Tag: fuel

  • حکمرانوں نے کبھی اپنی جیب سے گاڑیوں میں فیول نہیں ڈلوایا، سائرہ بانو

    حکمرانوں نے کبھی اپنی جیب سے گاڑیوں میں فیول نہیں ڈلوایا، سائرہ بانو

    جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کا کہنا ہے حکمران کہتے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع نہیں کرسکتے، ان لوگوں  نے کبھی اپنی جیب سے گاڑیوں میں فیول نہیں ڈلوایا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے کبھی اپنی گاڑیوں میں اپنی جیب سے فیول نہیں ڈلوایا انہیں عوام کی مشکلات کا کیسے احساس ہوگا۔ ان سے ویگو گاڑیاں واپس لیں، پیٹرول کے پیسے بھی ان سے واپس لیں۔

    سائرہ بانو نے کہا کہ یہ لوگ حکومت میں بیٹھے ہی کیوں ہیں، انہوں نے اپنے مفاد کی تمام قانون سازیاں مکمل کرلیں اور اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے ووٹ کے حق سے محروم کردیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ہی وہ لوگ تھے جو پیٹرول بم کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے مہنگائی مارچ لے کر نکلتے تھے، ایک وہ خاتون بھی تھی جو کہتی تھی کہ رات کی تاریکی میں پیسے بڑھا دیئے جاتے ہیں۔

    جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ شہبازشریف ہی کہتے تھے کہ میرا نام تبدیل کرلینا اب انہیں کیا کہیں؟ اپنی مراعات میں تو انہوں نے اضافہ کردیا لیکن ان لوگوں کو عوام کی کوئی فکر ہی نہیں۔

    رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ تو نئی آنے والی حکومت کیلئے بھی مشکلات چھوڑ کر جارہے ہیں۔

    اس موقع پر پی ٹی آئی سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ یہ لوگ عدالت کے سامنے احتجاج کرتے تھے اب وزیراعظم ہاؤس کے سامنے بھی کریں، گزشتہ حکومت میں مہنگائی مارچ کرنے والے مولانا فضل الرحمان بھی اب تک خاموش ہیں۔

  • نسان گیس پر چلنے والی گاڑیاں بنانا ختم کردے گی؟

    نسان گیس پر چلنے والی گاڑیاں بنانا ختم کردے گی؟

    جاپانی کار ساز کمپنی نسان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے صارفین چاہیں گے کہ گیس پر چلنے والی گاڑیاں ختم کردی جائیں تو وہ ضرور ایسا کریں گے۔

    گیس پر چلنے والی گاڑیوں کے مرحلہ وار خاتمے کے کوپ 26 عالمی معاہدے پر دستخط نہ کرنے کے حوالے سے جاپانی کار ساز کمپنی نسان کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ نسان ماحول دوست ہے مگر صارف کی رہنمائی پر چلتی ہے۔

    گزشتہ ماہ گلاسگو میں ہونے والے معاہدے میں 30 سے زائد قومی حکومتیں شامل ہوئیں کیونکہ ٹرانسپورٹیشن انڈسٹری کاربن کے اخراج کی وجہ سے کئی دہائیوں تک ہونے والے ماحولیاتی نقصان کو دور کرنے کی دوڑ میں لگی ہوئی ہے۔

    ان کے ساتھ فورڈ اور مرسڈیز بینز سمیت 6 آٹو موٹو کمپنیاں شام ل ہوئیں لیکن نسان نے اپنے فرانسیسی پارٹنر رینالٹ کے ساتھ اس معاہدے کو چھوڑ دیا۔

    نسان کے چیف آپریٹنگ افسر اشوانی گپتا کا کہنا ہے کہ اگر صارفین کہتے ہیں کہ اسے ختم کردیں (گیس سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار) تو ہم اسے ختم کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر (ایک صارف) انٹرنل کمبسشن انجن والی کاروں میں مزید جوش نہیں رکھتا ہے اگر اسے آئی سی ای کاروں میں قیمت کی مسابقت نہیں ملتی ہے اگر اسے سی او ٹو جرمانہ ادا کرنا ہے تو وہ اسے کیوں رکھے گا۔

