Tag: France

  • فرانس کی لیون یونیورسٹی میں دھماکے، تین افراد زخمی

    فرانس کی لیون یونیورسٹی میں دھماکے، تین افراد زخمی

    پیرس : فرانس کی لیون یونیورسٹی میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے، دھماکوں کے نتیجے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے شہر لیون کے شمال میں واقع لیون یونیورسٹی کے ویلربینی کیمپس کی سائنس لائبری میں آج صبح کئی دھماکے ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر چھت پر موجود گیس کے سلینڈر میں پہلے دھماکا ہوا جس کے باعث ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکے کے بعد عمارت سے کالا دھواں اٹھ رہا ہے کہ اچانک ایک اور دھماکا ہوا اور آگ کا گولا آسمان کی جانب بلند ہوا۔

     

    فرانسیسی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر عمارت کو خالی کروالیا، جبکہ فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    یورنیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے حادثاتی طور پر ہوئے، چھت پر گیس کے کچھ سلینڈر رکھے ہوئے جن میں دھماکے ہوئے۔

    مزید پڑھیں : پیرس: بیکری میں گیس دھماکا، چار افراد ہلاک

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں واقع عمارت میں زور دار دھماکے بعد آگ بھڑک اٹھی، واقعے میں چار افراد ہلاک، جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    فرانسیسی پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا صبح 9 بجے ہوا تھا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا بیکری میں گیس لیکیج کے باعث ہوا تھا۔

    خیال رہے کہ خیال رہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت متعدد شہروں میں گزشتہ دو ماہ سے ’یلو ویسٹ‘ تحریک کے تحت حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں

  • یلو ویسٹ تحریک فرانس، مظاہرین کا مسلسل نویں ہفتے بھی احتجاج جاری

    یلو ویسٹ تحریک فرانس، مظاہرین کا مسلسل نویں ہفتے بھی احتجاج جاری

    پیرس : فرانسی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں حکومت مخالف مظاہرے نویں ہفتے بھی جاری ہیں، پولیس نے 200 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت متعدد شہروں میں حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف ’یلو ویسٹ تحریک‘ کے تحت جاری احتجاج مسلسل نویں ہفتے بھی جاری ہے۔

    یلو ویسٹ تحریک کے تحت منعقدہ مظاہروں میں ہزاروں افراد شریک ہیں، احتجاجی تحریک پُر تشدد مظاہروں میں تبدیل ہوچکی ہے۔

    فرانسیسی پولیس نے معاشی پالیسی کی تبدیلی کے لیے احتجاج کرنے والے شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جس کے بعد فریقین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جھڑپوں کے دوران دو پولیس اہلکاروں سمیت ایک متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس نے پُر تشدد مظاہروں میں ملوث دو سو سے زائد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا ہے، پیرس میں پولیس نے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا بے دریغ استعمال کیا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہزاروں پولیس اہلکاروں کو پیرس میں تعینات کیا گیا ہے، اس کے باوجود دارالحکومت میں پولیس مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں دیکھنے میں آئیں تھی۔

    مزید پڑھیں : پیرس: خواتین قیادت، یلو ویسٹ تحریک پُرامن مظاہروں میں تبدیل

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل فرانس میں ’یلو ویسٹ‘ تحریک کی کمان خواتین نے سنبھال کر پُر تشدد مظاہروں کو پُر امن احتجاج میں تبدیل کردیا تھا۔

    پیرس کی خواتین نے اس وقت تحریک کی کمان سنبھالی جب 50 ہزار سے زائد مظاہرین نے پیرس کی شاہراہوں کو یرغمال بنالیا تھا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز احتجاج کرنے والے افراد نے وزارت داخلہ کی عمارت پر قبضہ کرکے عمارت میں توڑ پھوڑ کی تھی، فرانسیسی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مظاہرین کا وزارت داخلہ کی عمارت میں گھسنا کسی صورت قابل قبول نہیں، مظاہرین کا یہ اقدام ریاست پر حملے کے مترادف ہے۔

    کچھ روز قبل شاہراہ شانزے لیزے پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئی تھیں، جھڑپوں میں 300 کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ مشتعل مظاہرین نے متعدد گاڑیاں بھی نذرآتش کی تھیں۔

