Tag: Funeral Prayers

  • اسرائیل سے جنگ، ایران کے شہید اعلیٰ عسکری کمانڈرز اور شہریوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    اسرائیل سے جنگ، ایران کے شہید اعلیٰ عسکری کمانڈرز اور شہریوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    امریکا اور اسرائیل کی بربریت کا نشانہ بننے والے ایران کے شہید اعلیٰ عسکری کمانڈرز اور شہریوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید ایران کے اعلیٰ عسکری کمانڈرز اور شہریوں کی نماز جنازہ تہران میں ادا کی گئی۔

    ایران کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 60 سے زائد افراد شہید ہوئے تھے، نماز جنازہ میں حکومتی اہلکار، عسکری قیادت اور ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔

    رپورٹس کے مطابق شہداء کی میتیوں کو ایران کے قومی پرچم میں لپیٹا گیا جبکہ ایرانی پرچم تھامے عوام نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    اسرائیل اور ایران کی 12 روزہ جنگ کے دوران شہید ہونے والوں میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے میجر جنرل محمد باقری اور جوہری سائنسدان محمد مہدی تہرانچی بھی شامل تھے۔

    آیت اللہ علی خامنہ ای کا اہم بیان:

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کو بچانے کیلیے جنگ میں کودا مگر کچھ حاصل نہیں کر سکا۔

    جنگ بندی کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے پہلے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسرائیل کے خلاف فتح پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، ایران نے اسرائیل اور اس کے تمام دعوؤں کو کچل کررکھ دیا، 9 کروڑ ایرانیوں نے متحد ہوکر فوج کا ساتھ دیا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ہماری جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، ایرانی فوج ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایرانی عوام تمام اختلافات بھلا کر متحد ہو کر کھڑی ہوئی، ایرانی عوام نے دنیا کو پیغام دے دیا کہ ہم ایک ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکا کے منہ پر زوردار طمانچہ مارا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے ایرانی عوام کو سرنڈر کرنیکی دھمکی دی، ایرانی عوام نے کبھی سرنڈر نہیں کیا اور نہ کرے گی جبکہ تاریخ گواہ ہے کہ ایرانیوں نے کبھی سرنڈر نہیں کیا، اللہ کے فضل سے ایرانی عوام متحد ہوکر کھڑی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت براہ راست جنگ میں داخل ہوئی کیونکہ اسے لگتا تھا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو صیہونی حکومت مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی، صیہونی حکومت تقریباً گر چکی ہے، امریکا اسرائیلی حکومت کو بچانے کی کوشش میں جنگ میں داخل ہوا لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکا نے جوہری مقامات کو نشانہ بنایا لیکن زیادہ کچھ حاصل نہ کرسکا، ہم نے قطر میں امریکی بیس کو نشانہ بناکر بڑا نقصان پہنچایا اور اگر مستقبل میں خطرہ ہوا تو امریکی اڈوں پر دوبارہ حملہ کیا جا سکتا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ہم نے اسرائیل کا دفاعی نظام توڑ کر کامیابی حاصل کی، ایران نے اس جنگ میں اسرائیل کو ناک آؤٹ کردیا ہے۔

  • شمالی وزیرستان: دہشتگرد حملے میں شہید افسران کی نماز جنازہ ادا، صدر اور آرمی چیف کی شرکت

    شمالی وزیرستان: دہشتگرد حملے میں شہید افسران کی نماز جنازہ ادا، صدر اور آرمی چیف کی شرکت

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گزشتہ روز شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید اور کیپٹن محمد احمد شہید کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں صدر آصف زرداری، وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، سینئر فوجی اور سول افسران اور شہداء کے لواحقین سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ کے بعد شہداء کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئیں، جہاں شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کے رہائشی تھے جبکہ 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید تلہ گنگ کے رہائشی تھے۔

    اس موقع پر صدر مملک آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو برقرار رکھا ہے، پاک فوج نے ان پائیدار اصولوں کی روشنی میں دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے، جس کے دوران پاک فوج نے پیشہ ورانہ معیار اور دہشت گرد کے خلاف غیر متزلزل عزم کو برقرار رکھا ہے۔

