Tag: France

  • فرانسیسی صدر کا عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ، دورہ فرانس کی دعوت

    فرانسیسی صدر کا عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ، دورہ فرانس کی دعوت

    پیرس: فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور دورہ فرانس کی دعوت دی، اس دوران دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے ٹیلی فونک کال کی، فرانسیسی صدر نے انتخابات میں کامیابی پر وزیراعظم کو مبارکباد بھی دی۔

    ٹیلی فونک گفتگو کے دوران فرانسیسی صدر نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔ توانائی، آبی وسائل، تجارت اور معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    ایرانی صدر کا عمران خان کو ٹیلی فون، دورہ ایران کی دعوت

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، ایمانوئیل میکرون نے عالمی امور پرمل کرکام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    اس دوران وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فرانس کے ساتھ باہمی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، انہوں نے فرانسیسی صدر کو افغانستان میں قیام امن پر بریف کیا اور علاقائی صورت حال خصوصاً بھارت کے ساتھ تعلقات سے بھی آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کردار ادا کرے۔

    خیال رہے کہ گفتگو کے دوران صدر میکرون نے وزیراعظم عمران خان کو فرانس کے دورے کی دعوت دی جسے عمران خان نے قبول کرلی۔

  • شامی شہر ادلب کی صورت حال، ترکی کے بعد فرانس نے بھی خبردار کردیا

    شامی شہر ادلب کی صورت حال، ترکی کے بعد فرانس نے بھی خبردار کردیا

    پیرس: شامی شہر ادلب کی صورت حال سے متعلق فرانسیسی حکام نے خبردار کیا ہے حملے کی صورت میں جنگی جرائم میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ترک حکام نے روس کو متنبہ کیا تھا کہ اگر وہ شامی شہر ادلب پر حملہ کرتا ہے تو اس کا خمیازہ پوری دنیا کو بھگتنا ہوگا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ لیڈرین نے خبردار کیا ہے کہ شامی اور ایرانی افواج کی ادلب پر حملے کی صورت میں سنگین نتائج سامنے آئیں گے، جنگی جرائم میں اضافہ ہوگا جو یورپ کے لیے بھی خطرہ ہے۔

    اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ایک بار شہری آبادی اور اسپتالوں کی تخصیص کیے بغیر بمباری شروع کر دی جائے تو جنگی جرائم کے ہونے کا دائرہ کار وسیع ہو جاتا ہے۔

    ترک صدر نے شامی شہر ادلب پر حملہ پوری دنیا کے لیے خطرہ قرار دے دیا

    خیال رہے کہ گذشتہ روز ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے شام میں روسی حملوں کے تناظر میں کہا تھا کہ اس کی قیمیت پوری دنیا کو ادا کرنی پڑے گی۔

    انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ شامی شہر ادلب پر حملہ ترکی سمیت دیگر یورپی ممالک کے لیے بھی سیکیورٹی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔

    یاد ہے کہ گذشتہ دنوں شام کے معاملے پر روس، ترکی اور ایرانی سربراہان کے درمیان اہم ملاقات تہران میں ہوئی تھی جس میں فوجی کارروائیوں کے بجائے مذاکرات کے ذریعے شامی جنگی صورت حال کا حل نکالنے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

  • پیرس: چاقو بردار شخص کا حملہ، برطانوی سیاحوں سمیت 7 افراد زخمی

    پیرس: چاقو بردار شخص کا حملہ، برطانوی سیاحوں سمیت 7 افراد زخمی

    پیرس : فرانسیسی دارالحکومت میں نامعلوم چاقو بردار شخص نے راہ چلتے شہریوں پر حملہ کرکے سات افراد کو زخمی کردیا،  چاقو زنی کی واردات میں 2 برطانوی سیاح بھی زخمی ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نامعلوم مشتبہ شخص نے چاقو اور لوہے کی راڈ سے راہ چلتے شہریوں پر اچانک حملہ کر دیا، جس کے باعث سات راہ گیر زخمی ہوگئے، حملے میں زخمی ہونے والے افراد میں 4 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کہ افغان شہری کو گرفتار کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ دہشت گردانہ نہیں تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ چاقو زنی کی واردات میں زخمی ہونے والے افراد میں 2 برطانوی سیاح بھی شامل ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حملہ گذشتہ شب رات 11 بجے دارالحکومت کے شمال مشرقی حصّے میں ہوا تھا۔

    واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کے وقوت جائے حادثہ پر موجود گیمز کھیلنے میں مصروف تھے، حملہ آور نے ابتدائی طور پر ایم کے 2 سینما کے قریب دو مردوں اور ایک خاتون کو چاقو کے وار سے زخمی کیا تھا۔

    پولیس نے بتایا کہ گیم کھیلنے والے افراد نے حملہ آور کو روکنے کے لیے بالیں مارنا شروع کیں جس کے بعد مسلح شخص وہاں سے فرار ہوگیا تاہم کچھ دیر بعد دو برطانوی سیاح کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔

    برطانیہ کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم المناک حادثے کی فوری تحقیقات کا کریں گے اور مذکورہ حملے کی تفتیش میں فرانسیسی حکام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے‘۔

    فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ ’ابتدائی تحقیقات کے دوران دہشت گردانہ حملے کے کوئی ثبوت نہیں ملے‘۔


    مزید پڑھیں : پیرس میں چاقو بردار شخص کا حملہ، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی


    یاد رہے کہ تین ماہ قبل بھی فرانس کے دارالحکومت پیرس میں چاقو برادر دہشت گرد نے راہ چلتے شہریوں پر حملہ کر دیا تھا، جس کے باعث ایک شہری ہلاک جبکہ 5 شہری زخمی ہوئے تھے، بعد ازاں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیرس میں ہونے والے چاقو بردار شخص کے حملے کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کی تھی اور کہا تھا کہ ’ہمارے ایک سپاہی نے گذشتہ روز کامیاب حملہ کیا ہے‘۔


    مزید پڑھیں : فرانس: مسلح شخص کا سپر مارکیٹ پر حملہ، دو افراد ہلاک، متعدد زخمی


    خیال رہے کہ پیرس میں اس قسم کے واقعات معمول بن چکے ہیں، 2016 سے 2018 کے آغاز تک فرانس میں درجنوں افراد چھرے اور چاقو کے حملوں میں اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، البتہ ایسے حملوں سے بچنے کے لیے فرانس کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

  • جرمن چانسلر کی فرانسیسی صدر سے ملاقات، بریگزٹ معاملے پر تبادلہ خیال

    جرمن چانسلر کی فرانسیسی صدر سے ملاقات، بریگزٹ معاملے پر تبادلہ خیال

    پیرس: جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون سے ملاقات کی، اس دروان بریگزٹ سمیت اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انجیلا مرکل اور ایمانوئیل میکرون کی ملاقات فرانس کے شہر مرسیلی میں ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے بریگزٹ کے علاوہ مہاجرین کے معاملے پر بھی گفتگو کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر اور فرانسیسی صدر نے ملاقات کے دوران مہاجرت، یورو زون میں اصلاحات اور بریگزٹ جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    دوسری جانب آسٹریا کے شہر سالزبرت میں 20 ستمبر کو یورپی یونین کی ایک اہم سمٹ ہونے جارہی ہے، جس میں مہاجرین اور بریگزٹ سمیت دیگر موضوعات زیر بحث آئیں گے۔

    علاوہ ازیں بین الاقوامی تعلقات کے ماہرین کی جانب سے انجیلا اور میکرون کی ملاقات کو اہم قرار دیا گیا ہے۔

