Tag: Gas

  • 14 اگست کو گیس بند ہوگی؟ اہم اعلان

    14 اگست کو گیس بند ہوگی؟ اہم اعلان

    کراچی (13 اگست 2025): سوئی سدرن نے 14 اگست کو گیس بندش کا اعلان واپس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے اعلان کیا ہے کہ چودہ اگست کو گیس بند نہیں کی جائے گی، اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کراچی میں گیس کی بندش نہیں ہوگی۔

    ایس ایس جی سی کے اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ یوم آزادی کی تعطیل پر صارفین کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے، ترجمان نے بتایا کہ کراچی واٹر بورڈ کی لائنوں کی بحالی کا پروگرام بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ گیس معطلی سے متعلق منگل کو جاری بیان منسوخ تصور کیا جائے۔

    کراچی کی خبریں

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان سوئی سدرن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ واٹر بورڈ کی درخواست پر ہارون آباد سائٹ ایریا میں گیس پائپ لائن منتقل ہوگی، جس کی وجہ سے صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک گیس بند رہے گی۔

    ترجمان نے بتایا کہ شیرشاہ، سائٹ، جہان آباد، میانوالی کالونی، لاشاری محلہ، میٹروویل، باوانی چالی، پٹھان کالونی، پرانا گولیمار، ریکسر کالونی، حسن اولیا، مسلم آباد کے علاقوں میں گیس بند رہے گی۔ سائٹ انڈسٹریل ایریا، ہارون آباد، گلبائی، ماڑی پور، ٹکری ولیج، مسلم کالونی میں بھی گیس بند رہنی تھی۔

    Gold Price in Pakistan Today- پاکستان میں آج سونے کی قیمت

  • لائٹ جلاتے ہی گھر جل کر راکھ ہو گیا، مکین جھلس کر زخمی

    لائٹ جلاتے ہی گھر جل کر راکھ ہو گیا، مکین جھلس کر زخمی

    فیصل آباد (10 اگست 2025): پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ایک گھر میں آتش زدگی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں مکین جھلس کر زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ہمت پورہ میں گیس لیکج سے گھر میں آگ لگ گئی، جس میں 6 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ہیں، جنھیں ریسکیو نے الائیڈ اسپتال منتقل کیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق آتش زدگی سے گھر کا سامان اور فرنیچر جل کر راکھ ہو گیا ہے، اہل خانہ غلطی سے گیس کھول کر لاہور چلے گئے تھے، واپسی پر جب انھوں نے لائٹ جلائی تو چنگاری نکلنے سے گھر میں خوف ناک آگ بھڑک اٹھی، کیوں کہ گھر میں گیس بھر گئی تھی۔


    اجتماعی زیادتی کے ایک اور کیس میں ملزمان کا پولیس کے ہاتھوں انکاؤنٹر


    ریسکیو کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے چہرے، بازو اور ٹانگیں آگ سے جھلس گئی ہیں، 55 سالہ زونیرہ 59 فی صد، 27 سالہ جزیم 37 فی صد جھلس گئی، 30 سالہ عثمان 16 فی صد، 31 سالہ سدرہ 30 فی صد جھلسی، جب کہ ایک سالہ زرین 17 فی صد اور 2 سالہ ارشم 10 فی صد جھلسی۔

    عوامی خدمات کے ادارے شہریوں کے لیے ہمیشہ یہ پیغام جاری کرتے ہیں کہ وہ گھر چھوڑتے وقت گیس اور بجلی کی تمام اشیا کو اچھی طرح سے چیک کر کے جائیں، بالخصوص گیس لیکج کے بارے میں مکمل اطمینان ضرور کیا جانا چاہیے تاکہ کسی بھی ناگہانی حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔

  • لکی مروت: دہشت گردوں نے پنجاب جانیوالی گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی

    لکی مروت: دہشت گردوں نے پنجاب جانیوالی گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی

    دہشت گردوں نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا، جو پنجاب کو گیس فراہم کرتی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع لکی مروت تھانہ صدر کی حدود میں تورواہ کے مقام وانڈہ امیر کے قریب دہشت گردوں نے ایک بار پھر پنجاب جانے والی مین ٹرانسمیشن گیس پائپ لائن دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا ہے۔

      لکی مروت پولیس کا کہنا ہے کہ مین گیس پائب لائن پھٹنے سے پنجاب کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی جبکہ پولیس اور گیس کے حکام جائے وقوعہ پر پہنچ کر دوبارہ مرمتی کا کام شروع کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے قبل اسی مقام پر دیشت گردوں نے پنجاب جانی والی پائپ لائن دھماکے سے اڑا دیا تھا جبکہ اس سے قبل بھی مختلف مقامات پر گیس لائن جو دھماکہ خیز مواد سے اڑا چکے ہیں پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/lakki-marwat-policeman-kidnapping-news/