    صدر مملک کا کہنا تھا کہ ہمارے افسروں اور جوانوں کی یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر جوانوں کے غیر متزلزل عزم کی زندہ مثال ہے، وطن کے سپوتوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا، پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • ڈکیتی مزاحمت پر ماں اور بہن کے سامنے قتل ہونے والے نوجوان کی نمازجنازہ ادا، ہر آنکھ اشکبار

    ڈکیتی مزاحمت پر ماں اور بہن کے سامنے قتل ہونے والے نوجوان کی نمازجنازہ ادا، ہر آنکھ اشکبار

    کراچی : ڈکیتی مزاحمت پرماں اوربہن کے سامنے قتل ہونے والے نوجوان شاہ رخ کی نمازجنازہ اداکردی گئی، بھائی نے شکوہ کیا کہ شاہ رخ کو گولی لگنے کے بعد بھی کسی نے مدد نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کشمیر روڈ پر گھر کے باہر ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے نوجوان کی میت گھرپہنچی تو کہرام مچ گیا ، اس موقع پر ہرآنکھ اشکبار تھی۔

    نوجوان شاہ رخ کی نمازجنازہ طارق روڈ پر رحمانیہ مسجد میں ادا کی گئی، نمازجنازہ میں عزیزواقارب،شوروم مالکان اوراہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    مقتول شاہ رخ گاڑی کی خریدوفروخت کاکام کرتا تھا جبکہ اس کی چند روز قبل ہی شادی ہوئی تھی۔

    مقتول کے بھائی اور مقدمے کے مدعی جہانزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا علاقے میں رکشہ سوارملزمان کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں، گھر کے باہر گارڈز بنکر میں بیٹھا رہا اور ڈاکوؤں سےمزاحمت نہیں کی، گارڈز ایک فائر کرتا یا آواز بھی لگاتا توصورتحال مختلف ہوسکتی تھی۔

    جہانزیب کا کہنا تھا کہپ والدہ ،بہن جیسے ہی رکشے سے اتر کر گیٹ پر پہنچی ملزمان نے لوٹ مارکی، بھائی نے گھر سے نکل کر مزاحمت کی مگرملزمان قتل کرکےفرارہوگئے۔

    مدعی مقدمے نے رکشہ ڈرائیور پر بھی شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا والدہ ،بہن کے پہنچنے سے پہلےبھی ایک رکشہ یہاں سے گزرا، پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے اوع رینجرز حکام مسلسل رابطے میں ہیں۔

    مقتول کے بھائی نے شکوہ کیا کہ بھائی زخمی حالت میں تڑپتا رہا کسی نے مدد نہیں کی ، گارڈ بھی تماشہ دیکھتارہا۔ جبکہ شاہ رخ کے کزن نے بتایا شاہ رخ دوستوں کا دوست اورانتہائی ملنسار تھا۔

    شارخ کے نماز جنازہ میں شریک شرکا نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ، شوروم مالکان نے کہا تدفین کے بعد مزید لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، نوجوان کا 2 روز قبل ولیمہ ہوا ، اسے گولیاں مار دی جاتی ہیں ، دن دیہاڑے ڈاکو لوگوں کو قتل کرتے پھر رہے ہیں، پولیس کہاں ہے اور کیا کررہی ہے۔

  • درہ آدم خیل سے ملنے والی 11 سال پرانی 16 لاشوں کی تدفین ، ورثا کیلئے امداد کا اعلان

    درہ آدم خیل سے ملنے والی 11 سال پرانی 16 لاشوں کی تدفین ، ورثا کیلئے امداد کا اعلان

    شانگلہ : درہ آدم خیل سے ملنے والی گیارہ سال پرانی سولہ لاشوں کی شانگلہ میں تدفین کردی گئی ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزدوروں کے ورثا کیلئے فی کس26، 26 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق درہ آدم خیل سے ملنے والی گیارہ سال پرانی سولہ لاشوں کی ضلعی ہیڈکوارٹرالپوری میں اجتماعی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

