Tag: fruits

  • رمضان المبارک: پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، لوگ خریدنے سے قاصر

    رمضان المبارک: پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، لوگ خریدنے سے قاصر

    رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچیں، قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ عام سبزی اور پھل بھی غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے۔

    اس وقت ملک بھر میں پیاز 160 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے، آلو 70 روپے کلو، بینگن 80 روپے کلو، کھیرا 70 روپے کلو اور بھنڈی 260 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔

    یہی حال پھلوں کا ہے، رمضان سے قبل 150 سے 200 روپے درجن ملنے والے کیلے اس وقت 400 روپے پر پہنچ گئے ہیں، سیب کی قیمت 430 روپے کلو پر جا پہنچی ہے۔

    رمضان المبارک میں افطار کا اہم جز کھجور بھی عوام کی دسترس سے باہر ہوچکا ہے، کھجور 580 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ رمضان کے ابتدائی ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.80 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 48.35 فیصد تک پہنچ گئی۔

    20 سے 24 مارچ 2023 کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

  • رات میں پھل کھانا صحت کے لیے نقصان دہ؟

    رات میں پھل کھانا صحت کے لیے نقصان دہ؟

    پھل کھانا انسانی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے جو جسم کو توانائی فراہم کر کے اسے مختلف بیماریوں سے بچاتے ہیں، تاہم کیا پھل کھانے کا کوئی وقت بھی ہوسکتا ہے؟

    ویسے تو پھلوں کو کسی بھی وقت کھایا جاسکتا ہے تاہم اکثر لوگ انہیں رات میں کھانے سے منع کرتے ہیں۔

    اس بات کے کوئی سائنسی ثبوت نہیں کہ رات میں پھل کھانے سے صحت متاثر ہوتی ہے تاہم کچھ لوگوں کو رات میں پھل کھانے سے کوئی طبی مسئلہ ہوسکتا ہو۔

    جیسے کہ نیند میں خلل، سونے سے قبل کچھ بھی کھانا نیند میں خلل کا سبب بن سکتا ہے اور پھل ان سے مختلف نہیں ہیں، تو کوشش کریں کہ سونے سے تین گھنٹے قبل انہیں کھانے سے گریز کریں۔

    رات گئے پھل کھانے سے ان میں موجود چینی خون میں شامل ہونے لگتی ہے جس سے خون میں گلوکوز کی سطح بڑھ سکتی ہے تاہم اس کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے سے 3 گھنٹے قبل کھانا اور پھل وغیرہ کھا لیں، تاکہ انہیں ہضم ہون ے کا وقت مل سکے اور وہ ہاضمے پر بوجھ نہ بنیں جس سے آپ کی نیند متاثر ہوسکتی ہے۔

  • وہ سبزیاں جو دراصل پھل ہیں

    وہ سبزیاں جو دراصل پھل ہیں

    اپنی روزمرہ کی زندگی میں استعمال ہونے والی سبزیوں اور پھلوں کی شناخت کے بارے میں تو ہم جانتے ہی ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کچھ سبزیاں ایسی ہیں جو درحقیقت پھل ہیں۔

    دراصل پھلوں اور سبزیوں کے درمیان فرق کرنے والی نباتاتی وضاحت مختلف ہے۔

    علم نباتات کے اصولوں کے مطابق پھل کی تعریف یہ ہے کہ پودے کے پھول سے پیدا ہونے والا نرم گودا جس میں پودے کا بیج ہو، پھل کہلاتا ہے اور تکنیکی لحاظ سے ٹماٹر اس تعریف پر پورا اترتا ہے، اس کے مقابلے میں کسی پودے کے پھلوں کے حصے کو نکال کر کھائے جانے والے ہر حصے کو سبزیاں کہا جاتا ہے۔

    تو ایسی سبزیوں کے بارے میں جانیں جو تکنیکی لحاظ سے پھل ہیں مگر ہم انہیں سبزیاں سمجھ کر کھاتے ہیں۔

