Tag: gas-crisis

  • گیس بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا

    گیس بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا

    اسلام آباد : نگراں حکومت نے موسم سرما میں متوقع طور پر آنے والے گیس کے بحران سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

    اس سلسلے میں نگران حکومت نے ماہ دسمبر میں ایل این جی سپلائی کیلئے ٹینڈر جاری کردیا، جسے پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے جاری کیا ہے۔

    پی ایل ایل ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی کمپنیوں سے ایل این جی سپلائی کی بولیاں مانگی گئی ہیں دسمبر کیلئے2 ایل این جی کارگوز کیلئے بولیاں طلب کی گئیں۔

    ذرائع کے مطابق 7سے 8دسمبر اور13سے 14دسمبر کی ڈلیوری کیلئے درخواستیں مانگی گئیں مذکورہ درخواستیں4 اکتوبر تک وصول کی جائیں گی،4اکتوبر کو ہی بولیوں کی درخواستیں کھول دی جائیں گی۔

  • کراچی میں گیس بحران نے عوام کو بھوکا رہنے پر مجبور کر دیا

    کراچی میں گیس بحران نے عوام کو بھوکا رہنے پر مجبور کر دیا

    کراچی : شہر قائد میں گیس بحران نےعوام کو بھوکا رہنے پر مجبور کر دیا، خواتین کا کہنا ہے کہ گیس نہیں دے سکتے تو بل بھی جاری کرنا بند کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گیس کا بحران سنگین ہو گیا ، وفاقی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو ناشتے اور صبح شام کے کھانے کیلئے یومیہ 8 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی  لیکن غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    خواتین نے گیس کی بندش سے تنگ آ کر لکڑی کے چولہوں پر کھانے کی تیاری شروع کر دی ہے، خواتین کا کہنا ہے کہ ہوشربا مہنگائی میں ناشتے اور کھانے کیلئے ہوٹلوں پراچھی خاصی رقم خرچ ہو جاتی ہے جبکہ ایل پی جی مافیا نے قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں۔

    یس کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف خواتین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے گیس کے بل جمع نہ کرانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ایس ایس جی سی گیس نہیں دے سکتی تو بل بھی جاری کرنا بند کر دے۔

    گیس صارفین کا کہنا ہے کہ ایس ایس جی سی کے بلوں نے جینا دوبھر کردیا ہے ، اب گیس بلوں میں سلو میٹر کے نام پر ناجائز چارجز بھی وصول کرنا شروع کردیے ہیں۔

  • سندھ میں گیس بحران: ایس ایس جی سی اہم فیصلوں پر عمل کرنے میں غیر سنجیدہ

    سندھ میں گیس بحران: ایس ایس جی سی اہم فیصلوں پر عمل کرنے میں غیر سنجیدہ

    کراچی: صوبہ سندھ میں گیس بحران پر قابو پانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایل پی جی پلانٹ جامشور جوائنٹ وینچر لمیٹڈ (جے جے وی ایل) کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ایس ایس جی سی بورڈ فیصلے پر عمل کرنے میں غیر سنجیدہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں گیس بحران پر قابو پانے کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایل پی جی پلانٹ جامشور جوائنٹ وینچر لمیٹڈ (جے جے وی ایل) کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سوئی سدرن گیس بورڈ کو جے جے وی ایل کی گیس بحال کرنے کا حکم دیا گیا ہے، رابطہ کمیٹی نے 9 نومبر کو ایس ایس جی بورڈ کو گیس سپلائی بحالی کے لیے خط تحریر کیا تھا۔

    خط میں کہا گیا کہ ایس ایس جی سی بورڈ گیس بحال کرنے کی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس جی سی بورڈ گزشتہ 21 دن سے فیصلے پر عمل کرنے میں غیر سنجیدہ ہے، سوئی سدرن بورڈ نے جون 2020 میں جے جے وی ایل کی گیس بند کی تھی۔

    ایل پی جی کی پیداوار بند ہونے سے اربوں روپے کی مزید ایل پی جی امپورٹ کی گئی جس سے ایس ایس جی سی کو بھی اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

    چئیرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ گیس بحال ہونے سے یومیہ 500 میٹرک ٹن سے زائد ایل پی جی مل سکتی ہے، جے جے وی ایل بحال ہونے سے ملک میں ایل پی جی کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔

    عرفان کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ سردیوں میں مہنگائی مافیا گیس کی کمی کو جواز بنا کر ایل پی جی کے نرخ بڑھانا چاہتی ہے۔

  • سندھ میں گیس کا بحران مزید سنگین

    سندھ میں گیس کا بحران مزید سنگین

    کراچی : سندھ میں گیس کا بحران مزید سنگین ہوگیا ، گیس فیلڈزمیں خرابی کے باعث سوئی سدرن کو گھریلو اور کمرشل صارفین کوگیس فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن کے 2گیس فیلڈز میں تکنیکی خرابی کے باعث سندھ میں گیس بحران مزیدسنگین ہوگیا ہے ، گیس فیلڈز میں خرابی کے باعث 55ملین کیوبک فٹ سپلائی میں مزید کمی ہوگئی ہے۔

    سوئی سدرن کو گھریلو،کمرشل صارفین کوگیس فراہمی میں شدیدمشکلات کا سامنا ہے ، سندھ میں گیس کی کمی کےباعث سوئی سدرن نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایکسپورٹ انڈسٹری کے کیپٹو پاور پلانٹس، ایکسپورٹ اور جنرل انڈسٹریز کے نجی بجلی گھر کو گیس کی فراہمی بند کردی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ نجی بجلی گھروں کوبدھ کی رات12سے24 گھنٹے کیلئے گیس کی سپلائی بندکی گئی ہے، سوئی سدرن گیس نے تمام انڈسٹریز کو آگاہ کردیا ہے۔

    یاد رہے پاکستان پیپلز پارٹی نے پورے ملک خصوصاً سندھ میں گیس بحران کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور سوال کیا کہ سردیوں سے قبل بروقت بحران سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیوں نہیں کیے گئے؟

    نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ گیس بحران کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تحقیقات کی جائیں کہ گیس بحران کا اصل ذمہ دار کون ہے، مافیاز کا راگ الاپنے والے خود مافیاز کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم گیس بحران کے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کریں۔

  • گیس بحران سنگین ہونے کا خدشہ، اوگرا نے خطرے کی گھنٹی بجادی

    گیس بحران سنگین ہونے کا خدشہ، اوگرا نے خطرے کی گھنٹی بجادی

    اسلام آباد : اوگرا نے گیس بحران سنگین ہونے کے خطرے کی گھنٹی بجادی اور کہا گیس شارٹ فال 10 سال میں 5ہزار389ایم ایم سی ایف ڈی تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آف ریگولیٹڈ پٹرولیم انڈسٹری رپورٹ 19-2018 جاری کردی گئی ، جس میں کہا ہے کہ گیس فراہمی میں درآمدی ایل این جی کاحصہ 21 فیصد تک بڑھ گیا ہے۔

    اوگرا نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا ہے کہ گیس شارٹ فال 10 سال میں 5 ہزار 389 ایم ایم سی ایف ڈی تک بڑھنے کا خدشہ ہے، شارٹ فال 2025 تک3 ہزار 684 ایم ایم سی ایف ڈی ہو جائے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شارٹ فال2019میں 1440ایم ایم سی ایف ڈی تھا جبکہ گیس کی مقامی پیداوار ضروریات کےلئے ناکافی قرار دی گئی ہے۔

    اوگرا رپورٹ میں کہا ہے کہ 4ہزار 319 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی ہے، سندھ 46 فیصد ، خیبرپختونخوا12فیصد اور بلوچستان 11 فیصد گیس فراہم کررہا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 2024تک گیس کی طلب5ہزار332ایم ایم سی ایف ڈی ہوجائے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان کا گیس بحران کی مانیٹرنگ خود کرنے کا فیصلہ

    وزیراعظم عمران خان کا گیس بحران کی مانیٹرنگ خود کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد :  وزیراعظم عمران خان کا گیس بحران کی مانیٹرنگ خودکرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا متعلقہ محکمےگیس بحران کےفوری خاتمےکے لئے وسائل استعمال کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران کا نوٹس لیتے ہوئے گیس کے حالیہ بحران پر سخت تشویش کااظہار کیا اور کہا گیس کی قلت دور  ہونے تک خود معاملات کو  مانیٹرنگ کروں گا،  متعلقہ  محکمے گیس بحران کے فوری خاتمے کے لئے  وسائل استعمال کریں۔

