Tag: from kite

  • گوجرانوالہ: پتنگ کی ڈور میں کرنٹ سے باپ جاں بحق، بیٹا بیٹی زخمی

    گوجرانوالہ: پتنگ کی ڈور میں کرنٹ سے باپ جاں بحق، بیٹا بیٹی زخمی

    گوجرانوالہ : پنجاب میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی نہیں روکی جاسکی، پتنگ بازی نے ایک اور شخص کی جان لے لی، گوجرانوالہ کے محلہ فاروق گنج میں کٹی ہوئی پتنگ کی ڈور سے باپ جاں بحق بیٹی اور بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ جاری ہے، پتنگ بازی نے ایک اور گھر میں صف ماتم بچھا دی۔

    گوجرانوالہ میں دھاتی ڈور بجلی کے تاروں میں الجھی اورسانحہ ہوگیا، محلہ فاروق گنج میں چودہ سال کی عیشا اورسات سالہ حنین چھت پر کھیل رہے تھے۔

    اس دوران بچوں نے ایک کٹی ہوئی پتنگ پکڑنے کی کوشش کی تو قاتل ڈورمیں دوڑتے کرنٹ نے دونوں بچوں کو پکڑ لیا۔ باپ عبدالغفار بچوں کی چیخیں سن کر انہیں بچانے آیا۔

    بدنصیب باپ نے بچوں کو تو بچالیا مگرخود کو کرنٹ سے نہ بچا سکا، دھاتی ڈور میں الجھا عبدالغفار موقع ہی دم توڑ گیا جبکہ کرنٹ لگنے سے دونوں بچے بھی زخمی ہوگئے۔

    پنجاب میں پتنگ بازی اور دھاتی ڈور پر پابندی مذاق بن کررہ گئی ہے، پتنگیں بھی اڑ رہی ہیں، دھاتی ڈوربھی موت بانٹ رہی ہے، لیکن ان موت کے سوداگروں کو کوئی پکڑنے والا نہیں۔

    واضح رہے کہ پتنگ بازی میں سدی مانجھے کی جگہ کیمیکل ڈور کے استعمال نے لا تعداد گھروں میں صف ماتم بچھا دی ہے، اس حوالے سے بسنت میلوں میں بھی اکثر ایسے واقعات پیش آچکے ہیں کہ جس میں کئی گھروں کے چراغ بجھ گئے۔

  • پنجاب پولیس کا پتنگ بازوں‌ کو پکڑنے کے لیے دوربین کا استعمال

    پنجاب پولیس کا پتنگ بازوں‌ کو پکڑنے کے لیے دوربین کا استعمال

    لاہور: گوجرانوالہ پولیس نے پتنگ بازوں کو پکڑنے کے لیے دوربین کا استعمال شروع کردیا، اہلکار آسمان تکنے لگے، جہاں پتنگ اڑتی نظر آتی ہے تعاقب کرتے ہوئے گھر پہنچ جاتے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق گوجرانوالہ کی پولیس نہ آج کل چوروں کے تعاقب میں ہے اور نہ انہیں ڈاکوؤں کی تلاش ہے بلکہ انہیں حکم ہے کہ انہیں جہاں پتنگ نظر آئے وہیں پکڑ دھکڑ شروع کردی جائے۔

     

     

    پولیس اہلکاروں نے پتنگ بازوں کو پکڑنے کے لیے دوربینیں رکھ لی ہیں تاکہ آسمان پر جہاں پتنگ اڑتی نظر آئے وہیں پہنچ کر پتنگ اڑانے والے کو پکڑ لیا جائے۔

    اطلاعات کے مطابق پولیس نے افسران بالا کے احکامات ملنے کے بعد پتنگ بازوں کے خلا ف کریک ڈاؤن شروع کررکھا ہے اور جگہ جگہ چھاپے مار کر سیکڑوں رنگ برنگی پتنگیں اور ڈور کی درجنوں چرخیاں قبضے میں کرلی ہیں۔

    خبر میں دی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اہلکار موبائل پر اپنے افسر یا ساتھی کو آگاہ کررہا ہے کہ تھانہ ماڈل ٹاؤن میں کوئی پتنگ نہیں اتری، سب اڑ رہی ہیں۔

    پولیس اہلکار کے مطابق پتنگ اڑانے پر پابندی ہے، اس کی خلاف ورزی کرنے والے سیدھے حوالات جائیں گے۔