Tag: free travel

  • پی آئی اے کے طیاروں میں مفت سفر کرنے والے افراد کے نام سامنے آگئے

    پی آئی اے کے طیاروں میں مفت سفر کرنے والے افراد کے نام سامنے آگئے

    کراچی : پی آئی اے کے طیاروں میں مفت میں سیر کرنے والوں کے نام سامنے آگئے، گزشتہ دس سال کے دوران دس کروڑ روپے سے زائد مفت اور رعایتی ٹکٹوں کے اجراء کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مال مفت دل بے رحم کے مصداق پی آئی اے کو مفت کا مال سمجھنے اور ناجائز فوائد حاصل کرنے والے لوگوں کے نام سامنے آگئے۔

    پی آئی اے آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ادارے کے سابق چیئرمیئنز، بورڈ ارکان اور ان کے اہل خانہ پر ماضی میں نوازشات کی گئیں، اس مد میں10سال کے دوران10کروڑ روپے سے زائد مفت اور رعایتی ٹکٹ جاری کیے گئے۔

    یہ انکشاف عدالتی احکامات پر مرتب کی جانے والی دس سال کی آڈٹ رپورٹ میں ہوا، آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فوائد حاصل کرنے والوں میں پائلٹس، سیاسی شخصیات، سابق وفاقی سیکرٹریز، بیورو کریٹس، ٹیکنو کریٹس، معروف صنعتکار اور تاجرشخصیات بھی شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق مفت اور95فیصد رعایتی ٹکٹ رول آف ریگولیشنز کی خلاف ورزی ہے، جو پرسنل پالیسیز، مینول ترامیم مفت اور رعایتی ٹکٹ اجراء کے لئے کی گئیں، ترامیم سے سابق چیئرمین، بورڈ اور ان کے اہلخانہ کو درج بالا ٹکٹ اجراء کا حق ملا، ترامیم کے تحت اکانومی پلس، بزنس پلس کلاس کے ٹکٹ جاری ہوئے۔

    رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ10کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ٹکٹس کی ریکوری متعلقہ افراد سے کی جائے، اس حوالے سے ،ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ آڈٹ رپورٹ پر جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا گیا ہے۔

  • آزادانہ سفر کے لیے پاسپورٹ ملنے پر سعودی خواتین بے حد خوش

    آزادانہ سفر کے لیے پاسپورٹ ملنے پر سعودی خواتین بے حد خوش

    ریاض : سعودی خاتون ھیفاء کا کہنا ہے کہ بہت سی خواتین کیلئے پاسپورٹ کا حصول ناقابل یقین خواب تھا،حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات پرخود بھی یقین نہیں آ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے رواں ماہ کے اوائل میں خواتین کی سفری آزادیوں کے لیے ایک نیا سنگ میل طے کرتے ہوئے انہیں اپنی مرضی سے اندرون اور بیرون ملک سفر کی اجازت دی گئی۔

    اس اجازت کے بعد خواتین نے مرضی کے مطابق پاسپورٹ تیار کرانا شروع کر دیے ہیں، بہت سی خواتین کے لیے پاسپورٹس کا حصول ناقابل یقین خواب تھا مگر ان کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بہت سی خواتین کو پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد بھی یقین نہیں آتا کہ انہیں حکومت نے کتنی آزاد فراہم کی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق 28 سالہ طالبہ ھیفاءنے پاسپورٹس کے دفتر سے اپنا پاسپورٹ وصول کیا تو بہت سی خواتین کی طرح خود اسے بھی یقین نہیں تھا کہ حکومت اسے اتنی سہولت دے سکتی ہے، پاسپورٹ دیکھ کر اس کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو رواں ہو گئے۔

    میڈیاذرائع کا کہنا تھا کہ وہ بیرون ملک اپنا ایم اے کا تعلیمی پروگرام مکمل کرنا چاہتی تھی مگر والدین کی طرف سے اسے بیرون ملک تنہا سفر کی اجازت نہیں تھی، یہ پابندی برسوں سے برقرار رہی ہے مگراب ھیفاءکو بیرون ملک سفرمیں کوئی دقت نہیں ہوگی۔

    عرب خبر رساں ادارےکا کہنا تھا کہ برسوں تک سعودی عرب کی خواتین باپ، شوہر، بھائی یا بیٹے میں سے کسی ایک کی اجازت کی پابند رہی ہیں، اب وہ اپنی مرضی سے شادی اور سفر کر سکتی ہیں۔

    سعودی عرب کی حکومت نے یہ انقلابی قدم رواں ماہ اٹھایا اور برسوں سے بندشوں کا شکار خواتین کو سفر کی آزادی فراہم کی۔

    یہ آزادیاں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں جنہوں نے چار سال قبل ملک میں وسیع اقتصادی اور سماجی اصلاحات کا سفر شروع کیا اور بہ تدریج خواتین کی آزادیوں کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