Tag: fraud

  • دھوکہ بازوں سے محفوظ رکھنے کیلئے واٹس ایپ کی خصوصی وارننگ

    دھوکہ بازوں سے محفوظ رکھنے کیلئے واٹس ایپ کی خصوصی وارننگ

    میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپلی کیشن ’واٹس ایپ‘ نے اپنے صارفین کو دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی وارننگ جاری کی ہے۔

    واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ واٹس ایپ پر ایسے دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں جو انہیں "دوست یا عزیز کی ضرورت” کے نام پر دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ وارننگ میں بتایا گیا ہے کہ یہ دھوکہ باز عناصر آپ کو ہزاروں روپے مالیت کا نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    واٹس ایپ وارننگ میں بتایا گیا ہے کہ اس کام کا طریقہ کار یہ ہے کہ دھوکہ باز عناصر اپنے پیغامات کسی رشتہ دار یا عزیز کی آئی ڈی ہیک کرکے کرتے ہیں جو آپ کی رقم ہتھیانے کی کوشش میں ہوتے ہیں۔

    کوئی دھوکہ بازی کا یہ طریقہ بھی اختیار کرسکتا ہے کہ وہ آپ کا کوئی رشتہ دار ہے جس کا فون کھوگیا ہے، یہ دھوکے باز اب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے آپ کے کسی جاننے والے کی آواز کی نقل بنا کر دھوکہ دینے کی بھی کوشش کریں گے جس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

    دوسری جانب آپ کا ٹیکسٹ میسج یا انباکس بھی محفوظ نہیں ہے، وارننگ میں بتایا گیا ہے کہ یہ دھوکہ باز ڈیپارٹمنٹ فار ورک اینڈ پنشنز کی طرف سے ‘لِیوِنگ سبسڈی’ پیش کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں اور ایک لنک کے ذریعے اس میں درخواست دینے کا کہتے ہیں۔

    ویلز کی اولڈر پیپلز کمشنر نے اس میسج کا اسکرین شاٹ شیئر کرکے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ اس پر بالکل یقین نہ کریں۔

    living scam

    ریان بون ڈیوئس کے اکاؤنٹ نے وارننگ دی ہے کہ براہ کرم میسج میں آنے والے کسی بھی لنک پر کلک نہ کریں اور کسی بھی اسکام میسج کو ایکشن فراڈ کو رپورٹ کریں۔

    Fraud message

    ایکشن فراڈ نے مزید کہا کہ واٹس ایپ پر کسی کے خاندان یا دوست ہونے کا دعویٰ کرنے والے کسی غیر معمولی پیغام کے ملنے پر ہوشیار رہیں، دوست یا عزیز کی ضرورت والے اسکام سے ہوشیار رہیں۔

    واٹس ایپ میں اسپام پیغامات رپورٹ کریں یا بھیجنے والے کو فوری بلاک کریں۔ اس کے علاوہ میسج ببل کو دیر تک دبا کر رکھیں، "رپورٹ” کا انتخاب کریں اور ملنے والی ہدایات پر عمل کریں۔

  • شادی کے نام پر دھوکہ کھانے والی لڑکی کی افسوسناک کہانی

    شادی کے نام پر دھوکہ کھانے والی لڑکی کی افسوسناک کہانی

    شادی کے نام پر ہونے والی دھوکہ بازی کے واقعات میں روز بروز اضافہ سامنے رہا ہے، جس میں پہلے تو سوشل میڈیا پر سادہ لوح لڑکیوں سے دوستی کی پینگیں بڑھائی جاتی ہیں اور پھر شادی کرنے کا وعدہ کرکے انہیں ٹھگ لیا جاتا ہے۔

    اس مقصد کیلئے باقاعدہ گروہ تشکیل دیے جاتے ہیں جو منظم کارروائیاں کرکے گھروں کا صفایا کرکے فرار ہوجاتے ہیں۔

    ایک ایسا ہی واقعہ ایک لڑکی کے ساتھ پیش آیا کہ جس میں محلے ایک لڑکے نے اسے شادی کا جھانسہ دیا اور اس کے اہل خانہ سے لاکھوں روپے ٹھگ لیے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں حبا (فرضی نام) نامی لڑکی نے اپنی آپ بیتی سنائی جسے سن کر ناظرین کو بھی ایک سبق ملے گا اور انہیں اندازہ ہوگا کہ یہ وارداتیں کیسے انجام دی جاتی ہیں۔

