Tag: Ganderbal

  • مقبوضہ کشمیر میں ہولناک حملہ، ڈاکٹر سمیت 7 غیر کشمیری مزدور ہلاک

    مقبوضہ کشمیر میں ہولناک حملہ، ڈاکٹر سمیت 7 غیر کشمیری مزدور ہلاک

    گاندربل: مقبوضہ کشمیر کے ضلع گاندربل میں مسلح افراد کے حملے میں ڈاکٹر سمیت 7 مزدور ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں اتوار کی شام نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک ڈاکٹر سمیت 7 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔

    نامعلوم مسلح افراد نے اتوار کی شام سرینگر لہہ ہائی وے پر گگنگیر میں زیڈ موڑ سرنگ کے قریب ایک بھارتی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کیا، ہلاک ہونے والوں کی شناخت بڈگام کے ڈاکٹر شاہنواز قادر ڈار اور ضلع جموںکے انیل کمار شکلا، فہیم نذیر اور ششی ابرول کے ناموں سے ہوئی ہے، جب کہ گرمیت سنگھ، محمد حنیف اور محمد کلیم بھارت کے رہائشی تھے۔

    انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر ودھی کمار بردی نے صحافیوں کو بتایا کہ گگنگیر میں ہوئے حملے میں ابتدائی طور پر تین افراد کی موت ہوئی جب کہ چار دیگر اس وقت دم توڑ گئے جب انھیں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق مسلح افراد نے کیمپ پر فائرنگ کی تھی جس میں زیڈ موڑ سرنگ کی تعمیر میں مصروف ایک کمپنی کے کارکن مقیم تھے، بھارتی فوجیوں نے ضلع کے سونمرگ اور دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعلیٰ مقبوضہ کشمیر عمر عبداللّٰہ نے ضلع گاندربل میں حملے کی شدید مذمت کی ہے، جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گاندربل میں مزدوروں پر حملہ انتہائی افسوس ناک ہے۔

  • کشمیریوں پر ظلم ڈھانے کیلئے مودی سرکار کا نیا حربہ

    کشمیریوں پر ظلم ڈھانے کیلئے مودی سرکار کا نیا حربہ

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے کشمیریوں پر ظلم ڈھانے کا نیا حربہ اختیار کرلیا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ایک اور غیر قانونی قدم اٹھاتے ہوئے خواتین فوجیوں کو وادی میں تعینات کردیا ہے۔

    آسام رائفلز سے تعلق رکھنے والی خواتین فوجیوں کو وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں تعینات کیا گیا ہے، ان کی تعیناتی موبائل چیک پوسٹوں پر کی گئی ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خواتین اہلکار نام نہاد سرچ آپریشن کےدوران بھارتی فورسز کی مدد کرینگی، ساتھ ہی خواتین فوجیوں کو بھی منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کا کام سونپا گیا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس غیر قانونی اقدام کا مقصد وادی میں جعلی سرچ آپریشن کے دوران خواتین کی جانب سے شدید مزاحمت کو روکنا ہے۔

     

    واضح رہے کہ بھارتی قابض افواج عرصہ دراز سے مقبوضہ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران نہتے کشمیریوں کو شہید کرتی چلی آرہی ہے، ان نام نہاد اور جعلی آپریشن کے دوران کشمیری خواتین سراپا احتجاج رہی ہیں۔