    بریگزٹ مذاکرات: برطانیہ اور یورپی یونین کا تجارتی معاملات پر اختلاف برقرار

    خیال رہے کہ گذشتہ روز بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں بریگزٹ معاملے پر برطانیہ اور یورپی یونین کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے جس میں فریقین میں اختلاف بدستور برقرار رہا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بریگزٹ کے بعد افریقہ میں برطانوی سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان کیا تھا، ان کی خواہش ہے برطانیہ افریقی ممالک میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک بن جائے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ جون میں برطانیہ کی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے مذاکرات خود کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ وزیر برائے بریگزٹ کو بریگزٹ کے حوالے سے ملک کے داخلی معاملات پر توجہ دینے کی ذمہ دی تھی۔

  • یورپی یونین ترکی اور روس کے ساتھ تعلقات میں بہتری لائے: فرانسیسی صدر

    یورپی یونین ترکی اور روس کے ساتھ تعلقات میں بہتری لائے: فرانسیسی صدر

    پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا ہے کہ یورپی یونین ترکی اور روس کے ساتھ تعلقات میں بہتری لائے، حقیقت پسندی سے کام لینے کی ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اور روس کے باہمی تعلقات میں حقیقت پسندی سے کام لینے کا وقت ہے، اسی کے ذریعے معاملات حل ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو چاہیے کہ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد روس کے ساتھ استوار کیے گئے تعلقات مں جدت لائے، تاکہ باہمی روابط بہتر ہوں۔

    ایمانوئیل میکرون کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کو ترکی کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات میں گہرائی پیدا کرنے کے ضرورت ہے، دونوں ملکوں سے بہتر تعلقات مستقبل اور خطے کے لیے اہم ہے۔

    روس نے19 یورپی ممالک کے46 سفیروں کو ملک بدرکرنےکااعلان کردیا

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین کو اپنے تمام ہم سایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہ شمول دفاعی تعلقات، موجودہ دور کی ضروریات کو مدنظر رکھنا چاہیے، یہ یورپی یونین کے اپنے مفاد میں ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں روس نے برطانیہ کی حمایت میں روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے والے 19 یورپی ممالک کے 46 سفارت کاروں کو جواباً ملک بدر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں سال کے فروری میں برطانیہ میں رہائش پذیر سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپال اور ان کی بیٹی یویلیا اسکریپال پر اعصاب متاثر کرنے والے کیمیکل سے حملہ کیا گیا تھا جس کا الزام برطانیہ سمیت یورپی ممالک اور امریکا نے روس پر عائد کیا تھا۔

  • فرانس میں چاقو کا حملہ، ماں بیٹی زخمی، دہشت گرد جوابی کارروائی میں ہلاک

    فرانس میں چاقو کا حملہ، ماں بیٹی زخمی، دہشت گرد جوابی کارروائی میں ہلاک

    پیرس: فرانس کے دارالحکومت میں چاقو بردار شخص نے حملہ کر کے ماں بیٹی کو زخمی کردیا، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔

    فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق پیرس کی مصروف ترین شاہراہ پر ایک شخص نے سڑک پر پیدل چلنے والی ماں بیٹی پر چاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ دونوں زخمی ہوگئیں۔

    چاقو بردار شخص حملے کے بعد نامعلوم مقام پر روپوش ہوگیا تھا مگر پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے اُسے تلاش کیا اور گرفتار کرنے کی کوشش بھی کی مگر یکطرفہ فائرنگ ہوئی جس کے بعد پولیس نے جوابی فائرنگ کی تو حملہ آور ہلاک ہوا۔

    مزید پڑھیں: فرانس: سپر مارکیٹ میں خاتون کا چاقو سے حملہ، دو افراد زخمی

    فرانس کے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ حملہ دہشت گردی کا واقعہ ہے جس کی ذمہ داری شدت پسند اسلامی تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے، حملہ آور نے کارروائی کے وقت اسلامی نعرہ بھی بلند کیا‘۔

    تفتیشی افسر کا کولمب کا کہنا تھا کہ ’حملہ آور بظاہر دماغی مریض لگتا ہے البتہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: پیرس میں چاقو بردار شخص کا حملہ، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

