Tag: France

  • فرانس میں مہنگائی اورٹیکسوں میں اضافےکے خلاف احتجاج‘  خاتون ہلاک

    فرانس میں مہنگائی اورٹیکسوں میں اضافےکے خلاف احتجاج‘ خاتون ہلاک

    پیرس: فرانسیسی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا گیا جبکہ مظاہروں کے دوران ایک خاتون ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے مختلف شہروں میں یلو ویسٹ موومنٹ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔

    پیرس میں صدرایمانوئیل میکرون کے سرکاری محل کی جانب مارچ کرنے والے مظاہرین نے میکرون استعفیٰ دو کے نعرے لگائے۔

    پولیس نے صدراتی محل کی جانب جانے والے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی، صدر کی رہائش گاہ کے قریب پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل پھینکے۔

    فرانسیسی وزیرداخلہ کرسٹوفرکیسٹینرنے اپنے بیان میں کہا کہ 2 لاکھ 44 ہزار افراد نے ملک بھر کی اہم شاہراؤں سمیت 2 ہزار سے زائد مقامات پر احتجاج کیا۔

    دوسری جانب فرانس کو اسپین سے ملانے والے سرحد اور چند شاہراؤں کو مکمل طور پربند کردیا گیا۔

    فرانس میں ایک ماہ قبل سوشل میڈیا پرمقبولیت حاسل کرنے والی یلوویسٹ نامی تحریک نے انتہائی کم وقت میں ملک بھر میں بڑے پیمانے پر اپنے حامیوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ سبسڈیز اور بونسز کے ذریعے فیول کی قیمتوں پرغصے کا اظہار کرنے والے افراد کے غصنے کو کم کردیں گے۔

  • یورپ کی حفاظت کے لیے امریکا پر مزید انحصار نہیں کیا جاسکتا: فرانسیسی صدر

    یورپ کی حفاظت کے لیے امریکا پر مزید انحصار نہیں کیا جاسکتا: فرانسیسی صدر

    پیرس: فرانسیسی صدر ایمائل میکرون کا کہنا ہے کہ یورپ کی حفاظت ایک خالصتاً یورپیوں پر مشتمل فوج کے علاوہ اور کوئی نہیں کرسکتا اور اس کے لیے امریکا پر مزید انحصار نہیں کیا جاسکتا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر نے جنگ عظیم اول کے صلح نامے کی سالگرہ کے موقعے پر مغربی محاذ وردن کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ روس نے ظاہر کردیا ہے کہ وہ یورپیوں کے لیے بہت بڑا خطرہ ثابت ہوسکتا ہے اور یورپ کا دفاع کرنے کے لیے مقامی یورپی ہی کافی ہیں۔

    ایمائل میکرون اس سے قبل ایک مشترکہ فورس بنانے کی تجویز بھی دے چکے ہیں جس کی جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے بھی حمایت کی ہے۔

    برطانیہ نے بھی اس فورس کی حمایت کی ہے تاہم وہ یورپی فوج کی تجویز کے خلاف ہے اور اس کا کہنا ہے کہ نیٹو کی طرز پر ایک اور فورس تشکیل دینا خطرناک بھی ہوسکتا ہے۔

    صدر میکرون اس سے پہلے بھی خبردار کر چکے ہیں کہ یورپ اپنے دفاع کے لیے امریکا پر مزید انحصار نہیں کرسکتا۔

    فرانسیسی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے زیادہ خطرے میں یورپ اور اس کی سیکیورٹی ہے۔ ’میں روس کے ساتھ ایک سیکیورٹی ڈائیلاگ کرنا چاہتا ہوں تاہم ہمیں یورپ کو ایسا بنانا ہوگا جو امریکا کی مدد کے بغیر اپنی حفاظت خود کرسکے‘۔

    دوسری جانب صدر میکرون کے مخالفین کا کہنا ہے کہ صدر کی توجہ عام آدمی کے مسائل کی طرف بالکل نہیں ہے۔ فرانس میں 17 نومبر کو فیول ٹیکسز میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔

  • فرانس: بچوں کو کوکا کولا پلانے پر عدالت نے والد کو جیل بھیجا دیا

    فرانس: بچوں کو کوکا کولا پلانے پر عدالت نے والد کو جیل بھیجا دیا

    پیرس : فرانسیسی عدالت نے کم عمر بچوں کو کھانے کے بجائے کوکا کولا پلانے کے جرم میں والد کو تین ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی عدالت نے بچوں کو کھانے میں خوراک کے بجائے کیک اور سافٹ ڈرنک پلا کر پرورش پر دو بچوں کے باپ کو سزا سناتے ہوئے تین ماہ کے لیے جیل منتقل کر دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فرانس میں بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے نے مذکورہ شخص کے گھر چھپا مارا تو گھر میں ضروری اشیاء بھی موجود نہیں تھیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بچوں کوکا کولا پلا کر پالنے والے شخص کو امدادی رقم دی گئی تھی لیکن اس نے سارے پیسے شراب نوشی میں اڑا دیئے جبکہ اہل خانہ کے پاس کھانے پینے کو بھی کچھ نہیں ہے جس کے باعث متاثرہ خاندان صرف کیک اور سافٹ ڈرنک پر گزرا کررہا ہے۔

