Tag: France

  • فرانس: خاتون کی مدد کے لیے آنے والے 3 پولیس اہل کار نشانہ بن گئے

    فرانس: خاتون کی مدد کے لیے آنے والے 3 پولیس اہل کار نشانہ بن گئے

    پیرس: فرانس میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے تین پولیس اہل کار ہلاک کر دیے، کچھ دیر بعد مشتبہ شخص کی بھی لاش مل گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق وسطی فرانس میں پولیس اہل کار گھریلو جھگڑے کی شکایت پر خاتون کی مدد کو پہنچے  تو خود شکار ہو گئے۔

    پولیس اہل کار حملہ آور کی بیوی کے فون پر اس کی مدد کے لیے پہنچے تھے، تاہم ریسکیو آپریشن کے دوران مشتعل ملزم نے اہل کاروں پر فائرنگ کر دی۔

    فائرنگ کے بعد ملزم گھر میں آگ لگا کر فرار ہوگیا تھا، لیکن کچھ دیر بعد علاقے میں اس کی لاش اس کی کار کے پاس مل گئی، پولیس نے متاثرہ خاتون کوگھر کی چھت سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔

    پیرس کی پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور کی عمر 48 سال ہے، حملہ آور کی تلاش کے لیے آرمی کے 300 کے نوجوانوں کو طلب کیا گیا تھا، لیکن اس نے خود کشی کر لی۔

    وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ آدھی رات کو پولیس کو ایک خاتون کی کال موصول ہوئی تھی، جس پر اہل کار سینٹ جسٹ میں واقع اس کے گھر پہنچے، خاتون اپنے شوہر سے خود کو بچانے کے لیے چھت پر چڑھ گئی تھی، مشتعل شخص نے اہل کاروں کو دیکھتے ہی فائر کھول دیا جس سے تین اہل کار ہلاک ہو گئے۔

    اہل کاروں کی ہلاکت پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان اہل کاروں کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے، ہماری فورسز جانیں قربان کر کے ہماری حفاظت کرتی ہیں، یہ ہمارے ہیرو ہیں۔

  • میچ کے دوران نسل پرستانہ الفاظ، طیب اردگان کا فرانس کیخلاف بڑا بیان

    میچ کے دوران نسل پرستانہ الفاظ، طیب اردگان کا فرانس کیخلاف بڑا بیان

    انقرہ : ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ پیرس سینٹ جرمین اور استنبول باسا کسیر کے مابین چیمپئنز لیگ کے فٹ بال میچ کے دوران پیش آنے والا واقعہ فرانس میں نسل پرست رجحانات کا مظہر تھا۔

    رجب طیب ایردوان نے فٹبال میچ کے دوران "نسل پرستانہ” الفاظ کے استعمال پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

    طیب اردگان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ہم کھیل اور زندگی کے تمام شعبوں میں نسلیت پرستی اور امتیاز کے خلاف ہیں، مجھے یقین ہے کہ یو ای ایف اے کی جانب سے اس بارے میں ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ یو ای ایف اے چمپئینز لیگ کے ایچ گروپ کے چھٹے ہفتے میں ترکی کے میڈی پول باشاک شہر فٹبال کلب نے پیرس سینٹ جرمین کلب کے ساتھ میچ کھیلا۔

    غیر ملکی خبر  رساں ادارے کے مطابق میچ میں چوتھے ایمپائر کی طرف سے باشاک شہر کلب کے نائب ٹرینر پئیر ویبو کے لئے نسلیت پرستانہ الفاظ کے استعمال کیے جس پر صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے بیان میں سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

    سوشل میڈیا پیج سے جاری کئے گئے بیان میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ میں ترکی کے نمائندہ باشاک شہر کلب کی تکنیکی ٹیم سے پئیر ویبو کے لئے ادا کئے جانے والے نسلیت پرستانہ الفاظ کی شدت سے مذمت کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ نقطہ نظر ناقابل معافی ہے، ہمارا عزم موقف اٹل ہے جو جاری رہے گا، فرانس ایک ایسا ملک بن گیا ہے جہاں نسل پرستانہ بیانات اور کاروائیوں کو مزید تیز کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ یو ای ایف اے کی طرف سے اس بارے میں ضروری اقدامات کئے جائیں گے، ہم کھیل اور زندگی کے تمام شعبوں میں نسلیت پرستی اور امتیازیت کے خلاف ہیں۔