    دوسری جانب حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں، حکام نے اس حملے کی مذمت کی ہے، جس کا مقصد خطے کو غیر مستحکم کرنا اور توانائی کی فراہمی میں خلل ڈالنا ہے۔

    واضح رہے کہ نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ ​​بندی ختم کرنے کے بعد سے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

  • ’گیس فراہم نہیں کرنی تھی تو شیڈول کا اعلان کیوں کیا؟‘

    ’گیس فراہم نہیں کرنی تھی تو شیڈول کا اعلان کیوں کیا؟‘

    کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وفاق پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گیس فراہم نہیں کرنی تھی تو شیڈول کا اعلان کیوں کیا؟

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر میں پنشن، بقایا جات چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعظم، مصطفیٰ کمال، گورنر صاحب اور خالد مقبول سے گیس لوڈ شیڈنگ پر سوال ہونا چاہیے۔

    کراچی سمیت سندھ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن گیس مکمل ہی بند کر دی گئی، جس پر میئر کراچی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ گیس موجود نہیں ہے، اور اربوں روپے گیس انفرااسٹرکچر کو ٹھیک کرنے پر لگائے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا وزیر اعظم کراچی آئیں تو پوچھیے گا کہ وعدہ کرتے ہیں تو وفا کیوں نہیں کرتے۔

    ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میئر کراچی نے کہا ایم کیو ایم کو پتا لگتا ہے کہ کوئی کام ہونے جا رہے ہیں تو وہ فوری بینر لگا دیتے ہیں، ایم کیو ایم نے 300 لوگوں کی جگہ 600 لوگ بھرتی کیے، اور پھر واجبات ادا نہیں کر پائے۔ انھوں نے کہا ہم کے ایم سی کے 600 ملازمین کی تنخواہیں، پنشن اور دیگر بقایات جات دے رہے ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے روزگار تو دیا لیکن یہ نہیں سوچا کہ ان کو تنخواہیں کہاں سے دیں گے۔

    گیس لوڈشیڈنگ ، وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کو آئینی ذمہ داری یاد دلادی

    ان کا کہنا تھا کہ ہر ٹاؤن میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کام کرتی نظر آئے گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی بڑے بڑے پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے، تجاوزات کے خلاف آپریشن چلتے رہتے ہیں، جیسا کہ پتھاروں کے خلاف، اگرچہ ہم لوگ خود پتھارے والوں سے زیادہ خریداری کرتے ہیں لیکن سچ یہ ہے کہ پتھارے فٹ پاتھ نہیں سڑک بلاک کرتے ہیں۔

  • امریکا کا تیل اور گیس پر ٹیرف کے نفاذ کا اعلان

    امریکا کا تیل اور گیس پر ٹیرف کے نفاذ کا اعلان

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 18 فروری سے تیل اور گیس پر ٹیرف کے نفاذ کرنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین پر بھی ٹیرف نافذ کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر  نے تیل اور گیس پر 18فروری سے ٹیرف کے نفاذ کا اعلان کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹیل، المونیم اور تانبے پر بھی ٹیرف لاگو ہوگا، ٹیرف کے نفاذ پر کینیڈا، میکسیکو اور چین کچھ نہیں کرسکتے، ٹیرف کو یورپی یونین پر بھی نافذ کریں گے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ سنجیدہ بات چیت چل رہی ہے، اس سلسلے میں کچھ اہم اقدامات کیلئے پرامید ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کینیڈا کا رویہ اچھا نہیں رہا، ٹیرف کے نفاذ سے قلیل مدتی خلل پڑسکتا ہے، تاہم مارکیٹ کے ردعمل پر تشویش نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن دور میں محکمہ انصاف نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، بائیڈن انتظامیہ نے سرکاری اداروں کو کرپٹ کیا۔

    امریکی صدر نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں وفاقی ملازمین گھر بیٹھ کر تنخواہیں وصول کررہے تھے، ایک ٹریلین ڈالر کے غیرضروری اخراجات کی کٹوتی کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وارننگ دی ہے کہ اگر کسی ملک نے امریکی ڈالر کے غلبہ کو چیلنج کرتے ہوئے اپنی کرنسی لانچ کرنے کی کوشش کی تو اس پر 100 فیصد ٹیرف نافذ کردیا جائے گا، انہوں نے یہ پیغام اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘پر ایک پوسٹ میں پوسٹ کیا۔

