Tag: fruit

  • ملتان میں سیب اور بیر کی خصوصیات رکھنے والے انوکھے پھل کی کاشت

    ملتان میں سیب اور بیر کی خصوصیات رکھنے والے انوکھے پھل کی کاشت

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کی زرعی یونیورسٹی کے ماہرین نے ایسے پھل کی فصل کاشت کی ہے جو سیب اور بیر کی خصوصیات رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کی زرعی یونیورسٹی کے ہارٹی کلچر ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سمیع اللہ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور اس تجربے کے بارے میں بتایا۔

    ڈاکٹر سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ یہ پھل بنیادی طور پر تھائی لینڈ میں پایا جاتا ہے، انہوں نے اس پھل کے بیچ منگوا کر مقامی بیر میں اس کی گرافٹنگ کی جس کے بعد یہ فصل تیار ہوئی۔

    اس پھل کا ذائقہ میٹھا اور ترش ہے، یہ شوگر فری ہے اور اس میں بیج بھی نہیں ہے۔

    یہ پھل معدے اور دیگر امراض سے بچاؤ کی خاصیت بھی رکھتا ہے۔

    ڈاکٹر سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ مقامی بیر خود بھی اپنے اندر بہت سے فوائد رکھتا ہے لیکن زیادہ مقبول نہیں، اب یہ پھل اپنے ذائقے کی وجہ سے عوامی طور پر مقبول ہوسکتا ہے اگر تجارتی بنیادوں پر اس کی کاشت کی جائے۔

  • پھلوں کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ، عوام پریشان

    پھلوں کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ، عوام پریشان

    کراچی: ماہ رمضان کے دوسرے عشر ے کا آغاز ہو گیا ہے لیکن پھلوں کی قیمتیں بدستور آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے دوران پھلوں کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ ہو چکا ہے جس سے عوام پریشانی میں مبتلا ہیں، کیلے کی فی درجن قیمت 120 روپے سے 200 روپے ہوگئی، تربوز کی فی کلو قیمت 80 روپے سے 120 روپے پر پہنچ گئی، جب کہ منڈی میں 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

    سیب کی فی کلو قیمت 150 سے بڑھ کر 400 روپے اور خربوزہ 60 روپے اضافے کے ساتھ 100 روپے فی کلو، چیکو 150 روپے، اسٹرابیری 400 روپے کلو اور کیوی 500 روپے کلو ہوگئی ہے۔

    کولڈ اسٹور میں محفوظ کیے گئے امرود 200 روپے کلو اور کینو 400 روپے درجن کر دیے گے ہیں۔

    سبزی اور پھل منڈی ایکشن کمیٹی رہنما حاجی شائستہ خان کا کہنا ہے کہ رمضان میں پھلوں کی طلب میں اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں اضافہ اب ایک عام سی بات بنتی جا رہی ہے، جس سے متوسط اور غریب طبقے کو براہ راست نقصان ہو رہا ہے۔

    ماہ رمضان میں پھلوں کی قیمتوں میں دوگنے سے بھی زیادہ کا اضافہ کیا گیا ہے، عوام کے مطابق انتظامیہ اپنی نااہلی اور کرپشن کا بوجھ عوام پر ڈال دیتے ہیں، انتظامیہ ایک بازار میں کارروائی کرتی ہے تو دوسرے بازاروں میں صورت حال جوں کی توں برقرار رہتی ہے، اس صورت حال میں پھلوں کی قیمتیں عوام کی دسترس سے باہر ہو گئی ہیں۔

  • روز مرہ کی خوراک میں یہ تبدیلی آپ کو خوش باش رکھ سکتی ہے

    روز مرہ کی خوراک میں یہ تبدیلی آپ کو خوش باش رکھ سکتی ہے

    ویسے تو صحت مند غذا کھانا جسمانی اور دماغی صحت کے لیے ضروری ہے تاہم حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں کہا گیا کہ خوش رہنا چاہتے ہیں تو سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بڑھا دیں

    برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کا ورزش کے ساتھ امتزاج خوشی کا احساس بڑھاتا ہے۔

