Tag: France

  • برطانوی تیل بردار جہاز پرقبضہ ناقابل جواز ہے، جرمنی،فرانس کی مذمت

    برطانوی تیل بردار جہاز پرقبضہ ناقابل جواز ہے، جرمنی،فرانس کی مذمت

    پیرس/برلن: فرانسیسی اور جرمن وزارت خارجہ نے الگ الگ بیان میں کہا ہے کہ ایران فوری طور پربرطانوی آئل ٹینکر اوراس میں سوار عملے کے ارکان کو چھوڑ دے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی اور فرانس نے ایران کی طرف سے برطانوی تیل بردار جہازوں کو اپنی تحویل میں لینے کے عمل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    جرمن وزارت خارجہ نے جاری ایک بیان میں کہاکہ آبنائے ہرمز میں برطانوی تجارتی جہاز پر آرانی قبضہ ناقابل جواز ہے، بیان میں مزید کہا گیا کہ اس طرح خطے میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

    دوسری جانب فرانسیسی وزارت خارجہ نے بھی جاری کیے گئے ایک بیان میں ایران پر زور دیا کہ وہ اس ٹینکر اور اس میں سوار عملے کے ارکان کو فوری طور پر چھوڑ دے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانوی بحریہ نے شام جانے والے ایرانی آئل ٹینکر کوبرطانوی کالونی جبرالٹر کے علاقے میں قبضے میں لیا تھا۔

    مزید پڑھیں: برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    واضح رہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، صدر حسن روحانی اور آرمی چیف محمد باقری نے آئل ٹینکر کو رہا نہ کرنے کی صورت میں برطانوی ٹینکر کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی ٹینکر کے قبضے کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو پکڑنے کی کوشش کی تھی جو ناکام ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین نے شام کو تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کررکھی ہے جس پر ایرانی ٹینکر جبرالٹر سے شام خام تیل لے جاتے ہوئے گزشتہ ہفتے پکڑا گیا تھا۔

  • فرانس کا قومی دن، تقریب کے اختتام پر مظاہرے، پولیس کی شیلنگ

    فرانس کا قومی دن، تقریب کے اختتام پر مظاہرے، پولیس کی شیلنگ

    پیرس : فرانس کے قومی دن کے موقع پر یلو ویسٹ تحریک کے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے پولیس نے آنسو گیس کی بے دریغ شیلنگ کی، پریڈ دیکھنے والے تماشائی اور سیاحوں نے خوف کے باعث محفوظ مقامات پر پناہ لی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے قومی دن برسٹل ڈے کی پریڈ کی خوبصورت اور منظم تقریبات کا اختتام پولیس اور مظاہرین کے مابین پر تشدد جھڑپوں پر ہوا۔اتحاد کے مظاہرے کے لیے نو یورپی افواج کے نمائندوں پر مشتمل پریڈ دیکھنے کے لیے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ دیگر یورپی رہنما جرمن چانسلر اینجیلا مرکل، نیدر لینڈ کے وزیراعظم مارک روٹ بھی موجود تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ قومی دن کی تقریبات کا اختتام مظاہرین اور پولیس کے مابین جھڑپوں پر ہوا جس نے یلو ویسٹ (زرد وردی) احتجاجی تحریک کی شدت کے دن کی یاد تازہ کردی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس فائر کی جبکہ پریڈ دیکھنے والے تماشائیوں اور خوفزدہ غیر ملکی سیاح نے محفوظ مقامات پر پناہ لی۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے سیکیورٹی رکاوٹیں توڑیں، کچرا دانوں اور قابل منتقل ٹوائلٹس کو نذرِ آتش کردیا اس کے ساتھ وہ حکومت مخالف نعرے بھی لگا رہے تھے مثلاً میکرون استعفیٰ دو۔