    نمازِ جنازہ میں صوبائی وزراء شوکت یوسف زئی، عارف احمد زئی،مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینیرامیرمقام سمیت سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، جس کے بعد لاشوں کی شانگلہ میں تدفین کردی گئی۔

    وزیر اعلیٰ محمودخان نےجاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لئے فی کس چھبیس چھبیس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

    گزشتہ روز ستمبر 2011 میں درہ آدم خیل کے علاقے کالا خیل سے اغواء ہونے والے سولہ مزدوروں کی لاشیں کوہاٹ سے ملی تھیں،  جنہیں اغواء کے بعد بے دردی سے مار کر ایک اجتماعی قبر میں دفن کردیا گیا تھا۔

    جس کے بعد سولہ لاشوں کو قانونی کارروائی کیلئے ایمبولینسوں کے ذریعے مذکورہ مقام سے شانگلہ منتقل کیا گیا۔

  • سانحہ مچھ  میں شہید کان کنوں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

    سانحہ مچھ میں شہید کان کنوں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

    کوئٹہ: سانحہ مچھ میں شہید کان کنوں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی، شہدا کی تدفین ہزارہ قبرستان میں کی جائے گی، ہزارہ برادری کے منتظمین سے حکومتی ٹیم کے مذاکرات کامیاب کے بعد شہدا کے ورثا نے تدفین کی اجازت دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ مچھ میں شہید کان کنوں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی، نمازجنازہ میں وفاقی وزیرعلی زیدی ،زلفی بخاری اورڈپٹی اسپیکرقاسم سوری سمیت صوبائی وزرا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    سانحہ مچھ کےشہدا کی تدفین ہزارہ قبرستان میں کی جائے گی ، قبرستان میں تدفین کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

    اس سے قبل وزیر داخلہ بلوچستان میرضیااللہ لانگو نے امام بارگاہ ولی عصر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا دھرنا مظاہرین اور منتظمین کے تمام مطالبات کل منظور کر لیے ہیں ، حکومت گورننس سےبالکل غافل نہیں ہے۔

    گذشتہ رات ہزارہ برادری کے دھرنے میں منتظمین سے حکومتی ٹیم کے مذاکرات کامیاب ہو گئے تھے اور دھرنے میں شریک شہدا کے ورثا نے تدفین کی اجازت دے دی تھی، جس کے بعد منتظمین نے پورے ملک میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    حکومتی وفد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہزارہ برادری سے کیا ہوا ہر وعدہ پورا کریں گے، جبکہ شہدا کے لواحقین نے کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں وزیر اعظم آ کر مظلوموں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھیں۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مذاکرات کے بعد خطاب میں کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان لواحقین کے پاس آئیں گے اور ان کے مسائل سنیں گے، آرمی چیف بھی جلد ہزارہ برادری سے ملاقات کریں گے، اور بلوچستان میں سیکورٹی کی بہتری کے لیے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

  • خادم حسین رضوی کی نمازِجنازہ آج مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی

    خادم حسین رضوی کی نمازِجنازہ آج مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی

    لاہور : تحریک لبیک کےسربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی نمازِ جنازہ آج دن گیارہ بجے مینار پاکستان کے میدان میں ادا کی جائے گی۔

    تفصیلات کےمطابق تحریک لبیک کےسربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ آج صبح 11 بجے ادا کی جائےگی ، میت نمازجنازہ کی ادائیگی کیلئے مینارپاکستان روانہ کردی گئی ہے۔

    خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور کارکنوں کی بڑی تعداد ملتان روڈ پر مسجد رحمت العالمین کے باہر موجود ہیں۔

    یاد رہے 2 روز قبل تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی لاہور میں وفات پاگئے تھے ، خادم رضوی چند روز سے بخار میں مبتلا تھے، طبیعت زیادہ خراب ہونےپرمولانا خادم رضوی کو شیخ زید اسپتال پہنچایا گیا، اسپتال انتظامیہ کاکہنا تھا خادم رضوی جب اسپتال پہنچے تو انتقال کرچکے تھے۔

    بعدازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم عمران خان سمیت اہم سیاسی و مذہبی شخصیات نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

    خیال رہے خادم حسین رضوی سیاست میں آنے سے قبل لاہور میں محکمہ اوقاف کی مسجد میں خطیب تھے، ممتاز قادری کی سزا پر عملدرآمد کے بعد انہوں نے کھل کر حکومت وقت پر تنقید کی جس کی وجہ سے انہیں محکمہ اوقاف نے ان کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

  • میانوالی طیارہ حادثہ،  شہید پاک فضائیہ کے پائلٹ کی نماز جنازہ ادا

    میانوالی طیارہ حادثہ، شہید پاک فضائیہ کے پائلٹ کی نماز جنازہ ادا

    لاہور : پاک فضائیہ کے شہید پائلٹ فلائنگ آفیسر عبادالرحمان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، عبادالرحمان میانوالی میں طیارہ حادثے شہید ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق میانوالی طیارہ حادثے میں شہید پاک فضائیہ کے پائلٹ فلائنگ آفیسر عبادالرحمان کی نماز جنازہ پاکستان ایئر فورس لاہور میں ادا کردی گئی، پاک فضائیہ کے دستے نے شہید کو سلامی دی۔

    شہید کی تدفین واپڈا ٹاؤن لاہور میں فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : میانوالی میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ شہید

    گذشتہ روز میانوالی کے قریب چاہ میانہ کے مقام پر پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے ایف ٹی سیون میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے، شہید پائلٹ میں اسکواڈرن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عبادالرحمان شامل تھے۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئرہیڈ کوارٹرز نےاعلیٰ سطح بورڈ تشکیل دیا گیا۔

  • شمالی وزیرستان حملہ : شہیدکیپٹن عارف اللہ مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

    شمالی وزیرستان حملہ : شہیدکیپٹن عارف اللہ مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

    لکی مروت: شمالی وزیرستان میں پاک فوج پر  دہشت حملے میں شہید کیپٹن عارف اللہ کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی گاؤں سپردخاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان حملے میں شہید کیپٹن عارف اللہ کی نمازجنازہ لکی مروت میں آبائی گاؤں تاجہ ادا کی گئی، نمازجنازہ جی اوسی پشاور میجر جنرل اسد نوازسمیت سینئرفوجی افسران نےشرکت کی جبکہ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی نمازجنازہ میں موجود تھی۔

    بعد ازاں شہید کیپٹن عارف اللہ کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا، تاجہ زئی میں شہیدکی قبرپرپھول چڑھائےگئے اور قومی پرچم لہرایا گیا۔

    شہید کیپٹن عارف کےپسماندگان میں والدین، 3 بھائی اور 4 بہنیں شامل ہیں۔

    دوسری جانب پاک فوج کے شہیدظہیرعباس کی نمازجنازہ شام4بجے بلکسر میں اداکی جائے گی ، شہیدظہیر عباس نے سوگواران میں بیوہ اور ایک سال کی بیٹی چھوڑی ہے۔

    شہید ظہیرعباس کے والد اور چچا نے اے آروائی نیوزسےبات چیت کرتے ہوئے کہا شہیدظہیرعباس نے 3 ماہ بعد ریٹائرڈ ہونا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے خرکمر میں بارودی سرنگ کا دھماکا کیا گیا، جس میں پاک فوج کے تین افسروں سمیت ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا جبکہ چار جوان زخمی ہوئے۔

    مزید پڑھیں : شمالی وزیرستان : بارودی سرنگ کا دھماکہ، پاک فوج کے تین افسر اور جوان شہید چار زخمی

    شمالی وزیرستان دھماکے میں شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کا تعلق ہنزہ ، شہید میجر مقصود بیگ کا تعلق کراچی اور شہید کیپٹن عارف اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے جبکہ افسوسناک واقعے میں شہید لانس حوالدار ظہیر کا تعلق ضلع چکوال سے ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے سڑک کنارے بارودی سرنگ سے فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا، حملہ اس علاقے میں کیا گیا جہاں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