    اگرچہ طرز زندگی اور شخصیت پر خوشگوار اثرات کے درمیان تعلق کے بارے میں ماضی میں تحقیقی رپورٹس سامنے آچکی ہیں اور ماہرین کی جانب سے صحت بخش غذا اور ورزش کی حوصلہ افزائی بھی کی جاتی ہے، مگر اس نئی تحقیق میں ثابت کیا گیا کہ ان عوامل سے زندگی میں اطمینان بڑھ جاتا ہے۔

    یہ اپنی طرز کی پہلی تحقیق ہے جس میں پھلوں اور سبزیوں کے استعمال اور ورزش کو خوشی کے احساس کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔

    اس تحقیق کے لیے طرز زندگی کے عناصر اور خوشی کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی اور دریافت ہوا کہ پھلوں، سبزیوں اور ورزش اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں۔

    تحقیق میں یہ بھی دریافت ہوا کہ مرد ورزش زیادہ کرتے ہیں جبکہ خواتین پھل اور سبزیاں زیادہ کھاتی ہیں۔

    ماہرین نے بتایا کہ طویل المعیاد مقاصد کے لیے رویوں میں تبدیلی لانا صحت مند طرز زندگی کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر اچھا طرز زندگی ہمیں صحت مند رکھنے کے ساتھ خوش باش بھی بناتا ہے تو اس سے بہتر کیا ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پھلوں اور سبزیوں کو زیادہ کھانے اور ورزش کرنے سے خوشی کا احساس بڑھتا ہے جبکہ دیگر طبی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔

  • انار کاٹنے کا صحیح طریقہ سیکھیں

    انار کاٹنے کا صحیح طریقہ سیکھیں

    یوں تو پھل قدرت کا وہ انمول تحفہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، جسے شعبہ طب بھی صحت کے لیے بہت مفید قرار دیتا ہے، لیکن کچھ پھل ایسے ہوتے ہیں جسے کاٹنا یا چھیلنا کسی کوفت زدہ مرحلے سے کم نہیں ہوتا۔

    ایسے ہی انار وہ پھل ہے جسے کاٹنا یا چھیلنا مشکل ترین کام میں سے ایک ہے، بعض اوقات اسے کاٹنے میں انار کے دانے بکھر جاتے ہیں اور دونوں ہاتھ بھی سرخ رنگ میں رنگ جاتے ہیں۔

    لیکن اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ انار کاٹنے کا ایسا طریقہ سامنے آیا ہے جسے دیکھ کر نہ صرف آپ حیران ہوجائیں گے بلکہ اس پر عمل کرتے ہوئے باآسانی انار کے دانوں کے مزے بھی لے سکیں گے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کس طرح ایک شخص نے انار کو کاٹا اور اس کے باآسانی چھ حصے بھی کردیے، اس ویڈیو کو اب تک 30 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

    اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد یقیناً آپ بھی حیران ہوئے ہوں گے، اور آج سے ہی اس سلیقے اور گر کو استعمال کرتے ہوئے انار کے دانوں کو اس کی کھال سے جدا کرسکیں گے۔

    کھانے سے قبل پھل کو دھونا کتنا ضروری ہے؟

    سوشل میڈیا پر صارفین نے اس ویڈیو پر انتہائی حیرت کا مظاہرہ کیا، ایک صارف نے لکھا ’میں نے آج تک نہیں سوچا کہ اس طرح بھی انار کاٹا جاسکتا ہے، بہت عمدہ سلیقہ ہے‘۔

    اسی طرح ایک اور صارف نے لکھا کہ ’یہ دیکھنے میں جتنا آسان لگ رہا ہے اتنا ہے نہیں، بلکہ یہ ایک مشقت طلب مرحلہ ہے، جو سیکھنے سے ہی آئے گا‘۔

  • کراچی میں سبزی اور فروٹ منڈی کو جدید خطوط پر استوار کیاجائے گا: میاں زاہد حسین

    کراچی میں سبزی اور فروٹ منڈی کو جدید خطوط پر استوار کیاجائے گا: میاں زاہد حسین

    کراچی: سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ شہرقائد کے شہریوں کو روزانہ ایک ارب روپے کی سبزی اور فروٹ فراہم کرنے والی منڈی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔

    اپنے ایک بیان میں پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حیسن کا کہنا تھا کہ کراچی کی نئی سبزی منڈی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور وہاں کاروبار کرنے والوں کو مکمل سیکورٹی اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ نئی سبزی منڈی کو بنے ہوئے بارہ سال سے زیادہ ہو گئے ہیں مگر نہ تو سیکورٹی کا مناسب انتظام ہے، نہ دیگر سہولیات موجود ہیں اور نہ ہی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مناسب ساز و سامان مہیا کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرا چی کے شہریوں کو روزانہ ایک ارب روپے کی سبزی اور فروٹ فراہم کرنے اور لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم کرنے والی سبزی اور فروٹ منڈی میں پانی، بجلی، گیس، سیوریج اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانا اور تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے۔

    سابق وزیر نے مزید کہا کہ 2013 کی آتشزدگی میں تاجروں کا بھاری مالی نقصان ہوا تھا مگر اس کے باوجود آگ بجھانے کے انتظامات غیر تسلی بخش ہیں، منڈی میں دگر گوں حالات اور رشوت ستانی کے سبب کاروباری لاگت بڑھ جاتی ہے جس کی قیمت عوام کو ادا کرنا پڑتی ہے۔

  • آم اور کیلے کا مشترکہ ذائقہ رکھنے والا پھل

    آم اور کیلے کا مشترکہ ذائقہ رکھنے والا پھل

    آم جسے پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے ہر شخص کو پسند ہوتا ہے، یہ پھل اپنے اندر بے شمار فوائد بھی رکھتا ہے، ایسے ہی کچھ فائدوں کا حامل پھل کیلا بھی ہے۔

    لیکن کیا آپ نے کیلے اور آم کا مشترکہ ذائقہ رکھنے والا کھایا ہے؟

    ایسا پھل شمالی امریکا کے جنگلات میں اگتا ہے جسے پاپا کہا جاتا ہے۔ کیلے اور آم کا ذائقہ رکھنے والے اس پھل کو کسٹرڈ ایپل بھی کہا جاتا ہے۔

    یہ پھل پرانے وقتوں میں جب امریکا اس قر ترقی یافتہ نہیں ہوا تھا، بے حد آسانی سے مل جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ امریکا کے پہلے صدر جارج واشنگٹن اس پھل کو میٹھے میں تناول کیا کرتے تھے۔

    اس پھل میں سیب، نارنگی اور کیلے سے زیادہ پروٹین موجود ہوتی ہے جبکہ اس میں وٹامن اے، وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس بھی وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔

    یہ پھل بہت جلدی خراب ہوجاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسے تجارتی بنیادوں پر فروخت نہیں کیا جاسکتا، شہروں میں عام گروسری اسٹورز میں بھی اس کا ملنا مشکل ہے۔

    اگر آپ اسے کھانا چاہتے ہیں تو آپ کو شمالی امریکا کے کھیتوں اور جنگلات کا رخ کرنا پڑے گا جہاں یہ پھل تازہ حالت میں دستیاب ہوسکتا ہے۔

  • پرسیمنز، املوک یا جاپانی پھل کے صحت بخش فوائد

    پرسیمنز، املوک یا جاپانی پھل کے صحت بخش فوائد

    املوک، جاپانی پھل یا انگریزی میں اس کو پرسیمنز کہتے ہیں،  املوک دیکھنے میں بہت خوشنما نظر آتا ہے اور  اس کی شکل ٹماٹر سے ملتی جلتی ہے،  ٹماٹر رنگت میں سرخ لیکن املوک رنگ کے لحاظ سے نارنگی ہوتا ہے لیکن کھانے میں یہ انتہائی مزیدار ہوتا ہے۔

    یہ خزاں کے اس بھل کی پیداوار زیادہ تر چین میں ہوتی ہے اور یہ چائنہ پھل یا جاپانی کاکی پھل کے نام سے  بھی مشہور  ہے لیکن اب پاکستان میں بھی اس کی کاشت وسیع پیمانے پر کی جاتی ہے جس کے باعث یہ کافی سستا اور آسانی سے مل جانے والا پھل ہے۔

