Tag: gas leakage

  • گیس کمپنی نااہلی سے گیس لیکج کا تاوان صارفین سے وصول کرنے لگی، دستاویزات میں بڑا انکشاف

    گیس کمپنی نااہلی سے گیس لیکج کا تاوان صارفین سے وصول کرنے لگی، دستاویزات میں بڑا انکشاف

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی آئی ٹی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ کمپنی اپنی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے ہزاروں گیس لیکج شکایات کے باوجود نقصان کا تاوان صارفین سے وصول کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی کی نااہلی نے اپنے ہی تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، گیس لیکج کی وجہ سے لاکھوں صارفین کو سلو میٹر کے نام سے کروڑوں روپے ماہانہ کے بلز جاری کیے جا رہے ہیں۔

    ایس ایس جی سی نے اپنی نااہلی اور غفلت کے نقصان کا تاوان صارفین سے وصول کرنا شروع کر دیا، گیس لیکجز کی وجہ سے کراچی میں گیس کی بندش کے اوقات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

    شہر قائد میں ایس ایس جی سی کے سسٹم میں انڈر گراؤنڈ اور مین لائن گیس لیکجز کی لاکھوں شکایات موصول ہو چکی ہیں، اس سلسلے میں ایس ایس جی سی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار میں ہول ناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    گیس کے چولھے پر کھانا پکانا کتنا نقصان دہ ہے؟ سائنس دانوں کی نئی تحقیق

    دسمبر تا جنوری شہر قائد میں زیر زمین گیس لیکجز اور مین لائن سمیت دیگر گیس لیکجز کی 1 لاکھ 70 ہزار 650 شکایات درج کروائی گئیں، دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ شکایات پر کوئی فوری ایکشن نہیں لیا گیا ور لاکھوں شکایات تا حال حل ہونے کی منتظر ہیں۔

    آئی ٹی دستاویزات کے مطابق سب سے زیادہ شکایات ضلع وسطی میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 6 ہزار سے زائد درج ہیں، کراچی شرقی میں 15 ہزار 752 شکایات درج کرائی گئیں، جب کہ کراچی غربی میں 48 ہزار 420 شکایات درج کرائی گئیں۔

    ڈسٹری بیوشن نظام کی خرابی سے متعلق بھی 40 ہزار 665 شکایات درج کی گئی ہیں۔

    ‘حکومت کو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ نئے ٹیکس لگانا ہوں گے’

    اوگرا قانون کے تحت 24 سے 48 گھنٹوں میں ان شکایات کا ازالہ ضروری ہے، لیکن دستاویزات کے مطابق 24 گھنٹوں میں صرف 297 شکایات پر کام کیا گیا۔

    دسمبر اور جنوری میں ایمرجنسی گیس لائن پھٹنا اور لیکجز کی 18 سو سے زائد شکایات درج کی گئی ہیں، جن میں سے صرف 150 کے قریب شکایات 24 گھنٹوں میں حل کی گئیں۔

    شکایات پر کام نہ ہونے کے سبب میں شہر میں گیس لیکج اور گیس لوڈ شیڈنگ عروج پر پہینچ گئی ہے، درج شکایات میں سروس والوو، ریگولیٹر لیک، بند میٹر سے گیس کا اخراج، پی یو جی اور کمرشل میٹر پر پی یو جی کی شکایات شامل ہیں۔

    شہر قائد میں تاحال لیکجز، سپلائی لائن سے گیس کا اخراج اور خراب میٹر کی شکایات حل نہ ہو سکی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ شکایات حل نہ ہونے کے سبب ایس ایس جی سی کے یو ایف جی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  • حب چوکی کے قریب فیکٹری میں دھماکا، 10 افراد زخمی

    حب چوکی کے قریب فیکٹری میں دھماکا، 10 افراد زخمی

    کراچی: شہر قائد کے مضافاتی علاقے حب چوکی کے قریب کمپنی میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حب چوکی کے قریب واقع نجی کمپنی میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ابتدائی اطلاعات کےمطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    ریسکیوحکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے فوری بعد کمپنی کی جانب سے دروازے بند کردیئےگئے ہیں اور رضا کاروں کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

    گیس لیکج کے باعث زخمی ہونے والوں کے نام اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلئے ہیں، زخمیوں کی شناخت حاصل ولد میر بادشاہ، تنویر ولد مشتاق، ساجد علی ولد حطب علی، ناصر ولد علی خان، محسن ولد حیات، محمد اعظم ولد غلام یاسین، ذوالفقار ولد بلال، صداقت ولد عثمان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ تین زخمیوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

    ادھر فیکٹری انتظامیہ کا بھی حادثے سے متعلق موقف سامنے آیا ہے کہ مزدور کام کررہے تھے اچانک وقت دھماکا ہوگیا، دھماکے کی وجوہات جاننے کی کوشش شروع کردی گئی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بھی وجوہات جاننے کےلیے کارروائی شروع کردی ہے۔

  • امریکا میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا، عمارتوں میں آگ لگ گئی

    امریکا میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا، عمارتوں میں آگ لگ گئی

    واشنگٹن: امریکا میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے  سے آگ لگ گئی، جس نے پانچ عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر سان فرانسسکو میں گیس لیکیج سے دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، آگ نے پانچ عمارتوں کو لپیٹ میں لے لیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث لگنے والی آگ سے سان فرانسسکو کا مشہور ریستوران کا بڑا حصہ بھی جل کر خاک ہوگیا۔

    فائر فائٹرز نے دو گھنٹے کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی اب تک معطل ہے، بجلی بحال کردی گئی۔