  • ہیلی کاپٹر کے پائلٹ نے زخمی سکیئر کو بچالیا

    ہیلی کاپٹر کے پائلٹ نے زخمی سکیئر کو بچالیا

    پیرس : فرانسیسی ریسکیو ٹیم نے فرنچ الپس کے برفانی پہاڑوں کی ڈھلوان پر پھنسے زخمی سکیئر کو ڈرامائی انداز میں بچالیا۔

    یورپ کے بیشتر ممالک شدید برف باری کی لپیٹ میں ہیں، فرانس میں بھی شدید برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھی ہوئی ہے جو سکیئرز کے بہترین ہے لیکن اگر اسکیئر ان پہاڑوں پر پھنس جائے تو اس کا بچنا ناممکن ہوجاتا ہے۔

    فرانس کے فرنچ الپس نامی برفانی پہاڑوں پر  7 ہزار فٹ کی اونچائی پر برنو نامی نوجوان سکینگ کرتے ہوئے گھٹنے میں چوٹ لگنے کے باعث زخمی ہوگیا جس کے باعث وہ نیچے اترنے کے قابل نہ رہا اور ڈھلوان پر پھنسے کے باعث اسے ریسکیو کرنا بھی انتہائی مشکل تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ زخمی نوجوان کو ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی کمال مہارت کے باعث برفانی پہاڑوں کی ڈھلوان سے ریسکیو کرنا ممکن ہوا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جب پائلٹ نے ہیلی کاپٹر برفانی ڈھلوان پر اتارا تو ہیلی کاپٹر کے پر برف سے صرف چند انچ کی دوری پر  تھے لیکن اس نے ڈرامائی انداز میں زخمی سکیئر کو بچالیا۔

    ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کا کہنا ہے کہ ہم باقاعدگی سے اس کی مشق کرتے ہیں اسی لیے ریسکیو مشن میں کامیاب ہوئے۔

    پائلٹ کا کہنا تھا کہ یہ مشن کرنے کےلیے ہمارے پاس وقت بہت کم تھا کیوں کہ پہاڑ پر موسم بہت تیزی سے بدل رہا تھا چند منٹ کی تاخیر ہوتی تو ہمیں یہ مشن روکنا پڑتا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نوجوان سکیئر کو بحفاظت قریبی اسپتال پہنچا دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

  • فرانس احتجاج: سابق باکسر کی مکے بازی، پولیس اہلکار پیچھے ہٹنے پر مجبور

    فرانس احتجاج: سابق باکسر کی مکے بازی، پولیس اہلکار پیچھے ہٹنے پر مجبور

    پیرس: فرانس میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ میں باکسنگ کے سابق چیمپیئن نے پولیس اہلکاروں کو مکے مارمار کر پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس کی شانزے لیزے پراحتجاج اس وقت دلچسپ رنگ اختیار کر گیا جب احتجاج میں شامل سابق باکسر نے پولیس اہلکاروں کو مکے بازی کا مظاہرہ کرکے پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کئی پولیس اہلکار باکسر کے مکے کھا کر زخمی بھی ہوگئے۔ اس لڑائی کی موقع پر موجود کیمرہ مین نے عکس بندی کرلی اس دوران مظاہرین اس لڑائی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

    بعد ازاں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق باکسر کا کہنا تھا کہ میں نے یہ غلط کیا، لیکن پولیس اہلکاروں کی جانب سے مسلسل ہم پر لاٹھی چارج اور آنسوں گیس کا استعمال کیاجارہا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مظاہرے میں میری بیوی اور دوست بھی موجود تھے، ان پر بھی پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور ٹیئرگیس پھینکے جس کے بعد میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز بھی فرانسیسی دارالحکومت میں مہنگائی اور ٹیکسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پھر سڑکوں پر نکل آئے اور متعدد شہروں میں احتجاج کیا۔

    تازہ ترین سروے کے مطابق 55 فیصد عوام یلو ویسٹ تحریک کو سپورٹ کررہے ہیں جبکہ 45 فیصد عوام اس کے خلاف ہیں۔