    پیرس پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کی مداخلت کی بدولت شاہراہ پر صورتحال معمول پر آگئی جبکہ پورے دن کے دوران 175 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ پریڈ کا انعقاد بغیر کسی رکاوٹ کے ہوا جس میں مسلح افواج کے تقریباً 4 ہزار 300 اہلکاروں نے روایتی شاہراہ پر مارچ کیاتاہم اس دوران بھی فرانسیسی چیف آف اسٹاف جنرل فرانکوئس لیکوئنٹر کے ساتھ کھڑے میکرون کو یلو ویسٹ تحریک کے حمایتیوں کی جانب سے سیٹیوں اور طنز کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس احتجاجی تحریک کے 3 نمایاں اراکین جیروم روڈریگوس، میکسم نکولے، ایرک ڈروئٹ کو حراست میں لیا گیا بعدازاں کئی گھنٹوں بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔

  • برطانیہ، جرمنی اور فرانس کو خلیج میں بحری جہازوں پر حملوں پر گہری تشویش لاحق

    برطانیہ، جرمنی اور فرانس کو خلیج میں بحری جہازوں پر حملوں پر گہری تشویش لاحق

    برسلز: برطانیہ ، جرمنی اور فرانس نے خلیج عمان اور اس سے ماورا بحری جہازوں پر حالیہ حملوں اور خطے میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ، جرمنی اور فرانس تینوں یورپی ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ ایران سے جوہری سمجھوتے کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں لیکن انھوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا ہے کہ یہ سمجھوتا تار تار ہوسکتا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ذمے دارانہ اقدام کیا جائے،کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے طریقوں پر غور کیا جائے اور مکالمے کو بحال کیا جائے۔

    واضح رہے کہ تیرہ جون کو دو آئیل ٹینکروں، ناروے کے ملکیتی فرنٹ آلٹیر اورجاپان کے ملکیتی کوکوکا کورجیئس کو خلیج عمان میں آبنائے ہرمز کے نزدیک بین الاقوامی پانیوں میں تخریبی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھاکہ موخرالذکر بحری جہاز پر آتش گیر مواد میتھانول لدا ہوا تھا اور اس کے پچھلے حصے میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا تھاتاہم اس میں لدا آتش گیر مواد محفوظ رہا تھا۔

  • فرانس کے قومی دن کے موقع پر حکومت مخالف مظاہرہ، پولیس کا لاٹھی چارج

    فرانس کے قومی دن کے موقع پر حکومت مخالف مظاہرہ، پولیس کا لاٹھی چارج

    پیرس: فرانس کے قومی دن کے موقع پر سینکڑوں ‘‘یلو ویسٹ‘‘ تحریکی سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت خلاف سخت نعرے بازی کی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں سینکڑوں مظاہرین نے حکومت مخالف مظاہرہ کیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسوں گیس فائر کیے اور لاٹھی چارج بھی کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ مظاہرین قومی دن کے موقع پر پیرس میں ہونے والی ملیٹری پریڈ کو متاثر کرنا چاہتے تھے، سڑکوں پر جلاؤ گھیراؤ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی۔

    فرانس میں حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ’یلو ویسٹ تحریک‘ ختم نہ کی جاسکی، گذشتہ روز قومی دن کے موقع پر پھر سینکڑوں مظاہرین نکل آئے۔

    فرانس میں احتجاج کا سلسلہ رواں سال کے آغاز سے ہی جارہی ہے، فرانس میں جاری احتجاج کے باعث فرانسیسی صدر کی مقبولیت کا گراف تیزی سے نیچے کی جانب گرا ہے، میکرون کی مقبولیت 2017 میں ان کے منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک کی نچلی ترین سطح 27 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

    فرانس: یلو ویسٹ مظاہرین کا یہودی مخالف نعرے، صدر میکرون کی مذمت

    خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں فرانسیسی حکومت نے مہنگائی پر شدید احتجاج کرنے والے مظاہرین کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم مظاہرین اس پر راضی نہ ہوئے اور ملکی صدر ایمانوئیل میکرون کے استعفے کا مطالبہ تاحال کررہے ہیں۔

    فرانس کے انقلاب کا یادگار دن

    ایک سروے کے مطابق 55 فیصد عوام یلو ویسٹ تحریک کو سپورٹ کررہے ہیں جبکہ 45 فیصد عوام اس کے خلاف ہیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز فرانس میں قومی دن منایا گیا، اس دن کو تاریخ میں یومِ باستیل کے نام سے جانا جاتا ہے، ہر سال 14 جولائی کو منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کے پیچھے فرانسیسی عوام کی جدو جہد کی بے مثال داستان ہے۔

