Tag: Friend

  • بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں سنجے لیلا کا واحد دوست کون ہے؟

    بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں سنجے لیلا کا واحد دوست کون ہے؟

    بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے انڈسٹری کے ایک خان کو اپنا واحد دوست مانتے ہیں۔

    بالی ووڈ ہنگامہ کے ساتھ ایک نئے انٹرویو میں، ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے اب سلمان خان کے ساتھ اپنی دوستی کے بارے میں بات کی، انہوں نے بتایا کہ دونوں نے ایک ساتھ فلم’’ انشاء اللہ‘‘ میں کام کیا تھا لیکن تخلیقی اختلافات کی وجہ سے اس فلم کو روک دیا گیا۔

    بالی ووڈ کے ہدایتکار نے کہا کہ اس انڈسٹری میں صرف سلمان خان ہی میرا واحد دوست ہے، ہم فلم ’انشااللہ‘ نہیں بناسکے لیکن اس کے بعد بھی وہ ہمیشہ میرے ساتھ کھڑا تھا، وہ مجھے کال کرکے میرا حال پوچھتا اور کہتا تھا کہ تم ٹھیک ہو؟ کسی چیز کی ضرورت تو نہیں۔

    سنجے لیلا نے کہا کہ میں سلمان خان کے مزاح سے بہت لطف اندوز ہوتا ہوں، وہ مجھے 3 یا 5 ماہ بعد کال کرتا ہے لیکن وہ کال صرف میری خیریت دریافت کرنے کے لیے ہوتی ہے انہیں فلم کی پرواہ نہیں وہ بس یہ پوچھا کیا آپ ٹھیک ہیں؟

    انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے کام کو لے کر نوک جھوک ہوئی تو ہم نے ایک دوسرے سے بات کی اور معاملہ سلجھا لیا، میں سلمان خان کی دوستی کے لحاظ سے بہت خوش قسمت ہوں کیوں کہ سلمان میرا ایک واحد دوست ہے جس سے 6 ماہ بعد بھی ملاقات ہو تو ہم وہی سے شروعات کرتے جہاں سے ہم نے چھوڑا تھا۔

    واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کے انتہائی متوقع پروجیکٹ ’’انشااللہ‘‘ میں سلمان خان اور عالیہ بھٹ مرکزی کردار ادا کرنے والے تھے۔ لیکن اس پروجیکٹ کو 2019 میں روک دیا گیا تھا۔

  • شادی کا جھانسہ دے کر بھاری رقم ہتھیا لی، خاتون عدالت پہنچ گئیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں شادی کا جھانسہ دے کر بھاری رقم بٹورے جانے کے بعد خاتون نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا، عدالت نے دھوکے باز نوجوان پر جرمانہ عائد کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق العین کی عدالت نے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے لاکھوں درہم لوٹنے والے نوجوان کے خلاف فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

    العین کی عدالت میں ایک خاتون نے مقدمہ دائر کر کے مطالبہ کیا کہ اسے شادی کا جھانسہ دے کر 8 لاکھ 48 ہزار 222 درہم وصول کرنے والے نوجوان سے رقم واپس دلائی جائے۔

    خاتون نے وعدہ خلافی اور دھوکا دہی سے ہونے والے مالی اور سماجی نقصان کی تلافی کے لیے مزید ایک لاکھ درہم کا بھی مطالبہ کیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ نوجوان سے اس کی دوستی ہو گئی تھی اور اس نے شادی کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم دھوکے باز نے رقم کی قلت کا بہانہ کر کے اس سے گھر کا فرنیچر خریدنے کے بہانے رقم طلب کی۔

    وہ تقریباً 6 سال سے اسے مسلسل رقم دیتی رہی۔

    خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کے دوست نے اس کی گاڑی اچھی قیمت پر فروخت کروانے کا جھانسہ دے کر گاڑی لے لی تھی اور یہ تاثر دیا تھا کہ اس کی گاڑی 6 لاکھ 52 ہزار 962 درہم میں فروخت کروا دے گا۔

    خاتون نے عدالت کے سامنے اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے واٹس ایپ مکالمے کی ریکارڈنگ اور اپنے اکاؤنٹ سے اس کے اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی کا ریکارڈ بھی پیش کیا۔

    عدالت نے حلفیہ بیان لینے کے بعد نوجوان کے خلاف فیصلہ صادر کرتے ہوئے اسے حکم دیا کہ وہ 5 لاکھ 40 ہزار 260 درہم جو خاتون کا حق ہے اسے ادا کرے، علاوہ ازیں 40 ہزار درہم ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

