Tag: Garhi Khuda Bakhsh

  • میاں‌ صاحب،اب آپ سے جنگ ہوگی، پنجاب کی وزارت اعلیٰ بھی نہیں‌ لینے دیں‌ گے: آصف زرداری

    میاں‌ صاحب،اب آپ سے جنگ ہوگی، پنجاب کی وزارت اعلیٰ بھی نہیں‌ لینے دیں‌ گے: آصف زرداری

    گڑھی خدا بخش: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم تحت رائیونڈ کو ہلا دیں گے، پنجاب میں‌ ن لیگ کا وزیر اعلیٰ نہیں‌ آنے دیں گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے گڑھی خدا بخش میں‌ پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا.ان کا کہنا تھا کہ میں نے لاہور کے موچی گیٹ پر کہا تھا کہ ہم جب چاہیں، آپ کا وزیراعلیٰ گراسکتے ہیں، پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ آپ کو چیئرمین سینیٹ نہیں لینے دوں گا.

    [bs-quote quote=”میاں صاحب نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ سے مل کر ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا، اب آپ سے صلح نہیں ہوگی، جنگ رہے گی، آپ سیاست داں نہیں، بلکہ مغل شہنشاہ ہیں، آپ کی وجہ سے ہمارے دوست ہم سے دور ہوگئے” style=”style-2″ align=”left” author_name=”آصف علی زرداری” author_avatar=”https://arynewsudweb.wpengine.com/wp-content/uploads/2018/04/ZARDARI60.jpg”][/bs-quote]

    آصف زرداری نے الزام لگایا کہ ن لیگ نے سینیٹ انتخابات کے موقع پر رضا ربانی کا نام لے کرپیپلزپارٹی میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی، مگر رضاربانی ایسے نہیں، وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے رہے.

    انھوں‌ نے کہا کہ آج میاں صاحب اپوزیشن بھی کرتے ہیں اور حکومت بھی کرتے ہیں، میاں صاحب ہی آپ کا وزیراعظم ہے، آپ ہی کا وزیراعلیٰ ہے۔

    انھوں‌ نے کہا کہ میاں نوازشریف کو40 سال کا حساب دینا ہوگا، انھوں نے لاہور میں اربوں روپے خرچ کرکے ایک سیٹ نکالی، میاں صاحب آپ کے گھر اور موچی گیٹ کی طرف جانے والے راستوں میں فرق ہے، موجودہ مینڈیٹ آپ کا مینڈنٹ نہیں، وہ آر او الیکشن تھے.

    آصف زرداری نے کہا کہ جمہوریت کی بدولت ہم بلوچستان کو آگے لے کر گئے، بلوچستان کو ایک باپ، ایک ماں کی ہماری اور ایک پارٹی کی ضرورت ہے، بلوچستان میں آپ کی غفلتوں کی وجہ سے آگ لگی ہوئی ہے.

    انھوں نے کہا کہ میاں صاحب نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ سے مل کر ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا، آپ اب سے صلح نہیں ہوگی، جنگ رہے گی، آپ سیاست داں نہیں، بلکہ مغل شہنشاہ ہیں، آپ کی وجہ سے ہمارے دوست ہم سے دور ہوگئے، ہم بہت جلد پنجاب آئیں گے اور تخت رائیونڈ کو ہلائیں گے.

    میاں صاحب غریبوں کو لوٹنا اور ان کا خون چوسنا چھوڑ دیں، وہ دن یاد کریں جب ہم نے آپ کی حکومتیں بچائی تھیں، آپ کے وزرا کے پیر کانپ رہے تھے، اگر میں لندن سے نہ آتا، اس کے باوجود آپ نے آنکھیں پھیر لیں۔

    انھوں نے کہا کہ میں‌ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بھٹووہ شخصیت تھی جس کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا.


