Tag: funding

  • جوبائیڈن کا کینسر کے علاج کیلئے 150 ملین ڈالر فنڈ مختص کرنے کا اعلان

    جوبائیڈن کا کینسر کے علاج کیلئے 150 ملین ڈالر فنڈ مختص کرنے کا اعلان

    امریکی صدر جوبائیڈن نے سرطان جیسے مہلک مرض کے علاج کیلئے 150 ملین ڈالر فنڈ مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیلاوئیر میں چار فریقی رہنماؤ سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں بائیڈن نے آسٹریلیا، بھارت اور جاپان کے تعاون سے ٹیومر کے علاج کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

    امریکی صدر جوبائیڈن نے کینسر مون شاٹ پروگرام کیلئے ایک سو پچاس ملین ڈالر کا فنڈ مختص کیاہے، اس موقع پربھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی سروائیکل کینسر سے لڑنے کے لیے نمونے لینے کی کٹس اور ویکسین کے لیے 5.7 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔

     رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا، ہندوستان، جاپان اور امریکہ کے درمیان ایک سفارتی شراکت داری ہے، جو آزاد، کھلا، مستحکم اور خوشحال خطہ بنانے کا عزم رکھتی ہیں جہاں سبھی کو مساوی مواقع میسر آئیں۔

  • امریکا طالبان کو کوئی فنڈ نہیں دیتا، میتھیو ملر

    امریکا طالبان کو کوئی فنڈ نہیں دیتا، میتھیو ملر

    واشنگٹن : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکہ طالبان کو فنڈ نہیں دیتا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں مشترکہ دلچسپی رکھتے ہیں، پاکستانی سویلین اداروں کے ساتھ شراکت داری جاری ہے۔

    امریکی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی عسکری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے باقاعدہ بات چیت جاری ہے، علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر کے صحافیوں کے کام کی حمایت کرتے ہیں، یہ ضروری ہے کہ صحافی کام کو محفوظ طریقے سے انجام دے سکیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکا طالبان کی حمایت نہیں کرتا اور ہم طالبان کو کوئی فنڈنگ نہیں دیتے۔

  • سعودی حکومت نے کاروباری افراد کو خوشخبری سنا دی

    سعودی حکومت نے کاروباری افراد کو خوشخبری سنا دی

    ریاض: سعودی حکومت نے کاروباری افراد کو خوشخبری سنا دی، مالی نقصانات پورا کرنے کے لیے 5 ارب ریال کی فنڈنگ کا اعلان کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی صنعتی ترقیاتی فنڈ (ایس آئی ڈی ایف) نے کرونا وائرس کے باعث نجی شعبے کو ہونے والے مالی نقصانات کو کم کرنے کے لیے 5 ارب ریال کی فنڈنگ کے لیے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔

    مجموعی طور پر 546 منصوبوں کی تشکیل نو کے لیے 4 ارب ریال سے زیادہ کی رقم رکھی گئی ہے۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 274 چھوٹے منصوبوں کی تنظیم نو کے لیے 826 ملین ریال رکھے گئے ہیں، اس کے علاوہ 906 ملین ریال 118 درمیانے منصوبوں کے لیے جبکہ 40 بڑے منصوبوں کی تنظیم نو کے لیے 2.3 ملین ریال کا فنڈ رکھا گیا ہے۔

    سعودی صنعتی ترقیاتی فنڈ نے 1 ارب ریال سے زیادہ مالی مدد بھی فراہم کی ہے، اس میں 12 میڈیکل اور فارماسیوٹیکل کے منصوبوں میں خام مال کی لاگت کو پورا کرنے کے لیے 607 ملین ریال کی مدد کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی 86 کمپنیوں کے لیے آپریٹنگ اخراجات کے لیے 477 ملین ریال سے زائد کی کریڈٹ لائن شامل ہے۔

    سعودی صنعتی ترقیاتی فنڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس نے صنعتوں کے لیے قرضوں کے طریقہ کار کو خود کار بنانے پر زور دیا ہے اور اس کارکردگی کو بڑھانے کے لیے پہلی سرکاری ایجنسی کے طور پر الیکٹرانک دستخطوں کا طریقہ کار اپنایا جائے گا۔