    واضح رہے کہ فٹبال میچ کے17 ویں منٹ میں ویبو نے ایک پوزیشن پر ایمپائر سے اعتراض کیا جس کے نتیجے میں انہیں چوتھے ایمپائر کے نسلیت پرستانہ طرزِ تخاطب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

     

  • فرانس سے تعلقات منقطع کرنے کا معاملہ، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    فرانس سے تعلقات منقطع کرنے کا معاملہ، وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع پر مشاورت کے لئے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منگل کو طلب کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منگل کو طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں وفاقی کابینہ فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے سے متعلق پالیسی فیصلہ کرے گی۔

    وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کی روشنی میں طلب کیا گیا ہے، جس میں ہائیکورٹ نے وزارت خارجہ کو پالیسی فیصلے کیلئے سمری کابینہ میں پیش کرنیکی ہدایت کی تھی، کابینہ ڈویژن نے وزارت خارجہ کی سمری آئندہ اجلاس کےایجنڈامیں شامل کرلی ہے۔یوم استحصال کشمیراس کے علاوہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چودہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت صحت کرونا مریضوں کیلئے انجکشن کی قیمت میں کمی کی منظوری حاصل کریگی، ساتھ ہی وفاقی کابینہ ادویات کی قیمتوں سے متعلق نظرثانی شدہ نوٹیفکیشن پرغور کرےگی۔

    اجلاس میں بنڈل آئی لینڈ، راوی ریور فرنٹ منصوبے، نیاپاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی پر کابینہ کو بریفنگ دی جائیگی، اجلاس میں وفاقی کابینہ نجی ایئرلائن کمپنی ایئر سیال کےلائسنس کی تجدید کی منظوری دےگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  فیصل جاوید احتجاجاً پاک فرانسیسی فرینڈشپ کی کنوینرشپ سے مستعفی

    وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں جموں وکشمیر کی ریاستی املاک کے استعمال سےمتعلق بریفنگ دی جائےگی، اسلام آبادکے میٹرو پولیٹن کلب کی عمارت نیشنل کالج آف آرٹس کو دینےکی منظوری دی جائیگی جبکہ وفاقی کابینہ پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے چیف ایگزیکٹوکی تعیناتی کی منظوری دےگی۔

    وفاقی کابینہ فریکونسی ایلوکیشن بورڈ کےایگزیکٹو ڈائریکٹرکی تعیناتی کی منظوری دےگی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری، قانون سازی، ای سی سی اجلاس کےفیصلوں کی توثیق ایجنڈے میں شامل ہے، منگل کو ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں بعض وزرا ایک بارپھر ویڈیو لنک کےذریعے شریک ہونگے۔

  • فرانس میں مقیم پاکستانی قانون پسند شہری ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

    فرانس میں مقیم پاکستانی قانون پسند شہری ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان نے فرانس میں مقیم پاکستانیوں کے خلاف بھارتی میڈیا کا منفی پروپیگنڈا مسترد کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے فرانس میں مقیم پاکستانیوں کیخلاف منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، پاکستان بھارتی پروپیگنڈےکو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کے خلاف خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں، فرانس میں مقیم پاکستانی قانون پسند شہری ہیں، دشمن عناصر جعلی ٹوئٹراکاؤنٹس سےجعلی خبریں پھیلارہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی وزیراعظم کا بیان مسترد کرد یا