    مذکورہ لڑکی نے بتایا کہ میرے پڑوس میں ایک فیملی رہتی تھی، ان کے بیٹے سے میری دوستی ہوئی اور بات اس حد تک بڑھ گئی کہ میں نے گھر والوں سے لڑ جھگڑ کر رشتہ پکا کروالیا۔

    حبا نے بتایا کہ رشتہ ہونے کے بعد وہ لوگ بہت زیادہ فری ہونے لگے کہیں بھی آنے جانے کیلئے اکثر ہماری گاڑی بھی لے جایا کرتے تھے اور میرے والد سے چکنی چپڑی باتیں کرکے کاروبار کے بہانے سے پیسے بھی مانگ لیا کرتے تھے اور 7 سے 8 سال کے درمیان وہ 5 لاکھ روپے لے چکے تھے۔

    متاثرہ لڑکی کا کہنا تھا کہ وہ لوگ کرائے پر رہتے تھے اور ہر چھ مہینے میں گھر بدل لیا کرتے تھے۔ ایک دن وہ لوگ اچانک غائب ہوگئے اور تمام رابطے بھی ختم ہوگئے، میں نے بہت مشکل سے اس لڑکے کی دادی کا نمبر ڈھونڈا ان سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ میرا بیٹا اور بہو ایسے کام ہی کرتے ہیں تم پہلی لڑکی نہیں ہو ۔

  • فراڈ سے کیسے بچیں؟ اسٹیٹ بینک کا پبلک سروس میسج

    فراڈ سے کیسے بچیں؟ اسٹیٹ بینک کا پبلک سروس میسج

    پاکستان میں بینکنگ کے حوالے سے دھوکہ دہی کی خبریں عام ہوتی جارہی ہیں، دھوکہ باز افراد خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کرکے صارف سے اس کے اکاؤنٹ سے متعلق معلومات حاصل کرلیتے ہیں جو صارف کے نقصان کا باعث بنتی ہیں۔

    اس دھوکہ بازی سے بچنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے صارفین کی آگاہی کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں عوام الناس کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اس قسم کی فون کالز سے کیسے بچ سکتے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کےپبلک سروس میسج کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک خاتون اپنے شوہر کو بتاتی ہیں کہ آپ کے آنے سے پہلے اسٹیٹ بینک سے فون آیا تھا کہ سسٹم اپگریڈ کی جارہا ہے اپنا شناختی کارڈ نمبر اور اکاؤنٹ نمبر بتادیں تاکہ آپ کا نمبر بلاک ہونے سے بچ سکے۔

    جس پر خاتون کا شوہر اسے سمجھاتا ہے کہ اس طرح فون کرنے والے لوگ دھوکہ باز ہوتے ہیں، کبھی کسی کو اپنا شناختی کارڈ نمبر اور اکاؤنٹ نمبر نہیں بتانا چاہیے

    اس کے علاوہ فراڈ کے سدباب کے لیے اسٹیٹ بینک کی جانب سے بینکوں کو ہدایات بھی جاری کی جاتی ہیں کہ وہ اپنے آگاہی کے پیغامات اور ایس ایم ایس کے ذریعے صارفین کو آگاہ کرتے رہیں کہ کوئی بھی آپ سے آپ کے اکاؤنٹ کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہے تو وہ نہ بتائی جائیں، اسی طرح بینک کا کوئی بھی نمائندہ فون پر بھی کسی بھی صارف سے بینک اکاؤنٹ کی معلومات حاصل نہیں کرسکتا۔

    یاد رکھیں کہ اس قسم کے فراڈ سے خبردار رہیں اور بینک سے متعلق اپنی ذاتی معلومات فون پر کسی کو بھی نہ بتائیں اور کسی مشکوک کال کی اطلاع فوراً اپنے متعلقہ بینک کو دیں۔

  • مشہور گانے "کچا بادام” کے گلوکار کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ

    مشہور گانے "کچا بادام” کے گلوکار کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ

    انوکھے انداز میں ’کچا بادام‘گانا گا کر دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والا بھارتی شخص بھوبن بدیاکر اپنی کم علمی اور نادانی کے باعث بہت بڑا دھوکہ کھا بیٹھا جس کی وجہ سے اس کے گھر کا چولہا بھی ٹھنڈا ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھبن بڈیاکر کا گانا "کچا بادام” کے کاپی رائٹس کسی میوزک کمپنی نے دھوکے بازی سے ہتھیا لیے، میوزک کمپنی کی اس چال بازی کے بعد بے چارا بھبن بڈیاکر نہ تو اب اپنا گانا گا سکتا ہے اور نہ ہی سوشل میڈیا پر گانے کی ہونے والی آمدنی وصول کرسکتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ضلع بربھوم میں موجود ایک کمپنی اور اس کے مالک نے دھوکہ کرتے ہوئے انہیں کسی انڈین پرفارمنگ رائٹ سوسائٹی لیمیٹڈ نامی کمپنی کے ساتھ تین لاکھ روپے دے کر گانا ’کچا بادام‘ یوٹیوب پر شیئر کرنے کا کہا۔

    بھوبن کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ ان سے دھوکے کے ذریعے گانے کے جملہ حقوق بیچنے کے کاغذات پر دستخط کروا لیے گئے ہیں۔

    آج کل وہ چھوٹی موٹی ملازمت کر کے اپنا پیٹ پال رہے ہیں اور ماہانہ چند ہزار روپے ہی کما رہے ہیں جس کے باعث ان کا گزارہ مشکل سے ہو رہا ہے۔

    خیال رہے بھوبن بدیاکر مغربی بنگال میں مونگ پھلی بیچا کرتے تھے۔ سنہ 2019 میں ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ ’کچا بادام پکا بادام‘ گاتے ہوئے مونگ پھلی بیچ رہے تھے۔

    ان کی اس ویڈیو کے بعد انہیں انٹرنیٹ پر بھرپور شہرت ملی جس کے بعد 2022 میں انہوں نے باجے والا ریکارڈ کی پروڈکشن میں کچا بادام گانا گایا جس کی ویڈیو کو اب تک 40 کروڑ سے زائد مرتبہ یوٹیوب پر دیکھا جا چکا ہے۔

    انڈین میڈیا کے مطابق بھوبن بدیاکر کئی ماہ سے اپنا گاؤں والا گھر چھوڑ کر مغربی بنگال کے شہر دبراج پور میں اپنے بیٹے کے ساتھ رہائش پذیر ہیں تاہم ان کی مالی حالت کافی خراب بتائی جا رہی ہے۔

    بھوبن بدیاکر نے وائرل ہونے والے گانے ’کچا بادام‘ سے جو پیسے کمائے تھے وہ اپنا گھر بنانے پر لگا دیے۔ لیکن مزید پیسے نہ ہونے کی وجہ سے ان کا گھر خالی پڑا ہے اور اسے تالا لگا ہوا ہے۔

    Kacha Badam singer Bhuban Badyakar will leave you in awe

    یاد رہے کہ بھبن بڈیاکار مشہور ہونے سے قبل اپنی گزر بسر کیلئے مونگ پھلی فروخت کرتے تھے اور گاہکوں کو متوجہ کرنے کیلئے وہ اپنا گانا کچا بادام گنگناتے تھے، ایک دن ایک گاہک نے انکے گانے کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا تھا۔

    لوگوں کو بھبن کے گانے کی ویڈیو اتنی پسند آئی تھی کہ وہ نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں وائرل ہوئی اور بھبن دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ سینسیشن بن گئے۔ مشہور ریپ سنگر بادشاہ نے بھی بھبن بڈیاکر کے ساتھ گانا کچا بادام ریکارڈ کرایا جو کافی مقبول ہوا۔

    بدقسمتی سے بھبن بڈیاکر کو ملنے والی شہرت دیرپا ثابت نہ ہوسکی اور اب وہ ایک بار پھر انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہیں اور روتے ہوئے مدد کی درخواست کرنے پر مجبور ہیں۔

  • بجلی کاٹنے کی دھمکی دے کر لوگوں سے رقم وصول کی جانے لگی

    بجلی کاٹنے کی دھمکی دے کر لوگوں سے رقم وصول کی جانے لگی

    بھارت میں جعلسازوں کے ایک گروہ نے لوگوں کو ان کے گھر کی بجلی منقطع کرنے کا فریب دے کر ان سے رقم اینٹھنی شروع کردی، بڑی تعداد میں لوگوں نے اس دھوکے کے خلاف شکایات درج کروائیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ گروہ ریاست مہاراشٹر میں اچانک سرگرم ہوا ہے، سب سے پہلے راہول نام کے ایک شخص کو ایک ایس ایم ایس موصول ہوا جس میں اسے بتایا گیا کہ اس نے پچھلے مہینے کا بجلی کا بل ادا نہیں کیا۔

