Tag: FUNERAL

  • 60 سالہ شخص نے اپنی موت کی جھوٹی اطلاع کیوں پھیلائی؟

    برازیل میں ایک شخص نے اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو اپنی موت کی جھوٹی اطلاع دلوائی تاکہ دیکھ سکے کے اس کے جنازے میں کون کون شریک ہوگا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 60 سالہ بلٹازار لیموز نے اپنی موت کے حوالے سے جھوٹی اطلاع دلوائی تاکہ وہ یہ دیکھ سکے کہ اس کی آخری رسومات اور جنازے میں کون کون شریک ہوا۔

    بلٹازار لیموز ایونٹ اور رسومات منعقد کرنے کے شعبے سے وابستہ ہیں اور انہیں ایسی تقریبات کے انعقاد میں مہارت حاصل ہے، وہ اب تک جنازوں کی سینکڑوں رسومات کا انعقاد کرچکے ہیں۔

    ان کے مطابق ان میں سے بعض جنازوں میں صرف دو افراد شریک ہوئے جبکہ کچھ میں 500 تک بھی شامل ہوئے۔

    اس کے بعد ان کے ذہن میں یہ خیال آیا کہ کیوں نہ وہ جائزہ لیں کہ اگر وہ مرجائیں تو ان کی آخری رسومات میں خاندان اور دوستوں میں سے کتنے لوگ شریک ہوں گے۔

    انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی موت کی جھوٹی اطلاع دلوائیں گے تاکہ آخری رسومات میں شریک لوگوں کو دیکھ سکیں۔

    جس کے بعد 10 جنوری کو کسی نے سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ شیئر کی کہ نہایت افسوس کے ساتھ یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ بلٹازار لیموز اب ہم میں نہیں رہے۔

    اس کے بعد مزید اطلاعات آنا شروع ہوئیں جس میں ایک تصویر کے ساتھ یہ تحریر بھی شامل تھی کہ وہ ساؤ پاؤلو کے ایک اسپتال میں ایڈمٹ رہے، ان کا خاندان تو سخت حیران و پریشان ہوگیا۔

    ان کا ایک بھتیجا مذکورہ اسپتال گیا لیکن وہاں کے اسٹاف کے پاس ان کا کوئی ریکارڈ موجود نہ تھا۔

    جب تعزیت کا سلسلہ شروع ہوا اور لوگوں نے موت کی وجہ معلوم کرنا شروع کی تو کسی کے پاس کوئی معلومات نہ تھیں۔

    18 جنوری کو جب ان کے خاندان والے اور دوست ایک چرچ میں جمع ہوئے تو جنازہ رکھنے کی جگہ سے ان کی آواز آنے لگی جس پر دوست احباب یہ سمجھے کہ یہ آواز کی ریکارڈنگ ہے۔

    لیکن پھر وہ اچانک سامنے آگئے جس پر وہاں موجود لوگ حیران و پریشان ہوگئے، جس پر بلٹازار لیموز نے خود ساری بات بتائی۔ تاہم وہاں موجود لوگوں نے انہیں خوب برا بھلا کہا اور ان کے اس عمل پر ناراضی کا اظہار کیا۔

  • لتا منگیشکر کی آخری رسومات: شاہ رخ خان انتہا پسندوں کی نفرت کا نشانہ بن گئے

    لتا منگیشکر کی آخری رسومات: شاہ رخ خان انتہا پسندوں کی نفرت کا نشانہ بن گئے

    برصغیر کی معروف گلوکارہ لتا منگیشکر گزشتہ روز چل بسی تھیں، ان کی آخری رسومات میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بالی ووڈ کے بیشتر فنکاروں نے شرکت کی تاہم ان افسوسناک لمحات میں بھی ہندو انتہا پسندوں نے تنازعے کی وجہ ڈھونڈ لی۔

    لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں وزیر اعظم نریندرمودی سمیت ملک بھر سے معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ بھی شامل تھے۔

    سوشل میڈیا پر ان کی کچھ تصاویر اور ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ اور ان کی مینیجر لتا کے جسد خاکی کے قریب کھڑے ہیں، مینیجر ہاتھ جوڑ کر دعائیہ کلمات ادا کر رہی ہیں جبکہ شاہ رخ دونوں ہاتھ بلند کیے دعا مانگ رہے ہیں۔

