Tag: fridge

  • گندے فریج سے لاش برآمد، خاتون گرفتار

    گندے فریج سے لاش برآمد، خاتون گرفتار

    اسکاٹ لینڈ میں ایک خاتون نے کئی سال تک اپنے گھر کی صفائی نہیں کی، پڑوسی کی شکایت پر متعلقہ ادارہ خاتون کے گھر پہنچا تو ان کے فریج سے ایک کتے کی لاش نکل آئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کرسٹی میک نیل نامی ایک 40 سالہ خاتون پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے 3 کتوں اور 2 بلیوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی جس کی وجہ سے ایک کتے کی دردناک موت ہوگئی جبکہ دیگر دو کتوں کی حالت بھی خراب تھی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق نومبر 2019 میں ایک نامعلوم کالر نے ایک اسکاٹش تنظیم ایس ایس پی سی اے کو بتایا کہ کرسٹی اپنے جانوروں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کر رہی۔

    ایس ایس پی سی اے کے اہلکار خاتون کے گھر پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ گھر کافی گندا تھا اور گھر سے جانوروں کے فضلے اور پیشاب کی بو آرہی تھی۔ گھر میں موجود جانور بھی اسی گندگی میں رہ رہے تھے جبکہ ان کی صحت بھی خاصی خراب تھی۔

    گھر میں موجود فریج کھولا گیا تو اہلکاروں پر لرزہ خیز انکشاف ہوا کہ فریج میں ایک کتے کی لاش رکھی تھی، اس کتے کا نام کوپر تھا۔ لاش اتنی بوسیدہ ہو چکی تھی کہ یہ معلوم کرنا بھی مشکل تھا کہ وہ کس نسل کا کتا ہے۔

    ایس ایس پی سی اے کے اہلکاروں نے دیگر جانوروں کو وہاں سے نکالا اور کوپر کی لاش محکمہ فرانزک کو بھیج دی، فرانزک رپورٹ کے مطابق کتے کی موت جسم کے اندرونی اعضا کے کام نہ کرنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔

    تفتیش سے پتہ چلا کہ کتے کو نہ تو اچھی خوراک دی گئی اور نہ ہی اس کی مناسب دیکھ بھال کی گئی جس کی وجہ سے اس کے ناخن بڑھ گئے تھے جو کہ اس کے پاؤں کے اندر مڑ گئے تھے۔

    معاملہ عدالت میں پہنچا تو کئی چونکا دینے والے انکشافات ہوئے، خاتون نے اعتراف کیا کہ 24 ستمبر 2019 سے 24 نومبر 2019 کے درمیان اس نے اپنے گھر میں کسی کا بھی خیال نہیں رکھا۔

    خاتون کے مطابق اس کے تینوں بچے، پالتو جانور اور اس کی بوڑھی ماں جو ڈیمینشیا میں مبتلا تھیں، سب اس وقت جدوجہد کر رہے تھے۔ خاتون کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یقیناً اس نے کسی پر توجہ نہیں دی، لیکن اس کے پیچھے بھی ایک وجہ ہے۔ اس دوران خاتون ایک پرتشدد تعلق سے باہر نکلی تھی۔

    وکیل نے کہا کہ خاتون نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا بلکہ وہ خود ڈپریشن سے گزر رہی تھی۔

    عدالت نے کرسٹی میک نیل پر اگلے 5 سال تک کتا رکھنے پر پابندی عائد کردی ہے، کیس کی اگلی سماعت اب رواں سال 16 نومبر کو ہوگی جب عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔

  • ڈیلیوری کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا فریج گر کر چکنا چور

    ڈیلیوری کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا فریج گر کر چکنا چور

    امریکا میں ایک فریج کی ڈیلیوری کے دوران فریج زمین پر گر کر چکنا چور ہوگیا اور خریدنے والے کو ہزاروں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔

    امریکی ریاست اوہائیو کے رہائشی جونز نامی شخص نے اپنے پرانے فریج کی جگہ نیا فریج خریدا، لیکن جب اس کا فریج اسے موصول ہوا تو وہ بری طرح تباہ شدہ تھا۔

    بعد ازاں ڈرائیو وے میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے پتہ چلا کہ کس طرح ڈیلیوری کرنے والے اسے غیر ذمہ دارانہ انداز میں ڈیلیور کر رہے تھے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ڈیلیوری بوائے نہایت غیر محفوظ انداز میں صرف ٹرالی پر فریج کو رکھ کر گھر کی جانب لے کر جارہا ہے، اس دوران اس نے ٹرالی کو سیدھا کیا تو فریج پھسل کر زمین پر گر گیا اور اس کا سامنے کا حصہ چکنا چور ہوگیا۔

    دوسرا ڈیلیوری بوائے گاڑی کے پاس سے بھاگتا ہوا آیا، اس دوران وہ چیختا رہا کہ تم نے میرا انتظار کیوں نہیں کیا، تم کچھ دیر رک نہیں سکتے تھے؟

    بعد ازاں ڈیلیوری کرنے والوں نے اسے اسی طرح مالک تک پہنچایا اور کہا کہ یہ مینو فیکچرر سے اسی طرح ٹوٹا ہوا موصول ہوا، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج نے ان دونوں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    فریج خریدنے والے کا کہنا تھا کہ اس نے نیا فریج 4 ہزار 200 ڈالرز (6 لاکھ 61 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) میں خریدا تھا، شکر ہے کہ ابھی اس کا پرانا فریج موجود ہے اور وہ فریج سے مکمل طور پر محروم نہیں ہوا۔

    جونز کمپنی کو سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج بھجوانے کے بعد اب دوسرے فریج کا انتظار کر رہا ہے۔

  • فریج اور ڈیپ فریزرز کی ملکی پیداوار میں بالترتیب 8اور 43فیصد کا اضافہ

    فریج اور ڈیپ فریزرز کی ملکی پیداوار میں بالترتیب 8اور 43فیصد کا اضافہ

    اسلام آباد: گزشتہ مالی سال 2013-14ءکے دوران فریج اور ڈیپ فریزرز کی ملکی پیداوار میں بالترتیب 8اور 43فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ملک میں فریجوں کی پیداوار 13لاکھ 9ہزار یونٹس تک بڑ گئی جبکہ ڈیپ فریزرز کی ملکی پیداوار 86ہزار 9سو 81یونٹس ریکارڈ کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس سے گزشتہ مالی سال 2012-13ءکے دوران ملک میں 12لاکھ 10ہزار فریج اور 60ہزار 7سو 73ڈیپ فریزر تیار کئے گئے۔

    اس طرح گزشتہ مالی سال کے دوران فریجوں اور ڈیپ فریزرز کی مقامی پیداوار میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