    اتفاق رائے کا عدم احترام اور آئین سے کھلواڑ سیاسی تباہی ہوگا: آصف زرداری


    مریم نواز نے عمران خان اور آصف زرداری کو بھائی بھائی قرار دے دیا


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان اور میاں صاحب کی سیاست اور منافقت ایک ہے، بلاول بھٹو

    عمران خان اور میاں صاحب کی سیاست اور منافقت ایک ہے، بلاول بھٹو

    لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اور میاں صاحب کی سیاست اور منافقت ایک ہے، یہ لوگ حکومت میں آگئے تو نہ جانے ملک کے ساتھ کیا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف مولا جٹ بن کر ججز کو گالیاں دیتے ہیں، میاں صاحب آپ بہت کنفیوژ ہو، آپ کو تین موقعے ملنے کے باوجود آپ سے یہ ملک نہیں چل سکا نہ چلے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ضیا کی پیداوار اور طالبان کے بچھڑے بھائی عمران خان کے خلاف لڑیں گے، یاد رکھو یہ ان کا آخری اور میرا پہلا الیکشن ہوگا، ہم فرقہ واریت، دہشت گردی، انتہا پسندی کے خلاف لڑیں گے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف ووٹ کو عزت دو کی تحریک چلا رہے ہیں تو مجھے ہنسی آتی ہے، نواز شریف صبح عدلیہ اور ججز کو گالی دیتے ہیں اور شام کو اپنے وزیر اعظم کو معافی مانگنے کے لیے بھیج دیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان اور میاں صاحب ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں، یہ اقتدار کی جنگ ہے ان دونوں کی جدوجہد جھوٹ اور فریب ہے، عوام کو اس سے غرض نہیں کہ کیوں نکالا، عوام مسائل کا حل چاہتی ہے، پیپلزپارٹی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے کامیاب منصوبے بنائے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کا سب سے بڑا فرعون انتہا پسندی اور دہشت گردی ہے، انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے تعلیمی نصاب سے قومی پالیسی تک منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو دہشت گردی، انتہا پسندی کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ تیسری نسل آگئی جنون ختم ہوا نہ جذبہ کم ہوا، دنیا کے کونے کونے سے بھٹو کے دیوانے چھوٹے سے گاؤں میں کھنچے چلے آئے، سندھ کے بیٹوں نے بھی گڑھی خدا بخش آکر جئے بھٹو کا نعرہ لگایا، یہ طاقت ہے اس مظلوم کی جو ہنستے ہوئے پھانسی گھاٹ پر جھول گیا۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سیاست میں 32 اور عمران خان کو 22واں سال ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے 11 سال کے اثرات کوئی کم نہ کرسکا، یہ پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کا تحفہ ہے، ملک کا متفقہ آئین بنانا کوئی مذاق نہیں تھا، ملک 26 سال بغیر آئین کے چلا، آئین بنانے کا کارنامہ بھٹو نے کیا تھا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ آج پاکستان کے پاس ایٹم بم ہے تو یہ ذوالفقار بھٹو کا کارنامہ ہے، آپ کے پاس پاسپورٹ ہے، آج مزدوروں، کسانوں کے پاس کوئی حق ہے، کامیاب خارجہ پالیسی اگر ہے تو یہ ذوالفقار بھٹو کا کارنامہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھٹو کا عظیم پاکستان چاہئے تو میرے ہاتھ میں ہاتھ دینا ہوگا، ایک جنرل ضیا تھا جو فضا میں ہی اڑ گیا اس کے وارث کا نام نواز شریف ہے، بھٹو کا وارث آپ کے سامنے کھڑا ہے آپ کی مرضی ہے کس کا ساتھ دیتے ہیں، ملک کا سیاسی نظام شہیدوں کی بدولت ہے جسے ہم کسی صورت لپیٹنے نہیں دیں گے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جاتی امرا اور بنی گالہ میں جمع ہونیوالوں کو پیپلزپارٹی سے خطرہ ہے، پیپلزپارٹی اقتدار کے لالچیوں کو دیوار سے لگائے گی، مذہبی انتہا پسندی کی بی ٹیم کو اقتدار میں نہیں آنے دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بھٹو کو مسلم ممالک کو اکٹھا کرنے کی سزا دی گئی، رضا ربانی