    واضح رہے کہ فرانس میں جاری احتجاج کے باعث فرانسیسی صدر کی مقبولیت کا گراف تیزی سے نیچے کی جانب گرا ہے، میکرون کی مقبولیت 2017 میں ان کے منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک کی نچلی ترین سطح 27 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

  • غیر قانونی طور پر کشتی میں برطانیہ اور فرانس جانے والے چالیس تارکین وطن گرفتار

    غیر قانونی طور پر کشتی میں برطانیہ اور فرانس جانے والے چالیس تارکین وطن گرفتار

    لندن : برطانیہ کی سرزمین پر پہنچنے کی کوشش کرنے والے چالیس مہاجرین کو سمندری گزرگاہ انگلش چینل میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا، بحریہ کے عملے نے غیرملکی تارکین وطن کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابقبرطانوی اور فرانسیسی سمندری نگرانی کے محکموں کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سمندری گزرگاہ انگلش چینل میں چند کشتیوں میں غیر قانونی سفر کرنے والےچالیس غیرملکی تارکین وطن کو اپنی حراست میں لے لیا۔

    ان میں کچھ بچے بھی شامل ہیں، مذکورہ تارکین وطن کا تعلق عراق، ایران اور افغانستان سے ہے جو انگلش چینل عبور کر کے عبور کر کے برطانوی سرزمین پر پہنچنا چاہتے تھے۔

    دونوں ممالک کے کوسٹ گارڈز عملے نے یہ کارروائی منگل کو کی اور چند کشتیوں کو اپنی تحویل میں بھی لے لیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں میں ہزاروں تارکین وطن مختلف خطرناک سمندری راستوں سے گزرتے ہوئے فرانس اور برطانیہ پہنچ چکے ہیں۔

    اس کے علاوہ کچھ تارکین وطن سمندری موجوں کی تاب نہ لاتے ہوئے ڈوب کر مر بھی جاتے ہیں۔

  • فرانس: ایئرپورٹ پر نقلی پستول سے مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا

    فرانس: ایئرپورٹ پر نقلی پستول سے مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا

    پیرس: فرانس میں ایئرپورٹ پر نقلی پستول نے مسافروں کو پریشان کردیا، خوف وہراس کے باعث ٹرمینل کو خالی کرالیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں چارلس ڈیگال ایئرپورٹ پر اس وقت خوف وہراس پھیل گیا کہ جب دو مسافروں کے پاس سے نقلی پستول کی موجودگی کا پتا چلا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نقلی پستول کی اطلاع ملتے ہی ٹرمینل میں موجود مسافر ڈرو خوف سے چونک گئے، جس کے بعد ٹرمینل نمبر دو کو خالی کرا لیا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے پیش آیا، بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں مسافروں کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرمینل سے کسی مسافر نے پستول کی موجودگی کی اطلاع ہمیں دی بعد ازاں ہم فوری طور پر ٹرمینل پہنچے اور دنوں مسافروں کو موقع سے گرفتار کیا۔

    دبئی کورٹ نے ڈرائیور کو کھلونا پستول سے ڈرانے پر ملزم کو نفسیاتی اسپتال بھجیج دیا

    پولیس کے مطابق گرفتاری کے بعد چھان بین پر پتہ چلا کے ان کے پاس ’ایئر سافٹ‘ نامی پستول تھے جو بظاہر ہتھیار کی طرح لگتے ہیں مگر کھیل کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں سال نومبر میں اسی نوعیت کا ایک واقعہ دبئی میں پیش آیا تھا، جہاں ٹیکنیشن کا کام کرنے والے دبئی کے رہائشی 35 سالہ بھارتی شخص پر الزام تھا کہ ملزم نے اپنی بیٹی کی پستول سے بس ڈرائیور کو ڈریا اور رفتار تیز کرنے کے لیے دھمکیاں دی تھیں۔

    بعد ازاں اماراتی عدالت نے نقلی پستول سے بس ڈرائیور کو ڈرا کر گاڑی حد رفتار سے تیز چلوانے والے بھارتی شہری کو نفسیاتی اسپتال بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