  • سعودی عرب: اہم قانون میں تبدیلی

    سعودی عرب: اہم قانون میں تبدیلی

    ریاض: سعودی عرب میں عطیات جمع کرنے اور اندرون ملک خرچ کرنے سے متعلق قانون کے مسودے کی منظوری دے دی گئی، ترمیم کا مقصد دہشت گردی کی فنڈنگ کو روکنے کے لیے چور راستے بند کرنا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت شیخ ڈاکٹر عبد اللہ آل الشیخ نے صدارت کی۔

    ارکان شوریٰ نے ملک کے اندر عطیات جمع کرنے اور خرچ کرنے سے متعلق قانون کے مسودے میں کئی ترامیم کی ہیں۔

    شوریٰ نے قانون عطیات کی پندرہویں اور سولہویں دفعات اور 18 ویں دفعہ کی 5 سے لے کر دسویں شق تک ترامیم مسترد کر دیں۔

    عطیات کے قانون میں کی جانے والی ترامیم کے مطابق دہشت گردی کی فنڈنگ کو روکنے کے لیے تمام چور راستے بند کیے جا رہے ہیں، قانون کے بموجب بیرون مملکت سے کسی بھی شخص کو اندرون ملک عطیات جمع کرنے یا اس میں تعاون دینے کی اجازت نہیں ہے۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک رواں سال پاکستان کو 2 ارب 70 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا

    ایشیائی ترقیاتی بینک رواں سال پاکستان کو 2 ارب 70 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک رواں سال پاکستان کو 2 ارب 70 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا، بینک کا بزنس پلان پاکستان کو ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اے ڈی بی رواں سال پاکستان کو 2 ارب 70 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔

    ٹویٹ کے مطابق کنٹری آپریشن بزنس پلان 2022-2020 کی حال میں منظوری دی گئی، سالانہ پلان کے تحت رقم کے اجرا میں اضافہ کیا جائے گا۔ سالانہ 2 ارب 40 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ رقم گزشتہ پلان سے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر زائد ہے، بینک دیگر ذرائع سے فنانسنگ اور فنڈنگ کے حصول میں بھی مدد کرے گا۔

    اے ڈی بی کے مطابق بینک کا بزنس پلان پاکستان کو ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد دے گا۔

  • پینٹاگون کی مختلف شعبوں میں تحقیق کیلئے جرمن یونیورسٹی کو فنڈنگ

    پینٹاگون کی مختلف شعبوں میں تحقیق کیلئے جرمن یونیورسٹی کو فنڈنگ

    نیویارک/برلن : پینٹاگون نے وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے دھماکا خیز مواد کا متبادل تیار کرنے سے لے کر وہیل مچھلیوں کا کھوج لگانے کا نظام تیار کرنے تک کے لیےجرمنی کو 260 گرانٹس فراہم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع سال 2008ءکے بعد سے اب تک جرمن یونیورسٹیوں اور اداروں کو 21.7 ملین ڈالرز کی فنڈنگ کر چکا ہے جس کا مقصد ریسرچ پراجیکٹس میں مدد کرنا تھا۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس دوران پینٹاگون کی جانب سے 260 گرانٹس جاری کی گئیں جو سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مختلف موضوعات سے متعلق تحقیق کے لیے تھیں۔سب سے زیادہ گرانٹ میونخ کی ‘لُڈوِگ ماکسی میلیئنس یونیورسٹیٹ کو فراہم کی جس کا حجم 3.7 ملین ڈالرز بنتا ہے۔

    میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ گرانٹ 23 مختلف پراجیکٹس کے لیے فراہم کی گئی، ان میں سے ایک تحقیق بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والے دھماکا خیز موادآرڈی ایکس کا متبال تیار کرنے کے لیے بھی تھی جس کے لیے 1.72 ملین ڈالرز فراہم کیے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس کے علاوہ جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی یونیورسٹیوں کو بھی گرانٹس فراہم کی گئیں حالانکہ اس ریاست کے قانون کے مطابق یونیورسٹیوں کو پائیدار، پر امن اور جمہوری دنیا کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اورپر امن اہداف سے جڑے رہنا چاہیے۔