  • فرانس میں ڈیجیٹل کمپنیوں پر ٹیکس کا نیا قانون منظور

    فرانس میں ڈیجیٹل کمپنیوں پر ٹیکس کا نیا قانون منظور

    پیرس : فرانسیسی حکومت نے ڈیجیٹل ٹیکس کا قانون منظور کرلیا جس کے بعد نئے قانون کی رو سے ڈیجیٹل شعبے کی تمام کمپنیوں کو اپنی آمدنی پر تین فیصد ٹیکس دینا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی سینیٹ نے ڈیجیٹل ٹیکس کے قانون کی منظوری دے دی ہے۔ادھرامریکا نے اس ٹیکس پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس سے ممکنہ طور پر گوگل، ایمیزوں اور فیس بک جیسی بڑی امریکی کمپنیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس قانون کی رو سے ڈیجیٹل شعبے کی ان تمام کمپنیوں کو اپنی آمدنی پر تین فیصد ٹیکس دینا پڑے گا، جو فرانس میں سالانہ کم از کم 25ملین یورو کا کاروبار کر رہی ہیں۔ ساتھ ہی اگر عالمی سطح پر کسی ڈیجیٹل کمپنی کا کاروباری حجم 750ملین ڈالر ہے تو اسے بھی فرانس میں ٹیکس دینا پڑے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا نے اس ٹیکس پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس سے ممکنہ طور پر گوگل، ایمیزوں اور فیس بک جیسی بڑی امریکی کمپنیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

  • ایران تنازعہ، امریکی صدر کا فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

    ایران تنازعہ، امریکی صدر کا فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرون سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اس دوران ایران سے جاری حالیہ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے فرانسیسی ہم منصب سے ایران کے جوہری پروگرام پر بھی گفتگو کی اور یورپی کردار کا بھی جائزہ لیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرون سے ٹیلی فون پر ایران کے جوہری پروگرام اور یورینیم کو اعلیٰ سطح پر افزودہ کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال ہے۔

    وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں لیڈروں نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے کوششوں کے بارے میں بات چیت کی ہے اور اس کے مشرقِ اوسط کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے تخریبی کردار کے خاتمے پر بھی گفتگو کی ہے۔

    امریکی بدمعاشی ایران کے جوہری بحران میں اضافے کی وجہ ہے، چین

    فرانسیسی صدر نے ہفتے کے روز ایرانی ہم منصب حسن روحانی سے ایک گھنٹے تک گفتگو کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ وہ تمام فریقوں کے درمیان مکالمے کی بحالی کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

    دریں اثنا وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیاروں سے دستبردار کرانے اور اس کو مشرقِ اوسط میں متشدد سرگرمیوں سے رکوانے کے لیے دباؤ جاری رکھے گا۔

    دوسری جانب چین نے امریکا پر الزام عاید کرتے ہوئے کہا ہے امریکا کی ’یکطرفہ بدمعاشی‘ ایران کے جوہری بحران میں اضافے کی وجہ ہے۔

  • فرانس سمیت یورپ کے کئی ملکوں میں شدید گرمی

    فرانس سمیت یورپ کے کئی ملکوں میں شدید گرمی

    پیرس: فرانس سمیت یورپ کے کئی ملکوں کو شدید گرمی کی لہر نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، فرانس کی تاریخ میں پہلی بار درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس، جرمنی اور سوئٹزرلینڈ سمیت یورپ کے کئی ملکوں میں شدید گرمی سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

    فرانس کی تاریخ میں پہلی بار درجہ حرارت46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، شدید گرمی کے باعث فرانس کے 4 ہزاراسکول بند کردیے گئے۔ موجودہ گرمی کی لہر کے باعث پیرس سمیت کئی شہروں میں آلودگی کم رکھنے کے لیے ٹریفک کو بھی کنٹرول کیا گیا ہے۔