    اشوانی گپتا جو میڈیا کے دورے کے لیے دبئی میں تھے نے نسان کے صارفین کے لیے منتقلی کو ہموار بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

    انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ ہم پر منحصر ہے کہ اسے مسابقتی کیسے بنایا جائے، لہٰذا گاہک قدرتی طور پر ایسا کریں گے، یورپ میں یہ بہت جلد ہوگا۔

    جاپانی کار ساز کمپنی اگلے 10 سالوں میں نئی الیکٹرک کاروں کے ماڈلز متعارف کروانے کی کوششیں تیز کر رہی ہے جس کا مقصد سنہ 2030 تک 50 فیصد الیکٹریفیکیشن مکس ہے، کیونکہ یہ 2050 تک اپنی مصنوعات کے لائف سائیکل میں کاربن نیوٹرل ہونے سے بھی دگنا ہو جائے گا۔

    نسان نے پچھلے ہفتے اپنے الیکٹرک ماڈل لائن اپ کے لیے سالڈ سٹیٹ بیٹریاں تیار کرنے کے لیے 17.6 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری منصوبے کا بھی اعلان کیا تھا، علاوہ ازیں سنہ 2024 تک ایک پائلٹ پلانٹ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا جس کی پیداوار سنہ 2028 تک شروع ہوگی۔

  • اسرائیل نے مقبوضہ غزہ کے بجلی گھر کو ایندھن کی فراہمی روک دی

    اسرائیل نے مقبوضہ غزہ کے بجلی گھر کو ایندھن کی فراہمی روک دی

    تل ابیب : اسرائیل نے غزہ پٹی کے فلسطین کے مقبوضہ علاقے میں قائم واحد بجلی گھر کو بھی ایندھن کی فراہمی روک دی ہے جس کے باعث غزہ کے تقریباً 20 لاکھ فلسطینیوں کے لیے توانائی کی فراہمی کی صورتحال مزید خراب ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ مقبوضہ غزہ سے فلسطینی ابھی تک آتش زنی کے لیے غبارے ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کی طرف چھوڑ رہے ہیں۔

    اسرائیلی خبر رساں ادارےکا کہنا تھاکہ مظلوم عوام کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقے سے آتشیں بموں کو غباروں کے ساتھ باندھ کر اس لیے ناجائز ریاست اسرائیل کی طرف چھوڑا جاتا ہے تاکہ وہ جہاں گریں وہاں آگ لگ جائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مقبوضہ غزہ کو ایندھن کی فراہمی کے ذمے دار اسرائیلی محکمے نے کہا کہ غزہ کے بجلی گھر کو فی الحال کوئی ایندھن مہیا نہیں کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ظالم اسرائیلی ریاست کے اس فیصلے سے مقبوضہ غزہ کے تقریبابیس لاکھ مظلوم فلسطینیوں کے لیے توانائی کی فراہمی کی صورت حال مزید ابتر ہو جائے گی۔

  • پیٹرول کی قیمتوں‌ میں‌ اضافہ متوقع

    پیٹرول کی قیمتوں‌ میں‌ اضافہ متوقع

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو ارسال کر دی.

    تفصیلات کی مطابق اوگرا نے اپنی سمری میں یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات میں بھاری اضافے کی سفارش کی ہے.

    آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 89 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے.

    ذرائع کے مطابق مذکورہ سمری میں مٹی کا تیل فی لیٹر 7 روپے 46 پیسے مہنگا اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6 روپے 40 پیسے فی لیٹربڑھانے کی سفارش کی گئی ہے.