  • شوکت خانم اسپتال کراچی کی فنڈ ریزنگ، شہریار منوراور مایا علی میدان میں آگئے

    شوکت خانم اسپتال کراچی کی فنڈ ریزنگ، شہریار منوراور مایا علی میدان میں آگئے

    کراچی : شوکت خانم اسپتال کراچی کی فنڈ ریزنگ کے لیے معروف اداکار شہریار منور اور مایا علی میدان میں آگئے، فنڈ ریزنگ کے لیے مختلف ممالک میں تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں غریبوں کے لئے مفت کینسر کا علاج فراہم کرنے والے شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کی کراچی میں بننے والے اسپتال کے فنڈز کے لئے معروف اداکار شہریار منور اور اداکارہ مایا علی میدان میں آگئے ہیں جوکہ مختلف ممالک میں جا کر فنڈ جمع کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں سے قائم ہونے والا شوکت خانم میوریل کینسر اسپتال اور تحقیقی ادارہ پاکستان میں غریبوں کے لئے مفت کینسر کا علاج کرنے والا سب سے بڑا اسپتال ہے جو کہ ایک مستند خیراتی ادارہ سمجھا جاتا ہے۔

    یہ ادارہ اب تک کینسر میں مبتلا لاکھوں غریب لوگوں کا مفت علاج کر چکا ہے۔ 1994میں اس ادارے کی بنیاد رکھنے سے قبل چندہ جمع کرنے کے لئے عالمی شہرت یافتہ گلوکار استاد نصرت فتح علی خان ،بالی ووڈ لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور ہالی ووڈ اداکار میک جیگر جیسی مقبول ترین شخصیات بھی اسپتال کے لئے تقریبات میں شریک ہو چکے ہیں۔

    معروف ٹی وی فنکار مایا علی اور شہریار منور صدیقی نے سوشل میڈیا پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغام میں کہا ہے کہ ہم خوش دلی سے یہ بات بتا رہے ہیں کہ ہم شوکت خانم کینسر اسپتال کراچی کے لئے فرانس ،سوئیڈن اور ناروے جارہے ہیں۔

    ہم تیسرے شوکت خانم کینسر اسپتال کی کراچی میں بنیاد رکھنے جارہے ہیں جس کے لئے ہمیں آپ لوگوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ فنڈز کے لئے پیرس میں ہونے والی تقریب 5 اپریل کو اور دوسری تقریب سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں 6 اپریل کو ہوگی جب کہ تیسری تقریب ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں 7 اپریل کو منعقد ہوگی۔

  • ٹرمپ  کا سرحدی بحران کے خاتمے کے لیے فنڈنگ کا مطالبہ

    ٹرمپ کا سرحدی بحران کے خاتمے کے لیے فنڈنگ کا مطالبہ

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ’میں نے امریکی عوام کی حفاظت کی قسم کھائی تھی‘ ڈیموکریٹس میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کےلیے فنڈنگ کےلیے راضی ہوجائیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کا معاملہ مزید شدت اختیار کرگیا، امریکی صدر نے نشریاتی اداروں کے ذریعے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی بارڈر پر دیوار نہ ہونے سے جرائم پیشہ افراد امریکا میں داخل ہورہے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی بارڈر پر دیوار کی تعمیر امریکا کی قومی سلامتی کے لیے انتہائی ضروری ہے، دیوار کی تعمیر سے امریکا میں بڑھتے ہوئے جرائم کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس نے میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کےلیے فنڈنگ سے مسلسل انکار کررہے ہیں، مسئلے کے حل کے لیے ڈیموکریٹس کو آج وائٹ ہاوس طلب کیا ہے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کا مسئلہ 45 منٹ میں حل ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب ڈیموکریٹس کے رہنماؤں نے ٹرمپ کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’ٹرمپ نے امریکی عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے‘۔