    نوجوان نے اس کے خلاف اپیل دائر کر دی تھی تاہم اپیل کورٹ نے بھی پرائمری کورٹ کی سزا بحال رکھی۔

  • سشانت سنگھ کا ایک اور قریبی دوست گرفتار

    سشانت سنگھ کا ایک اور قریبی دوست گرفتار

    نئی دہلی: گزشتہ سال خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے قریبی دوست کو گرفتار کرلیا گیا، دوست پر منشیات خریدنے اور سشانت سنگھ کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کے قریبی دوست سدھارتھ پٹانی کو منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) نے حیدر آباد سے سدھارتھ پٹانی کو گرفتار کیا جس کے بعد انہیں ممبئی لایا گیا۔

    این سی بی نے سدھارتھ پر منشیات خریدنے اور آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کو فراہم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

    این سی بی نے عدالت کو بتایا کہ سدھارتھ پٹانی کے خلاف سشانت سنگھ منشیات کیس میں ٹھوس ثبوت و شواہد موجود ہیں، عدالت نے ملزم کو یکم جون تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

    یاد رہے کہ آنجہانی اداکار سشانت سنگھ نے گزشتہ سال اپنے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی، اس وقت ان کے گھر میں 4 افراد موجود تھے جن میں سدھارتھ پٹانی بھی شامل تھے۔

  • فیس بک پر دوستی کا انتہائی بھیانک انجام

    فیس بک پر دوستی کا انتہائی بھیانک انجام

    خان پور :فیس بک کی دوستی نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی ، پولیس نے ملزم اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرکے مقتول کی لاش برآمد کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک پر دوستی کا انتہائی بھیانک انجام سامنے آ یا، چشتیاں کے رہائشی نوجوان ریحان بھٹی کی فیس بک کے ذریعے خان پور کے چک 2 پی کے ماسٹر عابد نامی مقامی زمیندار سے دوستی ہوئی تو وہ دوست سے ملنے خان پور چلا آیا۔

    جہاں پر نامعلوم وجوہات کی بنا پر ماسٹر عابد نے گولی مار کر ریحان بھٹی کو قتل کر دیا اور ساتھیوں کے ہمراہ لاش اپنے ڈیرہ پر دفنا دی۔

    اس واقعہ کی اطلاع پر صدر پولیس کے ایس ایچ او سیف اللہ خان کورائی نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو استعمال کرتے ہوئے اطلاع ملنے کے محض چند گھنٹوں کے اندر ہی قاتل کو اس کے 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے ملزمان کی نشاندہی پر مقتول کی لاش برآمد کر لی۔

    بہترین اور فوری کاروائی پر مقتول کے ورثاء اور شہری حلقوں کی جانب سے پولیس کی کارکردگی کو خوب سراہا گیا۔

    یاد رہے رواں ماہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں صبا نامی خاتون نے فیس بک کی مدد سے گھر میں داخل ہونے والے دو ڈاکوؤں کو پولیس کے ہاتھوں گرفتار کروایا تھا۔

    لاہور کے علاقے تھانہ فیصل ٹاؤن کی حدود میں واقع گھر میں دو ڈاکو لوٹ مار کی نیت سے داخل ہوئے، گھر میں موجود صبا نامی خاتون بالائی منزل پر موجود تھیں تو اسی دوران انہوں نے اہل خانہ کی ڈاکوؤں سے مزاحمت کی آوازیں سُنیں تو خاتون نے اپنے کمرے کا دروازہ بند کر کے فیس بک پر اسٹیٹس شیئر کیا کہ ’میرے گھر میں ڈاکو داخل ہوگئے ہیں‘۔

    صبا کے دوستوں اور دیگر عزیز و اقارب نے پوسٹ پڑھ کر پولیس کو بذریعہ ہیلپ لائن واقعے سے متعلق آگاہ کیا ، جس کے بعد تھانہ فیصل ٹاؤن کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور مکان کو گھیرے میں لے لیا اور آدھے گھنٹے مذاکرات کے بعد دونوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

