Tag: Fruits and Vegetables

  • پھل سبزیاں دیر تک ترو تازہ رکھنے کا نہایت آسان طریقہ

    پھل سبزیاں دیر تک ترو تازہ رکھنے کا نہایت آسان طریقہ

    پھل سبزیاں دیر تک ترو تازہ رکھنے کیلیے خواتین کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہیں کہ ایسے طریقوں پر عمل کیا جائے جس سے سبزیوں کے ذائقے اور خستگی کو برقرار رکھا جا سکے۔

    پھل سبزیاں خراب ہونے سے بچانا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتا، خصوصاً لہسن، پیاز اور ٹماٹر سمیت دیگر سبزیاں جو کھانوں کا لازمی جزو ہوتی ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی مایہ ناز اداکارہ فضیلہ قیصر نے اپنی والدہ کا بتایا ہوا آزمودہ طریقہ بتایا۔

    انہوں نے کہا کہ میں آج بھی اسی طریقے پر عمل کرتی ہوں، فضیلہ کا کہنا تھا کہ پھل سبزیاں خرید کر لانے کے بعد ایک بڑے برتن میں پانی بھر لیں اور اس میں تقریباً 25 گرام سفید سرکہ شامل کرلیں۔

    سبزیاں

    انہوں نے بتایا کہ اس پانی میں تمام پھل سبزیاں بھگو کر تھوڑا سا خشک کرکے فریج میں رکھ دیں تو وہ کافی دنوں تک تازی رہے گی اور جراثیم بھی مرجاتے ہیں۔

    دھنیا اور پودینہ اور ہری مرچ

    اداکارہ فضیلہ قیصر نے اسی طرح دھنیا اور پودینہ کو دھو کر اسے ایک ٹشو پیپر میں لپیٹ کر فریج میں رکھ دیں۔ اور ہری مرچوں کو بھی اسی طرح پانی دھو کر اس کی ڈنڈیاں توڑ دیں اور کسی کاغذ میں لپیٹ کر فریج میں رکھ دیں۔

    اس کے علاوہ دیگر چیزوں کو بھی محفوظ رکھا جاسکتا ہے جس میں ٹماٹر پیاز اور لہسن وغیرہ شامل ہیں۔،

    ٹماٹر

    ٹماٹر کو دیگر سبزیوں سے دور رکھیں تاکہ وہ گل کر خراب نہ ہو جائیں ۔ بہتر ہے کہ انہیں پہلے روم ٹمپریچر پر رکھیں جب تک کہ وہ پوری طرح نہ پک جائیں پھر انہیں ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔

    پیاز

    پیاز میں نمی کم ہوتی ہے ، انہین کسی ٹھنڈی اور اور خشک جگہ پر دیگر سبزیوں سے دور رکھیں ۔ ریفریجریٹر میں رکھنے سے گریز کریں ورنہ وہ جلد خراب ہو جائے گی۔

    لہسن کو خشک اور صاف جگہ پر رکھیں انہیں ریفریجریٹر میں نہ رکھا جائے ۔ اس کی ٹھنڈک اور نمی لہسن کو جلد خراب کر دے گی۔

  • بلند فشار خون میں کمی کیلئے نایاب نسخہ

    بلند فشار خون میں کمی کیلئے نایاب نسخہ

    ہائی بلڈ پریشر (بلند فشار خون) کا دوسرا نام خاموش قاتل بھی ہے، یہ جسمانی کیفیت دل کے امراض، فالج اور دیگر بیماریوں کا بھی سبب ہے۔

    مگر بات صرف یہی ختم نہیں ہوتی ہائی بلڈ پریشر جسم کو بتدریج مختلف امراض کا شکار کرکے موت کی جانب لے جاتا ہے اس کے ساتھ دماغ کی شریان پھٹنے کا خطرہ تو ہوتا ہی ہے۔

    رگوں میں دوڑنے پھرنے کے دوران خون کا جو دباؤ رگوں کی دیواروں پر پڑتا ہے، اسے فشار خون کہا جاتا ہے۔ فشار خون یا بلڈ پریشر کا ایک حد میں رہنا ضروری ہے۔

    فشار خون کے حد سے بڑھ جانے کو ہائپرٹینشن کہا جاتا ہے۔ بلند فشار خون کا اگر علاج نہ کیا جائے تو جسم کے متعدد اہم اعضاء پر اس کا اثر پڑتا ہے جن میں پردہ چشم یا ’ریٹینا‘ بھی شامل ہے۔

    دی امریکن جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پھلوں اور سبزیوں میں موجود زیادہ غذائیت بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے، قلبی امراض کا خطرہ کم کرتی ہے اور گردے کی صحت کو بہتر بناتی ہیں۔

    ہائی بلڈ پریشر کے علاج کو بہتر بنانے کی کوششوں کے باوجود ہائی بلڈ پریشر سے متعلق دائمی گردے اور دل کی دائمی بیماری سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق ہائی بلڈ پریشر کو روکنے کے لیے غذائی نقطہ نظر سے سبزیاں اور پھل بہت ضروری ہیں جو بلڈ پریشر کو کم کرتے ہیں اور بنیادی علاج کی حیثیت رکھتے ہیں۔

  • رمضان المبارک: پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، لوگ خریدنے سے قاصر

    رمضان المبارک: پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، لوگ خریدنے سے قاصر

    رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچیں، قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ عام سبزی اور پھل بھی غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے۔