    وزیراعظم عمران خان نے نوٹس وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران لیا تھا۔

    خیال رہے ملک بھر میں ایک بار پھر گیس بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے ، پورٹ قاسم ایل این جی ٹرمینل کو مرمتی کام کے لیے 60 گھنٹوں کے لیے بند کردیا گیا، جس کے بعد ٹرمینل کی بندش کی وجہ سے یومیہ 660 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی سپلائی نہیں ہوگی۔

    یاد رہے 12 فروری کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت گیس بحران اور اووربلنگ سے متعلق اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیرِ اعظم نے گیس کی چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا جبکہ فوری طور پر 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مزید منگوانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : وزیرِ اعظم کا گیس چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم

    سوئی گیس کمپنیوں کے سربراہان نے بریفنگ میں بتایا تھا کہ 91 فی صد صارفین کو گیس مد میں 100 فی صد سبسڈی دی جا رہی ہے اور گیس چوری کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا بوجھ بھی صارفین پر ڈالا جا رہا ہے۔

    چند روز قبل بھی وزیراعظم نے گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر انکوائری کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ عوام پرگیس کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنا غیر مناسب ہے۔

  • گیس بحران اور اووربلنگ، وزیراعظم عمران خان  نے  اجلاس طلب کرلیا

    گیس بحران اور اووربلنگ، وزیراعظم عمران خان نے اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران اور اووربلنگ پر آج اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں وزیراعظم کو گیس کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے گا اور اوور بلنگ پر قائم کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گیس بحران اور اووربلنگ پر وزیراعظم عمران خان نے آج اہم اجلاس طلب کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم کو اوور بلنگ کی وجوہات سے بھی آگاہ کیا جائے گا اور اوور بلنگ پر قائم کمیٹی اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

    اجلاس میں وزیراعظم کو گیس طلب اور رسد میں فرق اور گیس کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

      ایل این جی کے 2 جہاز پورٹ قاسم پہنچ گئے


    دوسری جانب ایل این جی کے 2 جہاز پورٹ قاسم پہنچ گئے ہیں ، ایل این جی اووائی ای نامی جہازایل این جی ٹرمینل پرلگ گیا جبکہ دوسراجہاز الکرانا بھی چندگھنٹے بعد ٹرمینل پر لگ جائے گا۔

    چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر انکوائری ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ عوام پرگیس کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنا غیر مناسب ہے۔

    خیال رہے تحریک انصاف کے رہنما اوررکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے یقین دہانی کرائی تھی کہ حکومت گیس بحران پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، سندھ میں گیس کی قلت کا مسئلہ ایک ہفتے کے اندر حل ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا سندھ میں گیس بحران ایک ہفتے میں حل کرنے کا دعویٰ

    یاد رہے سندھ اور بالخصوص کراچی میں گیس کی قلت کے باعث سی این جی اسٹیشنز بند ہیں جبکہ گھروں میں بھی سپلائی فراہم نہیں کی جارہی ہے، گیس کی قلت کے باعث مکین ایل پی جی سلینڈر اور لکڑیوں پر کھانے پکانے پر مجبور ہیں۔

    پنجاب میں گیس بحران ایک مرتبہ پھر بڑھ گیا ہے، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پاور پلانٹس، فرٹیلائزر اور اندسٹری سیکٹر کو گیس کی سپلائی دوسرے روز بھی بند رکھی۔ ترجمان سوئی گیس کا کہنا ہے کہ پورٹ پر آر ایل این جی کا جہاز لنگرانداز نہ ہونے کے باعث گیس کی قلت بڑھی ہے، پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی بند ہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی آ گئی ہے۔

  • تحریک انصاف کا سندھ میں گیس بحران ایک ہفتے میں حل کرنے کا دعویٰ

    تحریک انصاف کا سندھ میں گیس بحران ایک ہفتے میں حل کرنے کا دعویٰ

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے سندھ میں گیس کا بحران ایک ہفتے میں حل کرنے کا بڑا دعویٰ کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خصوصی نشریات میں پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر رہنما نجیب ہارون نے کہا کہ سندھ میں گیس کامسئلہ ایک ہفتےمیں حل ہوجائے گا.