    خیال رہے شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کے دوران ایک ماہ میں دس سیکیورٹی اہلکار شہید اور پینتیس زخمی ہو چکے ہیں۔

  • لازوال محبت، بیوی کے انتقال کی خبر سُن کر شوہر بھی چل بسا

    لازوال محبت، بیوی کے انتقال کی خبر سُن کر شوہر بھی چل بسا

    کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں شوہر بیوی کی وفات کا صدمہ برداشت نہ کرسکا اور دار فانی سے کوچ کرگیا، میاں بیوی کی نماز جنازہ ایک ساتھ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے نصیر آباد کے علاقے محبت شاخ کی رہائشی خاتون نور بی بی قضائے الہی سے انتقال کرگئی تھیں جس کا صدمہ اُن کے شوہر حاجی مراد بخش مینگل برداشت نہ کرسکے اور وہ بھی انتقال کرگئے۔

    بڑے صاحبزادے کے مطابق والد ڈیرہ مراد جمالی کے نواحی گاؤں میں بھائی کے ساتھ رہائش پذیر تھے جنہیں والدہ کے انتقال کی خبر دی تو وہ صدمہ برداشت نہ کرسکے اور دوپہر انتقال کرگئے۔

    مرحوم کا جسد خاکی آج صبح اُن کے آبائی علاقے پہنچائی گئی جس کے بعد دونوں میاں بیوی کی نماز جنازہ ایک ساتھ ادا کی گئی، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار اور بچے غم سے نڈھال تھے۔

    محبت و پیار کی مثال قائم کرنے والے شوہر اور اُن کی اہلیہ کو ایک دوسرے کے پہلو میں ہی سپرد خاک کیا گیا۔

  • قصور، زیادتی کے بعد قتل ہونے والی ننھی پری زینب سپرد خاک

    قصور، زیادتی کے بعد قتل ہونے والی ننھی پری زینب سپرد خاک

    قصور: زیادتی کے بعد قتل ہونے والی سات سالہ کم سن بچی زینب کو آہوں اور سسکیوں کے دوران سپرد خاک کردیا گیا ننھی پری کی نمازجنازہ علامہ طاہرالقادری نے پڑھائی۔

    تفصیلات کے مطابق زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی زینب کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آخری آرام گاہ منتقل کردیا گیا اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے جہاں ہر آنکھ اشک بار اور ہر دل اداس تھا۔

    ننھی پری زینب کی نماز جنازہ پڑھانے کے لیے ڈاکٹر طاہر القادری خصوصی طور پر قصور پہنچے تھے اور ہزاروں افراد کی موجودگی میں نماز جنازہ کی امامت کی۔

    قبل ازیں صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں 7 سالہ بچی زینب کے قتل اور زیادتی کے خلاف لوگ احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے اور مشتعل افراد نے ڈی سی او اور ڈی پی او آفس کا گھیراؤ کرلیا اس دوران پولیس کی فائرنگ سے 3 مظاہرین جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    یاد رہے کہ زینب کے والدین عمرےکی سعادت کے لئے سعودیہ عرب میں تھے کہ خالہ کے گھر مقیم کمسن زینب کو پانچ روز پہلے اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد سفاک درندوں نے بچی کو زیادتی نشانہ بنا کر قتل کردیا ، واقعہ کیخلاف شہر میں پورے دن شٹر ڈاون ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور دکانیں، مارکیٹس ودیگرتجارتی مراکزبند ہیں۔

    پولیس سفاک قتل کی واردات میں روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہی ہے اور اس کے باوجود کہ بچی کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہیں لیکن تاحال پولیس اب تک ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی۔


    مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کا قصور میں 7 سالہ بچی کے قتل کا نوٹس


    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے قصور میں آٹھ سال کی بچی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کاحکم دیتے ہوئے ، آئی جی کوجائےوقوعہ پرپہنچنے کی ہدایت کی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران قصورمیں بچیوں کواغواکےبعدقتل کرنےکا یہ دسواں واقعہ ہے اور پولیس ایک بھی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