Tag: Fraud Allegations

  • نازش جہانگیر نے خود پر لگے فراڈ کے الزامات پر خاموشی توڑ دی

    نازش جہانگیر نے خود پر لگے فراڈ کے الزامات پر خاموشی توڑ دی

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے پہلی بار خود پر لگے فراڈ کے الزامات پر لب کشائی کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور پلانٹڈ تھے۔

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے حال ہی میں ندا یاسر کے رمضان شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار خود پر اسود ہارون نامی آرٹسٹ کی جانب سے لگائے گئے فراڈ کے الزامات پر کھل کر بات کی۔

    تاہم نازش جہانگیر نے اسود ہارون کا نام نہیں لیا لیکن انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان پر منظم منصوبہ بندی کے تحت جھوٹے الزامات لگا کر ان کا نام اور کیریئر خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ الزامات بنیادی طور پر ایک فلاپ بلیک میل شو تھا، یہ میری ساکھ کو داغدار کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، وہ مجھ پر الزمات لگا کر میرا نام استعمال کرکے شہرت حاصل کرنا چاہتے تھے۔

    اداکارہ نے کہا کہ بیکار لوگ ہم جیسے مراعات یافتہ لوگوں سے پیسے لینے کے لیے ایسی اسکیموں کا انتخاب کرتے ہیں، مجھے بری طرح بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی اور بلیک میلنگ کے ذریعے پیسے بٹورنے کی کوشش بھی کی گئی۔

    اداکارہ نازش نے کہا کہ میں نے محنت کرکے اس انڈسٹری میں نام بنایا ہے اگر میں بھی جھوٹے الزامات پر اسی وقت رد عمل دیتی تو میرا نام مزید خراب ہوتا اور الزامات لگانے والے کا مقصد پورا ہوجاتا۔

    نازش جہانگیر کا کہنا تھا کہ میں ذاتی زندگی اور خود پر لگے الزامات کے جوابات اور وضاحتی سوشل میڈیا پر نہیں دیتی اگر میں خود پر لگے الزامات کے جوابات دیتی تو لوگ مجھے ہی غلط سمجھتے اور الزامات لگانے والے شخص کی کوشش کامیاب ہوجاتی۔

    اداکارہ نے کہا کہ اس وقت میں شدید پریشان ہوگئی تھیں لیکن مجھے میرے والد نے سمجھایا کہ الزامات کا جواب سوشل میڈیا پر دینے کے بجائے الزامات لگانے والے کے خلاف قانونی کارروائی کرو۔

    نازش جہانگیر کے مطابق انہوں نے الزامات لگانے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی اور اب معاملہ تھم گیا ہے، کیوں کہ میں نے کوئی رد عمل نہیں دیا اور خاموش رہی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال لاہور کی مقامی عدالت نے نازش جہانگیر کے خلاف دائر فراڈ کے مقدمے میں ان کی ضمانت مسترد کردی تھی۔

    ان کے خلاف ابھرتے ہوئے اداکار اسود ہارون نے فراڈ کا مقدمہ دائر کیا تھا، بعد ازاں ایک انٹرویو میں مذکورہ اداکار نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے گزشتہ چند سال میں نازش جہانگیر کو لاکھوں روپے نقد اور 50 لاکھ سے زائد مالیت کی گاڑی اور دیگر قیمتی تحائف بھی دیے، اداکارہ نے انہیں شوبز میں بطور ہیرو متعارف کرانے کا وعدہ کیا تھا۔