    زیتون

    زیتون میں گٹھلی موجود ہوتی ہے اور یہ سبزی نہیں پھل ہے۔

    مکئی

    مکئی بھی تکنیکی لحاظ سے ایک پھل ہے۔

    کھیرا

    کھیرا بھی سبزی نہیں بلکہ پھل ہے، کھیرے تربوز اور خربوزے جیسے پھلوں کے پودوں کے خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک پودے کا پھل ہوتے ہیں۔

    گھیا توری

    یہ بھی تکنیکی لحاظ سے سبزی نہیں بلکہ ایک پھل ہے۔

    کدو یا میٹھا کدو

    اس کو اگر آج تک سبزی سمجھ کر کھاتے رہے ہیں تو جان لیں علم نباتات کے اصولوں کے مطابق یہ ایک پھل ہے۔

    بھنڈی

    جی ہاں بیجوں سے بھرپور یہ سبزی بنیادی طور پر ایک پھل ہے۔

    بینگن

    ویسے تو بینگن آلو کے خاندان کے پودوں کا حصہ ہے مگر بینگن میں بیج موجود ہوتے ہیں اور وہ پودے کے پھولوں کے طور پر اگتے ہیں تو تکنیکی لحاظ سے یہ سبزی نہیں بلکہ ایک پھل ہے۔

    مرچ

    ہر قسم کی مرچیں یعنی ہری مرچ، شملہ مرچ یا دیگر سب ہی تکنیکی لحاظ سے پھل ہیں۔

    ٹماٹر

    ٹماٹروں کے بارے میں تو عرصے سے یہ بحث چل رہی ہے کہ یہ ایک پھل ہے یا سبزی، سنہ 1983 میں امریکی سپریم کورٹ نے بھی اسے ایک مقدمے میں سبزی قرار دیا تھا مگر نباتاتی ماہرین سے پوچھا جائے تو ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک پھل ہے جسے لوگ سبزی سمجھتے ہیں۔

    کریلے

    اگر آپ کو یہ سبزی کھانا پسند نہیں تو شاید یہ جان کر اسے کھالیں کہ یہ تکنیکی لحاظ سے ایک پھل ہے۔

    مٹر اور سبز پھلیاں

    مٹر اور سبز پھلیاں بھی تکنیکی لحاظ سے سبزیاں نہیں بلکہ پھل ہیں۔

  • وہ سبزیاں اور پھل جو گرم موسم میں بھی تروتازہ رہ سکتے ہیں

    وہ سبزیاں اور پھل جو گرم موسم میں بھی تروتازہ رہ سکتے ہیں

    پاکستان میں آج کل موسم گرما اپنے عروج پر ہے، شدید گرمی اور حبس میں روزانہ بازار جاکر پھل اور سبزیوں کی خریداری کرنا بھی ممکن نہیں، اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے اگر ایک ہفتے کی خریداری ایک ساتھ کر لی جائے تو مناسب ہے۔

    موسم سرما کے نسبت گرما میں عمومی طور پر کم سبزیاں مارکیٹ میں دستیاب ہوتی ہے تاہم ان سبزیوں کو کتنے دن تک محفوظ رکھا جاسکتا ہے؟ یہ سوال ہر کفایت شعار خاتون کے ذہن میں گردش کرتا ہے اور وہ اس کے لئے طرح طرح کے ٹوٹکے بھی استعمال کرتی ہیں۔

    ارے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہم آپ کو ان سبزیوں کے نام بتادیتے ہیں جنہیں آپ زیادہ سے زیادہ کب تک استعمال کرسکتے ہیں، قارئین کی سہولت کے لئے انہیں تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، اس طرح ایک طرف تو آپ کو تازہ سبزیاں اور پھل میسر آئیں گی جبکہ خراب ہونے کی صورت میں پیسوں کے ضیاع کو بھی بچایا جاسکے گا۔