    راہول کو کہا گیا کہ وہ فوری طور پر بجلی کا بل ادا کرے ورنہ شام تک اس کے گھر کی بجلی منقطع کردی جائے گی، مزید معلومات کے لیے اسے ایک نمبر پر کال کرنے کا بھی کہا گیا۔

    راہول کو یاد نہیں تھا کہ اس نے بجلی کا بل ادا کیا ہے یا نہیں، چنانچہ اس نے مذکورہ نمبر پر کال کی اور تھوڑی ہی دیر میں اسے اندازہ ہوگیا کہ یہ کوئی جعلساز اسکیم ہے۔

    ایسی ہی شکایات ریاست کے دیگر شہروں سے بھی سامنے آنی شروع ہوگئیں۔

    شکایات کنندگان کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے انہیں فون کر کے خود کو بجلی کمپنی کا نمائندہ ظاہر کیا اور ایک اکاؤنٹ نمبر دے کر کہا کہ وہ اپنا بجلی کا بل اس اکاؤنٹ میں جمع کروائیں۔

    بعض افراد کو ایک اسمارٹ فون ایپ بھی ڈاؤن لوڈ کرنے کا کہا گیا، ٹیم ویور نامی یہ ایپ صارف کے موبائل کا کنٹرول حاصل کرلیتی ہے۔

    مذکورہ شکایات سامنے آتے ہی ریاستی بجلی کمپنی، ٹیلی کام کمپنیز اور پولیس متحرک ہوگئی، تینوں نے اپنے طور پر آگاہی مہمات کے ذریعے شہریوں کو کسی بھی قسم کی رقم ٹرانزکشن سے گریز کی ہدایت کردی۔

    شہریوں کے لیے مندرجہ ذیل ہدایات جاری کی گئیں۔

    اس قسم کے کسی بھی میسج کی پہلے تصدیق کریں۔

    غیر مصدقہ ذرائع کو رقم نہ بھیجیں۔

    فون پر بتائی گئی کوئی ایپ انسٹال نہ کریں۔

    کسی کے پرائیوٹ فون نمبر یا اکاؤنٹ میں کوئی رقم نہ بھیجیں۔

    اپنی ذاتی معلومات کسی کو فراہم نہ کریں۔

  • کرپٹو کرنسی: کینیا کے شہریوں کے ساتھ کروڑوں ڈالرز کا فراڈ

    کرپٹو کرنسی: کینیا کے شہریوں کے ساتھ کروڑوں ڈالرز کا فراڈ

    کرپٹو کرنسی کی بڑھتی مالیت کی وجہ سے جہاں ایک طرف تو لوگ راتوں رات امیر بن رہے ہیں، وہیں ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جو اس کی سرمایہ کاری کے پیچھے زندگی بھر کی جمع پونجی گنوا بیٹھے۔

    دنیا بھر کی طرح افریقہ کے پسماندہ ملک کینیا میں بھی کرپٹو کرنسی خصوصاً بٹ کوائن کو بہت مقبولیت حاصل ہے، تاہم حکومتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جعل سازوں نے کرپٹو کرنسی کی آڑ میں کینیائی شہریوں کو 120 ملین ڈالر کی خطیر رقم سے محروم کردیا۔

    اس حوالے سے کینیا کی وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کیبنٹ سیکریٹری جومو کیرون کا کہنا ہے کہ لوگوں کو کرپٹوکرنسی کے بارے میں بہت کم معلومات ہے۔

    دھوکے باز گروہ شہریوں کی اسی لاعلمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گزشتہ سال ان سے لاکھوں ڈالر کی رقم لوٹ کر فرار ہوچکے ہیں۔

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ افریقی ممالک نائجیریا، کینیا، تنزانیہ اورجنوبی افریقہ میں کرپٹو مارکیٹ کی نمو 12 سو فیصد تک بڑھ چکی ہے، ایک سال کے عرصے میں ڈیجیٹل کرنسی کی مارکیٹ 106 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔

    تجارتی حجم کے لحاظ سے کینیا دیگر افریقی ممالک کی نسبت پہلے نمبر پر ہے۔

  • ڈبہ پیک موبائل پرانا نکلا، شہری عدالت پہنچ گیا

    ڈبہ پیک موبائل پرانا نکلا، شہری عدالت پہنچ گیا

    کراچی : کسی بھی مشینری یا ٹیکنکل آلات کی خریداری میں دھوکہ دہی اکثر دیکھنے میں آتی ہے جس کا خمیازہ بعد میں خریدار کو ہی بگھتنا پڑتا ہے۔

    اس حوالے سے کراچی کے ایک شہری کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا لیکن اس نے نقصان برداشت کرنے کے بجائے انصاف کے حصول کیلئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔

    ہوا کچھ یوں کہ کراچی ایک شہری نے شہر کی مشہور موبائل مارکیٹ سے ایک ڈبہ پیک موبائل21 جولائی کو43ہزار روپے میں خریدا۔

    شہری نے عدالت کو دی گئی درخواست میں بتایا کہ کچھ وقت استعمال کے بعد موبائل میں سگنلز کا مسئلہ آنے لگا، لیکن جب میں موبائل واپس کرانے گیا تو دکانداراسے واپس یا تبدیل کرنے سے انکارکردیا۔

    درخواست گزار کے مطابق صارف موبائل سینٹر لے کر گیا توپتا چلا یہ موبائل پہلے سے استعمال شدہ ہے، عدالت موبائل دکاندار پر5 لاکھ50ہزار جرمانہ عائد کرے۔

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ کمپنی اور دکاندار کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے،شہری کی درخواست پر عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔

  • چیک باؤنس اور فراڈ میں ملوث مجرمان کو کڑی سزا دے دی گئی

    چیک باؤنس اور فراڈ میں ملوث مجرمان کو کڑی سزا دے دی گئی

    کراچی : عدالت نے جعلی چیک دینے اور دھوکہ دہی میں ملوث دو ملزمان کو کڑی سزا سنا دی، قید کے ساتھ بھاری جرمانہ بھی عائد کردیا۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں چیک باؤنس اورفراڈ کرنے کا کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے شواہد اور ثبوتوں کی روشنی میں ملزمان ارشدعلی اور دانش کو قید و جرمانے سزا سنا دی۔

    فاضل عدالت نے دونوں ملزمان کو مجموعی طور پ3 سال قید کی سزا سنائی اس کے ساتھ ساتھ ملزمان پرمجموعی طور30،30ہزارجرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مدعی محمد عامر نے مذکورہ ملزمان سے ایک کروڑ 33لاکھ میں دو پلاٹ خریدے اور، ایک ماہ گزرنے جانے کے باوجود ملزمان نے پلاٹ کے کاغذات مدعی کے حوالے نہیں کیے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مدعی کو پیسے منافع سمیت واپس کرنے کا وعدہ کیا تھا جس کے بعد ملزمان نے مدعی کوایک کروڑ90لاکھ روپے کا چیک دیا۔

    مدعی نے مذکورہ چیک بینک میں جمع کرایا تو معلوم ہوا کہ ملزمان کا دیا ہوا چیک باؤنس ہوگیا ہے، ملزمان کے خلاف گزشتہ سال 24مارچ کو تھانہ گلستان جوہر میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

  • 17 سالہ بھارتی لڑکا یوٹیوب کی مدد سے جرائم کرنا سیکھ گیا

    17 سالہ بھارتی لڑکا یوٹیوب کی مدد سے جرائم کرنا سیکھ گیا

    نئی دہلی: بھارت میں 17 سالہ نوجوان یوٹیوب کی مدد سے اے ٹی ایم فراڈ کرنا سیکھ گیا، نوجوان نے بزرگ افراد کو لوٹ کر ان کے اے ٹی ایم کارڈ کی مدد سے 10 لاکھ روپے سے زائد رقم کا فراڈ کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والا 17 سالہ نوجوان آسانی سے پیسہ کمانے کے لیے یوٹیوب دیکھ کر جرائم کرنا سیکھ گیا۔

    نوجوان نے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کی مدد کرنے کے بہانے سے دھوکے سے ان کا کارڈ حاصل کیا اور ان کے اکاؤنٹس سے رقم نکالنا شروع کردی۔