    اس سے قبل پاکستان نے پلوامہ حملےکےحوالےسے بھارتی وزیراعظم کے بیان کومسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت پلوامہ حملے میں پاکستان کےملوث ہونےکےشواہد فراہم کرنےمیں ناکام رہا ہے۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ ایک وفاقی وزیر کے بیان کو نیا موڑ دینے کی کوشش ہے، پاکستانی وزیر نے ریفرنس کے طور پر بات کی تھی، 26فروری 2019 کوپاکستان فوج کے دیئےجانیوالےردعمل کا حوالہ دیا۔

    ترجمان نے کہا کہ یہ عمل بی جے پی قیادت کاپاکستان کیساتھ ناقابل برداشت جنون ہے بھارت پلوامہ حملےمیں پاکستان کے ملوث ہونےکےشواہدفراہم کرنےمیں ناکام رہاہے اور پلوامہ حملے کاسب سے زیادہ فائدہ بی جےپی حکومت کو ہوا ہے۔

  • دنیا بھر میں لوگ فرانسیسی صدر کی تصاویر نذر آتش کرنے لگے

    دنیا بھر میں لوگ فرانسیسی صدر کی تصاویر نذر آتش کرنے لگے

    اسلام آباد: فرانسیسی صدر کے خلاف دنیا کے مختلف شہروں ميں مظاہرے جاری ہیں، لوگوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ایمانویل میکرون کی تصاویر بھی نذر آتش کیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے مختلف شہروں میں فرانسیسی صدر میکرون کے توہین آمیز بیان کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، مظاہرین صدر میکرون کی تصویریں بھی جلا رہے ہیں۔

    فلسطین اور لبنان کے مختلف شہروں ميں مظاہروں کے دوران مسلمانوں نے فرانسیسی پرچم کو نذر آتش کیا اور میکرون کی تصویریں بھی جلا دیں، شام میں بھی فرانسیسی صدر کے خلاف مظاہرے ہوئے۔

    ادھر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سمیت عالمی مسلم رہنماؤں نے بھی فرانسیسی صدر کے بیان کے خلاف سخت ردِ عمل ظاہر کیا ہے، ترک صدر اردگان نے کہا تھا کہ فرانس کے صدر کا دماغ خراب ہوگیا ہے، اسے اپنے دماغ کا علاج کرانا چاہیے۔

    فرانسیسی صدر نے جان بوجھ کر اسلام پر حملہ کر کے اسلامو فوبیا کی حوصلہ افزائی کی: وزیر اعظم

    ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے فرانسیسی صدر کے توہین آمیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آسمانی ادیان کے خلاف فرانسیسی صدر کی دشمنی نمایاں ہوگئی ہے۔

    پاکستان کے وزير اعظم عمران خان نے بھی فرانس کے صدر میکرون کے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی صدر کا بیان قابل مذمت ہے، فرانسیسی صدر نے جان بوجھ کر اسلام پر حملہ کر کے اسلاموفوبیا کی حوصلہ افزائی کی۔

  • فرانس: ایک دن میں کرونا وائرس کے 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

    فرانس: ایک دن میں کرونا وائرس کے 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

    پیرس: فرانس میں لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد ایک روز میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کی ریکارڈ تعداد سامنے آگئی، ماہرین نے صورتحال قابو سے باہر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    فرانسیسی میڈیا کے مطابق ملک میں صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 ہزار 776 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، یہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد نئے کیسز کی بلند ترین شرح ہے۔

    فرانسیسی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ تمام اشاریے بتا رہے ہیں کہ کرونا وائرس ایک بار پھر پھیل رہا ہے اور اس بار عمر کی کوئی قید نہیں۔ بچے، بڑے اور بوڑھے یکساں طور پر کرونا وائرس کا شکار ہورہے ہیں۔

    حکام کے مطابق نئے کیسز کی زیادہ تعداد اس وقت دارالحکومت پیرس اور مارسی میں ہے۔

    طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دو روز قبل پیرس کے مشہور علاقے شانزے لیزے پر عوام کے جشن کے بعد کرونا کیسز میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

    2 روز قبل فرانسیسی ٹیم پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچنے کے بعد عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی تھی اور اس دوران احتیاطی تدابیر بھی نظر انداز کردی گئیں۔

