Tag: Free Wi-Fi

  • پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

    پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور کے پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور کی بیوٹی فکیشن سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوام کی سہولت کے لیے شہر کے پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو معاملات کو حتمی شکل دے کرمنظوری کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی، انھوں نے کہا اگلے مرحلے میں یہ سہولت دیگر شہروں میں بھی فراہم کی جائے گی۔

    اجلاس میں شہریوں کی سہولت کے لیے ناصر باغ روڈ پر جلد بی آر ٹی سروس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے شہر کی تزئین و آرائش کے لیے پی ڈی اے کو مفصل پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ تزئین کے لیے پائیدار اقدامات کیے جائیں، سڑکوں کے اطراف کھمبوں پر خوب صورت گملوں میں مصنوعی پودے لگائے جائیں، ہیڈ پلوں اور عمارتوں پر خطاطی اور نقش و نگار بنائے جائیں، جس سے صوبے کی ثقافت اجاگر ہو، اور اس مقصد کے لیے نجی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پشاور میں اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے پر بھی کام کیا جائے، جہاں ضرورت ہو ہیڈ پلوں کی بجائے انڈر پاسز تعمیر کیے جائیں، ورسک روڈ تا ناصر باغ رنگ روڈ کے باقی ماندہ حصے کی تعمیر جلد شروع کی جائے، اور یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی کوریڈور کے اطراف سڑک بحالی پر بھی کام کا آغاز کیا جائے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر وائی فائی اور سامان کی ترسیل معمول کے مطابق ہے، سی اے اے

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر وائی فائی اور سامان کی ترسیل معمول کے مطابق ہے، سی اے اے

    کراچی : بین الاقوامی سطح کے اسلام آباد ائرپورٹ پر وائی فائی اور مسافروں کے سامان کی ترسیل سے متعلق سی اے اے کی وضاحت سامنے آگئی۔

    اس حوالے سے ترجمان سول ایویشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسلام اباد ایئرپورٹ میں بلا معاوضہ وائی فائی کی سہولت پسینجر ٹرمینل بلڈنگ کے تمام حصوں میں بلا تعطل دستیاب ہوتی ہے۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ سمز والے مسافر آن لائن پورٹل کے ذریعے خود بخود رجسٹرڈ ہو جاتے ہیں، تاہم غیر رجسٹرڈ سمز اور غیرملکی سمز رکھنے والے مسافروں کو سول ایویشن انفارمیشن ڈیسک کے ذریعے (پی ٹی اے) کے وضع کردہ طریقہ کار کے تحت جلد از جلد سہولت فراہم کردی جاتی ہے۔

    سول ایویشن کی تکنیکی ٹیم24گھنٹے بلا تعطل وائی فائی سہولت کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے، تاہم کبھی کبھار سروس پروائیڈر کے بیک اینڈ مسائل یا بیک وقت صارفین کی ضرورت سے زیادہ تعداد کی وجہ سے یہ خدمات متاثر ہوسکتی ہیں۔

    اس کے علاوہ صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں سول ایویشن مسائل کو حل کرنے اور اپنی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے

    ترجمان کے مطابق مسافروں کے سامان کی ترسیل سے متعلق مقررہ معیار/ بینچ مارکس کے مطابق اسلام اباد ایئرپورٹ پر سامان بروقت مسافروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔

    اپنے ایک جاری بیان میں سی اے اے ترجمان نے کہا کہ 600سے 700 بیگ لے جانے والی پرواز کے لیے سامان کی ترسیل کا وقت زیادہ سے زیادہ 50 سے 60منٹ ہے۔

    تاہم بہت کم مواقعوں پر جیسا کہ عمرہ پروازوں کے دوران جہاں مختلف قسم کے سامان کی تعداد عموماً 800 سے تجاوز کرجاتی ہے، ترسیل کا وقت ایک گھنٹے سے زیادہ ہو سکتا ہے۔

    اسلام آباد کے بین الاقوامی ائرپورٹ میں ایئرلائنز/گراؤنڈ ہینڈلرز کے لئے سامان کی ترسیل کے نظام کار کی نگرانی کا ایک مربوط طریقہ کار بھی موجود ہے جس کے تحت ایئر لائن/جی ایچ اے پر وقت مقررہ سے زیادہ وقت لینے پر جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