    وہ پھل اور سبزیاں جو پانچ روز تک تروتازہ رہتی ہے

    بیگن، کھیرا، خوبانی، کیلا، آڑو، آلوبخارہ، مولی، پالک، چقندر، انگور، کیوی، آم، اروی، نارنگی، مٹر اور ٹماٹر، ان میں سے بعض سبزیاں اور پھل سردیوں میں آتے ہیں۔

    ہفتے بھر تازہ دم رہنے والی سبزیاں اور پھل

    بندگوبھی، پھول گوبھی، ہری پھلیاں، ثابت تربوز, سیب اور شملہ مرچ۔

    دوہفتے تک تازہ رہنے والی سبزیاں اور پھل

    ہری مرچ، شلجم، گاجر، لیموں، اناراور شکرقندی۔

  • زندگی میں خوشی کیلئے پھل، سبزیاں اور ورزش لازمی قرار

    زندگی میں خوشی کیلئے پھل، سبزیاں اور ورزش لازمی قرار

    واشنگٹن : امریکی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ صحت مند اور خوشحال زندگی کا راز تازہ سبزیوں اور پھلوں کے ساتھ ورزش میں پوشیدہ ہے۔

    یہ بات طبی جریدے جرنل آف ہیپی نیس اسٹیڈیز میں شائع ہونے والی کینٹ یونیورسٹی اور ریڈنگ یونیورسٹی کی اس مشترکہ تحقیق میں سامنے آئی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کا ورزش کے ساتھ امتزاج انسان کی خوشی کا احساس بڑھاتا ہے۔

    اس تحقیق کے لیے طرز زندگی کے عناصر اور خوشی کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی اور دریافت ہوا کہ پھلوں، سبزیوں اور ورزش اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں۔

    محققین کا کہنا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ ورزش کی عادت اپنانے سے انسان میں خوشی کا احساس بڑھتا ہے۔

    تحقیق کے مطابق اس طرح کرنے سے انسان متعدد بیماریوں سے بھی بچ جاتا جن میں عارضہ قلب، شوگر، کولیسٹرول لیول، بلڈ پریشر اور کینسر جیسی مہلک و جان لیوا بیماریاں بھی شامل ہیں۔

  • وہ پھل جو آپ کے ناشتے کو توانائی کا خزانہ بنا دیں

    وہ پھل جو آپ کے ناشتے کو توانائی کا خزانہ بنا دیں

    ناشتہ توانائی کا وہ بوسٹر ہے جو دن بھر ہمیں تازہ دم اور چاک و چوبند رکھتا ہے، ناشتہ نہ کرنے ہمارے جسم کے لیے بے حد نقصان کا سبب ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ناشتہ کیے بغیر گھر سے نہیں نکلنا چاہیئے اور اگر گھر میں بنا ہوا عین حفظانِ صحت کے مطابق صحت بخش غذاؤں سے ناشتہ کیا جائے تو دن کی یہ پہلی غذا سارا دن جسم کو توانائی فراہم کرتی ہے۔

    ناشتے میں استعمال کی جانے والی کچھ ایسی غذائیں بھی ہیں جو برسہا برس آپ کو تندرست و جوان رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

    فٹنس ایکسپرٹس بھی اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ بڑھتی عمر اگرچہ ایک قدرتی عمل ہے مگر اس کا 80 فیصد تعلق ہمارے طرزِ زندگی اور غذا سے ہوتا ہے، انسان میں بڑھتی عمر کے اثرات سب سے پہلے چہرے اور بالوں پر ظاہر ہونا شروع ہوتے ہیں۔

    ناشتہ چونکہ دن کی اہم ترین غذا ہوتی ہے لہٰذا اس میں اگر ضروری اور متوازن غذاؤں کا باقاعدگی سے استعمال جاری رکھا جائے تو باآسانی جھریوں سے بچا جاسکتا ہے۔