    اتوار کے روز ٹیم کے فائنل کھیلنے کے موقع پر بھی ہجوم جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب صدر ایمانوئل میکرون کا کہنا ہے کہ ملکی سطح پر لاک ڈاؤن معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہورہا ہے لہٰذا اس کی جگہ مخصوص علاقوں اور شہروں میں چھوٹے پیمانے پر پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔

    فرانس نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے آغاز میں یورپی ممالک میں سے سخت ترین لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا تاہم لاک ڈاؤن ختم کیے جانے کے بعد کرونا کیسز کی شرح بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔

    ماہرین نے صورتحال بے قابو ہوجانے کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔

    کرونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد اب فرانس میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار 43 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 30 ہزار 468 کرونا کے مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ ملک میں صحت یاب ہوجانے والے افراد کی تعداد 84 ہزار 65 ہے۔

  • لبنان میں‌ نئی حکومت کی تشکیل اولین ترجیح ہے، فرانس

    لبنان میں‌ نئی حکومت کی تشکیل اولین ترجیح ہے، فرانس

    پیرس/بیروت : فرانسیسی حکومت نے لبنان میں سیاسی عدم استحکام پر ملکی تباہی سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس کی پہلی ترجیح لبنان میں نئی حکومت کی تشکیل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنانی دارالحکومت میں ہونے والے خوفناک دھماکوں کے بعد لبنان میں حکومت کے خلاف شدید مظاہرے شروع ہوگئے تھے جس کے باعث لبنان کی وفاقی کابینہ کو مستعفی ہونا پڑا۔

    فرانس نے دھماکوں کے بعد لبنان میں پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق کہا ہے کہ اگر لبنان میں اصلاحات نہ کی گئیں تو ملک تباہی کی طرف گامزن ہوجائے گا۔

    فرانسیسی وزیر خارجہ نے لبنانی حکومت کے مستعفی ہونے پر کہا ہے کہ لبنان میں نئی حکومت کی تشکیل فرانس کی اولین ترجیح ہے۔

    فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ فرانس نے نہ ہی ماضی میں لبنان کو تنہا چھوڑا ہے اور نہ ہی آج لبنان کو اکیلا چھوڑیں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز لبنانی وزیر اعظم حسن دیاب نے اپنی کابینہ کے ہمراہ عوام سے خطاب کے بعد استعفیٰ دیا تھا جبکہ ان سے قبل وزیر اطلاعات منال عبدالصمد اور چھ اراکین اسمبلی مستعفی ہوچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل لبنان کے دارالحکومت بیرون کی بندرگاہ پر خوفناک دھماکے ہوئے تھے جس کے اثرات 24 سے 30 کلومیٹر دور تک گئے تھے، دھماکے کے نتیجے میں 160 افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

  • کورونا وائرس دل کے دورے کا سبب بن سکتا ہے

    کورونا وائرس دل کے دورے کا سبب بن سکتا ہے

    فرانس : کورونا وائرس سے متعلق فرانس میں ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اس سے صرف پھیپھڑے ہی متاثر نہیں ہو رہے ہیں بلکہ اس سے نسوں میں خون بھی جمنے لگتا ہے جس سے دل کے دورے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

    پوری دنیا اس وقت کورونا کی وبا کا سامنا کر رہی ہے، مختلف ممالک کے سائنسداں دن رات ویکسین بنانے میں مصروف ہیں۔ اس بیماری کے حوالے سے لگاتار مطالعے اور تحقیق بھی ہو رہی ہیں جن سے نئے نئے انکشافات ہو رہے ہیں۔

    تازہ ترین تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے صرف پھیپھڑے ہی متاثر نہیں ہو رہے ہیں بلکہ اس کی وجہ سے جسم کے کئی حصوں کی نسوں میں خون بھی جمنے لگتا ہے۔