  • لاکھوں ڈالر کا انعام اپنی دوست کی امداد کا نتیجہ ہے، امریکی خاتون

    لاکھوں ڈالر کا انعام اپنی دوست کی امداد کا نتیجہ ہے، امریکی خاتون

    واشنگٹن : اپنی دوست کی مدد کرنے والی ایک امریکی خاتون کی تقریباً تین لاکھ ڈالر کی لاٹری نکل آئی ہے جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 4 کروڑ 62 لاکھ روپے بنتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست نارتھ کیرولاینا کے شہر ولمنگٹن کی رہائشی خاتون ڈیبرا ڈینٹن اپنی دوست کا بہت خیال رکھتی ہیں اور اس کے گھر کا سودا سلف تک لا کر دیتی ہیں حتیٰ اگر کہیں جانا ہو تو ڈیبرا انہیں ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کرتی ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دو ہفتے قبل ڈیبرا اپنے دوست کے ہمراہ کچھ خریداری کےلیے گئیں جہاں انہوں ایک لاٹری دوست کو ایک لاٹری اس کی فرمائش پر خرید دی اور ایک لاٹری اپنے لیے بھی خرید لی جو ان کےلیےقسمت کی چابی ثابت ہوئی۔

    حیران کن طور پر اگلے ہی روز لاٹری جیتنے والے خوش نصیبوں کا اعلان ہوا جیک پاٹ جیتنے والی خوش نصیب ڈیبرا ڈینٹن پائیں۔

    امریکی خاتون کا کہنا تھا کہ پہلے تو مجھے یقین نہیں آیا میں کہ تین لاکھ ڈالر کی خطیر رقم ایک لاٹری ٹکٹ میں جیت گئیں ہوں لیکن تصدیق کے بعد معلوم ہوا کہ پہلے انعام کی حقدار میں میں ہی قرار ہائی ہوں۔

    ڈیبرا نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ میں اپنے کامیابی کا ذمہ دار اپنی دوست کے ساتھ کی جانے والی بھلائی کو سمجھتی ہوں جس کا مجھے صلا ملا ہے۔

  • انٹرنیٹ پر جھانسے میں آکر لڑکی نے اپنی سہیلی کو قتل کردیا

    انٹرنیٹ پر جھانسے میں آکر لڑکی نے اپنی سہیلی کو قتل کردیا

    واشنگٹن : پولیس نے انٹرنیٹ کے ذریعے لڑکی کو اکُسا کر واردات کروانے والے نوجوانوں اور بچوں کے ساتھ زیادتی جیسے دیگر جرائم میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست الاسکا میں انٹرنیٹ پر نامعلوم شخص نے نوے لاکھ ڈالر کا جھانسا دیکر کمسن بچی کو ورغلا کر اپنی دوست کو قتل کرنے پر آمادہ کرلیا۔

    میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اٹھارہ سالہ ڈینیلی بریمر نے اپنے چار ساتھیوں سمیت انیس سالہ سنتھیا ہوفن کو ہائکنگ کے دوران منصوبے کے تحت موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ قاتل نے گھناؤنی کارروائی کی وڈیو بنا کر ہدایات کے مطابق آن لائن خود کو ٹائلر نامی ارب پتی بتانے والے شخص کو بھیجیں۔

    پولیس نے واردات میں ملوث نوجوانوں اور بچوں کے ساتھ زیادتی جیسے دیگر جرائم میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اٹھارہ سالہ بریشمر نے مبینہ طور پر قتل کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ اسنیپ چیٹ کے ذریعے 90 لاکھ ڈالر کی پیش کش کرنے والےمبینہ ارب پتی کو دکھائی تھی۔

    پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ یہ کیس نوجوان بچوں کے والدین کے لیے ایک وارننگ ہے جو اپنے بچوں پر نظر رکھنےکے بجائے انہیں بے جا آزادی دیتے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ آلاسکا کے اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ’انٹرنیٹ پربے تحاشا اچھا مواد وجود ہےلیکن وہ ایک خراب جگہ بھی ہے لہذا والدین اپنے بچوں کی انٹرنیٹ سرگرمیوں پر نظر رکھےہیں۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق بریشمر نے 2 جون کو اپنی دوست کو دوران ہائکنگ قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

  • ننھی چڑیا اپنے محسن کو نہ بھولی، موسم بدلنے پر ہر سال ملنے آتی ہے

    ننھی چڑیا اپنے محسن کو نہ بھولی، موسم بدلنے پر ہر سال ملنے آتی ہے

    امریکی ریاست جارجیا میں ایک سیکیورٹی افسر ہر سال ایک ننھے سے مہمان کا استقبال کرتا ہے، یہ مہمان کوئی اور نہیں ننھا سا ہمنگ برڈ ہے جو ہر سال اپنے اس محسن سے ملنے آتا ہے۔

    دنیا کا سب سے چھوٹا پرندہ ہمنگ برڈ جو نصف انسانی انگلی سے بھی چھوٹا ہے، ہر سال اپنے اس دوست سے ملنے کے لیے آتا ہے۔

