Tag: from Afghanistan to Lahore

  • لاہور دھماکا: خودکش بمبار کو افغان بارڈر سے لایا، ملزم کا ویڈیو بیان

    لاہور دھماکا: خودکش بمبار کو افغان بارڈر سے لایا، ملزم کا ویڈیو بیان

    لاہور: سانحہ لاہور چیئرنگ کراس میں گرفتار سہولت کار نے اعتراف کیا ہے کہ وہ خودکش حملہ آور کو طور خم بارڈر سے لاہور لایا، حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں ملزم کے اعترافی بیان کی ویڈیو دکھائی جس میں ایک ملزم انوار الحق کو دکھایا گیا ہے جس کا تعلق باجوڑ سے ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم انوار الحق اعتراف کررہا ہے اس کا تعلق جماعت الاحرار سے ہے اور وہ باجوڑ کا رہائشی ہے، ان کا ہدف پولیس اہلکار تھے۔

    ملزم نے بتایا کہ اس نے ان کاموں کی تربیت جماعت الاحرار سے یہیں پاکستان میں حاصل کی،15 سے 20 بار افغانستان گیا، تنظیمی نام عبدالحیان تھا،اس حملے کا حکم عمر خالد خراسانی اور جماعت الاحرار نے دیا۔

    دھماکے کے سوال پر اس نے بتایا کہ اسے کہا  گیا کہ لاہور جاؤ اور وہاں موجود پولیس اہلکاروں کو نشانہ بناؤ وہ جہاں بھی نظر آئیں، میں نے چکر لگایا مال روڈ پر پولیس نظر آئی جلدی سے واپس گیا اور بمبار کو وہاں لے آیا اور اس نے خود کو اڑالیا۔

    ملزم نے بتایا کہ خودکش بمبار کا نام نصراللہ تھا اور وہ عمر خالد خراسانی گروپ سے تعلق رکھتا تھا اور افغانستان میں کنڑ کے مقام پر رہائش پذیر تھا۔

    بیان کی مکمل ویڈیو:

    مختصر ویڈیو: 

    اس کا کہنا تھا کہ اسے خودکش جیکٹ 20 سے 25 دن پہلے ملی تھی جو کہ تنظیم کی طرف سے عارف نامی شخص نے پہنچائی، خودکش جیکٹ کو پشاور سے لاہور ٹرک میں لایا گیا تھا،خودکش جیکٹ کو ٹرک سے لانے کے لیے دو لاکھ روپے میں بات ہوئی تھی۔


    یہ بھی پڑھیں: خود کش بمبار کو لانے والا ملزم گرفتار


     واضح رہے کہ ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا جس میں وہ ملزم کو بائیک پر بٹھا کر لے جارہا ہے۔
  • لاہور پر حملے کا خدشہ: افغانستان سے دو خودکش بمبار پہنچ گئے

    لاہور پر حملے کا خدشہ: افغانستان سے دو خودکش بمبار پہنچ گئے

    لاہور: سیکیورٹی اداروں نے لاہور میں دہشت گردی کا الرٹ جاری کردیا اور کہا ہے کہ افغانستان سے دو خودکش بمبار لاہور میں داخل ہوگئے، سیکیورٹی سخت کردی جائے۔

    اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی ادارے کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کا خدشہ ہے، افغانستان سے دو دہشت گرد لاہور میں داخل ہوچکے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی سیکیورٹی مزید سخت کردیں تاکہ دہشت گرد کو کارروائی سے روکا جاسکے۔

    اے آر وائی نیوز لاہور کے نمائندے بابر خان نے بتایا کہ سیکیورٹی ادارے نے الرٹ میں بتایا ہے کہ لاہور میں داخل ہونے والے دونوں دہشت گرد کم سن ہیں اور ان کی عمریں 10 تا 12 سال ہیں جو کسی اسکول یا سرکاری عمارت کو نشانہ بناسکتے ہیں۔

    رپورٹر کے مطابق لاہور میں سیکیورٹی حکام اس ضمن میں روزانہ اجلاس منعقد کررہے ہیں اور متعدد اسکولوں کی انتظامیہ کو بھی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت دی ہے۔