     یہ پھل مختلف ڈشز اور پڈنگ بنانے میں بھی استعمال ہوتا ہے،  کم کیلوریز والے اس پھل میں منرلز جیسے فاسفورس اور کیلشیم جبکہ وٹامنز اے اور سی موجود ہیں۔

    املوک گرم مزاج پھل ہے لہٰذا اس کو ہمیشہ اعتدال میں ہی کھائیں کچا پھل نقصان دہ ہوسکتا ہے اس لئے  پکا ہوا پھل ہی نوش فرمائیں، املوک میں وٹامن اے، وٹامن بی اور سی، پروٹین، کیلشیم، فاسفورس، فولاد اور پوٹاشیم  وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ سو گرام پھل میں صرف80کیلوریز ہوتی ہیں۔

    جاپانی پھل کےاہم فوائد:
    1۔ وزن کم کرتا ہے:
    ایک سو اڑسٹھ گرام کے درمیانہ سائز کے اس پھل میں صرف31گرام کاربوہائیڈریٹ موجود ہیں، اس میں چکنائی نہ ہونے کے برابر ہے، ان وجوہات کی بناء پر یہ پھل وزن کم کرنے کے خواہش مند لوگوں کے لیے بھی فائدہ مندہے۔

     اینٹی اوکسی ڈنٹ
    اس  پھل میں موجود اینٹی اوکسی ڈنٹ فری ریڈیکلز کا خاتمہ کرتے ہیں اور انسان کو انفیکشن اور  دیگر بیماریوں سے بچاتے ہیں جبکہ اس کے چھلکے میں موجود فائٹو کیمیکل جلد پر ہونے والے بڑھتی عمر کے اثرات کو روکتا ہے۔

     نظام ہضم بہتر بناتا ہے
    املوک میں موجود فائبر ہظام ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں ،  قبض کشا خصوصیات کے باعث یہ ان لوگوں کے لیے بہترین دوا بھی  ہے جو قبض میں مبتلا رہتے ہیں یا جگر کے دیگر مسائل کا شکار ہیں ۔

     پانی کی شکایت دور کرتا ہے
    پیشاب آور ہونے کی وجہ سے اس پھل پانی کی شکایت دور کرتا ہے اور پیشاب کی مقدار کو بڑھاتا ہے، اس میں پوٹاشیم کی موجودگی پیشاب کے ذریعے اہم معدنیات کو ضائع نہیں ہونے دیتی۔

     طاقت فراہم کرتا ہے
    املوک میں موجود شکر اور فرکٹوس کی وافر مقدار جسم کو توانائی فراہم کر کے ذہنی دباؤ اور سستی کے اثرات کو ختم کرتی ہے ۔ کھیل کود یا جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے لوگوں اور بچوں کے لیے بہترین ہے۔

     صحت مند دل کے لیے 
    اس میں موجود پوٹاشیم بلڈپریشر کو کم کرتی ہے اور بلڈ پریشر کی وجہ سے ہونے والے دل کے مسائل سے بچاتی ہے ۔

     کینسرسے بچنے کیلئے مفید 
    اینٹی اوکسی ڈنٹ کا بہترین ذریعہ ہونے کی وجہ سے یہ پھل فری ریڈیکل کو ختم کرتا ہے جو سیلز کو نقصان پہنچاکر کینسر کا باعث بن سکتے ہیں ۔ جاپانی پھل میں موجود وٹامن اے اور بیٹیولنگ ایسڈ کینسرسے مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔

    جلد کو چمکدار بنانے کے لیے 
    پرسیمن کا فیس ماسک جلد کو چمکدار بنانے کے لیے بہترین ہے۔ اس میں وٹامن اے، ای اور کیروٹین کی موجودگی جلد کو قدرتی چمک دیتی ہے،چمکدار جلد کے لئے املوک کا گودا چہرے پر لگائیں اور ۲۰ منٹ بعد دھولیں۔