    ایسوسی ایشن برنچ وکٹم کے 87 سالہ کیرول پیپون کا کہنا تھا کہ بچوں کا والد ان پڑھ ہے اسی لیے اسے مسلسل بچوں کو سافٹ ڈرنک پلانے کے معاملے کی حساسیت کا اندازہ نہیں ہے۔

    فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص اپنے اہلیہ اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بھی بناتا تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے کا کہنا تھا کہ مسلسل کوکا کولا پینے کے باعث ایک بچے کے 7 قدرتی دانت بھی گرچکے ہیں جبکہ دوسرے بچے کی عمر اتنی کم کہ وہ ابھی بول بھی نہیں سکتا۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چائلڈ پروٹشن بیورو کے اہلکاروں نے بچوں کو اپنی تحویل میں لے لیا جہاں انہیں خوراک میں گوشت اور سبزیاں فراہم کی جارہی ہیں۔

  • اقوامِ متحدہ نے فرانس میں حجاب پر پابندی کو غیر قانونی قرار دے دیا

    اقوامِ متحدہ نے فرانس میں حجاب پر پابندی کو غیر قانونی قرار دے دیا

    نیویارک: اقوامِ متحدہ نے فرانس میں حجاب پر پابندی کو غیر قانونی قرار دے دیا، اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی نے کہا کہ فرانس میں حجاب پر پابندی انسانی حقوق کے خلاف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی نے فرانس میں حجاب پر پابندی کے معاملے پر کہا ہے کہ فرانس کا حجاب پر پابندی کا عمل انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    [bs-quote quote=”اقوامِ متحدہ نے فرانسیسی حکومت کو 2 مسلمان خواتین کو ہرجانہ دینے کا بھی حکم جاری کیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اقوامِ متحدہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ فرانس پابندی کا قانونی جواز پیش کرنے میں نا کام رہا ہے، انسانی حقوق کمیٹی نے کہا کہ فرانس قوانین پر نظرِ ثانی کرے۔

    اقوامِ متحدہ نے فرانسیسی حکومت کو 2 مسلمان خواتین کو ہرجانہ دینے کا بھی حکم جاری کیا۔

    انسانی حقوق کمیٹی کا کہنا تھا کہ فرانس کی مسلمان خواتین کے حجاب پر پابندی بلا جواز ہے، فرانس چھ مہینوں میں رپورٹ پیش کرے کہ اس نے حجاب کے معاملے پر کیا اقدام کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  فرانس میں مسلمانوں پر حلال ٹیکس نافذ کرنے پر غور


    فرانس اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کو قائل نہیں کر سکا کہ چہرہ ڈھانپنے پر پابندی ضروری اور سیکورٹی کے تناظر سے درست اقدام ہے۔

    [bs-quote quote=”فرانس نے 2010 میں قانون کے ذریعے عوامی مقامات پر بھی چہرہ ڈھانپنے پر پابندی لگائی” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    واضح رہے کہ 2004 میں فرانسیسی پارلیمنٹ نے ریاست کے تمام اسکولوں میں چہرے کے نقاب سمیت تمام مذہبی شعائر پر پابندی لگا دی تھی، اور 2010 میں قانون کے ذریعے عوامی مقامات پر بھی چہرہ ڈھانپنے پر پابندی لگائی۔

  • شام کی صورت حال سے کیسے نمٹیں؟ ترکی نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    شام کی صورت حال سے کیسے نمٹیں؟ ترکی نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    انقرہ: شام کی موجودہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے ترکی نے اہم اجلاس طلب کرلیا جس میں روسی اور فرانسیسی صدر کے علاوہ جرمن چانسلر بھی شریک ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوگان کے کہنے پر شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے اور حل تجویز کرنے کے لیے ترکی میں اہم اجلاس 27 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس اجلاس میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے علاوہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون بھی شرکت کریں گے۔

    ترک حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس کانفرنس میں شامی تنازعے کے دیرپا حل پر توجہ مرکوز کی جائے گی، باالخصوص شامی شہر ادلب سے متعلق لائحہ عمل بھی ترتیب دیا جائے گا۔