    کوویڈ 19 انفیکشنز کی وجہ سے نسوں خون جمنا شروع ہوسکتا ہے، جس سے انسان کے جسم کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کی ایک مثال پھیپھڑوں میں خون جمنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے ہیپی ہائیپوکسیا کی شکل میں نظر آتی ہے، جس میں جسم کا آکسیجن خطرناک حد تک کم ہونے کے باوجود بھی مریض کو بظاہر کسی قسم کی تکلیف نہيں ہوتی۔

    رپورٹس کے مطابق خون جمنے سے گردے، خون کی شریانیں، آنتیں، جگر، اور دماغ سمیت جسم کے کئی اعضاء متاثر ہوسکتے ہیں۔ ایک مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 38 فیصد شدید بیمار افراد خون جمنے سے وابستہ مسائل کا شکار ہوتے ہيں۔

    تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایک اسپتال میں کورونا کے تقریباً 100 مریض تھے جن میں سے 23 کافی سنگین حالت میں تھے، ان 23مریضوں کے پھیپھڑوں کی دھمنیوں میں خون کے تھکّے جم گئے تھے۔

    مطالعہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا مریض کے پلیٹلیٹس بھی کم ہونے لگتی ہیں۔ پلیٹلیٹس کاؤنٹ کا کم ہونا بھی کورونا وائرس کی علامت ہے۔ پھیپھڑوں سے انفیکشن آگے بڑھنے پر یہ جسم کے دیگر حصوں پر حملہ کرتا ہے اور جسم کے دیگر حصوں کی نسوں میں خون جمنے لگتا ہے۔

    واضح رہے کہ اب تک پوری دنیا میں اس وائرس نے اب تک 1.14 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو متاثر کیا ہے اور 5.33 لاکھ سے زائد لوگ موت کا شکار بن چکے ہیں۔

  • فرانس: کئی ماہ بعد لوٹنے پر خاتون گھر پر عجیب چیز کا قبضہ دیکھ کر خوف زدہ ہو گئی

    فرانس: کئی ماہ بعد لوٹنے پر خاتون گھر پر عجیب چیز کا قبضہ دیکھ کر خوف زدہ ہو گئی

    کان: فرانس کے شہر کان کے ایک علاقے میں گھر کی مالکن جب کئی ماہ بعد لوٹیں تو یہ دیکھ کر خوف زدہ ہو گئیں کہ گھر پر آلوؤں نے قبضہ جما رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے شہر کان (Caen) میں 22 سالہ خاتون ڈونا پوری 3 ماہ گھر سے دور رہیں، جب واپس آئیں تو گھر پر آلو کے پودے نے قبضہ جما لیا تھا، خاتون یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں۔

    معلوم ہوا کہ ڈونا پوری نے مارچ میں سپر مارکیٹ سے ڈھائی یورو (210 روپے) کے آلو خرید کر گھر میں رکھ دیے تھے، جب ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان ہوا تو اس نے سیلف آئسولیشن کا یہ وقت شہرے کے دوسرے سرے پر رہائش پذیر دوست کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا۔

    ڈونا نے فلیٹ چھوڑنے سے قبل صرف ضروری سامان لیا اور باقی چیزیں چھوڑ دیں، کچن کے شیلف میں پڑے آلوؤں کی طرف اس نے کوئی توجہ نہیں دی، لیکن جب وہ تین ماہ بعد گھر لوٹ آئی تو دیکھا کہ فلیٹ اب اس کا نہیں رہا ہے، آلوؤں نے اس پر قبضہ کر لیا تھا۔

    ڈونا پوری کا کہنا تھا کہ جب اس نے دروازہ کھولا تو باورچی خانے کی پشت پر اس نے عجیب سی چیز دیکھی، اس وقت روشنی نہیں تھی اس لیے اسے پتا نہیں چلا کہ یہ آلو ہیں، اس لیے وہ ڈر گئی۔ ڈونا نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ شاید آلوؤں کو اس طرح گھر میں اکیلا چھوڑ کر جانا پسند نہیں آیا اس لیے اس نے ٹہنیاں نکال کر گھر پر قبضہ کر لیا۔