    واقعے کے حوالے سے تحقیقات کے لیے 8 رکنی ٹیم واشنگٹن سے سان فرانسسکو پہنچ رہی ہے جو دھماکے سے متعلق باریکی سے تحقیقات کرے گی۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گیس لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے تاہم سنگین صورت حال کے باعث کام مکمل ہونے میں تھوڑا وقت لگے گا۔

    علاوہ ازیں گذشتہ روز امریکی شہراٹلینٹا میں زیرزمین مین ہول میں یکے بعد دیگرے دس دھماکے ہوئے تھے، جس کے باعث چاروں طرف دھوئیں کے بادل چھاگئے اور شہری سہم گئے تھے۔

    امریکا میں زیرزمین دھماکے، شہریوں میں شدید خوف وہراس

    قبل ازیں گذشتہ سال جون میں امریکی ریاست ٹیکساس کے اسپتال میں زیر تعمیر حصّے میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ جون میں ہی میکسیکو میں آتش بازی کا سامان بنانے والی کمپنی میں یکے بعد دیگرے دھماکوں کے نتیجے میں 49 شہری زخمی جبکہ 24 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • لندن کے ہوٹل میں مہلک گیس خارج ہونے سے ہسپانوی سیّاح ہلاک

    لندن کے ہوٹل میں مہلک گیس خارج ہونے سے ہسپانوی سیّاح ہلاک

    لندن:مغربی لندن کے علاقے کنسنگٹن کے ایک ہوٹل میں کاربن مونوآکسائیڈ نامی مہلک گیس خارج ہونے سے ایک ہپسانوی سیّاح ہلاک ہوگیا‘ جبکہ ایک شخص نازک حالت میں اسپتال میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کے روز دوہپر 2 بجے کے قریب لندن کے علاقے کنسنگٹن کے مے فلاور نامی ہوٹل میں کاربن مونو آکسائیڈ نامی گیس کے اخراج سے ہوٹل میں قیام پذیر ہسپانوی سیّاحوں کی حالت خراب ہوگئی،ہنگامی خدمات سرانجام دینے والے عملے نے واقع کی اطلاع ملتے ہی ہوٹل کو خالی کرالیا۔

    لندن فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ گیس کے اخراج کی وقت ایک ہسپانوی شخص موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اسی کمرے میں موجود ایک اور شخص جس کی عمر 30 سال کے لگ بھگ ہے‘ اسے اتنہائی نازک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ عملے کا مزید کہنا تھا کہ فائر فائٹرز نے سانس لینے میں مدد کرنے والا سازو سامان پہن کر ہوٹل میں موجود گیس لائنوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتا ل کی۔ لندن فائر بریگیڈ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ حفاظتی عملے نے گیس کی فراہمی کی لائن کو ہوٹل کی عمارت سے الگ کردیا ہے۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کے جسم میں بھاری مقدار میں کاربن مونوآکسائیڈ گیس بھر جانے کی وجہ سے اس شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مہلک گیس سے معمولی متاثر ہونے والے دیگر 29 افراد کوبحفاظت ہوٹل سے نکال لیا گیا ہے۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ فی الحال پوسٹ مارٹم رپورٹ کی رپورٹ آنا باقی ہے اور اس وقت تک موت کی حتمی وجہ بیان نہیں کی جاسکتی ۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کا بغور جائزہ لیاجارہا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ تاحال چیلیسی کےشبعہ برائے ماحولیاتی صحت نے اس واقعے پر کسی بھی قسم کی تحقیقاتی رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔

    اسپین کے وزیر برائے خارجہ پالیسی کے ترجمان کا کہناہے کہ برطانوی قونصل خانہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کررہا ہےجبکہ ہوٹل انتظامیہ نے اس واقع پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • لندن کے کلب میں زور دار دھماکہ، خوف و ہراس پھیل گیا

    لندن کے کلب میں زور دار دھماکہ، خوف و ہراس پھیل گیا

    لندن : مرکزی لندن کے علاقے میں زور دار دھماکہ ہوا ہے ، دھماکا آرچراسٹریٹ پرکلب میں ہوا، آخری اطلاعات تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل لندن میں برطانیہ کے قدیم ترین کلب میں دھماکہ ہوا ہے جس کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے مین خوف ہراس پھیل گیا، جس کے بعد کلب کی عمارت کوخالی کرالیا گیا، پولیس اور امدادی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور اطراف کی سڑکیں بند کروادیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق دھماکا گیس لیکج کےباعث ہوا ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کلب میں ہونے والا یہ دھماکہ کسی دہشت گردی کی واردات نہیں بلکہ یہ دھماکہ ممکنہ طور پر گیس کے اخراج یا بجلی کے نظام میں خرابی کے سبب ہوا ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • گیس لیکج سے دو پولیس اہلکارجاں بحق

    گیس لیکج سے دو پولیس اہلکارجاں بحق

    مظفرآباد: پولیس تھانے کے ایک کمرے میں گیس بھرجانے کے باعث دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق تھانے کے ایک کمرے میں پراسرار طور پر گیس بھرگئیں جس کے باعث کمرے میں سورہے پولیس اہلکاراپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    پولیس کی جانب سے تاحال پولیس اہلکاروں کی شناخت ظاہرنہیں کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے ذرائع کے مطابق پولیس حکام اس بات کی تفتیش کررہے ہیں کہ آیایہ حادثہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی سازش ہے۔

    پولیس اہلکاروں کی میتیں نزدیکی اسپتال منتقل کردی گئیں ہیں۔