    ادلب میں غیر عسکری علاقے سے شدت پسندوں کو نکالا جائے گا: ترک صدر

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ترکی اور روسی سربراہان کے درمیان ملاقات روسی شہر سوچی میں ہوئی تھی، ملاقات تین گھنٹے طویل جاری رہی تھی، رجب طیب اردوگان اور ولادی میر پیوٹن نے شامی شہر ادلب میں غیر فوجی علاقے کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ترک اور روس نے فیصلہ کیا ہے کہ اس دوران اس علاقے سے النصرہ فرنٹ سمیت تمام شدت پسند باغی گروپوں کو وہاں سے باہر نکالا جائے گا۔

    علاوہ ازیں ترک صدر رجب طیب اردوگان نے موقف اختیار کیا تھا کہ شامی شہر ادلب میں غیر عسکری علاقے کے قیام کے دوران شدت پسند گروہوں کو نکالا جائے گا، روس اور ترکی مل کر ادلب میں شدت پسند گروپوں کا تعین کریں گے۔

  • فرانس: سیلاب نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    فرانس: سیلاب نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    پیرس: فرانس کے شمالی حصے میں آنے والے سیلاب کے باعث دس افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے اور نظام زندگی بھی درہم برہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے شمالی حصے میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے دس افراد کی جانیں لے لیں، جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹریب نامی سیلابی ریلہ سات میٹر تک بلند تھا جس کے باعث شمالی حصے میں آنے والے علاقے شدید متاثر ہوئے اور نظام زندگی بھی درہم برہم ہے۔

    حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے بھی ریسکیو کا کام لیا جارہا ہے۔

    فرانس میں طوفانی بارشیں اور سیلاب، 2 افراد ہلاک

    حکام کا کہنا ہے کہ یہ 1891ء کے بعد بدترین سیلابی ریلہ تھا، متاثرہ علاقوں میں محض چند گھنٹوں کے اندر اتنی بارش ہوئی جو عام طور پر تین ماہ سے زائد عرصے میں ہوتی ہے۔

    متاثرہ علاقوں میں تمام اسکول اور ادارے بند کر دیے گئے ہیں، ٹریفک کا نظام بری طرح مفلوج ہوچکا ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جون میں فرانس کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں اور سیلاب کے باعث متعدد رہائشی عمارتیں متاثر جبکہ دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    رواں سال فرانس میں ہی اپریل 26 تاریخ کو 6 سالہ لڑکی شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاک ہوگئی تھی جس کی لاش درخت کی شاخوں کے درمیان سے برآمد ہوئی تھی۔

  • فوادچوہدری سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

    فوادچوہدری سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے فرانس کے سفیر مارک بیرٹی نے ملاقات کی، اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے سفیر مارک بیرٹی کی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے ملاقات میں تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

    اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فرانس کے تعلقات انتہائی خوشگوار ہیں، فرانس سے مختلف شعبوں میں تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    فرانسیسی صدر کا عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ، دورہ فرانس کی دعوت

    ان کا کہنا تھا کہ فرانس میڈیا کے شعبے میں پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ دینے کا خواہاں ہے۔

    ملاقات کے دوران فرانسیسی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے فلم سازی کے شعبوں میں تعاون پر غور کریں گے، پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے دورہ فرانس کی دعوت دی تھی، اس دوران دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا گیا تھا۔

    ٹیلی فونک گفتگو کے دوران فرانسیسی صدر نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا تھا، توانائی، آبی وسائل، تجارت اور معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔

  • فرانس: پولیس چیف چاقو بردار شخص کے حملے میں‌ ہلاک

    فرانس: پولیس چیف چاقو بردار شخص کے حملے میں‌ ہلاک

    پیرس : فرانس کے شہر روڈز میں نامعلوم شخص کا تیز دھار خنجر سے پولیس چیف پر حملہ، پولیس چیف پاسکل فیلو اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک فرانس کے جنوبی شہر روڈز کی مصروف ترین شاہراہ پر واقع سٹی ہال کے باہر چاقو بردار شخص نے شہر کے پولیس چیف پر حملہ کردیا، چاقو زنی کی واردات میں زخمی ہونے والے پولیس چیف کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ روڈز کے پولیس چیف پاسکل فیلو پر تین مرتبہ تیز دھار خنجر سے حملہ کیا گیا تھا حملے کے تین گھنٹے بعد اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پولیس سربراہ فیلو زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

    فرانسیسی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق روڈز پولیس کے سربراہ پاسکل فیلو اور شہر کے ناظم پر حملے کا خطرہ تھا جس کے بارے حکام نے ایک ہفتہ قبل ہی آگاہ کردیا تھا۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ روڈز پولیس کے سربراہ پر مقامی وقت مطابق صبح 10 بجے حملہ کیا گیا تھا۔

