Tag: fraud

  • گوجرانوالہ: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کارروائی، دو ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کارروائی، دو ملزمان گرفتار

    گجرانوالہ: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے پنجاب میں اہم کارروائی کرتے ہوئے لاٹری کے نام پر جعل سازی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع گجرانوالہ میں سائبر کرائم ونگ نے لاٹری کے نام پر جعلی سازی کے ذریعے شہریوں سے رقم بٹورنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    انچارج سائبر کرائم آصف اقبال کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں محبوب عالم اور مبارک علی شامل ہیں اور ملزمان سادہ لوح شہریوں سے لاٹری کے نام پر بینک کے ذریعے رقوم منتقل کرواتے تھے۔

    لاہور میں ایف آئی اے کی کارروائی، سوشل میڈیا پر خاتون کو بلیک میل کرنے والا گرفتار

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کو ڈیجیٹل میڈیا کی مدد سے گرفتار کرکے ملزمان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال اگست میں پنجاب کے دارالحکومت میں ایف آئی اے نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر خاتون کو بلیک میل کرنے والے شخص کو گرفتار کیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں سی آئی اے پولیس نے سوشل میڈیا پر فیک آئی ڈیز بناکر لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والے نوجوان کو گجرانوالہ سے گرفتار کیا تھا، ملزم لڑکی بن کر کالج کی لڑکیوں سے دوستی کرنے کے بعد ان کی تصویریں لیکر ان کو بلیک میل کرتا تھا۔

  • نئی دہلی : ہیرا گولڈ گروپ کا اسکینڈل بے نقاب، بھارتی حکام نے تصدیق کردی

    نئی دہلی : ہیرا گولڈ گروپ کا اسکینڈل بے نقاب، بھارتی حکام نے تصدیق کردی

    نئی دہلی : ٹی ٹین لیگ کے سرکردہ سرمایہ کار ہیرا گولڈ گروپ کا مالیاتی اسکینڈل بے نقاب ہوگیا، بھارتی حکام نے پونزی اسکیم کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ہیرا اسلامک بزنس گروپ کی سرگرمیاں مالیاتی فراڈ قرار دے دی گئی ہیں، ہیراگولڈ میں سرمایہ کاری کرنے والے بیشتر سرمایہ کار شدید پریشانی اور بے چینی کا شکار ہیں۔

    اس کے علاوہ ہیرا گولڈ کمپنی کی جانب سے ادائیگیاں بھی تاخیر کا شکار ہیں، بھارتی شہر حیدر آباد میں دھوکہ دہی میں ملوث کمپنی کا ہیڈ آفس بند کردیا گیا۔ پریشان سرمایہ کاروں نے اپنی رقوم ی ادائیگی کیلئے بینگلور حیدرآباد اور دیگر شہروں میں مظاہرے بھی کئے۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ گروپ نے پہلے ہرماہ منافع دینے کا کہا تھا بعد میں یہ تین ماہ ہوا اور اب مزید تاخیر کا شکار ہے۔ واضح رہے کہ ہیرا گولڈ کی سربراہ نے سال دوہزار سترہ میں انتخابات میں حصہ لیا، سرمایہ کاروں کا پیسہ وہاں جھونک دیا۔

  • ضمنی انتخابات میں ٹکٹ کے لیے پیسوں کی لین دین، حساس ادارے کا چھاپہ

    ضمنی انتخابات میں ٹکٹ کے لیے پیسوں کی لین دین، حساس ادارے کا چھاپہ

    اسلام آباد: ضمنی انتخابات کے لیے ٹکٹ دلوانے کے نام پر پیسوں کی لین دین کے موقع پرحساس ادارے نے چھاپہ مار دیا۔ کارروائی میں 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں ٹکٹ کے عوض پیسے لینے کا بھانڈا حساس ادارے کے چھاپے نے پھوڑ دیا۔ حلقہ پی پی 20 راولپنڈی 15 میں ٹکٹ کے عوض پیسے لیے جارہے تھے جب حساس ادارے نے چھاپہ مارا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپے کے وقت اہم حکومتی شخصیت کارشتہ دار بھی موقع پر موجود تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹکٹ کے ساتھ بیورو کریسی کے تبادلوں کے لیے بھی پیسے لیے جا رہے تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ جواد نامی شخص اہم حکومتی وزیر کے رشتہ دار کے ذریعے کام کر رہا تھا۔ حکومتی شخصیت کے رشتہ دار سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

    ٹکٹ دلوانے کے نام پر ڈھائی کروڑ کا تقاضہ کرنے والے 3 ملزم گرفتار ہوئے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ شالیمار میں فراڈ اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی۔ ضمنی انتخاب کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ قومی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں انتخابات ہوں گے۔

    صوبائی اسمبلیوں میں سے پنجاب اسمبلی کے 13، خیبر پختونخواہ کے 9 اور سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے 2، 2 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا۔

  • فیس بک پر فرینڈ ریکوئسٹ قبول کرنا مہنگا پڑگیا

    فیس بک پر فرینڈ ریکوئسٹ قبول کرنا مہنگا پڑگیا

    اگر آپ کو فیس بک پر کسی اجنبی کی فرینڈ ریکوئسٹ موصول ہوتو اسے ایڈ کرنے سےقبل اس کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلات ضرور چیک کرلیں ورنہ آپ کو بھی کروڑوں کا نقصان ہوسکتا ہے۔

    تفصیلا ت کے مطابق ایک خاتون مارتھا( فرضی نام) کو موصول ہونےو الی فرینڈ ریکوئسٹ قبول کرنے کے سبب پانچ لاکھ اکہتر ہزار آسٹریلین ڈالر ( چار کروڑ اسی لاکھ روپے پاکستانی) کا نقصان اٹھا نا پڑگیا۔

    خاتون جن کی عمر 61 سال ہے‘ انہیں ڈاکٹر فرینک ہیری سن‘ نامی آئی ڈی سے ریکوئسٹ آئی جسے انہوں نے قبول کرلیا ‘ اجنبی نے بتایا کہ وہ ہڈیوں کا ڈاکٹر ہے اور اس کا تعلق امریکا سے ہے‘ خاتون نے اس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کو کبھی بھی کراس چیک نہیں کیا اور دونوں کے درمیان دوستی بڑھتی گئی۔

    گزشتہ سال نومبر میں ڈاکٹر فرینک نے خاتون سے کہا کہ وہ اپنا کاروبار آسٹریلیا منتقل کررہا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ خاتون سے اس کی ملاقات ہو اوران دوستی مزید گہری ہوسکے۔

    کچھ دنوں بعد مارتھا کو ڈاکٹر کی کال آتی ہے اور وہ کہتا ہے کہ اسے آسٹریلیا کے ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے پندرہ ملین امریکی ڈالر ہونے کے سبب روک لیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ بہت بڑی رقم ہے جس پر جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ اس نے گزارش کی کہ فی الحال وہ آسٹریلیا میں صرف انہیں ہی جانتا ہے لہذا وہ جرمانہ ادا کردیں ‘ وہ پہلی ملاقات میں یہ رقم ادا کردے گا۔

    آپ کی فیس بک پروفائل آپ کی شخصیت کی عکاس*

    اسی اثنا میں مارتھا کو ایک خاتون کی کال موصول ہوتی ہے جو اسے یقین دلاتی ہے کہ وہ کسٹم افسر ہے اور یہ کہ ڈاکٹر فرینک ٹھیک کہہ رہا ہے‘ خاتون ان جعل سازوں کی باتوں میں آجاتی ہے اور ابتدائی طور پر تین ہزار ڈالر جرمانہ بھردیتی ہے۔ اس کے بعد یہ سلسلہ رکتا نہیں اور وہ ڈاکٹر بغیر ملاقات کیے خاتون سے چھ مہینے تک مختلف بہانوں سے رقم ٹھگتا رہتا ہے۔

    جب خاتون کو احساس ہوتا ہے کہ اس نے کتنی بڑی غلطی کی ہے اس وقت تک وہ اس جعل ساز کو پانچ لاکھ اکہتر ہزار ڈالر دے چکی ہوتی ہے۔ اس نےڈرتے ڈرتے اپنے شوہر کو یہ بات بتائی جس کےبعد پولیس کی جانب سے اس انوکھے فراڈ کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز ہوا۔

    خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ وہ ایک نیک اور رحم دل عورت ہے جس کی سادہ لوحی کا جعل سازوں نے فائدہ اٹھا کر اسے بے وقوف بنایا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب پولیس نے ڈاکٹر فرینک ہیری سن کی فیس بک پروفائل پکچر کو چیک کیا تو وہ مشہورِ زمانہہ وزن گھٹانے کے ماہر ڈاکٹر گارتھ ڈیوس کی نکلی یعنی اگر خاتون صرف تصویر ہی چیک کرلیتی تو اس بڑے نقصان سے بچ سکتی تھیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی: ایک اور ٹریول ایجنٹ عازمین حج کے کروڑوں روپے لے کر فرار

    کراچی: ایک اور ٹریول ایجنٹ عازمین حج کے کروڑوں روپے لے کر فرار

    کراچی: شہر قائد میں عازمین حج کے ساتھ فراڈ کا ایک اور واقعہ منظرعام پر آگیا، گلشن اقبال میں ٹریول ایجنسی کا مالک 150 سے زائد عازمین حج کے کروڑوں روپے لے کر فرار ہوگیا۔

    ٹریول ایجنٹ کے متاثرین نے ایف آئی اے دفتر کے سامنے احتجاج کیا، متاثرین میں 9 سرکاری ملازمین بحی شامل ہیں۔

    متاثرین نے میڈیا کو بتایا کہ گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ پر واقع ٹریول ایجنسی کا ما لک حج پر جانے والے خواہشمند افراد کے کروڑوں روپے لے کر فرار ہو گیا ہے، مفرور ایجنٹ کو گرفتار کر ان کے پاسپورٹ واپس دلوائے جائیں اوروزارت حج ان کے حج پر جانے کے فوری اقدامات کرے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں حج پر جانے والے خواہش مند افراد سے فراڈ کا یہ پہلا واقعہ نہیں، پہلے بھی درجنوں واقعات ہو چکے ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی اس معاملے میں لمحہ فکریہ ہے۔

    متاثرین کا کہنا تھا کہ وزارت حج اور وزارت داخلہ ایسے تمام ٹریول ایجنٹ جن کے اپنے لائسنس نہیں ہیں ان کے خلاف قانون یا اسمبلی سے بل پاس کروا کر ان کا صفایا کرے تاکہ آنے والے وقت میں عمرہ یا حج کی سعادت حاصل کرنے والے لوگوں سے دھوکہ یا فراڈ نہ ہو سکے۔

  • نجی حج ٹورزآپریٹر عازمین حج سے 10 کروڑ روپے لے کرغائب

    نجی حج ٹورزآپریٹر عازمین حج سے 10 کروڑ روپے لے کرغائب

    اسلام آباد : نجی حج ٹورز آپریٹر 300 سے زائد عازمین سے 10 کروڑ روپے لے کر غائب ہوگیا، وزارتِ مذہبی امور نے متاثرہ افراد کو رقم واپس کروانے اور آپریٹر کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حرمین شریفین کی زیارت نہ صرف ہر صاحب استطاعت مسلمان کی سب سے بڑی خواہش ہوتی ہے، بل کہ مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد صاحب استطاعت نہ ہونے کے باوجود حج پر جانے کے لیے اپنے آمدنی میں سے پیسے جمع کرکے سامان سفر حجاز مقدس کا انتظام کرتے ہیں۔

    اسلام آباد میں نجی حج ٹورز آپریٹر300 سے زائد افراد سے 10 کروڑ روپے لے کر غائب ہوگیا، حج پر جانے کی خواہش میں فراڈیے شخص کے ہاتھوں لُٹنے والے افراد نے وزارت مذہبی امور کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔

    متاثرین کا کہنا ہے ٹریول ایجنسی نے تین مہینے سے رلا کر رکھا ہوا ہے اور 13  تاریخ کے ٹکٹ دیے تاہم جب ایئر پورٹ پہنچے تو پتا لگا ہمارا ویزا ہی نہیں لگا۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ نہ پیسے واپس مل رہے ہیں نہ پاسپورٹ، لوٹنے والے پرائیویٹ حج آپریٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے، جمع پونجی حج کی سعادت کے لیے جمع کرائی وہ بھی لوٹ لیے گئے۔

    متاثرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان کے پیسے واپس دلوائے اور انہیں حج پر بھیجے مظاہرین نے کہا اب ان کے پاس احتجاج کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

    وزارتِ مذہبی امور کا نوٹس

    حج ٹور آپریٹر کے فراڈ کی خبر اے آر وائی نیوز پر نشر ہونے کے بعد وزارتِ مذہبی امور نے نوٹس لیتے ہوئے مظاہرین کو ملاقات کے لیے اپنے پاس بلا لیا، مظاہرین کے تین رکنی وفد نے سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور اور ایڈیشنل سیکریٹری سے ملاقات کر کے تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ہاشمی ٹریولز کو 102 افراد کا کوٹا دیا گیا تھا جبکہ انہوں نے 108 مزید لوگوں کو حج پر بھیجنے کا جھانسہ دیا اور ایڈوانس رقم حاصل کی۔

    وزارتِ مذہبی امور نے یقین دہانی کروائی ہے کہ غبن کا کیس ایف آئی اے کو بھیج کر متعلقہ ٹور آپریٹر کی کمپنی کو بلیک لسٹ کیا جائے گا جبکہ متاثرہ لوگوں کی رقم بھی انہیں جلد واپس دلوائی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • جیتو پاکستان کے نام پر پیسے بنانے والا نوسرباز گروہ گرفتار

    جیتو پاکستان کے نام پر پیسے بنانے والا نوسرباز گروہ گرفتار

    کراچی: سرعام ٹیم نے جیتو پاکستان کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے والے نوسرباز گروہ کے خلاف کامیاب آپریشن کیا اور انہیں پکڑ کر مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جیتو پاکستان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کچھ نوسربازوں نے عوام کو موبائل پر جھوٹے پیغامات بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا، جس میں انعام اور پروگرام میں شرکت کی نوید سنائی جاتی تھی۔

    عوام کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہونے کے بعد سرعام ٹیم کے سربراہ اقرار الحسن نے اس نوسرباز گروہ کے خلاف کارروائی کرنے کا عزم کیا اور اپنے نمائندوں کے ذریعے نوسربازوں کی ویڈیوز بنوا کر اُن کے خلاف قانونی کارروائی کی۔

    jeeto-pakistan-2

    نوسرباز گینگ مختلف موبائل نمبر پر ایک پیغام ارسال کرتے جس میں جیتو پاکستان میں انعام نکلنے اور اس میں شرکت کی نوید سنائی جاتی تھی‘ عوامی پذیرائی حاصل کرنے والے پروگرام میں ہر شخص شرکت کی خواہش رکھتا ہے اس لیے کچھ لوگ ان نوسربازوں کے ہاتھوں پھنس جاتے۔

    نوسرباز گروہ میسج پر کال کرنے والے سادہ لوح عوام کو سوہانے خواب دکھاتے اور اُن سے باتوں باتوں میں ایزی پیسہ کے ذریعے رقم بھیجنے کا کہتے تھے، پروگرام میں شرکت کرنے کی خاطر عوامی کی بڑی تعداد ان کے جھانسوں میں آگئی اور پیسوں سے ہاتھ دھونے پڑے۔