    دعا مانگنے کے بعد شاہ رخ نے اپنا ماسک اتارا اور لتا کے جسد خاکی کے اوپر پھونک دیا۔

    اس ویڈیو کا سامنے آنا تھا کہ ہندو انتہا پسندوں نے طوفان کھڑا کردیا، بیشتر افراد نے الزام عائد کیا کہ شاہ رخ نے لتا کے جسد خاکی پر تھوکا ہے۔

    ٹویٹر پر شاہ رخ خان کی یہ ویڈیو پوسٹ کی گئی اور اس پر نفرت آمیز اور تضحیکی تبصرے کیے۔

    تاہم ایسے افراد کی بھی کمی نہیں تھی جو اس عمل کے بارے میں جانتے تھے، انہوں نے نہ صرف دعا پڑھ کر پھونکنے کے عمل کی وضاحت کی بلکہ اس پر بلا وجہ کا تنازعہ کھڑا کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں بھی لیا۔

    معروف آنجہانی گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات گزشتہ روز قومی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی ہیں، ان کے انتقال پر بھارتی حکومت نے قومی سطح پر 2 روزہ سوگ منانے کا بھی اعلان کیا ہے، اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

  • تعزیت کے لیے آنے والے 37 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

    تعزیت کے لیے آنے والے 37 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

    بغداد: عراق کے شہر بصرہ میں ایک انتقال پر آنے والے 37 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، تمام افراد کو ایک ہی شخص سے وائرس منتقل ہوا جو انتقال پر شریک ہوا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عراق کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے ملک کے بیشتر شہروں میں سخت احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی پابندی عائد ہے مگر اس کے باوجود بصرہ میں ایک شخص کے انتقال کے بعد تعزیت کے لیے متعدد افراد شریک ہوئے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس موقع پر شریک افراد میں ایک شخص کرونا وائرس کا شکار تھا جس نے شرکا سے مصافحہ کیا اور بعض کو گلے بھی لگایا، اس ایک شخص کی وجہ سے مزید 37 شرکا کو وائرس منتقل ہوگیا۔

    ترجمان وزارت کا کہنا ہے کہ کرونا کے شکار تمام مریضوں کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ باقی تمام شرکا کا بھی کرونا ٹیسٹ لیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملک گیر آگاہی مہم کے باوجود بعض لوگ ہدایات پر عمل نہیں کرتے اور بڑی تعداد میں اکٹھے ہو رہے ہیں، اسی رویے کی وجہ سے کرونا کے انسداد کی تمام تر کوششیں بے سود ہو رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ عراق میں اب تک کرونا وائرس کے 1 ہزار 928 مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ 90 اموات ہوچکی ہیں۔

  • لیجنڈ کامیڈین امان اللہ کی نماز جنازہ، ویڈیو بنانے پر اداکار واسع چوہدری برہم

    لیجنڈ کامیڈین امان اللہ کی نماز جنازہ، ویڈیو بنانے پر اداکار واسع چوہدری برہم

    لاہور: معروف کامیڈین امان اللہ کی آخری رسومات کے موقع پر معروف اداکار واسع چوہدری لوگوں کو اسمارٹ فون سے میت کی تصاویر بناتے دیکھ کر پریشان ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین امان اللہ، جو گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے، کے جنازے پر فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی افراد نے شرکت کی۔

    معروف اداکار واسع چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ امان اللہ صاحب کے جنازے میں، میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ لوگ میت کی ویڈیوز بنانے میں مصروف تھے، بجائے اس کے کہ وہ میت کے ایصال ثواب کے لیے کچھ پڑھتے۔

    واسع چوہدری نے مزید لکھا کہ بھاڑ میں جائیں یہ موبائل فونز!