    واضح رہے کہ خوشبو کی سرزمین فرانس گزشتہ تین برس سے دہشت گردی کی زد میں ہے، شدت پسندوں کے حملے میں اب تک متعدد افراد  بشمول بچے اور خواتین ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • یورپ میں خسرہ کی وبا پھوٹ پڑی، 37 افراد ہلاک

    یورپ میں خسرہ کی وبا پھوٹ پڑی، 37 افراد ہلاک

    یورپ میں خسرہ کی خوفناک وبا پھوٹ پڑی جس سے صرف 6 ماہ میں 37 افراد ہلاک ہوگئے۔ یورپ بھر میں خسرہ کے 41 ہزار کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یورپ میں خسرہ کی وبا میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے اور سال رواں کے صرف 6 ماہ میں اتنے کیسز سامنے آئے جتنے گزشتہ پوری دہائی میں سامنے نہیں آئے تھے۔

    ادارے کے مطابق تقریباً نصف کیسز جن کی تعداد 23 ہزار ہے صرف یوکرین میں ریکارڈ کیے گئے۔

    دوسری جانب فرانس، جارجیا، یونان، اٹلی اور روس میں 1، 1 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔

    خیال رہے کہ خسرہ ایک متعدی بیماری ہے جو مریض کے کھانسنے یا چھینکے سے بھی پھیل سکتی ہے۔

    خسرہ کے لیے سنہ 1960 سے ایک ہی ویکسین استعمال کی جارہی ہے، ماہرین کو خدشہ ہے کہ اس ویکسین کا درست استعمال نہیں کیا جارہا جس کی وجہ سے یہ مرض پھیل رہا ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق خسرہ بچوں کی اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ اس کی ابتدائی علامت بخار کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے جس کے بعد چہرے اور گردن پر سرخ دانے نمودار ہوتے ہیں۔

    زیادہ تر لوگ اس بیماری سے صحت یاب ہوجاتے ہیں تاہم بچوں کے لیے یہ جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔

  • عراق: داعش سے تعلقات، جرمن اور فرنسیسی شہری کو عمر قید کی سزا

    عراق: داعش سے تعلقات، جرمن اور فرنسیسی شہری کو عمر قید کی سزا

    دمشق: عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے جرمن اور فرانسیسی شہری کو عراق میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی اور جرمن شہری دونوں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے رکن تھے، جنہیں عراق میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت نے بائیس سالہ جرمن اور ایک پچپن سالہ فرانسیسی شہری کو عمر قید سزا سنائی ہے، ماضی میں دونوں داعش کے سرگرم رکن تھے۔

    قبل ازیں شام میں بری طرح شکست کھانے کے بعد دولت اسلامیہ کے دہشت گردوں نے دیگر ملکوں کو رخ کیا ہے، عراق پہنچنے والے داعش کے رکن کی تعداد زیادہ ہے۔


    جرمنی: داعش سے تعلق کے شبے میں خاتون گرفتار


    سزا پانے والے مغربی شہریوں میں سے جرمن شہری عراق میں غیر قانونی داخلے پر گزشتہ ایک برس سے جیل میں ہی قید تھا، شام میں اس دہشت گرد تنظیم کی پسپائی کے بعد داعش کے متعدد ارکان عراق پہنچے، ان میں مغربی ممالک کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جرمنی کے شہر کارلسرؤے میں پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی ایک خاتون رکن کو گرفتار کیا تھا جو شام میں حکومت کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہی تھی۔

    واضح رہے کہ مذکورہ گرفتار خاتون کا شوہر شدت پسندانہ کارروائیوں کے دوران ہلاک ہوگیا تھا، پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ خاتون نے شوہر کی ہلاکت کے بعد ایک اور شادی کی تھی اور داعش کی جانب سے کیے جانے والے خودکش حملوں میں بھی ملوث تھی۔