  • شام سے امریکی فوج کا انخلا، فرانس کا مشن جاری رکھنے کا عزم

    شام سے امریکی فوج کا انخلا، فرانس کا مشن جاری رکھنے کا عزم

    پیرس: امریکا کا شام سے اپنی فوج بلانے کے اعلان کے ردعمل میں فرانس نے اپنا مشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل امریکا نے اعلان کیا تھا کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے، یہ عمل سو دن میں مکمل کرلیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسيسی وزير دفاع فلورنس پارلی نے کہا ہے کہ امريکی افواج کے انخلاء کے باوجود بين الاقوامی عسکری اتحاد شام میں اپنا مشن جاری رکھے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسلامک اسٹيٹ کو مکمل طور پر شکست دينی ہے، تاکہ دہشت گردی کو خطے سے ختم کیا جاسکے اور پرامن ملک کی فضا بحال ہو۔

    فلورنس پارلی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے شام سے داعش کے خاتمے کا اعلان کیا ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے، عسکریت پسند اب بھی منظم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر دولت اسلامیہ کو ختم نہ کيا گيا، تو يہ گروپ دوبارہ زور پکڑ سکتا ہے، شام سے دو ہزار امريکی فوجيوں کے انخلاء کے معاملے پر اتحادی ممالک کے مابين بات چيت ہونی چاہيے۔

    صدر ٹرمپ سے اختلافات، امریکی وزیر دفاع مستعفی ہوگئے

    خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے، اور سو دن میں یہ عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

    اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ داعش کو تاریخی شکست کے بعد شام سے فوج کی واپسی کا وقت آگیا ہے، شام میں داعش کو شکست دے کر مقصد حاصل کرلیا، دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ کھڑے رہے۔

  • فرانس کی ’یلو ویسٹ تحریک‘ جرمنی پہنچ گئی، احتجاجی مظاہرے شروع

    فرانس کی ’یلو ویسٹ تحریک‘ جرمنی پہنچ گئی، احتجاجی مظاہرے شروع

    برلن : فرانس میں بنیادی حقوق کےلیے احتجاج کرنے والے یلو ویسٹ مظاہرین سے اظہار یکجہتی کےلیے جرمن شہریوں نے بھی احتجاج شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کی یلو ویسٹ تحریک نے دیگر یورپی مماک کی طرح جرمنی کو بھی اپنی لپیٹ میں لینا شروع کردیا ہے، ایک روز قبل جرمنی کے شہر میونخ میں بھی زرد جیکٹ پہنے سیکڑوں مظاہرین نے احتجاج کیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میونخ میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں جرمن اور فرانسیسی پرچم اٹھا رکھے تھے جببکہ اس ریلی کا مقصد جرمنی میں بڑھی ہوئی سماجی تفریق کے معاملے کو اجاگر کرنا تھا۔

    ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کی بائیں بازو کی سخت گیر جماعت ’دی لنکے‘ کے رہنماؤں کی جانب سے آئندہ ہیمبرگ، اشٹٹ گارٹ سمیت جرمنی کے دیگر شہریوں میں احتجاج کا عندیہ دیا گیا ہے۔

    احتجاج کے منتظمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ میونخ اور بائرن بیشتر افراد شدید محنت کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کا گزر بسر مشکل سے ہورہا ہے۔

    مظاہرے میں شریک ایک خاتون نے بتایا کہ جرمنی میں گھروں کے کرایوں میں بے انتہا اضافہ ہوچکا ہے جس کم آمدنی والے افراد کےلیے ادا ناگزیر ہوچکا ہے لہذا لوگوں کو اپنے حقوق کےلیے سڑکوں پر آنا چاہیے۔

    سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ فرانس میں ’یلو ویسٹ تحریک‘ نے جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک کے عوام کو یہ حوصلہ دیا کہ مظاہرے کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کیے جاسکتے ہیں اور جرمن عوام نے انہی کے طرز عمل پر عمل درآمد شروع کردیا۔

    مزید پڑھیں : بیلجئیم : مظاہرین کی وزیر اعظم ہاوس پیش قدمی، 100 سے زائد گرفتار

    خیال رہے کہ فرانس میں ’یلو ویسٹ احتجاجی تحریک‘ کا آغاز ہوتے ہی ماہرین نے کہا تھا کہ مذکورہ تحریک دیگر یورپی ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے گی۔

    واضح رہے کہ یلو ویسٹ احتجاجی تحریک فرانس کے علاوہ جرمنی، ہالینڈ اور بیلجیئم میں بھی شروع ہوچکی ہے۔