    معروف کامیڈین امان اللہ گزشتہ روز 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، وہ طویل عرصے سے گردوں اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ 15 روز سے اسپتال میں داخل تھے۔

    مرحوم مزاحیہ اداکار امان اللہ نے اسٹیج ڈراموں کے علاوہ ٹی وی ڈراموں، فلموں اور نیوز چینلز پر چلنے والے مزاحیہ پروگرامز میں شاندار کارکردگی کا لوہا منوایا۔ وہ دوران علالت بھی پھلجھڑیاں چھوڑ کر اپنی شگفتہ مزاجی کا ثبوت دیتے رہے۔

    امان اللہ کے انتقال پر وزیر اعظم عمران خان اور دیگر سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔

    ان کے انتقال پر نہ صرف پاکستانی فنکاروں نے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا بلکہ بھارتی کامیڈین کپل شرما نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

  • جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کی نمازِ جنازہ ادا، کوئٹہ میں ہڑتال

    جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کی نمازِ جنازہ ادا، کوئٹہ میں ہڑتال

    چمن : جمیعت العلمائے اسلام (ف)کےرہنمامولانامحمد حنیف کی نمازہ جنازہ اداکردی گئی، اس موقع پرچمن اور کوئٹہ شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کی نماز جنازہ آج چمن میں ادا کی گئی ہے۔ جےیوآئی (ف)رہنمامولانا محمدواصف،عثمان کاکڑ اوردیگررہنما شریک ہوئے۔

    نمازجنازہ میں جمعیت العلمائے اسلام کے رہنماؤں اور اراکین کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد نےبھی شرکت کی۔ مولانا محمد حنیف گزشتہ روزچمن کےتاج روڈ پردھماکےکےنتیجےمیں جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اس حوالے سے کوئٹہ میں بھی چمن بم دھماکے اور مولانا محمد حنیف کی جاں بحق ہونے کے خلاف جے یو آئی کی کال پر شٹر ڈاون ہڑتال کی جارہی ہے جس کے سبب اہم تجارتی مراکز بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم ہے، اتوار کا دن ہونے کے سبب تعلیمی ادارے پہلے ہی بند ہیں جس کے سبب شہر میں مکمل ہڑتال کا سما ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کو گزشتہ روز نیویارک میں چمن دھماکے کی خبر دی گئی تھی ، انھوں نےاس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور صبر جمیل کی دعا کی۔وزیر اعظم عمران خان نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہمی کی ہدایت بھی کی۔

    گزشتہ روز صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں تاج روڈ پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے پر دھماکا کیا گیا تھا ، جس کے نتیجے میں مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے تھے ۔

  • کلائمٹ چینج کے باعث پگھلنے والے گلیشیئر کی آخری رسومات

    کلائمٹ چینج کے باعث پگھلنے والے گلیشیئر کی آخری رسومات

    یورپی ملک آئس لینڈ میں ایک 700 سال قدیم گلیشیئر پگھل کر مکمل طور پر ختم ہوگیا، اس موقع پر مقامی افراد کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوئی اور افسوس کا اظہار کیا جس کے بعد یہ اجتماع گلیشیئر کی آخری رسومات میں تبدیل ہوگیا۔

    یہ گلیشیئر جسے ’اوکجوکل‘ کا نام دیا گیا تھا 700 برس قدیم تھا اور ایک طویل عرصے سے مقامی افراد کو پینے کا صاف پانی مہیا کر رہا تھا۔ گزشتہ کچھ عرصے سے اس کے حجم میں کمی دیکھی جارہی تھی تاہم چند روز قبل یہ گلیشیئر مکمل طور پر پگھل کر ختم ہوگیا جسےالوداع کہنے کے لیے سینکڑوں لوگ امڈ آئے۔

    گلیشیئر کے خاتمے پر مقامی انتظامیہ نے اس کا باقاعدہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جبکہ اس مقام پر ایک یادگار بھی بنا دی گئی ہے۔

    اس موقع پر جمع ہونے والے شرکا نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں کلائمٹ چینج سے نمٹنے اور زمین سے محبت کرنے کے اقوال درج تھے۔ شرکا نے گلیشیئر کی موت پر چند منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں موجود مزید 400 گلیشیئرز بھی تیزی سے پگھل رہے ہیں اور بہت جلد یہ مکمل طور پر ختم ہوجائیں گے۔

    ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ آئس لینڈ سمیت دنیا بھر میں واقع گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں اور اگر ان کے پگھلنے کی رفتار یہی رہی تو اگلے 200 برس میں آئس لینڈ کے تمام گلیشیئرز ختم ہوجائیں گے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق ایک اور برفانی علاقے گرین لینڈ میں سنہ 2003 سے 2013 تک 2 ہزار 700 ارب میٹرک ٹن برف پگھل چکی ہے۔ ماہرین نے اس خطے کی برف کو نہایت ہی ناپائیدار قرار دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اس کے پگھلنے کی رفتار میں مزید اضافہ ہوگا۔

    سنہ 2000 سے انٹارکٹیکا کی برف بھی نہایت تیزی سے پگھل رہی ہے اور اس عرصہ میں یہاں 8 ہزار کے قریب مختلف چھوٹی بڑی جھیلیں تشکیل پا چکی ہیں۔

    دوسری جانب قطب شمالی کے برفانی رقبہ میں بھی 6 لاکھ 20 ہزار میل اسکوائر کی کمی واقع ہوچکی ہے۔

  • قبرستان میں تدفین کے لیے موجود لوگوں پر بوکو حرام کی فائرنگ، 65 ہلاک

    قبرستان میں تدفین کے لیے موجود لوگوں پر بوکو حرام کی فائرنگ، 65 ہلاک

    ابوجہ:نائیجیریا کی جنوبی ریاست بورنو میں بوکو حرام کے دہشت گردوں نے ایک قبرستان میں تدفین اور تعزیت کے لیے موجود کم از کم 65 افراد کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بوکو حرام کے حملہ آور موٹرسائیکلوں اور کاروں میں آئے اور قبرستان میں موجود سوگواروں پر فائرنگ کردی،اس سے قبل مئی میں اسی ریاست میں بوکو حرام کے شدت پسندوں نے فائرنگ کرکے 25 فوجی اور متعدد شہریوں قتل کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران جب فوجی گاؤں کے باشندوں کو بچانے کی کوشش کر رہے تو بوکو حرام کے دہشت گردوں نے انہیں گھیرے میں لے کر فائرنگ شروع کر دی تھی۔

    لوکل حکومت کے ترجمان محمد بلوما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‌’میرے خیال میں بوکو حرام نے گاؤں کا دوران تدفین قتل عام کرکے اپنے ساتھیوں کی موت کا بدلہ لیا ہے۔

    محمد بلوما نے بتایا کہ دو ہفتے قبل گاؤں والوں نے بوکو حرام کے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا‘۔

    نائیجریا کے صدر محمدو بوہاری نے بورنو میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایئرفورس اور آرمی کو واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران دسیوں ہزار شہری جاں بحق اور بیس لاکھ سے زائد شہری حالیہ تنازعات اور خانہ جنگی کے باعث بے گھر ہوچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ نائیجیریا میں بوکو حرام کے خودکش حملوں اور اغوا کے واقعات آئے دن سامنے آتے ہیں،2009 کے بعد سے فوج نے نائیجر، کیمرون اور چاڈ کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جولائی میں نائیجیریا کی نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن (این این پی سی) کی تیل تلاش کرنے والی ٹیم پر بھی بوکو حرام نے حملہ کردیا تھا جہاں 50 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

  • شہید سید اریب احمد کا جسد خاکی آج صبح کراچی پہنچے گا

    شہید سید اریب احمد کا جسد خاکی آج صبح کراچی پہنچے گا

    کراچی : سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید سید اریب احمد کا جسد خاکی نیوزی لینڈ سے پاکستان کے لیے روانہ کردیا گیا، آج صبح کراچی پہنچے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کی مسجد میں دہشت گرد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سید اریب احمد کا جسد خاکی آج پاکستان لایا جائے گا، شہید کی نماز جنازہ و تدفین آج ہی کی جائے گی۔

    کراچی ایئرپورٹ منیجر کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ کارگو پر جسد خاکی وصول کرنے کے حوالے سے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    میت غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے سکس ڈبل زیرو کے ذریعے صبح دس بجے کراچی پہنچے گی، سول ایوی ایشن کے مطابق شہید سید اریب احمد کی میت گھر تک پہنچانے کے لیے ایمبولینس کا انتظام بھی کرلیا گیا ہے۔