    مزید پڑھیں: گیس کی قیمت میں 75 سے 80 فیصد اضافہ متوقع ہے، چیئرپرسن اوگرا

    یاد رہے کہ 15 اپریل 2019 کو اپنے بیان میں چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل خان کا کہنا ہے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، 75 سے 80 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، قیمت خرید میں اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ دو سال سے گیس کی قیمتیں نہیں بڑھ سکیں۔ قیمت خرید اور فروخت میں فرق بڑھ گیا ہے۔

  • اسرایئل نے غزہ جانے والی عالمی امداد اور تیل و گیس کی سپلائی روک دی

    اسرایئل نے غزہ جانے والی عالمی امداد اور تیل و گیس کی سپلائی روک دی

    غزہ/تل ابیب : اسرائیل نے غزہ جانے والی عالمی امداد اور تیل و گیس کی سپلائی روکنے کے لیے کیرم شالوم سرحد بند کردی، اسرائیلی حکومت نے مذکورہ فیصلہ فلسطینیوں کی جلتی ہوئی پتنگوں کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صیہونی ریاست اسرائیل کے حکام کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو احتجاجاً جلتی ہوئی پتنگیں اور غبارے اسرائیلی حدود میں اڑانے سے روکنے کے لیے ایک مرتبہ پھر غزہ پر تیل اور گیس کی سپلائی بند کر دی ہے۔

    اسرائیلی وزیر برائے ملٹری افیئرز ایوگڈور لائبرمین نے بدھ کے روز غزہ، مصر اور اسرائیل کے درمیان واقع سرحد کیرم شالوم کو بند کرنے کا حکم دیا ہے، کیرم شالوم غزہ میں تیل، گیس اور عالمی امدادی سامان پہنچانے کا اہم راستہ ہے۔

    اسرائیلی وزیر لائبرمین نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ فیصلہ فلسطینی مظاہرین کو احتجاجاً جلتی ہوئی پتنگیں اور غبارے اسرائیلی حدود میں اڑانے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے رواں برس جولائی میں غزہ پر تیل، گیس اور عالمی امداد کی ترسیل بند کی گئی تھی تاہم بعد میں صیہونی حکومت نے اقدامات واپس لے لیے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی جانب سے جلتی ہوئی پتنگیں اور غبارے سرحد پر ہونے والے مظاہروں کے دوران اڑائے گئے تھے، جو اسرائیل کی حدود میں گری تھیں۔

    اسرائیلی حکومت کا کہنا تھا کہ فلسطین سے آنے والی آتشزدہ پتنگوں کے باعث جنوبی اسرائیل میں ہونے والی کھیتی باڑی تباہ و برباد ہوگئی ہے، جس کے باعث ماحول میں ایک مرتبہ پھر کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کہ فلسطینی شہریوں کی جانب سے 30 مارچ کو اسرائیلی مظالم اور زمین کی واپسی کے سلسلے میں شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کے دوران اسرائیلیوں کی فائرنگ اور شیلکنگ کے نتیجے میں 150 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ہزاروں شہری زخمی ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • واجبات کی عدم ادائیگی: پی آئی اے کی فیول بند کرنے کی دھمکی

    واجبات کی عدم ادائیگی: پی آئی اے کی فیول بند کرنے کی دھمکی

    کراچی : پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کرنے کی دھمکی دیدی، دوسری جانب افسران نے غیر ضروری اخراجات پر لاکھوں روپے خرچ کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق اربوں روپے کے خسارے سے دوچار قومی ائیر لائن پی آئی اے کے افسران کی شاہ خرچیاں اپنے عروج پر ہیں، پی آئی اے کے لاہور ڈسٹرکٹ منیجر نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر ضروری اخراجات پر ادارے کے لاکھوں روپے خرچ کر دیئے۔

    سول ایوی ایشن، پی ایس او اور ادویات کمپنیوں کو کروڑوں روپے کے واجبات ادا نہیں کئے۔ پی ایس او لاہور کو پچاس لاکھ روپے سے بھی زائد کے واجبات ادا نہیں کئے گئے۔

    پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی پر تیرہ اکتوبر کو لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے لاہور نے میڈیکل کمپنیوں کے بھی واجبات ادا نہیں کئے جس پر پی آئی اے ملازمین کو ادویات کی فراہمی بند کردی گئی۔ اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی لاہور کو بھی دو کروڑ روپے کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

