Tag: from-ecl

  • حکومت کا نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا بڑا فیصلہ

    حکومت کا نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سےنکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ نوازشریف کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ، ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا نام 48 سے 72 گھنٹوں میں ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا، وہ آئندہ ہفتے بیرون ملک روانہ ہو سکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو ایئر ایمبولینس میں بیرون ملک لے جایا جاسکتا ہے، ان کے لئے ایئر ایمبولینس کی ضرورت پڑی تو درخواست کی جائے گی۔

    دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا حکومت کو غور کرنے کی ضرورت نہیں ہے، حکومت کا شروع سے مؤقف رہا ہے کہ نواز شریف کو باہر جاکر علاج کرانا چاہیے۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، عدالت کا نوازشریف کے معاملے پر جو فیصلہ ہوگا حکومت قبول کرے گی، نواز شریف کا ہم عمر ہوں ،خود بھی علیل اوراسپتال میں زیر علاج ہوں، نوازشریف جلدی سے باہر جائیں، علاج کرائیں اور واپس آئیں۔

    مزید پڑھیں : نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست وزارت داخلہ کو موصول

    یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف نے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست دی تھی، درخواست نواز شریف کی فیملی کی جانب سے بیماری اور بیرون ملک علاج کرانے کی بنیاد پر دی گئی تھی ، درخواست میں کہا گیا تھا کہ نوازشریف بیرون ملک علاج کے لئے جانا چاہتے ہیں۔

    گذشتہ روز مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس گر گئے ہیں اور ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، بار بار پلیٹ لیٹس کم ہونےکی وجہ معلوم نہیں ہورہی، نوازشریف کےعلاج کے لئے دستیاب سہولتیں استعمال کی جا رہی ہیں۔

    دو روز قبل سابق وزیراعظم نوازشریف کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا ، جس کے بعد انھیں شریف میڈیکل کمپلیکس منتقل کرنا تھا تاہم انھیں جاتی امرا پہنچا دیا گیا تھا، جہاں ان کیلئے ڈاکٹر عدنان کی زیرنگرانی انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کیاگیا تھا، جس میں وینٹی لیٹر اورکارڈیک کی سہولیات موجود ہیں۔

  • ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا گیا

    ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا گیا

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا گیا جبکہ اس سے قبل ہائیکورٹ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا گیا اور ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ10 روز تک معطل کردیا ہے جبکہ سندھ ہائیکورٹ میں وفاق کو مہلت دینے کی درخواست بھی منظور کرلی گئی ہے۔


    درخواست ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

    اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ میں ایان علی کے ای سی ایل سے نام نکالنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ، کیس کی سماعت جج جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی ہینچ نے کی۔ جس میں کرنسی اسمگلنگ کیس میں ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا

    سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس احمد علی شیخ نے فیصلہ سنایا، جس کے بعد فیصلے پر جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس کے کے آغا کے درمیان اختلاف پیدا ہوا۔

    اس معاملے پر جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کو ریفری جج مقرر کیا گیا تھا۔ ریفری جج نے جسٹس کے کے آغا کے فیصلے سے اتفاق کیا اور ایان علی کا نام ای سی ایل سے نام نکالنے کے فیصلے کی حمایت کردی۔

    عدالتی فیصلے پر سرکاری وکیل نے سپریم کورٹ میں اپیل کیلئے ایک ہفتے یا 15دن کی مہلت مانگی جس پر جسٹس احمد علی نے کہا کہ آپ کو کس بات کی مہلت دی جائے۔

    وکیل نے کہا کہ میرا کام درخواست کرنا ہے جس پر جسٹس احمد علی نے کہا کہ ہمارا جو کام تھا ہم نے کر دیا ہے۔


    مزید پڑھیں : عدالت نے ایان علی ای سی ایل کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا


    گذشتہ سماعت میں ایان علی کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود ای سی ایل سے نام نہیں نکالا گیا، جو عدالت کی توہین ہے، ایان علی کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ فوری فیصلہ سنایا جائے تاکہ ان کی مؤکلہ کو انصاف مل سکے، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے حکم جاری کر کے ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کردیا گیا تھا، مگر کراچی ائیرپورٹ پر امیگریشن حکام نے ماڈل گرل کو بیرون ملک روانہ ہونے سے روکتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے نام خارج کرنے کے کوئی احکامات موصول نہیں ہوئے، جس کے بعد ماڈل گرل کو واپس روانہ کردیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ماڈل ایان علی کے سامان سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے، جس کے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