Tag: friday-prayers

  • حرمین شریف میں طویل عرصے بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ ادا کی جائے گی

    حرمین شریف میں طویل عرصے بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ ادا کی جائے گی

    ریاض: مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد آج سماجی فاصلے کے بغیر معمول کے مطابق نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے حرمین شریفین کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت جاری کردی۔

    انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے حوالے سے عائد سماجی فاصلے اور تعداد کی پابندی کے خاتمے کے بعد جمعہ المبارک کی پہلی نماز کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں۔

    شیخ السدیس نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے نمازیوں کی سہولت کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم رب کریم کے شکر گزار ہیں کہ وبا آخری مراحل میں ہے اور اب حرمین شریفین میں نماز باجماعت معمول کے مطابق بغیر سماجی فاصلے کے ادا کی جارہی ہے۔

    ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ نے حرمین کے انتظامی امور سے تعلق رکھنے والے تمام شعبوں کے سربراہوں کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ نمازیوں اور عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • کرونا وائرس: ایران میں نماز جمعہ کے اجتماعات منسوخ

    کرونا وائرس: ایران میں نماز جمعہ کے اجتماعات منسوخ

    تہران: جان لیوا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ایران نے بڑے شہروں میں آج نماز جمعہ کے اجتماعات کو منسوخ کردیا، ایران میں اب تک کرونا وائرس سے 19 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے محکمہ صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بڑے شہروں میں آج ہونے والے نماز جمعہ کے اجتماعات کو منسوخ کردیا جائے۔

    محکمہ صحت نے یہ ہدایت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کی ہے، محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مزید ہدایات موصول ہونے تک دیگر تمام نوعیت کے عوامی اجتماعات کو بھی منسوخ کردیا جائے۔

    ترجمان محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں نئی 15 میڈیکل لیبارٹریز ایک ہفتے کے اندر فعال کردی جائیں گی جہاں سے کرونا وائرس کی تشخیص ہوسکے گی۔

    ایران میں اب تک 245 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں 7 حکومتی افراد بھی شامل ہیں، جبکہ 1 ہزار کے قریب مشتبہ کیسز موجود ہیں۔

    کرونا وائرس کا شکار ہونے والے حکام میں ایران کی نائب صدر برائے امور خواتین، نائب وزیر صحت اور تہران کے ضلعی میئر بھی شامل ہیں۔ یہ کرونا وائرس سے متاثر کسی ملک کے حکام کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    کرونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض قم شہر میں موجود ہیں، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ قم میں کرونا کے 49 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈ روس کا کہنا ہے کہ یہ ڈرنے کا نہیں عالمی اقدامات کا وقت ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس عالمی وبا بن سکتی ہے، ہم اس وقت نازک صورتحال سے دو چار ہیں، متاثرہ ممالک کی حکومتیں ہنگامی اقدامات کر رہی ہیں۔

  • کشمیریوں کو نمازجمعہ کی ادائیگی سے روکنے کیلئے رکاوٹیں اور ناکہ بندی

    کشمیریوں کو نمازجمعہ کی ادائیگی سے روکنے کیلئے رکاوٹیں اور ناکہ بندی

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے ، کشمیریوں کونمازجمعہ کی ادائیگی سے روکنے کے لئے مختلف علاقوں میں رکاوٹیں لگا دیں اور ناکہ بندی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارت کی نافذ کی گئی پابندیاں اورلاک ڈاؤن کو159 روز ہوگئے ہیں، کشمیرمیڈیا سروس کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس پرپابندی بدستوربرقرارہے جبکہ تعلیمی ادارے بند اورکاروبارمعطل ہے۔

    قابض بھارتی فورسزنے مقبوضہ کشمیرمیں چھاپوں اورگرفتاریوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور کشمیریوں کونمازجمعہ کی ادائیگی سے روکنے کے لئے مختلف علاقوں میں رکاوٹیں اور ناکہ بندی کردی۔

    گذشتہ روز مودی سرکارکی نگرانی میں سولہ سفیروں کا دورہ مقبوضہ کشمیر ناکام ہوگیا تھا، یورپی یونین کے وفد نے مودی سرکارکی نگرانی میں مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے سے صاف انکار کردیا تھا اور کہا تھا حقائق جاننے کے لئے آزادانہ طور پر مقبوضہ وادی کا دورہ کریں گے۔