  • یلو ویسٹ تحریک فرانس: مظاہرین نے کرسمس سڑکوں پر منانے کا اعلان کردیا

    یلو ویسٹ تحریک فرانس: مظاہرین نے کرسمس سڑکوں پر منانے کا اعلان کردیا

    پیرس : فرانسیسی دارالحکومت میں مہنگائی اور ٹیکسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے کرسمس سڑکوں پر منانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والے یلو ویسٹ تحریک نے پورے فرانس کو اپنے لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    فرانس میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے باعث دارالحکومت پیرس کی مشہور شاہراہ شانزے لیزے پر سناٹا چھایا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گذشتہ 5 ہفتوں سے جاری مظاہروں کے باعث فرانس کی معیشت کو شدید دھچکا پہنچا ہے جبکہ مظاہرین نے کرسمس سڑکوں پر منانے کا اعلان کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں : پیرس : مہنگائی کے خلاف مشتعل عوام کا احتجاج جاری، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

    شہر کی سڑکیں جنگ و جدل کا منظر پیش کررہی ہیں، کچھ روز قبل شاہراہ شانزے لیزے پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئی تھیں، جھڑپوں میں 300 کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ مشتعل مظاہرین نے متعدد گاڑیاں بھی نذرآتش کی تھیں۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ نے مظاہرین پر قابو پانے کے لیے تقریباً 5000 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے تھے تاہم ہزاروں مظاہرین کے سامنے پولیس اہلکار بھی بے بس نظر آئے تاہم پولیس نے مظاہرین کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے آنسو گیس کے شیل برسا رہی ہے اور واٹر کینن کا بھی بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔

    مزید پڑھیں : عوامی احتجاج ’عفریت‘ بن گیا ہے، فرانسیسی حکومت

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں فرانسیسی حکومت نے مہنگائی پر شدید احتجاج کرنے والے مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں احتجاجی مظاہرین نے وزیرِ اعظم ایمانوئیل میکرون کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت جب تک مطالبات حتمی طور پر نہیں مانتی احتجاج جاری رہے گا۔

  • فرانس: حکومت مخالف احتجاج میں شدت آگئی، مظاہرین نے پھر دارالحکومت کا رخ کرلیا

    فرانس: حکومت مخالف احتجاج میں شدت آگئی، مظاہرین نے پھر دارالحکومت کا رخ کرلیا

    پریس: فرانس میں جاری حکومت مخالف احتجاج میں شدت آگئی، مظاہرین نے ایک بار پھر ملکی دارالحکومت کا رخ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے مختلف شہروں میں جاری احتجاج ختم نہ ہوسکا، بلکہ یلوویسٹ مظاہرین نے ایک بار پھر فرانسیسی دارالحکومت کا رخ کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مظاہرین نے آج شانزلے لیزے شاہراہ پر احتجاج کا اعلان کیا ہے، احتجاج کے باعث ہفتے کو پاکستانی سفارت خانہ بند رہے گا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں فرانس میں جاری حکومت مخالف احتجاج کے پیش نظر فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے تنخواہوں میں 100 یورو بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔

    فرانسیسی صدر نے کہا تھا کہ فرانس کے عوام کا غصہ جائز ہے، پنشن لینے والوں کے لیے سی ایس جی نہیں بڑھایا جائے گا۔

    فرانسیسی صدر کا تنخواہوں میں 100 یورو بڑھانے کا اعلان

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ احتجاجی مظاہرین کی طرف سے تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا، لوگوں کو تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا، ملک کی کشیدہ صورت حال سے منفی نتائج مرتب ہورہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پیرس سمیت فرانس کے مختلف شہروں میں پیٹرول پر اضافی ٹیکس اور مہنگائی کے خلاف احتجاج جاری ہے، جس پر حکومت کو فیول پر عائد اضافی ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ کرنا پڑا۔

    دوسری جانب فرانس میں پُر تشدد مظاہروں کے بعد یورپ کے دیگر ممالک میں بھی حکومت مخالف مظاہرے شروع ہوگئے ہیں، پولیس نے بیلجئیم میں حکومت مخالف احتجاج کرنے والے 100 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