Tag: Ganda poor

  • ’کشمیر سے متعلق عالمی عدم توجہ کسی بڑے سانحےکا سبب بن سکتی ہے‘

    ’کشمیر سے متعلق عالمی عدم توجہ کسی بڑے سانحےکا سبب بن سکتی ہے‘

    اسلام آباد: وزیرامورکشمیر علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے اقوام متحدہ 71سال قبل پاس کی گئی قرارداد پر عمل کرائے، کشمیریوں پر جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈاپور کا یوم قراردادحق خودارادیت سے متعلق پیغام میں کہنا تھا کہ عالمی عدم توجہ کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے، مسئلہ کشمیر کو بھارت خودسلامتی کونسل میں لے کر گیا تھا، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر یواین ایجنڈے پر پرانے حل طلب مسائل میں سے ہے، مسلئے کے حل میں ناکامی یواین کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، بھارت ہندو انتہاپسند ریاست بننے کے راستے پر گامزن ہے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے عالمی عدم توجہ کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے قتل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    وادی میں خوف کے سائے برقرار ہیں جبکہ سری نگر کی جامع مسجد سمیت دیگر مساجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی جارہی۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور وادی میں حالات تاحال کشیدہ ہیں اور وادی کا دنیا سے تعلق تاحال منقطع ہے۔