    مزید پڑھیں : یورپی یونین کے وفد کا حکومتی نگرانی میں مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے سے انکار

    کشمیری عوام اورحریت کانفرنس نے سفیروں کا دورہ مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ دورہ کشمیر کشمیری عوام سے ملنے کے لئے نہیں تھا۔

    اس سے قبل بیج بہاڑا کےعلاقے میں بھارتی فورسزکی فائرنگ سے شہید نوجوان کے جنازے میں ہزاروں افراد نے کرفیو توڑ کر شرکت کرکے پیغام دیاکہ کشمیریوں کا جذبہ حریت پہلےسے زیادہ بلند ہیں۔

    خیال رہے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کےخاتمےکےخلاف احتجاج سے خائف قابض بھارت نے میرواعظ عمرفاروق،علی گیلانی اور یاسین ملک کو قیدکررکھاہے جبکہ بھارتی فورسز نوجوانوں اور لڑکوں کو گرفتار کرکے تشدد کانشانہ بناتی اور لاپتہ کردیتی ہے۔

  • اللہ اوررسول کی مخالفت کسی مسلمان پر جائز نہیں، امامِ کعبہ

    اللہ اوررسول کی مخالفت کسی مسلمان پر جائز نہیں، امامِ کعبہ

    لاہور: امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب نے کہا کہ اللہ اوررسول کی مخالفت کسی مسلمان پر جائز نہیں، رسول اللہﷺ کی زندگی مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔

    امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب نمازجمعہ کی امامت کیلئے کالاشاہ کاکو پہنچے، نماز جمعہ کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے۔

    امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب نے نمازِجمعہ پر خطبہ دیتے ہوئے کہ رسول اللہﷺ کی زندگی کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے، اللہ نے قرآن میں رسولﷺ کی بڑی فضیلت بیان کی ہے، رسولﷺ نے جو فرمایا اس پر عمل کریں۔

    امام کعبہ کا کہنا تھا کہ اے ایمان والوں اللہ فرمان رسول ﷺپر عمل کرو، اللہ اور رسولﷺ کی مخالفت کسی مسلمان پر جائز نہیں، وہ لوگ گمراہ ہیں جو حدیث نبویﷺ میں ردوبدل کرتے ہیں، ، احادیث پرعمل کرنا ہرایک مسلمان پرفرض ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اے ایمان والوں تقوی اور پرہیز گاری اختیار کروں ، اپنے آپ کو اور امت کو تقویٰ کی تلقین کرتا ہوں۔

    امام کعبہ نے اپنے خطاب میں انسانیت کے احترام کا درس دیتے ہوئے کہا کہ انسانوں کی عزت کی جائے اور غیبت اور الزام تراشی سے بچا جائے،تمام انسان برابرہیں، کسی کو رنگ،نسل کی بنیاد پرفوقیت حاصل نہیں ہے، علما کرام کی بھی عزت کی جائے۔

    شیخ صالح بن محمد آل طالب نے کشمیر، فلسطین، شام کے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا بھی کرائی اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ علامہ ساجدمیر نے فوج اورعدلیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ادارے اپنی حدود میں رہ کرکام کریں، انہوں نے دس ماہ سے لاپتہ مولانا علی محمد ابوتراب کو فوری بازیاب کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

    امام کعبہ کی امامت میں نماز جمعہ اداکرنے کی سعادت حاصل کرنے کےلیےملک بھرسےلوگوں کے بڑے بڑے قافلے بھی آئے۔


    مزید پڑھیں : طاغوت سن لے! دین اسلام کو دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی، امامِ کعبہ


    یاد رہے اس سے قبل  امامِ کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب نے کہا ہے کہ طاغوت سن لے! دین اسلام کو دنیا کی کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی، عبادات کی آڑ میں کسی کو شرپسندی اور حرمین شریفین کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    انکا کہنا تھا کہ اسلام کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان اسلام کی سربلندی چاہتے ہیں، دونوں ممالک کو دہشت گردی کا سامنا ہے، دونوں کا دشمن ایک ہے، دونوں کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ہمیں متحد ہو کر ایسے عناصر کا مقابلہ کرنا ہو گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