    اس وقت ملک بھر میں پیاز 160 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے، آلو 70 روپے کلو، بینگن 80 روپے کلو، کھیرا 70 روپے کلو اور بھنڈی 260 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔

    یہی حال پھلوں کا ہے، رمضان سے قبل 150 سے 200 روپے درجن ملنے والے کیلے اس وقت 400 روپے پر پہنچ گئے ہیں، سیب کی قیمت 430 روپے کلو پر جا پہنچی ہے۔

    رمضان المبارک میں افطار کا اہم جز کھجور بھی عوام کی دسترس سے باہر ہوچکا ہے، کھجور 580 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ رمضان کے ابتدائی ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.80 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 48.35 فیصد تک پہنچ گئی۔

    20 سے 24 مارچ 2023 کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

  • ماہ رمضان : پھل اور سبزیوں کے تاجروں کی من مانی، قیمتوں میں اضافہ

    ماہ رمضان : پھل اور سبزیوں کے تاجروں کی من مانی، قیمتوں میں اضافہ

    کراچی : ماہ رمضان کے آتے ہی پھل اور سبزی کے تاجروں کا ایمان بھی تازہ ہوگیا، اشیاء کی قیمتوں میں 50فیصد تک اضافہ کردیا جس کے نتیجے میں غریب اور متوسط طبقے کے عوام پریشانی کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سبزی منڈی کے تاجروں نے پھل و سبزیوں کی قیمت میں50فیصد اضافہ کردیا کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ
    سبزی منڈی کےتاجر ہر قسم کا پھل کولڈ اسٹورز میں ذخیرہ کرلیتے ہیں۔

    ذخیرہ اندوز تاجر ماہ رمضان میں پھل من مانی قیمتوں پر فروخت کرتے ہیں، ماہ رمضان سےقبل 40روپے کلو فروخت ہونے والا خربوزہ 70سے80روپے کلو، تربوز60 روپے، گرما 100 روپے کلو کردیا گیا۔

    امرود 300 روپے،پاکستانی سیب 200 سے 250 روپے،ایرانی سیب 300سے400روپےکلو کردیا گیا، کیلے100 سے 200 روپے فی درجن فروخت کیے جارہے ہیں۔

    اس حوالے سے شہیریوں کا کہنا ہے کہ تھوک، ریٹیل سطح پر سرکاری نرخوں پرعمل میں انتظامیہ کی کوتاہی مہنگائی کی بنیادی وجہ ہے۔

  • ‘ پھل اور سبزیاں کھلائیں، بچوں کو ذہین بنائیں’

    ‘ پھل اور سبزیاں کھلائیں، بچوں کو ذہین بنائیں’

    روزانہ زیادہ مقدار میں پھل اور سبزیاں کھانے والے بچے زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔

    یہ تحقیق آن لائن ریسرچ جرنل ’’بی ایم جے نیوٹریشن پریوینشن اینڈ ہیلتھ‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی، برطانیہ میں ہونے والی اس تحقیق میں نو ہزار بچوں نے حصہ لیا، بچوں کی بڑی تعداد پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں پڑھنے والوں کی تھی۔

    تحقیق میں ‘ دی نورفوک چلڈرن اینڈ ینگ پیپل ہیلتھ اینڈ ویل بینگ سروے 2017’ کے عنوان سے نورفوک کے پچاس اسکولوں میں ایک بڑے سروے سے حاصل شدہ معلومات کا تجزیہ کیا گیا۔

    تجزیئے میں پرائمری اسکول والے بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کو 60 درجے جبکہ سیکنڈری اسکول میں پڑھنے والے بچوں کو 70 درجے کے پیمانے پر جانچا گیا، سروے میں  پرائمری اسکول کے بچوں میں ذہنی صلاحیت کا اوسط اسکور (60 کے پیمانے پر) 46، جبکہ سیکنڈری اسکول کے بچوں کا اوسط اسکور 46.6 نوٹ کیا گیا۔

    تحقیق سے نتائج اخذ کئے گئے کہ جن بچوں نے پورے دن میں پھلوں اور سبزیوں کا جتنا زیادہ استعمال کیا تھا، ان کی ذہنی اور جذباتی صلاحیتیں نمایاں طور پر سب سے بہتر تھیں، اسی طرح مناسب طور پر ناشتہ نہ کرنے یا دوپہر کا کھانا چھوڑ دینے والے بچوں کی دماغی صلاحیتیں بھی اوسط سے خاصی کم دیکھی گئیں۔

    واضح رہے کہ اس سروے میں اوسط وزن والے ایک پھل یا ایک سبزی کو ’’ایک حصہ‘‘ (ایک پورشن) قرار دیا گیا تھا؛ جبکہ بچوں کی روزمرہ غذائی عادات کو ایک سے پانچ پورشن تک کے حساب سے جانچا گیا تھا۔

    ایک اور حیرت انگیز انکشاف یہ بھی ہوا کہ جو بچے سارا دن چست اور توانا رہنے کےلیے ناشتے میں انرجی ڈرنکس کا روزانہ استعمال کرتے تھے، ان کی ذہنی صلاحیت بھی اوسط سے بہت کم رہی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بچپن کے معمولات اور صلاحیتوں کے اثرات پوری زندگی ہمارے ساتھ رہتے ہیں بلکہ آگے چل کر وہ اور زیادہ نمایاں بھی ہوجاتے ہیں۔