    سینیٹر چک شومر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے زبردستی ملک میں بحران پیدا کررہے ہیں، نینسی پیلوسی اور چک شومر نے مطالبہ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ فوری طور پر شٹ ڈاؤن ختم کریں۔

    مزید پڑھیں : میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرسکتا ہوں: ڈونلڈ ٹرمپ

    یاد رہے کہ 5 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لئے ملک میں ایمرجنسی کا نفاذ بھی کرسکتا ہوں۔

    مزید پڑھیں : امریکی حکومت کا شٹ ڈاؤن، آٹھ لاکھ ملازمین بے روزگار

    خیال رہے کہ امریکا کے جنوبی بارڈر پر دیوار کی تعمیر کےلیے 5 ارب ڈالر سے زائد کے مطالبے سے پیدا ہونے والے تنازعے نے حکومت کے مختلف شعبوں کو گزشتہ 18 دنوں سے شٹ ڈاؤن کا سامنا ہے۔

  • کراچی : کالعدم تنظیمیں بینک ڈکیتیوں میں ملوث، تحقیقات شروع

    کراچی : کالعدم تنظیمیں بینک ڈکیتیوں میں ملوث، تحقیقات شروع

    کراچی : کالعدم تنظیمیں فنڈنگ کے لیے کراچی کے بینک لوٹ رہی ہیں، قانون نافذ کرنے والوں نے تحقیقات کا آغاز کردیا، سال کی تین بینک ڈکیتیوں میں ایک ہی گروہ ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں کالعدم تنظیمیں اپنی فنڈنگ کے لیے بینک ڈکیتیوں کا سہارا لیتی ہیں، اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں بینک لوٹنے میں کالعدم تنظیمیں ملوث قرار دیا ہے، 22 روز میں دو بینک لوٹے گئے، رواں سال تین بینک لوٹے، قانون نافذ کرنے والوں نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ ڈکیتیوں میں کالعدم تنظمیں ملوث ہیں، ڈکیتیاں کالعدم تنظمیوں کی فنڈنگ کے لیے کی جارہی ہیں، تفتیشی افسر کے مطابق تینوں بینک ڈکیتیاں ماہرانہ انداز سے کی گئیں۔

    سال کی پہلی ڈکیتی گذری کے علاقے میں پنجاب چورنگی کے قریب کی گئی جس میں 10 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹی گئی، دوسری ڈکیتی راشد مہناس روڈ پر کی گئی اور منٹوں میں 12  لاکھ روپے بینک سے غائب کردئیے گئے۔

    سب سے زیادہ رقم نارتھ ناظم آباد کے بینک میں ہونے والی ڈکیتی میں لوٹی گئی جس میں ڈاکو72 (بہتر) لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے، تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ڈکیتیوں میں ایک ہی گروہ ملوث ہے تاہم کسی بینک ڈکیتی کا کوئی ملزم ابھی تک پکڑا نہیں گیا۔

  • طاہراشرفی کو امریکی و جرمن فنڈنگ، دستاویزات منظرعام پر

    طاہراشرفی کو امریکی و جرمن فنڈنگ، دستاویزات منظرعام پر

    اسلام آباد : پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی نے ایک امریکی این جی اوز سے 90 ہزار ڈالر اور جرمن  سفارت خانے سے 43 لاکھ روپے وصول کیے جس کی دستاویزات منظرعام پر آگئیں، طاہراشرفی نے تردید کردی۔

    اطلاعات کے مطابق پاکستان علماء کونسل کے چئیرمین طاہر اشرفی نے دہشت گردی کے رحجانات کے خاتمے کی مد میں امریکی این جی او آئی سی آر ڈی سے 90 ہزار ڈالر لیے۔

    دستاویز کے مطابق امریکی این جی او سے جو رقم وصول کی گئی وہ پاکستانی کرنسی میں آج کے حساب سے تقریبا 94 لاکھ 22 ہزار روپے بنتی ہے۔