    تخم بالنگا

    تخم بالنگا کا استعمال عموماً مشروبات میں کیا جاتا ہے لیکن اس کے بیج بڑھتی عمر کے اثرات کم کرنے کا باعث بھی بنتے ہیں، تخمِ بالنگا پروٹین سے بھرپور ہوتا ہے، اس میں پایا جانے والا اومیگا 3 فیٹی ایسڈ انسان میں بڑھتی عمر کے اثرات کم کرنے اور جلد کو ہائیڈریٹ اور موئسچرائز رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

    تخم بالنگا کے بیج ذائقے دار نہیں ہوتے اسی لیے انہیں صبح ناشتے کے وقت پانی میں یا پڈنگ کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے، تخم بالنگا کے بیجوں کی پڈنگ بنانے کے لیے بادام، کاجو، بیری اور چیری کا استعمال سود مند ثابت ہوتا ہے۔

    جو کا دلیہ

    مختلف تحقیق سے یہ ثابت ہوا ہے کہ ناشتے میں جو کا دلیہ کھانے سے خراب کولیسٹرول میں کمی واقع ہوتی ہے، جو کے دلیے میں پلانٹ فائبر، نائٹروجن کمپاؤنڈز، گوند، چینی اور فیٹس کی معمولی مقدار کے علاوہ نشاستہ بھی پایا جاتا ہے جو کہ انسانی جسم سے خراب کولیسٹرول کی مقدار کم کر کے تندرست بناتا ہے۔

    سبز چائے

    مختلف اقسام کی چائے میں بڑھتی عمر کے اثرات زائل کرنے والے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں تاہم دیگر اقسام کی چائے کی نسبت سبز چائے میں اینٹی ایجنگ خصوصیات زیادہ پائی جاتی ہیں۔

    پپیتا

    پپیتا مختلف اقسام کی اینٹی آکسیڈنٹس خصوصیات، معدنیات اور پروٹینز پر مشتمل ہوتا ہے، پپیتے میں موجود خصوصی انزائمز (پاپین، بیٹاکیروٹین اور لائیکوپین) کی موجودگی اسے صحت اور جِلد کے لیے متعدد فوائد کا حامل بناتی ہے۔

    دن کا آغاز پپیتے جیسے ذائقے دار پھل سے بھی کیا جا سکتا ہے، یہ پیٹ کی صفائی اور میٹا بولزم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نہایت مفید پھل ہے۔

    بلیو بیری

    اگرچہ بلیو بیریز دکھنے میں چھوٹی ہوتی ہیں لیکن یہ چھوٹا سا پھل انسانی جسم میں جا کر بیش بہا فوائد کا باعث بنتا ہے۔ بلیو بیریز اینٹی ایجنگ خصوصیت سیت متعدد بیماریوں کے خلاف مزاحمت کا کام کرتی ہیں، بلو بیریز کے استعمال سے طویل عرصے تک چاق و چوبند اور جوان رہا جا سکتا ہے۔

  • کراچی میں 10 روپے کلو پھل فروخت ہونے لگے

    کراچی میں 10 روپے کلو پھل فروخت ہونے لگے

    رمضان المبارک میں جہاں ہر شے کی قیمت کو پر لگ جاتے ہیں وہیں پھل بھی مہنگے ترین بکنے لگتے ہیں، تاہم کراچی کے نوجوانوں نے اس کا ایک انوکھا حل ڈھونڈ نکالا۔

    کراچی کے نوجوانوں کا ایک گروپ جیل چورنگی کے قریب ایک اسٹال پر 10 روپے کلو پھل فروخت کر رہا ہے۔

    اس کام میں ان نوجوانوں کو مخیر حضرات کی مدد بھی حاصل ہے جبکہ علاقے کے بچے بھی اپنے گھروں سے پھل لا لا کر انہیں عطیہ کر رہے ہیں۔