    یہ نوجوان اے ٹی ایم کے باہر رک کر ضعیف افراد کو اے ٹی ایم سے رقم نکالنے میں مدد کرتے ہوئے پن نمبر معلوم کرلیتا اور بڑی چالاکی سے انہیں ڈپلیکیٹ کارڈ دے دیتا جبکہ اصل کارڈ خود رکھ لیتا۔

    اس 17 سالہ لڑکے نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مختلف حصوں میں اے ٹی ایم کارڈ فراڈ کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے سے زائد رقم حاصل کی جس کے بعد اس نے طیاروں میں سفر کرنا اور فائیو اسٹار ہوٹلز میں قیام کرنا شروع کردیا۔

    گزشتہ ماہ چتور سے تعلق رکھنے والی ایک بزرگ خاتون نے اے ٹی ایم سے رقم نکالے جانے کی شکایت پولیس کو درج کروائی۔

    پولیس نے ضعیف خاتون کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شناخت کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا، نابالغ ہونے کی وجہ سے اسے تروپتی کے جووینائل ہوم منتقل کیا گیا ہے۔

  • ہوشیار: اے ٹی ایم میں فراڈ کیسے کیا جاتا ہے؟؟ ویڈیو دیکھیں

    ہوشیار: اے ٹی ایم میں فراڈ کیسے کیا جاتا ہے؟؟ ویڈیو دیکھیں

    گزشتہ دنوں اے ٹی ایم فراڈ کے حوالے سے مختلف خبریں زیر گردش تھیں کہ مقامی اور غیر ملکی افراد ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے لوگوں کے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کی اسکیمنگ کرکے ان کو لوٹ رہے ہیں۔

    اسی طرح کے کچھ واقعات برطانیہ میں بھی پیش آئے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی انتظامیہ نے اے ٹی ایم استعمال کرنے والوں کو خبردار کرنا شروع کردیا ہے کہ دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں۔

    اس حوالے سے برطانوی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت محتاط رہیں اور کسی بھی قسم کی غیر معمولی یا مشکوک سرگرمی دیکھیں تو فوراً ہی متعلقہ ادارے کو آگاہ کریں۔

    برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ اقدام دھوکے بازوں کی جانب سے اے ٹی ایم میں چھیڑ چھاڑ کر کے صارفین کی رقم غیر قانونی طریقے سے ہتھیانے کے انکشاف کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق دھوکے بازوں نے واردات کا یہ طریقہ اختیار کیا ہے کہ وہ اے ٹی ایم کی رقم نکالنے والے حصے پر پلاسٹک کی شیٹ لگادیتے ہیں جس کی وجہ سے پیسے لگائی جانے والی جعلی شیٹ میں پھنس جاتے ہیں اور جب صارف مایوس ہو کر واپس چلے جاتے ہیں تو آکر نکلی ہوئی رقم سمیٹ کر فرار ہوجاتے ہیں۔

    اس ضمن میں اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھوکے باز کس طرح خفیہ خانوں کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کی رقم غیر قانونی طور پرہتھیاتے ہیں؟

    دھوکے بازوں کی اس تیکنیک کو سب سے پہلے ایک ٹک ٹاک صارف نے سمجھ کر اجاگر کیا تھا۔ اس سلسلے میں دی مرر کو متعلقہ ادارے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اس قسم کے واقعات کسی بھی وقت کسی بھی اے ٹی ایم کے ساتھ ہو سکتے ہیں لہذا ضروری ہے کہ صارفین محتاط رہا کریں۔

    ترجمان کے مطابق اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے ملک گیر سطح پر اقدمات اٹھائے گئے ہیں مگر صارفین کا چوکنا رہنا ضروری ہے۔

    اے ٹی ایم فراہم کرنے والے اداروں کے مطابق اگر صارفین دیکھیں کہ ان کے مطلوبہ پیسے باہر نہیں آرہے ہیں تو فوری طور پر بینک یا اے ٹی ایم فراہم کرنے والوں سے رابطہ کریں۔

    اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے دوران برطانیہ میں دھوکہ دہی کے حوالے سے پہچانے جانے والے جرائم میں یہ جرم سرفہرست ہے۔

    واضح رہے کہ پوری دنیا میں کورونا وائرس کے دوران اے ٹی ایم کے ذریعے کیے جانے والے دھوکوں میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور سائبر کرائمز کے اعداد و شمار بھی غیر معمولی طور پربڑھے ہیں۔