    علاوہ ازیں طاہراشرفی نے سوشل میڈیا اور دینی مدارس میں دہشت گردی کے رحجانات کی مانیٹرنگ کے لیے جرمن سفارت خانے سے بھی رقم وصول کی، دستاویز کے مطابق کیولری گراؤنڈ کے نجی بینک اکاؤنٹ میں ان کے لیے 43 لاکھ 44 ہزار روپے کی فنڈنگ جمع کرائی گئی۔

    دریں اثنا غیرملکی فنڈنگ کے معاملے پر پاکستان علماء کونسل دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی ہے، نئے دھڑے کے چئیرمین مولانا زاہد محمود قاسمی ہیں جنہوں نے غیر ملکی فنڈز کی تحقیقات کی اپیل بھی کر رکھی ہے۔

    خیال رہے کہ طاہر اشرفی نے تمام معاہدے علم و عمل فاونڈیشن کے نام پر کیے۔

    پاکستان اوراسلام کے خلاف کوئی کام نہیں کیا، طاہراشرفی

     اس حوالے سے طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ امریکی این جی او اور جرمن ادارے فنڈنگ کی تردید کرچکے ہیں، اس کے علاوہ جرمن سفیر نے بھی کئی مرتبہ اس بات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

    علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ میں نے پاکستان اوراسلام دشمنی کا کبھی کوئی کام نہیں کیا اور نہ ہی پاکستان کےخلاف کبھی کوئی بات کی، میری زندگی کی جدوجہد اسلام اور پاکستان کے لیے ہے، اگر دہشت گردی کے خلاف بات کرنا جرم ہے تو میں یہ جرم کرتا رہوں گا۔

    طاہر اشرفی عالم نہیں، اسکالر نہ کہا جائے، حامد رضا

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے حامد رضا نے درخواست کی کہ طاہر اشرفی کے لیے لفظ مذہبی اسکالر استعمال نہ کیا جائے، طاہر اشرفی پہلے ہی اپنے کردار کے حوالے سے کبھی شراب اور کبھی فنانسنگ کے معاملات پر متنازع ہیں، یہ باقاعدہ کوالیفائیڈ عالم بھی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسکالر بہت قابل احترام شخصیت ہوتی ہے، دینی طور پر درس نظامی اور دنیاوی طور پر بھی ان کی تعلیم ہوتی ہے جب کہ طاہر اشرفی نہ تو عالم دین ہیں اور نہ اسکالر وہ محض حافظ قرآن ہیں اس سے بڑھ کر ان کی کوئ مذہبی قابلیت نہیں۔

    طاہر اشرفی پر پہلے بھی شراب پینے کے الزامات عائد ہوچکے

    انہوں نے کہا کہ رقم وصول کرنے کا معاملہ کوئی ڈھکا چھپا معاملہ نہیں، پاکستان کے اندر ایک مخصوص طبقہ فکر پاکستان کی نظریاتی حدود کو متاثر کرنے کے لیے ہمیشہ سے مختلف ممالک سے فنڈنگ لیتا رہا ہے، طاہر اشرفی پر پہلے ہی دو تین بار شراب پینے کے الزامات عائد ہوچکے ہیں، پہلے پولیس پکڑا پھر ایک ٹی وی پروگرام میں وہ شراب پی کر آگئے تھے، وہ پروگرام سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکا۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے چینل ایسے افراد کو پروموٹ کرتے ہیں جو علما کا لبادہ اوڑھ پر اسلام کو بدنام کرنے کا سبب بنتے ہیں۔

    حامد رضا نے مزید کہا کہ علم و عمل فائونڈیشن کے نام پر رقم وصول کرنا صراحتا قانون کی بھی خلاف ورزی ہے کہ ان کا خود ہی علم پر عمل نہیں ہے، دنیا بھر کی ایجنسیاں ایسے افراد کو پیسے دیتی ہیں اور میڈیا انہیں سپورٹ کرتا ہے تاکہ وہ ملک میں رہتے ہوئے عالمی مفادات کا تحفظ کرسکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میری اطلاعات کے مطابق طاہر اشرفی اس وقت پنجاب حکومت کے علما کوآرڈنیشن کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، پنجاب حکومت اور ن لیگ کی ایسے علما سے رفاقتیں ہیں۔