  • فرانسیسی صدر 3 اگست کو برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے

    فرانسیسی صدر 3 اگست کو برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے

    پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے سے 3 اگست کو ملاقات کریں گے، اس دوران بریگزٹ معاملے پر خصوصی گفتگو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق بریگزٹ معاملے پر خصوصی گفتگو کے لیے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے سے ملاقات کریں گے، یہ ملاقات فرانس کے شہر تولوں کے قریب صدارتی سیاحتی مرکز میں ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ ملاقات سے متعلق کسی سرکاری ایجنڈے کا بظاہر اعلان نہیں کیا گیا لیکن گفتگو میں بریگزٹ معاملے کو فوقیت حاصل رہے گی۔

    قبل ازیں 31 جولائی منگل کو برطانوی وزیر خارجہ جریمی ہنٹ اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں ایو لیدریاں سے بھی پیرس میں اسی معاملے پر بات چیت کر چکے ہیں۔


    تھریسامے بریگزٹ منصوبے پرحمایت حاصل کرنے آسٹریا پہنچ گئی


    علاوہ ازیں برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے گذشتہ ماہ 27 جولائی کو بریگزٹ ڈیل سے متعلق معاملات طے کرنے کے لیے آسٹریا پہنچی تھیں، جہاں انہوں نے آسٹرین چانسلر اور وزیراعظم سے ملاقات بھی کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تھریسا مے نے آسٹریا میں چانسلر کرز اور چیک ری پبلک کے وزیر اعظم اینڈریج بابس سے بھی بریگزٹ ڈیل کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔

    یاد رہے کہ اس پیش رفت سے ایک روز قبل برطانیہ کی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے مذاکرات خود کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ وزیر برائے بریگزٹ کو بریگزٹ کے حوالے سے ملک کے داخلی معاملات پر توجہ دینے کی ذمہ دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فرانس میں طالبہ کو ہراساں اورتھپڑ رسید کرنے کی ویڈیو نے ہلچل مچادی

    فرانس میں طالبہ کو ہراساں اورتھپڑ رسید کرنے کی ویڈیو نے ہلچل مچادی

    پیرس: فرانس میں سڑک پر طالبہ کو ہراساں کرنے اورسرِ عام تھپڑ مارنے کی ویڈیو نے ملک بھر میں ہلچل مچادی، فرانس میں خواتین کو ہراساں کرنے پر جرمانے کا بل پارلیمنٹ میں زیرِ غور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میری لاگیورے نامی طالبہ نے ایک سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب انہوں نے ہراساں کرنے والے شکص کو للکارا تو اس نے انہیں تھپڑ رسید کردیا۔

    یہ ویڈیو ملک بھر میں وائرل ہوگئی اور اس کے بعد عوام ی جانب سے ہراساں کرنے والوں کو سزا دینے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا، یاد رہے کہ فرانس کی حکومت پہلے ہی ہراساں کرنے والوں کو موقع پر ہی جرمانہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

    اس موقع پر فرانس کی وزیر برائے برابری مارلن شیاپا کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ اس موسمِ خزاں سے ہم یہ جرمانے شروع کرسکیں گے۔ بتایا جارہا ہے کہ فرانس میں ہراساں کرنے پر 75 سے 90 یورو تک کے جرمانے ہوسکیں گے۔ اس فیصلے کی فرانس کے ممبران پارلیمنٹ نے مئی میں حمایت کی تھی اور رواں ہفتے اس کی منظوری کا امکان ہے۔

    طالبہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ہراساں کرنے پر طالبہ نے اسے للکارا جواب میں اس شخص نے اسے تھپڑ رسید کردیا۔ طالبہ نے مقامی ریڈیو کو بتایا کہ یہ پہلی بار نہیں تھی اور یہ شخص اس سے پہلے بھی اس قسم کی حرکات کرچکا ہے تاہم اس بار وہ کیفے کے کیمرے کی ریکارڈنگ میں آگیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں