Tag: Free flour distribution

  • مفت آٹا تقسیم : عدالت نے حکومت کو تشہیر سے روک دیا

    مفت آٹا تقسیم : عدالت نے حکومت کو تشہیر سے روک دیا

    لاہور : عدالت نے حکومت کو مفت آٹا تقسیم کرنے کی تشہیر سے روک دیا ہے، عدالت کا کہنا ہے کہ اشیاخور و نوش کی تقسیم میڈیا پر پبلک نہیں ہونی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں آٹے کی تقسیم کے دوران ہلاکتوں اور تقسیم کے طریقہ کار کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

    بعد ازاں عدالت نے مفت آٹے کی تقسیم کی تشہیر روکنے کیلئے دائر درخواست کا تحریری حکم جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 14انسانی عزت و تکریم کی بات کرتا ہے۔

    تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کے دوران آئین کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے، لائنوں میں کھڑا کرکے اشیاء خورد و نوش فراہم کرنا عزت نفس مجروح کرنے کےمترادف ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ کے مطابق اس تقسیم کو میڈیا پر نشر کرنا جلتی پر تیل کے مترادف ہے، حکومتی فنڈ سے حکومتی کارکردگی کی تشہیر کرنا کرپٹ پریکٹس اور بددیانتی ہے، قرآن کریم بھی خیرات کی تقسیم سےمتعلق ذاتی تشہیر سےروکتا ہے۔

    تحریری حکم میں قرآنی آیات کو بھی عدالتی حکم کا حصہ بنایا گیا ہے، عدالت نے ہدایت کی کہ اشیاخورونوش کی تقسیم میڈیا پر پبلک نہیں ہونی چاہیے، ایسی تقسیم جس میں انسانی عزت ونفس مجروح ہو اسے روکا جائے۔

    سرکاری وکیل کے مطابق پنجاب میں بینظیر انکم سپورٹ کےعلاوہ 12.3ملین مستحق خاندانوں کی نشاندہی کی گئی ہے، پنجاب حکومت ان مستحق خاندانوں کو ڈائریکٹ سبسڈی دے گی۔

  • سرگودھا : وزیر اعظم نے شہریوں میں مفت آٹا تقسیم کیا

    سرگودھا : وزیر اعظم نے شہریوں میں مفت آٹا تقسیم کیا

    سرگودھا : وزیراعظم شہبازشریف نے سرگودھا میں اپنے ہاتھوں سے عوام میں مفت آٹا تقسیم کیا، ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مزید اقدامات کررہا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کمپنی باغ سرگودھا کے علاقے میں قائم مفت آٹا تقسیم مرکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ اس کام میں غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔

    اس موقع پر انہوں نے آٹا تقسیم کے طریقہ کار کا خود جائزہ لیا، کمشنرسرگودھا نے وزیراعظم کو آٹا تقسیم کے حوالے سے بریفنگ دی، وزیراعظم نے آٹا تقسیم کے طریقہ کار کو مزید بہتربنانے کی ہدایت کی۔

    اس کے علاوہ وزیراعظم نے عوام کی آسانی کیلئے آٹا تقسیم کے مراکز بھی بڑھانے کا حکم دیا، انہوں نے اپنے ہاتھوں سے مستحق شہریوں میں آٹا تقسیم کیا انہوں نے کہا کہ10،10کلو کے تین بیگ فی گھرانہ دیئے جارہے ہیں۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی مسائل ہے ان کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، آٹے کی مفت تقسیم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آٹے کی فراہمی کو خود چیک کررہا ہوں، لمبی لمبی قطاریں ختم کرکے عوام کو وافر مقدار آٹا فراہم کیا جائے۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ ،

    مفت آٹا مراکز پر بی آئی ایس پی اور نادرا کاؤنٹرز کو یقینی بنایا جائے، نگراں وزیراعلیٰ اور انتظامیہ کا محنت سے کام کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