Tag: gas exploration

  • ماحول دوست گیسوں کی دریافت کے لیے بڑا قدم

    ماحول دوست گیسوں کی دریافت کے لیے بڑا قدم

    اسلام آباد: تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی پاکستان کی معروف کمپنیوں نے ایک اہم مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی پاکستان کی معروف کمپنیوں نے ملک کے اندر اور باہر ماحول دوست گیسوں کی دریافت کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

    مفاہمت کی یادداشت پر آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر، پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ، ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ کے نمائندوں نے اپنی کمپنیوں کی طرف سے دستخط کیے۔

    اس تعاون کا مقصد پائیدار مستقبل کے لیے کمپنیوں کے وسائل اور تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے، پہلے مرحلے میں منصوبے کے قابل عمل ہونے پر کام شروع کیا جائے گا۔

    مفاہمت کی یادداشت کے تحت کمپنیاں ماحول دوست توانائی کے لیے مشترکہ تعاون اور منصوبوں کا جائزہ لیں گی، کمپنیاں ہائیڈروجن کی تلاش کے منصوبوں کے لیے وسائل کی فراہمی کے لیے مشترکہ فنڈ بھی قائم کریں گی۔

  • لیبیا : پیٹرول اور گیس کی تلاش پر عائد پابندی ختم

    لیبیا : پیٹرول اور گیس کی تلاش پر عائد پابندی ختم

    طرابلس : لیبیا حکومت نے ملک میں پیٹرول اور گیس کی تلاش پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، مذکورہ پابندی سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ماہ نومبر میں لگائی گئی تھی۔

    لیبیا قومی اتحاد حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم لیبیا قومی پیٹرول کمپنی اور پیٹرول اور گیس کی تلاش و پیداوار کی بین الاقوامی کمپنیوں کو مطلع کرتے ہیں کہ پیٹرول اور گیس کی تلاش پر پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکومتی بیان میں مذکورہ کمپنیوں سے لیبیا میں دوبارہ سے سرگرمیاں شروع کرنے کی اپیل کی گئی اور کہا گیا ہے کہ حکومت اس معاملے میں ضروری تعاون اور کام کا محفوظ ماحول فراہم کرنے پر تیار ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندی ہٹانے کا فیصلہ ملک میں سلامتی کی صورتحال کے منطقی اور حقیقت پسندانہ تجزئیے کے بعد کیا گیا ہے۔ پیٹرول لیبیا کی بنیادی آمدنی کا وسیلہ ہے۔ لیبیا اس سیکٹر کے فروغ اور عالمی منڈیوں میں پیٹرول کی فراہمی جاری رکھے گا۔

    واضح رہے کہ لیبیا نے 24 نومبر کو ملک میں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پیٹرول اور گیس کی تلاش کے کاموں پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔

    لیبیا کو ماہِ نومبر سے پیٹرول کے برآمدی ممالک کی تنظیم اور اوپیک پلس ممالک کی پیٹرول پیداوار میں 2 ملین بیرل کمی کے فیصلے سے معاف رکھا گیا تھا۔