    فرانسیسی حکام نے شدید گرمی کی لہرکے سبب انسانی جانوں کو لاحق خطرات کی وارننگ جاری کی ہے۔ پیرس سمیت فرانس کے کئی شہروں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے شمالی افریقا سے چلنے والی غیرمعمولی گرم ہواؤں کو یورپ میں ہیٹ ویو کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب جرمنی میں رواں ماہ ملکی تاریخ کا بلند ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جرمنی میں تاریخ کا بلند ترین درجہ حرات پولینڈ کی سرحد پر واقع شہر کَوشن میں ریکارڈ کیا گیا جو 44.1 سے 44.3 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

    یاد رہے کہ 2003ء میں فرانس میں ہیٹ ویو کے باعث 15 ہزار افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • فرانس کے بعد جرمنی میں بھی شدت پسندی کی سوچ میں اضافہ

    فرانس کے بعد جرمنی میں بھی شدت پسندی کی سوچ میں اضافہ

    برلن: فرانس کے بعد ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ جرمنی میں بھی عسکریت پسندی کی سوچ شہریوں میں سرائیت کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز فرانس کی پارلیمانی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ فرانس کے سرکاری اداروں میں شدت پسندی کی سوچ سرائیت کررہی ہے، جبکہ جرمنی میں بھی ایسی صورت حال کا سامنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی میں عسکریت پسندی کے حامی اور ممکنہ طور پر خطرناک سمجھے جانے والے مسلمانوں کی تعداد بڑھ کر چھبیس ہزار پانچ سو ساٹھ ہو گئی ہے۔

    ایک سال پہلے یہ تعداد پچیس ہزار آٹھ سو دس تھی، جرمنی کے کے اخبار نے یہ اعداد و شمار شائع کرتے ہوئے ایک سالانہ سرکاری رپورٹ کا حوالہ دیا۔

    یہ رپورٹ داخلی سلامتی کے ذمے دار جرمن انٹیلیجنس ادارے بی ایف وی نے تیار کی، رپورٹ کے مطابق جرمنی پہلے کی طرح اب بھی جہادی تنظیموں کے نشانے پر ہے۔

    فرانس کے ریاستی اداروں میں شدت پسندی سرائیت کرنے لگی

    اس کے علاوہ جہادی تنظیم داعش جرمنی میں ایک زیر زمین دہشت گرد گروہ کے طور پر اپنی تشکیل نو کر چکی ہے، اس رپورٹ کے مطابق جرمنی میں نومبر 2015 میں پیرس میں کیے گئے پیچیدہ دہشت گردانہ حملوں کی طرح کی کوئی کارروائی بھی خارج از امکان نہیں ہے۔

    دوسری جانب فرانسیسی حلقوں میں مذہبی شدت پسندی کا کھٹکا ابھی تک بھرپور انداز میں پایا جا رہا ہے۔ سال 2015 میں دہشت گرد حملوں کے بعد فرانس نے شدت پسندی کے انسداد کی کوششوں میں اضافہ کر دیا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ کوششوں کے سلسلے میں پارلیمنٹ کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ شدت پسندوں نے سرکاری اداروں کے اندر رسائی حاصل کر لی ہے۔ ان اداروں میں پولیس، فوج، پبلک ٹرانسپورٹ، اسپتال اور تعلیمی سیکٹر شامل ہے۔

  • فرانس کے ریاستی اداروں میں شدت پسندی سرائیت کرنے لگی

    فرانس کے ریاستی اداروں میں شدت پسندی سرائیت کرنے لگی

    پیرس: فرانس میں پارلیمانی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ شدت پسندی ملکی ریاستی اداروں میں سرائیت کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی حلقوں میں مذہبی شدت پسندی کا کھٹکا ابھی تک بھرپور انداز میں پایا جا رہا ہے۔ سال 2015 میں دہشت گرد حملوں کے بعد فرانس نے شدت پسندی کے انسداد کی کوششوں میں اضافہ کر دیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ کوششوں کے سلسلے میں پارلیمنٹ کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ شدت پسندوں نے سرکاری اداروں کے اندر رسائی حاصل کر لی ہے۔ ان اداروں میں پولیس، فوج، پبلک ٹرانسپورٹ، اسپتال اور تعلیمی سیکٹر شامل ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پبلک سیکٹر کو بعض ملازمین اور اہل کاروں کے شدت پسندی کی جانب مائل ہو جانے کا اندیشہ ہے۔ ان اداروں میں صورت حال کے حسّاس ہونے کے پیش نظر ریاست کو گہری تشویش لاحق ہے۔ مذکورہ رپورٹ سرکاری طور پر بدھ کے روز فرانسیسی پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔

    فرانس کے دو ارکان پارلیمنٹ ایرک ڈائر اور ایریک بویا نے اس حوالے سے ریاستی اداروں اور پبلک سیکٹر کا ایک جامع سروے کیا۔ اس تحقیق کے سلسلے میں نومبر 2018 سے لے کر گذشتہ ہفتے تک مجموعی طور پر 52 اجلاس منعقد ہوئے۔ اس دوران دونوں ارکان پارلیمنٹ نے اپنے خصوصی اور خفیہ اختیارات کے ذریعے شدت پسند نظریات و افکار کے حامل بعض افراد کے پس منظر کی جان کاری حاصل کی۔

    فرانس پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

    علاوزہ ازیں انہوں نے بعض ملازمین کے ساتھ وڈیو انٹرویوز بھی کیے۔ مذکورہ تحقیق کے نگراں رکن پارلیمنٹ ایرک ڈائر نے بتایا کہ ہمارا ہدف معلومات کا حصول ہے۔ ہم یہ استفسار کر رہے ہیں کہ آیا شدت پسندی کی تیاری کی جا رہی ہے؟ کیا ان افراد میں ایسے لوگ ہیں جن کے رویے اور برتاؤ میں اچانک تبدیلی آئی ہو؟ کیا ریاست کو اس کا علم ہے؟ بہر کیف کسی بھی صورت میں بنا ثبوت کے ہم ان افراد کو مجرم نہیں ٹھہرا سکتے۔

    پارلیمانی رپورٹ میں کہا گیا کہ شدت پسندی کا خطرہ سرکاری اداروں کے قلب تک پھیل رہا ہے۔ اس رپورٹ نے فرانسیسی حلقوں اور مسلمانوں کے حلقوں میں بھی طوفان برپا کر دیا ہے۔ مسلم کمیونٹی کے نزدیک رپورٹ میں ظاہر کیے جانے والے اندیشوں میں مبالغہ کیا گیا ہے اور یہ تحقیق واضح شواہد پر مبنی نہیں ہے۔

    فرانس میں شدت پسند سوچ کے حوالے سے ریاست کے اندیشے محض مذہبی شدت پسندی تک محدود نہیں بلکہ بعض دیگر تحقیقات بھی ہیں جن میں سیاسی شدت پسندی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس کا مقصد ملک کے امن و استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔ فرانس کے نزدیک شدت پسندی ہر صورت میں سیکولرزم اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے متضاد ہے۔

  • فرانس میں اب اردو زبان سکھائی جائے گی

    فرانس میں اب اردو زبان سکھائی جائے گی

    پیرس: فرانس میں اردو زبان سیکھنے کی کلاسز متعارف کروا دی گئیں، یہ کلاسز فرانس کے مقامی، پاکستانی نژاد شہریوں اور غیر ملکی زبانیں سیکھنے کے شوقین افراد کے لیے متعارف کروائی گئی ہیں۔

    فرانس میں پاکستانی سفارت خانے نے فرانس کی ایک غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ مل کر اس کام کا آغاز کیا ہے، منصوبے کا عنوان ’انسانی ترقی کے لیے ہمنوا‘ رکھا گیا ہے۔

    سفارت خانے کے مطابق فرانس میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی ایک عرصے سے اس اقدام کا مطالبہ کر رہی تھی اور اب ان کی ضرورت دیکھتے ہوئے یہ کلاسز متعارف کروا دی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ اردو زبان کی کلاسز دینے والا فرانس پہلا ملک نہیں، امریکا، برطانیہ، اور روس سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک میں اردو زبان سکھانے کے ادارے موجود ہیں جن میں نہ صرف پاکستان نژاد بلکہ مقامی افراد و سیاح بھی شوق سے داخلہ لیتے ہیں۔