    جلد کی زائد چکنائی کو کنٹرول کرتا ہے
    جلد میں سیبم کی زیادہ مقدار مساموں کو بند کرتی ہے جس سے مہاسے پھوٹ پڑتے ہیں،اس کا گودا کھیرے کے جوس کے ساتھ شامل کر کے ایک دن چھوڑ کر چہرے پر لگائیں ۔ مساموں کو صاف کرنے اور زائد چکنائی کروکنے کے لیے بہترین ہے۔

     بڑھتی عمر کے اثرات کو روکتا ہے
    جاپانی پھل میں اینٹی ایجنگ خصوصیات موجود ہیں اس کا باقاعدہ استعمال جلد کو جوان اور صحت مند رکھتا ہے۔ جلد میں فری ریڈیکل کی افزائش کو روکتا ہے اور جلد پر بڑھتی عمر کے اثرات ظاہر نہیں ہونے دیتا۔

     جھریوں سے بچاتا ہے
    اس میں موجود اینٹی اوکسی ڈنٹ لائیسو پین قدرتی سن اسکرین کا کام کرتا ہے اور الٹرا وائیلٹ شعاعوں سے بچاتاہے۔16 گرام لائیسو پین کا روزانہ استعمال جلد کو دھوپ سے ہونے والے نقصان سے بچا کر جلد پر جھریاں اور لکیریں نہیں پڑنے دیتا۔

    صحت مند بالوں کے لئے
    املوک میں موجود وٹامن اے ،بی اور سی بالوں کی نشوونما کے لئے بہترین ہیں۔

  • ماہ رمضان کا آغاز ہوتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو، پھلوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے

    ماہ رمضان کا آغاز ہوتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو، پھلوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے

    کراچی : ماہ رمضان کا آغاز ہوتے ہی اشیائے خوردونوش کے ساتھ ساتھ پھلوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ حکام سرکاری پرائس لسٹ پر عملدرآمد کرانے سے قاصر نظر آتے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے۔ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی اشیائے خوردونوش کے ساتھ ساتھ پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق 80 روپے درجن کے کیلے کی 150 روپے درجن میں فروخت ہورہے ہیں، 20 روپے کلو میں بکنے والا تربوز 30 روپے کلو جبکہ 80 روپے والا گرما 120 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔

    اطلاعات کا کہنا ہے کہ 80 روپے کلو میں بکنے والے سیب کی قیمت 150 روپے فی کلو ہوگئی، اور پھلوں کا بادشاہ سمجھا جانے والا پھل آم 150 سے 180روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔

    حکام سرکاری پرائس لسٹ پر عملدرآمد کرانے سے قاصر نظر آتے ہیں نتیجتاً بے یار و مدد گارعوام مہنگائی کے بو جھ تلے دبتے ہی جا رہے ہیں۔

    شہری میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ سوال کرتے نظر آئے کہ پرائس کنٹرول کے لئے مؤثر قانون کیوں نہیں ہے؟ آخر سندھ حکومت پرائس کو کنٹرول کرنے میں سنجیدہ کب ہوگی؟ قیمتیں کنٹرول کرنے کے لئے قانون سازی کب کی جائے گی؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی کے بعد لاہور میں بھی پھلوں کا بائیکاٹ

    کراچی کے بعد لاہور میں بھی پھلوں کا بائیکاٹ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے سستے رمضان بازاروں میں بھی پھل مہنگے ہوگئے۔ کراچی والوں کی طرح لاہوریوں نے بھی پھلوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے لگائے گئے لاہور کے سستے رمضان بازاروں میں آٹا، چینی اور کچھ سبزیاں سستی تو ضرور کر دی گئیں لیکن پھلوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں۔

    صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں شہریوں کی جانب سے 3 دن تک پھلوں کے بائیکاٹ کی خبریں جب سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں تو لاہوری بھی مہنگائی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور لوگوں کی بڑی تعداد نے پھل خریدنے سے اجتناب کرنا شروع کردیا۔

    مزید پڑھیں: اہل کراچی 3 دن پھلوں کا بائیکاٹ کریں گے

    کئی گھریلو خواتین نے بھی رمضان بازار میں پھلوں کی قیمتیں سن کر بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