    دوسری جانب قومی ائیر لائن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مجموعی طور پر چالیس ارب روپے کے واجبات ادا کرنے ہیں۔

    قومی فضائی کمپنی کو مالی بحران کا شکار ہونے کے ساتھ بیرون ملک مختلف ائیر پورٹس کے واجبات بھی لاکھوں ڈالرز میں ادا کرنے ہیں جن میں سعودی ایوی ایشن ، برطانوی ایوی ایشن، پیرس اور اٹلی ایوی ایشن بھی شامل ہیں۔

    پی آئی اے کو ان مذکورہ ادروں کو پروازوں کی لیننڈنگ ٹیک آف اور فضائی حدود استعمال کرنے کے حوالے سے بھی واجبا ت ادا کرنے ہیں، عدم ادائیگی کی صورت میں پی آئی اے کو نوٹسز بھی جاری ہو چکے ہیں۔

  • پی آئی اے کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا

    پی آئی اے کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا

    کراچی: قومی ایئرلائن میں بدانتظامی اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے مالی بحران شدت اختیار کرگیا۔اربوں روپے کے واجبات فیول کمپنیوں کو ادا نہیں کئے،ذرائع کے مطابق سعودی عرب ،ابوظہبی اور پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی پر جیٹ فیول کی فراہمی بند کرنے کا نوٹس جاری کردیا ۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن نے مذکورہ فیول کمپنیوں کو سات ارب روپے سے زائد واجبات اد انہیں کیے ہیں،آئل کمپنیوں نے پی آئی اے کو چوبیس گھنٹے کے اندرکئے واجبات ادا نہیں کئے تو فیول کی فراہمی بند کردی جائے گی۔

    قومی ایئر لائن نے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے قریب ترین ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانیوالی پروازوں کیلئے اضافی فیول حاصل کریں۔

  • اسلام آباد میں فیول کی قلت، بین الاقوامی پروازیں مشکلات کا شکار

    اسلام آباد میں فیول کی قلت، بین الاقوامی پروازیں مشکلات کا شکار

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں جاری سیاسی بحران کے باعث ایئرپورٹ پر جیٹ فیول کے بحران نے شدت اختیار کرلی ہے  جس کی وجہ سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے اور دیگر تمام ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کو ہدایت جاری کی ہیں کہ تیرہ اگست اور 14 اگست کو آنے والی تمام پروازیں اپنے ساتھ اضافی فیول لے کرآئیں۔

    اے آروائی نیوز کے نمائندے محمد صلاح الدین کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈپٹی ایئرپورٹ مینجرظفر اعتماد صدیقی کی جانب سے ایک لیٹر جاری کیا گیا ہے جس میں تمام ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسلام آباد کی بحرانی کیفیت سے نمٹنے کیلئے ایئرلائنز اضافی فیول ساتھ لائیں اور اس کے ساتھ ساتھ ایئرلائنز اپنے مسافروں کیلئے کھانے پینے کے بھی اضافی انتظامات کریں، ساتھ ہی ساتھ ایئرلائنز اپنے انجنیئرز اور زمینی عملے کو بھی ہدایت کریں کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں۔


    Islamabad Airport suffers shortage of Jet Fuel by arynews

    ذرائع کے مطابق غیر ملکی ایئرلائنز نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت اور ایئرپورٹ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر فیول کی فراہمی یقینی بنائیں اور دیگرتمام تر سہولیات فراہم کریں بصورت دیگر موجودہ بحرانی صورتحال کے باعث ایئرلائنزاپنا آپریشن عارضی طور پر بند کرسکتی ہیں۔

    دوسری جانب غیر ملکی ایئرلائنز نے لیٹر کے جواب میں سول ایوی ایشن حکام کو مطلع کیا ہے کہ لانگ روٹ سے آنے والی پروازیں اضافی فیول لے کر نہیں آسکتیں کیونکہ ہر طیارے میں اس کے وزن کے مطابق فیول ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوتی ہے  لہذا سول ایوی ایشن اتھارٹی ہنگامی بنیادوں پر ایئرپورٹ کے لئے فیول کا انتظام کرے۔