    آلوؤں نے تھیلی سے پھوٹ کر لمبی گلابی ٹہنیاں نکال کر دیواروں کو حصار میں لے لیا تھا، انھوں نے فرنیچر کے جوائنٹس کو بھی توڑ دیا تھا۔ ڈونا کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر پہلے تو وہ خوف زدہ ہو گئی تاہم جب سمجھ میں آیا تو ہنسنے لگی اور اس کی ویڈیو دوستوں کے ساتھ شیئر کی اور ٹوئٹر پر اس کی تصاویر ڈال دیں۔ ڈونا نے یہ پیغام بھی لکھا کہ تین ماہ کی غیر موجودگی کے بعد میرے آلوؤں نے فیصلہ کیا کہ وہ حدیں توڑ دیں گے، حتیٰ کہ فرنیچر کے جوائنٹس میں بھی سوراخ کر دیں گے۔

    ڈونا کو آلوؤں کے قبضے سے گھر کو واگزار کرانے میں کئی گھنٹے لگے، جس تھیلی میں آلو رکھے تھے اسے بھی طاق سے نکالنا مشکل ہو گیا تھا کیوں کہ ٹہنیوں نے اسے جوائنٹس میں جما رکھا تھا۔ ڈونا نے کہا کہ میں نے یہ سبق سیکھا کہ اگر آئندہ گھر چھوڑ کر جاؤ تو آلوؤں کو گھر میں نہ چھوڑو۔

  • پہلی کورونا ویکسین کی دستیابی : فرانسیسی ماہرین کا اہم انکشاف

    پہلی کورونا ویکسین کی دستیابی : فرانسیسی ماہرین کا اہم انکشاف

    پیرس : کورونا وائرس کے علاج اور اس وبا سے بچاؤ کے لیے جہاں دنیا بھر میں مختلف تجربات ہو رہے ہیں وہیں فرانس کی مشہور  دوا ساز کمپنی سنوفی بھی ویکسین بنا رہی ہے جس کی منظوری 2021 کے پہلی ششماہی میں متوقع ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سنوفی یہ ویکسین برطانوی کمپنی گلیکسو سمتھ کلائین (جی ایس کے) کے ساتھ مل کر بنا رہی ہے۔

    سنوفی اور جی ایس کے نے اپریل میں کہا تھا کہ اگر ان کی بنائی ہوئی ویکسین کامیاب رہی تو وہ 2021 کی دوسری ششماہی میں استعمال کے لیے دستیاب ہوگی تاہم اب انہوں نے کہا ہے کہ ویکسین اگلے سال کے شروع میں ہی دستیاب ہو سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ اس وقت کورونا وائرس کے لیے کوئی ویکسین موجود نہیں ہے اور اس وبا سے اب تک دنیا بھر میں 90 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ چار لاکھ 73 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    صرف کچھ ادویات کے اسپتالوں میں موجود کووڈ 19 کے مریضوں پر کلینیکل ٹرائلز میں اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔ سنوفی کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر پول ہڈسن کا کہنا ہے کہ ویکسین بنانے کے لیے کچھ کمپنیاں تیزی سے کام لے رہی ہیں لیکن اس کے تین نقصانات ہیں۔

    ان کے بقول ایسی کمپنیاں پہلے سے موجود تحقیق استعمال کر رہی ہیں اور ان میں بہت سی تحقیقات وہ ہیں جو سارس کے لیے کی گئیں تھی۔ دوسرا نقصان یہ ہے کہ ایسی ویکسین کے مؤثر ہونے کے کم امکانات ہیں اور تیسرا یہ کہ اس کی وافر تعداد میں سپلائی کی کوئی گارنٹی نہیں ہوگی۔

    تاہم انہوں نے کہا کہ سنوفی جو ویکسین بنائے گی، اس کے کامیاب ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔ اس سے قبل، جمعے کو جی ایس کے کے چیف میڈیکل آفیسر نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ان کی کمپنی جلد بازی کے بجائے معیار پر دھیان دے رہی ہے۔