائے تو اس کی کامیابی یقینی ہو گی کیونکہ یہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے مقناطیس کا کام کرے گی۔

  • کرنسی کی قدر سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے: دارو خان اچکزئی

    کرنسی کی قدر سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے: دارو خان اچکزئی

    اسلام آباد: یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما اور ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار انجینئر دارو خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ کرنسی کی قدر سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں دارو خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی موجودہ بے یقینی کی فضاء سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہ دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ بعض عناصر مقامی کرنسی کی قدر سے کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے کاروباری برادری کی پریشانی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کالی بھیڑوں پر کڑی نظر رکھے اور سخت کارروائی کرے، دارو خان اچکزئی نے مزید کہا کہ کرنسی کے غیر معمولی اتار چڑھاؤ نے ملک بھر کی کاروباری برادری کو تشویش میں مبتلا کیا ہوا ہے۔

    ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوارکا کہنا تھا کہ اس باتب حکومت جلد از جلد صورت حال کو نارمل بنانے کے لیے اقدامات کرے، کیونکہ کرنسی کی قدر میں استحکام آنے تک سرمایہ کاری کی بحالی مشکل ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ برامدات کی صورت حال غیر تسلی بخش جبکہ ترسیلات میں بہتری آئی ہے مگر یہ زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کے لیے ناکافی ہے۔

  • سابقہ حکومت کے تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں، وزیراعظم

    سابقہ حکومت کے تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری طبقے اور برآمد کنندگان کی ہرممکن مدد کریں گے، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کو بہتر کرنا ہے۔

    ان خیالات کا انہوں نے اسلام آباد میں ایف پی سی سی آئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے تجارت اور برآمدات کے حوالے سے سوچا ہی نہیں۔

    ہم تاجروں اور برآمد کنندگان کی آسانی کیلئے کام کررہے ہیں، پاکستان میں اب تک جو غلطیاں ہوئیں انہیں ٹھیک کرنا چاہتے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری اورتجارت سے خوشحالی آئے گی۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات24ارب ڈالر کے قریب ہیں، ملائیشیا کی برآمدات220ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، پاکستان میں تجارت کیلئے مشکل ماحول رہا ہے، تجارتی شعبے میں مشکلات سے چھوٹی صنعتوں کو نقصان پہنچتا ہے، ہماری اولین ترجیح چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کو بہتر کرنا ہے۔

    وزیر اعظم نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت کی جانب سےبڑاتجارتی خسارہ ورثے میں ملا، تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، پاکستان میں تجارت کے مواقع کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقےاور برآمد کنندگان کی ہرممکن مدد کریں گے، کامیابی کا راز ہے کہ غلطیوں سے سبق سیکھا جائے، سوچ میں تبدیلی مستقبل کےلئےاہم ہے۔

  • روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کے لیے سفارشات پیش کریں گے: ایف پی سی سی آئی

    روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کے لیے سفارشات پیش کریں گے: ایف پی سی سی آئی

    اسلام آباد: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر کریم عزیز ملک کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کے لیے سفارشات پیش کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، کریم عزیز کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کا ایک حصہ حکومت کی اقتصادی سمت کے بارے میں تذبذب کا شکار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس تذبذب کی وجہ سے بے چینی اور عدم استحکام کو ہوا مل رہی ہے، حکومت کے اہم عہدیداروں کے مابین رابطے کا فقدان کی خبروں پر تاجروں اور صنعتکاروں کو تشویش ہے۔

    پاک فوج معاشی زبوں حالی سےلاتعلق نہیں رہ سکتی،سابق صدر ایف پی سی سی آئی

    ان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی سے نہ صرف درامدات جو برامدات سے دگنی سے زیادہ ہیں مہنگی ہو گئی ہیں بلکہ برامدات کے لیے آنے والا خام مال بھی مہنگا ہوگیا ہے۔

    ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر کا کہنا تھا کہ تقریباً ہر چیز کی قیمت بڑھ رہی ہے، روپے کی قدر کو مستحکم کرنا سٹیٹ بینک کے بس کا روگ نہیں ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل کم ہوکر ڈیڑھ مہینے کی درامدات کے برابر رہ گئے ہیں اور مارکیٹ میں ڈالر کی طلب بڑھ رہی ہے۔

  • روپے کی بے قدری اور شرح سود میں اضافے سے مسائل بڑھے: انجینئر دارو خان اچکزئی

    روپے کی بے قدری اور شرح سود میں اضافے سے مسائل بڑھے: انجینئر دارو خان اچکزئی

    اسلام آباد: یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما اور ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار انجینئر دارو خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ روپے کی بے قدری اور شرح سود میں اضافہ سے مسائل میں اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے جاری کردہ بیان میں دارو خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی اور شرح سود میں اضافہ سے عوام اور کاروباری برادری کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سیلز ٹیکس میں کمی لائے، سیلز ٹیکس کے موجودہ نظام میں خامیاں ہیں، جن میں اصلاحات سے کاروباری صورت حال پر خوش گوار اثرات مرتب ہوں گے۔

    انجینئر دارو خان اچکزئی نے مزید کہا کہ سیلز ٹیکس اصلاحات سے حکومت کو اربوں روپے کی بچت ہو گی جبکہ نجی شعبہ کے لیے کاروباری لاگت کم ہونے سے سرمایہ کاری کا ماحول سازگارہو جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر سیلز ٹیکس میں خاطر خواہ کمی کر کے اسے ناقابل واپسی قرار دیا جائے تو ری فنڈ کلیم اور انپٹ ٹیکس کے متعلق شکایات ختم ہو جائیں گی، جس سے بزنس کمیونٹی کا وقت اور سرمایہ جبکہ ایف بی آر کی انتظامی اخراجات کم ہو جائیں گے۔

  • ڈالر کی پرواز اور شرح سود کی دہری تلوار معیشت کو برباد کر دے گی: ایف پی سی سی آئی

    ڈالر کی پرواز اور شرح سود کی دہری تلوار معیشت کو برباد کر دے گی: ایف پی سی سی آئی

    اسلام آباد: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر غضنفر بلور کا کہنا ہے کہ ڈالر کی پرواز اور شرح سود کی دہری تلوار معیشت کو برباد کر دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی اور شرح سود میں زبردست اضافہ کی دہری تلوار معیشت کے لیے زہر قاتل ثابت ہو گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے مہنگائی اور عدم استحکام میں اضافہ، پیداوار میں کمی جبکہ کاروباری لاگت بڑھ جائے گی۔

    غضنفر بلور نے مزید کہا کہ ملک میں کاروباری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور اب شرح سودمیں اضافہ اور کرنسی کی قدر میں کمی سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار سراسیمہ ہو جائیں گے۔

    صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ قرضوں اور ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہو جائے گا، گزشتہ دس سال کے دوران ایک دن میں روپے کی قدر میں اتنی زیادہ کمی نہیں آئی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں مسائل دیکھ رہا ہوں، اس سے وہ اقتصادی مسائل جنم لیں گے، جنھیں حل کرنے کے لیے کئی سال درکار ہوں گے۔