    بھٹو کو مسلم ممالک کو اکٹھا کرنے کی سزا دی گئی، رضا ربانی

    گڑھی خدا بخش : چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو مسلم ممالک کو اکٹھا کرنےکی سزا دی گئی، بھٹو ریفرنس پر گرد جم رہی ہے سپریم کورٹ ازخود اوپن کرے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس سے قبل رضا ربانی نے ذوالفقار علی بھٹو اورشہید بینظیر بھٹو کی مزارات پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

    چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے بھٹو کو راہ راست سے ہٹانے کا ذمہ دارعالمی قوتوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو مسلم ممالک کو یکجا کرنے کی پاداش میں راستے سے ہٹایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ نیب کا نظام مکمل طور پر ناکارہ ہوچکا ہے، اس کے تحت کرپشن پر قابو نہیں پایا جا سکتا، نگراں حکومتوں کا کام تین مہینے کے لئے صرف روزانہ کا بزنس چلانا ہے، عالمی اداروں سے معاہدے کرنا ان کا کام نہیں۔

    نگراں حکومتوں کے خد و خال واضح کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے اقدامات کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کے لئے نیشنل سیکورٹی اور خارجہ پالیسی سمیت تمام اہم ملکی فیصلے اے پی سی کے بجائے پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں۔

  • فوجی عدالتوں کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے،آصف زرداری

    فوجی عدالتوں کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے،آصف زرداری

    لاڑکانہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کو اس لئے قبول کیا کہ وہ سیاسی جماعتوں اور صحافیوں کی خلاف استعمال نہیں ہونگی، ان کا کہنا تھا کہ مخدوم امین فہیم نے نہ پہلے کبھی غداری کی تھی نہ اب کریںگے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹوشہید کی ساتویں برسی کے موقع پر ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ مخالفین  نے بلاول زرداری ،میرے اور پیپلز پارٹی  کے حوالے سےافواہیں پھیلا رکھی ہیں۔

    ملٹری کورٹس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کا غلط استعمال نہیں ہونے دینگے، اگر فوجی عدالتوں سے متعلق یقین دہانی کرائی گئی تو اس پر دستخط کردیں گے،کہیں ایسا نہ ہو کہ آنے والے دنوں میں میں  اور میاں صاحب دونوں جیل میں ہوں۔

    آصف زرداری نے کہا کہ پشاورمیں ہمارے بچوں کو شہید کیا گیا اور شارع فیصل پر سانحہ کارساز میں بھی ہمارے بچے شہید ہوئے، انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام  لئے بغیر کہا کہ اگر سانحہ کارساز کے بعد بلّا آپریشن کر دیتا توسانحہ پشاور نہ ہوتا،اور ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر فوج کو بِلّے سے سیاست ہی کرانی ہے تو صاف بتادے، ایک طرف تو بِلا ضمانت پر ہے تو دوسری جانب فوج اس کے ساتھ کھڑی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بی بی بینظیر شہید نے کہا تھا کہ میرے بعد آصف زرداری ہی پارٹی سنبھالیں گے، انہوں نے کہا کہ میری سیاسی تربیت محترمہ شہید بے نظیر بھٹو نے کی ہے۔

  • بینظیربھٹو کی7ویں برسی، قافلوں کی گڑھی خدا بخش آمد

    بینظیربھٹو کی7ویں برسی، قافلوں کی گڑھی خدا بخش آمد

    گڑھی خدا بخش: شہید محترمہ بے نظیربھٹو کی ساتویں برسی آج عقیدت واحترام سے منائی جارہی ہے، بڑی تعداد میں جیالے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں، برسی پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    سابق وزیرِاعظم بے نظیر بھٹو کی برسی آج منائی جارہی ہے، برسی کی بڑی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی، جس میں شرکت کے لیے پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین سمیت ملک بھرسے جیالے قافلوں کی صورت میں گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں۔

    برسی میں شرکت کے لئے سینکڑوں قافلے گزشتہ روز ہی پہنچ گئے تھے۔

    برسی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ برسی کی تقریبات کی تمام تیاریاں کرلی گئی ہیں، لوگ بڑی تعداد میں بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دے کر قرآن خوانی کررہے ہیں۔