  • گیس کے ذخائر میں بڑی کمی، سوئی سدرن نے خبردار کر دیا

    گیس کے ذخائر میں بڑی کمی، سوئی سدرن نے خبردار کر دیا

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ اس کے قدرتی گیس کے ذخائر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سوئی سدرن نے کہا ہے کہ گزشتہ 7 سالوں میں ذخائر میں 465 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی ہوئی ہے، قدرتی گیس کے ذخائر میں سالانہ کمی کی وجہ سے کمپنی کو گیس کی کمی کا سامنا ہے۔

    ترجمان کے مطابق قدرتی وساٸل میں کمی کے سبب طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے، 2017 اور 18 سے سوئی سدرن کو حاصل ہونے والی گیس کی فراہمی میں 40 فی صد کمی ہوئی ہے، اور گزشتہ سات سالوں کے دوران تقریباً 465 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ منظور شدہ لوڈ منیجمنٹ پلان کے مطابق گھریلو صارفین کو ترجیح دی جاتی ہے، اور سوئی سدرن کے علاقوں میں گھریلو شعبے میں گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جاتی، رات کے وقت بھی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جاتی، گھریلو صارفین کو بہتر پریشر کے ساتھ گیس فراہم کرنے کے لیے رات کے وقت پریشر پروفاٸلنگ کی جاتی ہے۔

    ترجمان کے مطابق قدرتی گیس کی مسلسل کمی کی صورت حال میں ادارہ اپنے گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات کے دوران، مطلوبہ گیس فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کرتا ہے، بلوچستان میں سردیوں کے موسم کے دوران قدرتی گیس کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے، کھانا پکانے کے علاوہ قدرتی گیس کو سخت ترین سردی سے بچاؤ کے لیے ماحول کو گرم رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران تھل، شہداد کوٹ، سکرنڈ، ڈیرہ بگٹی اور کراچی کے مختلف علاقوں میں 2,200 کلومیٹر طویل گیس ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی بحالی مکمل کی ہے، مستقبل میں مزید بہتری لانے کے لیے سوئی سدرن اگلے 3 سالوں کے دوران 4,500 کلومیٹر گیس ڈسٹری بیوشن پائپ لائن نیٹ ورک کی بحالی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔

    ٹیل اینڈ میں واقع پرانے نیٹ ورکس کو ترجیح دی گئی ہے، کراچی کے 2 ٹیل اینڈ علاقوں ڈیفنس اور لیاری کو بحالی منصوبے کے تحت ترجیح دی گئی، لیاری میں 50 فی صد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام جون 2025 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

    ترجمان کے مطابق کراچی کے علاقوں شمالی ناظم آباد اور شمالی کراچی، ہالا، سنجھورو، پرانا سکھر، کندھ کوٹ اور حیدر آباد شہر کے کچھ علاقوں میں ڈسٹری بیوشن پائپ لائنز کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، سوئی سدرن کی ٹیمیں متحرک رہتی ہیں اور چوبیس گھنٹے گیس کی فراہمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے تیار رہتی ہیں۔

  • موسم سرما میں گیس کی فراہمی، شہریوں کے لیے اچھی خبر

    موسم سرما میں گیس کی فراہمی، شہریوں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: موسم سرما میں قدرتی گیس کی کمی کے شکار شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی نے تیل و گیس کے ذخائر سے پیداوار کا عمل شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچیبج کو ایک خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ قدرتی گیس، ایل پی جی اور خام تیل کے ذخائر کی پیدوار کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

    کمپنی کے خط میں بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد میں کُنر ویل تھری سے حاصل ہونے والے گیس ذخائر کی مقدار یومیہ 3.5 ایم ایم ایس سی ایف ڈی ہے، اور کنوئیں سے حاصل ہونے والی گیس کی پیداوار کا عمل 1200 فلوئنگ پریشر سے شروع ہو گیا ہے۔

    خط کے مطابق کنوئیں سے ایل پی جی کے 3.8 میٹرک ٹن ذخائر کی پیداوار کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے، کُنر مائننگ سے حاصل ہونے والے گیس ذخائر کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم میں شامل کر دیا گیا ہے۔

    خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مائننگ سے ہلکے تیل کے ذخائر یومیہ 30 بیرل کی مقدار میں حاصل ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ کنوئیں سے ملنے والے قدرتی ذخائر کا سو فی صد آپریشنل کنٹرول او جی ڈی سی ایل کے پاس ہے۔

  • سندھ میں دریافت ہونے والے گیس کے نئے ذخائر کی تفصیلات

    سندھ میں دریافت ہونے والے گیس کے نئے ذخائر کی تفصیلات

    کراچی: سندھ کے ضلع خیر پور میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے جس کی تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچیبج کو موصول ہوگئی۔