    ان نوجوانوں کا کہنا ہے کہ روزانہ 400 افراد آتے ہیں، لوگ زیادہ ہوجاتے ہیں اور پھل کم پڑجاتے ہیں لیکن وہ جیسے تیسے چلا رہے ہیں۔

    یہاں سے پھل خریدنے والے بھی بے حد خوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہاں سے ملنے والے پھل بہترین کوالٹی کے ہیں۔ یہاں سے پھل خریدنے والوں میں زیادہ تر افراد کم آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔

  • خوش رہنا چاہتے ہیں تو یہ ترکیب آزما لیں

    خوش رہنا چاہتے ہیں تو یہ ترکیب آزما لیں

    آج کل کی مصروف زندگی میں خوشی ایک نایاب شے بن گئی ہے، لیکن بہت کم لوگ اس چیز کو سمجھتے ہیں کہ ہماری غذا نہ صرف جسمانی اثرات مرتب کرتی ہے بلکہ ہماری نفسیات اور دماغ پر بھی اپنا اثر چھوڑتی ہے۔

    آسٹریلیا میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق زیادہ پھل اور سبزیاں کھانا نہ صرف آپ کو جسمانی طور پر صحت مند رکھتا ہے بلکہ آپ کو خوش بھی رکھتا ہے۔

    کوئنز لینڈ یونیورسٹی میں کی جانے والی اس تحقیق سے پتہ چلا کہ سبزیاں اور پھل کھانا صرف طبی اور جسمانی طور پر ہی فائدہ مند نہیں بلکہ نفسیاتی طور پر بھی بہتری کا سبب بن سکتا ہے۔

    تحقیق کے لیے 12 ہزار سے زائد افراد کو منتخب کیا گیا اور ان سے کہا گیا کہ وہ اپنے غذائی چارٹ کے ساتھ اپنی کیفیات کو بھی ڈائری میں لکھیں۔

    نتائج سے پتہ چلا کہ وہ افراد جنہوں نے اپنی غذا میں پھل اور سبزیاں استعمال کیے تھے ان کے اندر مسرت اور اطمینان کے احساسات زیادہ دیکھے گئے۔

    تحقیق سے یہ بھی پتہ چلا کہ جن افراد نے 2 سال تک سبزیوں اور پھلوں کو اپنی خوراک کا حصہ بنائے رکھا وہ جذباتی اور نفسیاتی طور پر زیادہ مستحکم ہوگئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سبزیاں اور پھل ہمارے جسمانی نظام کو صحت مند رکھتی ہیں اور دوران خون میں اضافہ کرتی ہیں جس سے ہمارا دماغ بھی ہلکا پھلکا رہتا ہے اور ہم اطمینان اور خوشی محسوس کرتے ہیں۔

    اس کے برعکس جنک فوڈ ہمارے جسم میں چکنائی اور غیر معیاری اجزا کی مقدار میں اضافہ کردیتا ہے جبکہ دماغ پر بھی ناخوشگوار اثرات ڈال کر ہمیں ذہنی تناؤ میں مبتلا رکھتا ہے۔

  • کھانے سے قبل پھل کو دھونا کتنا ضروری ہے؟

    کھانے سے قبل پھل کو دھونا کتنا ضروری ہے؟

    کیا آپ پھل کھانے سے قبل انہیں دھوتے ہیں؟ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا آپ کو بہت سے خطرات سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

    فوڈ سیفٹی ماہرین کے مطابق کھانے سے قبل پھلوں کو دھو لینا ان پر لگے جراثیموں اور دھول مٹی سے جان چھڑانے کا آسان طریقہ ہے۔

    بعض افراد ان پھلوں کو نہیں دھوتے جن کا اندرونی حصہ کھایا جاتا ہے جیسے کہ تربوز، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے پھلوں کی بیرونی سطح پر ننھے سوراخ یا پورز ہوتے ہیں جن سے یہ جراثیم اندر داخل ہوسکتے ہیں۔

