Tag: gang involved

  • اے ٹی ایم اسکیمنگ سے شہریوں کو لوٹنے والا گروہ پکڑا گیا

    اے ٹی ایم اسکیمنگ سے شہریوں کو لوٹنے والا گروہ پکڑا گیا

    ٹیکسلا پولیس نے اے ٹی ایم اسکیمنگ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے تین رکنی گروہ کو گرفتار کرکے سامان برآمد کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اے ٹی ایم اسکیمنگ سے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کو پکڑلیا گیا ہے۔

    ٹیکسلا پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم مشینوں کے ذریعے شہریوں کے اکاؤنٹس سے رقوم نکلوانے  والے تین سائبر ایکسپرٹ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    گرفتار ملزمان کی شناخت عمران، خالد اور فرحان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اےٹی ایم ٹریکنگ ڈیوائسز، بیٹریاں،اےٹی ایم کارڈ،  42ہزار روپے نقدی،3 موبائل فون اور کار برآمد کی گئی ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال میں مہارت رکھتے ہیں اور اس سے قبل بھی ملزمان سائبر کرائم کے جرائم میں ملوث رہے ہیں۔

    اس حوالے سے ایس پی پوٹھوہار رانا وہاب کا کہنا ہے کہ ملزمان اپنی آئی ٹی مہارت کو منفی سرگرمیوں میں استعمال کرکے شہریوں کو انکے قیمتی اثاثے سے محروم کرتے تھے، شہریوں کو انکے قیمتی اثاثے سے محروم کرنے والے اب قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

  • کراچی :کباڑی کے گودام سے چوری شدہ اور چھینی گئی موٹرسائیکلوں کے پارٹس سے بھرا ٹرک برآمد

    کراچی :کباڑی کے گودام سے چوری شدہ اور چھینی گئی موٹرسائیکلوں کے پارٹس سے بھرا ٹرک برآمد

    کراچی : اے وی ایل سی نے کباڑی کے گودام سے چوری شدہ اور چھینی گئی موٹرسائیکلوں کے پارٹس سے بھراٹرک برآمد کرلیا اور 6ملزمان گرفتار کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اجمیر نگری میں خفیہ اطلاع پر اےوی ایل سی نے چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران کباڑی کے گودام میں موٹرسائیکل پارٹس سے بھراٹرک برآمد کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی اےوی ایل سی عارف اسلم راؤ نے کہا چھاپہ ٹرک شیر شاہ مارکیٹ روانہ ہوتے وقت ماراگیا، اس دوران اسپیشلائزڈ ٹیم نے 6ملزمان گرفتار کرلئے جبکہ کباڑیہ فرار ہو گیا، ملزمان میں ریحان، اسماعیل، سجاد حیدر، محمدریاست، محرم اور نور نبی شامل ہیں۔

    عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ ٹرک سے سیکڑوں موٹرسائیکلوں کے پارٹس ملے ہیں، پارٹس مشتبہ چوری شدہ ،چھینی گئی موٹرسائیکلوں کےہیں،ابتدائی تفتیش میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    ایس ایس پی اےوی ایل سی نے بتایا کہ کراچی میں کئی مقامات پر چوری شدہ موٹرسائیکلوں کوکھولا جاتا ہے، فریم پھینک کرباقی ساراسامان کباڑی گودام منتقل کیاجاتا ہے اور کباڑی گودام سے سامان ٹرکوں کےذریعےشیرشاہ بھیجا جاتا ہے۔

    کراچی:برآمد شدہ سامان کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے اور کباڑ خانے کے مالک کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • خواتین پرحملے، ملزم ایک نہیں، گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف

    خواتین پرحملے، ملزم ایک نہیں، گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف

    کراچی : خواتین پر چھری سے حملوں میں نیا انکشاف بھی منظرعام پر آگیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور ایک شخص نہیں بلکہ ان وارداتوں میں پورا گروہ ملوث ہے، باجوڑی محلے میں حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں خواتین پر چھری سے حملوں میں نیا انکشاف ہوا ہے، حملہ کرنے والا اکیلا نہیں بلکہ پورا گروہ سرگرم ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو باجوڑی محلے میں حملے کی ملنے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوارملزم نے سفید شلوارقمیص پہن رکھی ہے، ملزم نے پینٹ شرٹ نہیں پہنی ہوئی، نہ ہی سر پر ہیلمٹ ہے۔

    اس کے علاوہ کل کے واقعات کے بعد واضح ہوگیا کہ چھرامار ایک ملزم نہیں گروہ سرگرم ہے، واضح رہے کہ آج پھر گلستان جوہر میں راڈو بیکری کے قریب موٹرسائیکل سوار حملہ آور نے خاتون پر چھری سے وار کیا۔

    نجی اسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ خاتون کو مزاحمت کرنے پر ہاتھ اور کمر پر تیز دھار آلے کے زخم آئے ہیں، ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری گلستان جوہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کردی گئی ہے۔ ملزم کی گرفتاری کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں لیکن ملزم اب تک قانون کی گرفت سے دور ہے۔

    حملہ آور دس دن میں بارہ سے زائد خواتین کو تیزدھار آلے سے زخمی کرچکا ہے، ایک طرف چھرے مار حملے کررہا ہے تو دوسری طرف پولیس کے دعوؤں میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔


    مزید پڑھیں: ایک اورخاتون پرچھری سے حملہ، تعداد بارہ ہوگئی، ملزم آزاد


    پہلے ایڈیشنل آئی جی نے ملزم کی گرفتاری کی نوید سنائی لیکن چند گھنٹے بعد پولیس نے یو ٹرن لے لیا، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے اقدامات کررہےہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی سی آئی اے کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، ملزم کی گرفتاری پرپانچ لاکھ روپےانعام مقررکیا گیاہے۔