    نجیب ہارون نے کہا کہ گیس بحران کےحل کے لئے کام جاری ہے، گیس کی پیداوار بڑھانے کے لئے متبادل ذرائع استعمال کریں گے.

    کراچی نہیں، پورے ملک میں گیس کا بحران ہے: مفتاح اسماعیل

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت گیس بحران کاحل نکالےتاکہ صنعتیں چلیں.

    انھوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے پاکستان میں گیس بحران ہے، حکومت بتائے کیا وجہ ہے، جو صنعتوں کو گیس نہیں مل رہی، سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاورپلانٹس کوایل این جی پرمنتقل کردیں توبحران حل ہوسکتا ہے.

    صنعت کاروں کا بحران فوری حل کرنے کا مطالبہ

    دوسری جانب آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صنعتوں کوگیس بلاتعطل دی جائے.

    اپٹما نے کہا کہ سندھ کا گیس کی پیداواری میں حصہ67 فیصد ہے، آئین کے تحت پہلے سندھ کی ضرورتیں پوری ہونی چاہییں، گیس کی قلت کے باعث پیداواری عمل متاثر ہورہا ہے.

  • فواد چوہدری کی سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے سربراہان کو ہٹانے کی تصدیق

    فواد چوہدری کی سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے سربراہان کو ہٹانے کی تصدیق

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے سربراہان کو ہٹانے کی تصدیق کر دی.

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حالیہ دنوں میں عوام کوگیس کے شدید بحران کا سامنا رہا.

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے گیس بحران کے ذمہ دار کے تعین کے لئے کمیٹی بنا دی، اس انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کل وزیراعظم کو پیش کی گئی.

    وزیراطلاعات فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے سربراہان کو ہٹانے کا اعلان کیا گیا، وزیراعظم نے سربراہان کو ہٹانے کا اعلان رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا.


    مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کی ایک ہفتے میں گیس کی کمی پوری کرنے کی ہدایت


    واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا، جس مٰں وزیر اعظم کو حالیہ گیس بحران کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔

    انکوائری رپورٹ میں‌سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ایم ڈی کو گیس بحران کے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے فوری بر طرفی کی سفارش کی گئی تھی.

  • وزیر اعظم عمران خان کی ایک ہفتے میں گیس کی کمی پوری کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم عمران خان کی ایک ہفتے میں گیس کی کمی پوری کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر ملک بھر میں گیس کی کمی پورا کرنے کیلیے اقدامات کیے جائیں،انکوائری کمیٹی نے سوئی ناردرن اورسدرن کےایم ڈیز کو گیس بحران کا ذمہ دارقرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اس موقع پر وزیر اعظم کو حالیہ گیس بحران کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کے مطابق سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ایم ڈی گیس بحران کے ذمہ دار قرار پائے ہیں، کابینہ کمیٹی نے دونوں ایم ڈیز کی فوری بر طرفی کی سفارش کر دی، دونوں ایم ڈی کی برطرفی کی سفارشات وزارت پٹرولیم کو ارسال کردی گئی ہیں۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے میں ملک بھر میں میں گیس کی کمی پورا کرنے کی ہدایت دی، اس کے علاوہ وزیراعظم نے بجلی کی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کیلیے احکامات جاری کیے، وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی چوری کا خمیازہ عوام بھگتیں یہ کسی صورت قبول نہیں۔

    اس موقع پروزیراعظم کو گیس اور بجلی کی طلب اور رسد سے متعلق بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ سسٹم میں سے بارہ سے تیرہ فیصد گیس چوری ہو رہی ہے، گیس کے شعبے میں سالانہ نقصان تقریباً50ارب روپے ہے۔

    اس کے علاوہ وزیراعظم کو غیر قانونی طور پر گیس کمپریسرز کے استعمال اور بجلی چوری کی روک تھام سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاون سے اب تک ڈیڑھ ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