    کمپنی نے خط میں لکھا کہ خیر پور ساون ساوتھ بلاک میں کنویں کی کھدائی فروری میں شروع ہوئی تھی، ساون بلاک میں گیس ذخائر تلاش کیلئے اکھیرو 1 کنویں کی کھدائی 12442 فٹ گہری ہوئی۔

    آئل اینڈ گیس ڈویلمپنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے خط میں لکھا کہ اکھیرو 1 کنویں سے یومیہ 10 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہوئی، کنوئیں میں گیس کا پریشر 4 ہزار پاؤنڈ پر اسکوائر انچ ہے۔

    اوجی ڈی سی ایل، گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیوٹ، سندھ انرجی ہولڈنگ، یونائیٹڈ انرجی لمیٹڈ کمپنیوں نے گیس ذخائر تلاش کیے۔

    کمپنی نے خط میں لکھا کہ ہائیڈرو کاربن گیس ذخائر کی دریافت ملکی توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

  • 3 مقررہ اوقات میں بھی گیس پریشر پورا نہیں دے پا رہے، ذرائع سوئی ناردرن

    3 مقررہ اوقات میں بھی گیس پریشر پورا نہیں دے پا رہے، ذرائع سوئی ناردرن

    لاہور: صوبہ پنجاب کے بیش تر علاقوں میں گیس کا بحران شدید ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیش تر علاقوں میں گیس کا بحران شدید ہو گیا ہے، ذرائع سوئی ناردرن کا کہنا ہے کہ 3 مقررہ اوقات میں بھی گیس پریشر پورا نہیں دے پا رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گھریلو صارفین کو ناشتے اور کھانے کے وقت گیس میسر نہیں ہے، گیس کی طلب اور رسد میں فرق 9 سو ملین کیوبک فٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔

    گیس کی ضرورت 21 سو ملین، جب کہ سپلائی 12 سو ملین کے لگ بھگ ہے، جس کی وجہ سے خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ سردی بڑھنے سے گیس پریشر مزید کم ہو جائے گا۔

  • عدالت نے کیماڑی ہلاکتوں کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا

    عدالت نے کیماڑی ہلاکتوں کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا

    کراچی: کیماڑی میں دسمبر 2020 اور جنوری 2023 میں زہریلی گیس سے ہلاکتوں کے کیس میں عدالت نے تمام ہلاکتوں کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے شہریوں کی ہلاکتوں کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے آئی جی سندھ کو کیس رجسٹرڈ کرنے کا حکم دے دیا۔

    اموات کی تعداد کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیماڑی کو چیف جسٹس سے سخت ڈانٹ بھی پڑی، کیوں کہ وہ 18 ہلاکتوں کو صرف 3 بتا رہے تھے۔

    وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جو فیکٹری سیل کی گئی تھی وہ بھی ڈپٹی کمشنر نے دوبارہ کھلوا دی ہے، جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس میں کہا کہ کیس کا مقدمہ درج ہوا ہے، تفتیش بھی ہوئی لیکن اس کے بعد فائل بند کر دی گئی، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ کیس کی تفتیش ایس ایس پی رینک سے کم آفیسر کو دینا ہی نہیں نہیں چاہیے، جسٹس یوسف علی سعید نے مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’آئی جی صاحب چند سالوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے، جتنی ہلاکتیں ہوئی ہیں سب کا مقدمہ درج ہونا چاہیے۔‘‘

    ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے اس موقع پر کہا ’’میرے ضلع کی حدود میں صرف 3 ہلاکتیں ہوئی ہیں، گیس سے موت واقع نہیں ہوئی، ہم لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ قبروں کی نشان دہی کریں لیکن کوئی نہیں بتا رہا۔‘‘

    چیف جسٹس اس پر برہم ہو گئے، اور کہا کہ آپ جا کر زمینوں کو سنبھالیں، یہ آپ کا کام نہیں ہے، کیوں بار بار بول رہے ہیں؟ آئی جی ذمہ دار افسر ہیں وہ 18 ہلاکتیں کہہ رہے ہیں۔

    چیف جسٹس نے آئی جی سندھ سے کہا کہ نا اہل کو فوری ہٹائیں اور ذمہ دار افسر سے تحقیقات کرائیں، بعد ازاں عدالت نے تمام ہلاکتوں کا مقدمہ بھی درج کرنے کا حکم دیا، اور ہدایت کی کہ جو لوگ ہلاک ہوئے ان کے اہل خانہ سے رابط کر کے مقدمات درج کیے جائیں۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ معاملے کی تحقیقات سینئر آفیسر سے کرائی جائے، اگر کوئی حقائق چھپائے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