    جسد خاکی ایئرپورٹ سے ان کی رہائش گاہ ایف بی ایریا پہنچایا جائے گا۔ شہید کی نمازجنازہ سہ پہر تین بجے سنگم گراؤنڈ دستگیر نو نمبر میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین سخی حسن قبرستان میں ہوگی۔

    سید اریب احمد کے بارے میں ان کے ایک رشتے دار محمد مظفر نے میڈیا کو بتایا کہ’وہ ہمیشہ سے ایک دین دار لڑکا تھا، نماز کی پابندی کرتا اور پڑھائی اس کے لیے پہلی ترجیح تھی۔

    اریب نے حال ہی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے طور پر اپنی تعلیم مکمل کی تھی اور اس کے بعد بہتر مستقبل کی تلاش میں نیوزی لینڈ روانہ ہوئے وہ اپنے والدین کے ایک ہی بیٹے تھے اور ان کی ایک چھوٹی بہن ہیں۔

  • کراچی: ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کو سپرد خاک کردیا گیا

    کراچی: ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کو سپرد خاک کردیا گیا

    کراچی: گزشتہ روز قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما علی رضا عابدی کو سپرد خاک کردیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں اور عام افراد نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کی نماز جنازہ امام بارگاہ یثرب میں ادا کی گئی۔ علی رضا عابدی کی نماز جنازہ علامہ حسن ظفر نقوی نے پڑھائی۔

    نماز جنازہ میں فاروق ستار سمیت ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں، مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی کے وفد بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔

    نماز جنازہ کے بعد علی رضا عابدی کا جسد خاکی ڈیفنس فیز 4 کے قبرستان لے جایا گیا جہاں ان کی تدفین کردی گئی۔

    خیال رہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی گزشتہ روز ڈیفنس میں واقع اپنے گھر کے باہر قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

    قاتل موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے علی رضا کے گھر کے باہر انہیں نشانہ بنایا اور تیزی سے فرار ہوگئے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علی رضا عابدی کو 4 گولیاں لگیں، 2 گولیاں سینے، ایک کندھے اور ایک گردن پر لگی، گولیاں انتہائی قریب سے ماری گئیں تھی۔

    واقعے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکیورٹی اداروں کو قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

  • گھانا:‌ نوبیل انعام یافتہ کوفی عنان کی آخر رسومات ادا کر دی گئیں

    گھانا:‌ نوبیل انعام یافتہ کوفی عنان کی آخر رسومات ادا کر دی گئیں

    گھانا: اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان کی آخری رسومات ان کے آبائی ملک گھانا میں ادا کی گئیں.

    تفصیلات کے مطابق امن کا نوبیل حاصل کرنے والے آنجہانی کوفی عنان کی آخری رسومات گھانا میں ادا کی گئیں، کوفی عنان کی آخری رسومات میں اہم علاقائی اورعالمی شخصیات نے شرکت کی۔

    ان کا 18 اگست کوسوئٹزرلینڈ میں انتقال ہوا تھا، ان کے انتقال پرگھانا میں تین روزہ سوگ منایا گیا تھا۔ اس موقع پر دنیا بھر کے رہنماؤں نے انھیں خراج تحسین پیش کیا۔

    کوفی عنان 1997ء سے 2006 تک اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل رہے۔ انھیں 2001 میں امن کا نوبل انعام دیا گیا۔

    آخری رسومات میں مقامی افراد نے روایتی انداز میں رقص کر کے عظیم رہنماء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان رسومات میں گھانا کے زرخیز کلچر کے رنگ نمایاں تھے۔

    یاد رہے کہ کوفی عنان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل منتخب ہونے والے پہلے سیاہ فارم افریقی تھے۔

    کوفی عنان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد شام میں اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر کی حیثیت سے بھی خدمات سر انجام دیں، اس دوران وہ شام کے تنازعے کا پُر امن حل تلاش کرنے کی کوششیں کرتے رہے.