    روڈز کے میئر کرسٹائن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول فیلو تین بچوں کے والد تھے۔

    فرانسیسی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ’حملہ آور پولیس چیف کو باخوبی جانتا تھا اور فیلو کی سرگرمیوں سے آگاہ تھا‘۔


    مزید پڑھیں : نیدرلینڈز: ریلوے اسٹیشن پر چاقو سے حملہ، تین افراد زخمی


    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر یورپی ملک نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں قائم مصرف ترین ریلوے اسٹیشن پر مشتبہ شخص نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈچ پولیس نے پہلے فائرنگ کرکے حملہ آور کو زخمی کیا اور پھر موقع پر ہی گرفتار بھی کرلیا تھا، واقعے کے بعد حملہ آور اور دیگر تین زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ  نیدرلینڈز کے دارالحکومت میں مصروف ترین ریلوے اسٹیشن پر چاقو سے ہجوم پر حملہ کرنے والا افغانستان کا شہری تھا جس کی شناخت جاوید ایس کے نام سے ہوئی تھی۔

  • فرانس کے بعد یونان میں بھی ایرانی سفارت خانے پر حملہ

    فرانس کے بعد یونان میں بھی ایرانی سفارت خانے پر حملہ

    ایتھنز: فرانس کے بعد آج یونان میں بھی ایرانی سفارت خانے پر حملہ ہوا جس کے باعث عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں مظاہرین نے ایرانی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا، جس کے باعث عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے اور بڑا حصہ متاثر ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سفارت خانے پر حملہ ایک انتشار پسند گروپ کی جانب سے کیا گیا ہے، مظاہرین نے سفارت خانے کی عمارت کے شیشے توڑ دیے اور سرخ رنگ سے دیواروں پر نعرے بھی تحریر کیے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں انتشار پھیلانے والے اس گروپ کے متعدد افراد نے حصہ لیا، جو آہنی سلاخوں سے لیس تھے، مظاہرین ایرانی انتظامیہ کے خلاف سخت موقف رکھتے تھے، تاہم اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    فرانس میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ، ایران کی شدید مذمت

    یاد رہے کہ دو روز قبل جمعے کے دن کچھ افراد نے پیرس میں ایرانی سفارتخانے پر دھاوا بولا جس کے نتیجے میں اس عمارت کو نقصان بھی پہنچا تھا، ایرانی حکام نے واقعے کے خلاف شدید مذمت بھی کی تھی۔

    علاوہ ازیں رواں ماہ 8 ستمبر کو عراق میں جاری پر تشدد مظاہروں کے دوران مشتعل مظاہرین نے ایرانی قونصل خانے کو آگ لگا دی تھی۔

    خیال رہے کہ مظاہرین نے صوبائی حکومت کی عمارت کو نذر آتش کردیا تھا، اس کے علاوہ بھی انھوں نے کئی ایک سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا تھا۔

    فرانس اور یونان میں ایرانی سفارت خانے پر ہونے والے حملوں کی اصل وجہ اب تک واضح نہیں ہوئی۔

  • فرانس میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ، ایران کی شدید مذمت

    فرانس میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ، ایران کی شدید مذمت

    تہران: فرانس میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ کیا گیا جس کے باعث عمارت کو نقصان پہنچا جبکہ ایران نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جمعے کے دن کچھ افراد نے پیرس میں ایرانی سفارتخانے پر دھاوا بولا جس کے نتیجے میں اس عمارت کو نقصان بھی پہنچا، ایرانی حکام نے واقعے کے خلاف شدید مذمت کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردی بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی حکام کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس نے حملے کے بعد مناسب ردعمل کا اظہار نہیں کیا، تحفظ کو یقینی نہ بنایا گیا تو سفارتی مشن متاثر ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب ایرانی سفارت خانے پر ہونے والے اس حملے کے محرکات اب تک واضح نہیں ہوسکے، تاہم حکام نے کارروائی شروع کردی ہے، جلد حقائق سامنے آئیں گے۔

    عراق میں مشتعل مظاہرین نے ایرانی قونصل خانے کو آگ لگا دی

    خیال رہے کہ رواں ماہ 8 ستمبر کو عراق میں جاری پر تشدد مظاہروں کے دوران مشتعل مظاہرین نے ایرانی قونصل خانے کو آگ لگا دی تھی۔

    یاد رہے کہ مظاہرین نے صوبائی حکومت کی عمارت کو نذر آتش کردیا تھا، اس کے علاوہ بھی انھوں نے کئی ایک سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا تھا۔

    عراق کے دیگر صوبوں میں آج بھی ہزاروں عراقی شہری بجلی ، پانی اور دیگر بنیادی خدمات کی عدم دستیابی یا ان کے پست معیار پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