    لوگوں کا ماننا ہے کہ اگر صرف غریب طبقہ ہی مہنگے پھل خریدنے سے انکاری ہو جائے تو ذخیرہ اندوزوں کا 50 فیصد نقصان ضرور ہو گا جو انہیں قیمتیں کم کرنے پر مجبور کر دے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کیلا حیرت انگیز فوائد کا حامل پھل

    کیلا حیرت انگیز فوائد کا حامل پھل

    کیلا روزمرہ زندگی میں استعمال کیا جانے والا ایک عام پھل ہے جو جسم کو فوری طور پر توانائی پہنچانے کا سبب بنتا ہے۔ یہ پھل جسم پر بے شمار مفید اثرات مرتب کرتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ایک بہترین ناشتہ وہ ہے جس میں مختلف پھل شامل ہوں، تاہم اگر ناشتے میں کیلوں کا استعمال کیا جائے تو یہ دن بھر چاک و چوبند اور فعال رکھنے کے لیے بہترین غذا ہے۔

    ناشتے میں کیلے کا استعمال آپ کی جسمانی غذائی ضروریات کو بھی پورا کرتا ہے اور آپ بے وقت بھوک لگنے کے باعث غیر صحت مند اشیا کھانے سے بچ جاتے ہیں۔

    کیلے کی سب سے اہم خاصیت

    کیلے میں تین طرح کی قدرتی شکر پائی جاتی ہے۔ سکروز، فروکٹوز اور گلوکوز۔ کیلے میں فائبر یا ریشے بھی موجود ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کیلے کو فوری توانائی پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔

    banana-2

    اس پھل کی اسی اہم خاصیت کے باعث دنیا بھر میں مختلف کھیلوں کے ایتھلیٹس کی خوراک کا یہ لازمی جز ہے۔

    کیلے کے حیرت انگیز فوائد

    بظاہر معمولی سا نظر آنے والا یہ پھل اپنے اندر حیرت انگیز خواص رکھتا ہے۔

    اس کی ایک اور خاصیت فوری طور پر ذہنی دباؤ اور ڈپریشن سے نجات دینا ہے۔

    ماہرین کے مطابق کیلے میں موجود ایک عنصر ٹرائپٹوفن ایسا پروٹین ہے جو انسان کو ذہنی سکون دیتا ہے اور انسان کے موڈ کو بہتر بناتا ہے۔

    طبی ماہرین کی تجویز ہے کہ ڈپریشن کا شکار افراد کیلے کو اپنی خوراک کا حصہ بنا لیں۔ یہ فوری طور پر بھی دماغی اعصاب کو سکون پہنچاتا ہے جبکہ اس کا مستقل استعمال دماغ خلیات کو آرام دہ بناتا ہے۔

    shake

    کیلا انسانی ذہن کی کارکردگی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

    اس میں موجود آئرن یا فولاد جسم میں ہیمو گلوبن میں اضافہ کرتا ہے جو نیند لانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

    کیلے میں پایا جانے والا پوٹاشیئم بلڈ پریشر کو معمول کے مطابق رکھتا ہے جبکہ یہ فالج کے خطرے سے بھی بچاتا ہے۔

    حاملہ خواتین یا ایسے افراد جو صبح اٹھنے کے بعد اپنی طبیعت گری گری محسوس کرتے ہیں، ناشتے میں لازمی طور پر کیلے کا استعمال کریں۔ کیلا ان کے اس مرض مارننگ سکسنیس کو قابو میں رکھے گا۔

    کیلا دماغ میں ٹیومر کے خلیات کی افزائش اور انہیں جان لیوا بننے سے روکتا ہے۔

    یہ حیرت انگیز پھل گردے کے سرطان، ذیابیطس اور نابینا پن سے بچاؤ میں بھی مدد گار ہے۔

    تو پھر آج ہی سے کیلے کا استعمال شروع کردیں۔ لیکن یاد رہے کہ رہے کہ یہ استعمال اعتدال کے اندر ہونا چاہیئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