    ماہرین کی تجویز ہے کہ پھلوں کو کھلے ہوئے نل کے نیچے رکھ کر انہیں ہلکا سا رگڑا جائے۔

    ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پھلوں کو دھونا بھی اس بات کو یقینی نہیں بناتا کہ آیا یہ پھل کھانے کے لیے مکمل طور پر محفوظ ہوگئے ہیں یا نہیں، البتہ جراثیموں سے بچنے کی ایک فائدہ مند کوشش ضرور ثابت ہوسکتا ہے۔

  • تازہ سبزیوں کی زہریلی حقیقت آپ کو پریشان کردے گی

    تازہ سبزیوں کی زہریلی حقیقت آپ کو پریشان کردے گی

    آپ جب سبزی خریدنے جاتے ہوں گے تو آپ کی کوشش ہوتی ہوگی کہ سائز میں بڑی اور تازہ دکھنے والی سبزیاں خریدیں۔ لیکن ان تازہ دکھائی دینے والی سبزیوں کی حقیقت آپ کو پریشان اور خوفزدہ کرسکتی ہے۔

    کیا آپ کو معلوم ہے کہ جب فصل میں سبزی لگنا شروع ہوتی ہے تو اس میں انجیکشن کے ذریعے آکسی ٹوسن نامی مادہ انجیکٹ کردیا جاتا ہے۔

    اس مادے سے سبزیوں کی بڑھوتری میں اضافہ ہوجاتا ہے اور وہ حجم جو فصل کو ایک ہفتے تک دھوپ لگنے کے بعد سبزی کو حاصل ہوتا ہے، صرف ایک یا دو دن میں حاصل ہوجاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: غذائی اشیا میں کی جانے والی جعلسازیاں

    اسی طرح سبز رنگ کی سبزیوں جیسے بھنڈی کو صنعتوں میں استعمال کیے جانے والے سبز رنگ میں بھگویا جاتا ہے جس سے سبزیاں تازہ لگنے لگتی ہیں۔

    سبزیوں میں انجیکٹ کیا جانے والا مادہ آکسی ٹوسن نفسیاتی مسائل پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ اسی طرح صنعتی استعمال کا سبز رنگ جگر اور گردوں کے لیے سخت نقصان دہ ہے۔

    ان زہریلی سبزیوں سے کیسے بچا جائے؟

    صاف ستھری سبزیاں حاصل کرنے کا سب سے آسان طریقہ کچن گارڈننگ ہے۔

    کچن گارڈننگ میں آپ اپنے گھر کی کسی بھی خالی جگہ، یا کسی چھوٹے موٹے گملے میں مختلف اقسام کی سبزیاں اگا سکتے ہیں جو نہ صرف آپ کے گھر کی فضا کو صاف کرنے کا سبب بنیں گی بلکہ کھانے کی مد میں ہونے والے آپ کے اخراجات میں بھی کمی لائے گی۔

    ماہرین کے مطابق اس عمل کو مزید بڑے پیمانے پر پھیلا کر شہری زراعت یعنی اربن فارمنگ شروع کی جائے جس میں شہروں کے بیچ میں زراعت کی جاسکتی ہے۔

    یہ سڑکوں کے غیر مصروف حصوں، عمارتوں کی چھتوں، بالکونیوں اور خالی جگہوں پر کی جاسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں: شہری زراعت، مستقبل کی اہم ضرورت

    اس زراعت کا مقصد دراصل دنیا کی بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنا ہے۔ دنیا میں موجود قابل زراعت زمینیں اس وقت دنیا کی تیزی سے اضافہ ہوتی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ہیں۔

    اس طریقہ کار سے آپ اپنے ہاتھ سے اگائی ہوئی صاف ستھری سبزیاں حاصل کرسکتے ہیں جو کسی بھی زہریلے مواد سے پاک ہوں گی۔