    مائیکل کارڈنز نامی یہ سیکیورٹی افسر بتاتا ہے کہ 4 سال قبل اپنے گارڈن میں اسے یہ پرندہ اس حالت میں ملا تھا کہ اس کے پر ٹوٹے ہوئے تھا، یہ زخمی تھا اور اڑ نہیں سکتا تھا۔

    مائیکل نے اس پرندے کی دیکھ بھال کی اور اس کی غذا کا خیال رکھا، 8 ہفتوں بعد جب پرندے کے پر دوبارہ اگ آئے اور وہ اڑنے کے قابل ہوگیا تو وہ واپس اپنے گھر کی طرف لوٹ گیا۔

    اس کے اگلے برس مائیکل نے دیکھا کہ وہ پرندہ پھر اس کی کھڑکی پر موجود تھا۔ یہ پرندہ اس علاقے سے دور جنوب کی طرف رہتا ہے اور مائیکل کے مطابق یہ خاصا لمبا سفر کر کے اس سے ملنے آیا تھا۔

    اس کے بعد یہ ہر برس کا معمول بن گیا۔ ہر سال جب پرندے ہجرت کرنا شروع ہوتے ہیں تو یہ پرندہ اپنے دوسرے گھر جانے سے قبل اپنے محسن سے ملنے ضرور آتا ہے جس نے اس کی جان بچائی تھی۔

    مائیکل کہتا ہے کہ اپنے اس دوست سے ملاقات کر کے اسے بے حد خوشی ملتی ہے اور اب وہ ہر سال شدت سے اس کا انتظار کرتا ہے۔

  • وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کے قریبی ساتھی بھی ایکواڈور سے گرفتار

    وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کے قریبی ساتھی بھی ایکواڈور سے گرفتار

    کیوٹو : وکی لیکس کے شریک بانی جولین اسانج کی گرفتاری کے بعد ایکواڈور میں ان کے ایک قریبی ساتھی اولا بینی کی بھی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایکواڈور کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کی گرفتار کے بعد ان کے ساتھی اولا بینی کو بھی گرفتار کرلیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایکوڈور کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس جاپان فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو تفتیش کیلئے حراست میں لیا ہے جو جولین اسانج کا قریبی ساتھی ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرفتار کیا گیا شخص اولا بینی سوئیڈش سافٹ ویئر ڈیولپر ہے, دوسری جانب ایکواڈور میں جولین اسانج کی گرفتاری کیخلاف شہریوں کا احتجاج جاری ہے۔

    خیال رہے کہ جولین اسانج کو ایک روز قبل ایکواڈور کی جانب سے سیاسی پناہ واپس لئے جانے کے بعد لندن میں واقع سفارت خانے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : برطانوی پولیس نے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کو گرفتار کرلیا

    وکی لیکس کے بانی کے خلاف مقدمہ، ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کے خلاف عدالت میں کیس کی سماعتوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، عدالت نے ملزم کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

    جج مائیکل سنو نے کہا کہ ملزم نے ایکواڈور کے سفارت خانے میں پناہ لے کر اپنی ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کی تھی۔

    استغاثہ کے دلائل کی روشنی میں اس خلاف ورزی پر جولیان اسانج کو ملکی قانون کے مطابق کم از کم ایک برس کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

  • کتاب کا اختتام کیوں بتایا؟ دوست نے دوست کے خنجر گھونپ دیا

    کتاب کا اختتام کیوں بتایا؟ دوست نے دوست کے خنجر گھونپ دیا

    ماسکو : برفیلے خطے انٹارکٹیکا پر روسی شہری ناول کا اختتام بتانے پر طیش میں آگیا اور باورچی خانے میں رکھی چھری اپنے دوست کے سینے میں گھونپ دی۔

    تفصیلات کے مطابق کرہ ارض کے برف سے دھکے ہوئے خطے انٹارکٹیکا میں گذشتہ دنوں اقدام قتل کی پہلی واردات پیش آئی جب ایک سائنس دان نے اپنے برسوں کے ساتھی کو ہی چاقو زنی کا نشانہ بنا دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ انٹارکٹیکا میں واقع بیلنگ شوسن تحقیقی مرکز میں گذشتہ چار برسوں سے تحقیق کرنے والے روسی شہری 55 سالہ سرگئی ساؤتسکی نے اپنے 52 سالہ ساتھی اولیگ ہیلوگزو کے سینے میں کہانی کا اختتام بتانے پر چھرا گونپ دیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اقدام قتل کی یہ انوکھی واردات گذشتہ ماہ 9 اکتوبر کو پیش آیا تھا، متاثرہ اولیگ کو سینے میں چھری گونپی گئی جو بری طرح سینے میں پوست ہوگیا تھا تاہم خوس قسمتی سے وہ زندہ بچ گیا۔

    روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی شخص کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے چلی روانہ کردیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے متاثرہ سائنس دان کو فوری طبی امداد فراہم کی۔

    ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ خنجر اولیگ کے سینے میں پوری طرح پیوست ہوگیا تھا جس کے باعث اس کے دل کو بھی نقصان پہنچا تھا تاہم وہ زندہ بچ گیا، ڈاکٹز کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 55 سالہ سرگئی ساؤتسکی نے روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کیا اور اعتراف جرم بھی کرلیا تھا جس کے بعد پولیس نے اسے گھر میں نظر بند کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے اولیگ کو اس وجہ سے قتل کرنے کی کوشش کی تھی کیوں کہ وہ جو بھی کتاب پڑھا اولیگ منع کرنے کے باوجود اس کا اختتام پہلے ہی بتایا کرتا تھا۔

    روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں دوست برفیلے خطے پر واقع سنسان تحقیقی مرکز میں اپنی تنہائی کو دور کرنے کے لیے کتابوں کا مطالعہ کرتے تھے۔

  • باڈی بلڈر بننے کا جنون، غلط ادویات نے نوجوان کی جان لے لی

    باڈی بلڈر بننے کا جنون، غلط ادویات نے نوجوان کی جان لے لی

    کراچی: شہر قائد سے تعلق رکھنے والا ایک اور نوجوان محمد احمد باڈی بلڈر بننے کے چکر میں غلط کوچ کے مشوروں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنی قیمتی جان گوا بیٹھا، دوستوں کا کہنا ہے کہ اُس نے کوچ کے کہنے پر ادویات کا استعمال کیا۔

    دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے نوجوان اپنے جسم کو خوبصورت بنانے کے لیے باڈی بلڈنگ کلب (جم) جوائن کرتے ہیں تاہم ان لڑکوں میں کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اپنے کوچ (سیئنر) کے کہنے پر عمل کرتے ہیں اور جسم کو مختصر عرصے میں خوبصورت بنانے کے چکر میں ڈاکٹر کی تجویز کے بغیر غلط ادویات کا استعمال شروع کردیتے ہیں۔

    کراچی سے تعلق رکھنے والا علی احمد نامی نوجوان غلط ادویات کے استعمال کے باعث دنیا سے رخصت ہوگیا۔ اُن کے دوست ہلال عارفین کا کہنا ہے کہ ’’احمد جسم کو خوبصورت بنانے کے لیے کوچ کے مشورے پر ادویات کا استعمال کرتا تھا اور یہی ادویات اُس کے لیے جان لیوا ثابت ہوئیں‘‘۔

    فیس بک پر کی گئی پوسٹ میں علی احمد کے دوست نے کہا ہے کہ ’’وہ ہمیں کہتا تھا کہ دیکھو میرا جسم تین ماہ میں کتنا خوبصورت ہوگیا مگر ایک دم اُس کی طبیعت خراب ہوئی اور جب ڈاکٹرز نے ٹیسٹ کروائے تو اُن میں ایک بات سامنے آئی کہ ادویات کے استعمال کے باعث بظاہر خوبصورت نظر آنے والا جسم اندر ونی حصوں میں خطرناک بیماریاں پھیلا رہا ہے‘‘۔

    انہوں نے پوسٹ میں کہا ہے کہ ’’ ٹیسٹ کی رپورٹس آنے پر ڈاکٹرز نے انکشاف کیا کہ علی احمد مسلسل ادویات کا استعمال کررہا تھا جس کے باعث اُس کے  گردے اور جگر بالکل ناکارہ ہوئے اور وہ چل بسا‘‘۔

    حلال عارفین نے اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ ’’احمد علی کے انتقال سے وہ نوجوان سبق حاصل کریں جو مختصر وقت میں اپنے جسم کو خوبصورت دکھانے کے لیے غلط ادویات استعمال کرکے جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں‘‘۔

    انہوں نے ایسے ٹرینرز پر بھی تنقید کی ہے جو روزانہ نوجوانوں کو بے وقوف بنا کر اپنی ادویات فروخت کرتے ہیں اور  نوجوانوں کو غلط ادویات کے استعمال پر آمادہ کرنے کی کوششوں میں رہتے ہیں۔