    سرعام کی ٹیم نے جیتو پاکستان کے حوالے سے ملنے والے میسج پر کال کی اور کارروائی کا آغاز کیا، سرعام کے ممبران نو سرباز گروہ سے ملے اور اپنے روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اُن کی خفیہ ویڈیوز بنا کر  بھی لائے۔

    نیو لاہور کی پولیس نے سرعام ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کے نواحی گاؤں سے نوسرباز گروہ کے تمام افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، گرفتار ہونے والے ایک ملزم نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پہلے ہی ہزاروں روپے کمائے ہیں۔

  • ساہیوال کے عوام بڑے دھوکے سے بچ گئے، جعلی بینک پکڑا گیا

    ساہیوال کے عوام بڑے دھوکے سے بچ گئے، جعلی بینک پکڑا گیا

    ساہیوال : لوگوں کو کروڑوں روپے کا چونا لگانے کی کوشش ناکام ،ایف آئی اے نے جعلی بینک پکڑ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں ایک مشہور بنک کے نام سے بنائے جانے والے جعلی بینک پر ایف آئی اے لاھور نے چھاپہ مار کر 8 ملازمین کو حراست میں لے لیا اور پوچھ گچھ کیلئے اپنے ساتھ لاہور لے گئے۔

    جبکہ بینک کا مالک جس کا نام کاشف بتایا جا رہا ہے وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، مذکورہ بینک شہر کے بارونق علاقے دھوبی محلہ میں بنایا گیا تھا اور لوگوں سے لین دین اور شیڈول بینکوں کی طرح کام کر رہا تھا۔

    جبکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے بینک کے پاس نہ ہی کوئی لا ئسنس اور نہ متعلقہ بنک کی منظوری تھی اور جعلی طریقے سے بنایا جانے والا یہ بینک لوگوں کو کا ر لیزنگ، حج کیلئے درخواستیں اور مارکیٹنگ کے ذریعے لوگوں کو اپنی برانچ میں رقم ڈیپازٹس کروا کے فراڈ کرنا چاہ رہا تھا۔

    تاہم ایف آئی اے کی بر وقت کارروائی سے ساہیوال کے لوگ کروڑوں روپےکے کئے جانے والے فراڈ سے بچ گئے ہیں۔

  • بیرون ملک تعلیم کے نام پر طلباء سے کروڑوں روپے کا فراڈ

    بیرون ملک تعلیم کے نام پر طلباء سے کروڑوں روپے کا فراڈ

    ایبٹ آباد : بیرون ملک تعلیم کے نام پر طالب علموں سے کروڑوں روپے بٹورنے والا گروہ سرگرم ہوگیا، استاد انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ٹیکنالوجی کے متاثرہ طلباء سراپا احتجاج بن گے۔

    مظاہرین نے حکومت سے تعلیمی ادارے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرہ طالب علموں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ استاد انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ٹیکنالوجی کی انتظامیہ نے ان سے الیکٹریکل اور الیکٹرانکس انجنئیرنگ کے کورس کرانے کیلئے ان سے کڑوڑوں روپے وصول کئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ ان کی ڈگری ایڈیکسل یوکے سے رجسٹرڈ ہے تاہم کورس مکمل ہونے کے بعد پتہ چلا کہ کوئی بھی ڈگری یوکے سے رجسٹرڈ نہیں، اور کالج انتظامیہ کالج بند کرکے فرار ہو گئی ہے۔

    کالج انتظامیہ کے دونوں اعلیٰ عہدیدار ایبٹ آباد یونیورسٹی میں بطور پروفیسرز اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں۔

    طلباء کا کہنا تھا کہ کالج انتظامیہ کے خلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے کو بھی درخواست دے دی ہے، طلباء نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا مستقبل تاریک کرنے والی انتظامیہ کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے۔