Tag: Gas Load shedding

  • "جب سوئی گیس ہی نہیں تو بل کس بات کے؟”

    "جب سوئی گیس ہی نہیں تو بل کس بات کے؟”

    کراچی میں سحری و افطار کے دوران گیس کی بندش سے لوگ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، لوڈ شیڈنگ کے باوجود ہزاروں روپے کے بلز ملنے پر شہریوں نے گورنرسندھ سے رجوع کرلیا۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی سوئی سدرن سے2دن میں پلان طلب کرلیا،

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اب تک گورنر ہاؤس میں12ہزار گیس کے بلز شہریوں نے جمع کرائے ہیں، لوگ روزانہ کی بنیاد پر سحری و افطاری میں گیس کے بلز بھجوا رہے ہیں۔

    اپنی شکایات میں شہریوں کا کہنا ہے کہ بل باقاعدگی سے آرہا ہے لیکن کھانا بنانے کیلئے گیس نہیں مل رہی، گورنرسندھ نے کہا کہ میری ایم ڈی سوئی سدرن گیس سے اس مسئلے پر بات ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم ڈی سوئی سدرن کو واضح طور پر کہا ہے کہ پلان بتائیں وہ چاہتے کیا ہیں، ان کو پابند کیا ہے کہ ایک سے دو روز میں آکر بتائیں، سحری اور افطاری میں گیس کی فراہمی کو یقینی کیسے بنائیں گے؟

    گورنرسندھ نے کہا کہ اگر کراچی کے شہریوں کو گیس کی فراہمی نہیں ہوتی تو میں اپنے اعلان پر قائم ہوں، ایم ڈی سوئی سدرن کو کہا ہے کہ جب گیس نہیں تو سب کے بلز زیرو کیے جائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جب سوئی گیس ہی نہیں تو بل کس بات کے؟۔ اگر2دن میں ایم ڈی سوئی گیس کا پلان سامنے نہیں آیا تو آئندہ کا لائحہ عمل بناؤں گا۔

  • سوئی گیس کمپنی کا ظلم بڑھ گیا، 15 سے 23 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، بچے ناشتہ کیے بغیر اسکول جانے لگے

    کراچی: سوئی گیس کمپنی نے کراچی میں خواتین کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا ہے، مختلف علاقوں میں 15 سے 23 گھنٹے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، بچے ناشتہ کیے بغیر اسکول جانے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں گیس کا شدید بحران جاری ہے، مختلف علاقوں میں گیس غائب ہو گئی ہے، شیرشاہ کے علاقے میں خواتین نے سڑکوں پر نکل کر ایس ایس جی سی کے خلاف شدید مظاہرہ کیا، اور کہا کہ پورا مہینہ گیس نہیں آئی، لیکن بل ہزاروں روپے کے بھیج دیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ایس ایس جی سی نے گیس بلوں اور سلو میٹر کے نام پر گھریلو صارفین کو سینکڑوں روپے اضافی لگا کر بھیج دیے ہیں، جب کہ سردیاں شروع ہوتے ہی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، اور چوبیس گھنٹوں میں صرف تین چار گھنٹوں ہی کے لیے گیس دی جاتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس وقت کراچی کے علاقوں بلدیہ، اتحاد ٹاؤن، قائم خانی کالونی، شیر شاہ، سائٹ میٹروول، فرنٹیئر کالونی، گلبائی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں گیس کی 15 سے 23 گھنٹے کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    خواتین کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی مریض بنتی جا رہی ہیں، کیوں کہ وہ سارا دن چولہے کے پاس گیس کی آس میں بیٹھی رہتی ہیں اور گیس کا کچھ پتا نہیں چلتا۔

    سوئی گیس کمپنی نے بے بس خواتین کو آخر کار سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا ہے، کراچی کے علاقے شیرشاہ میں گیس کی لوڈشیڈنگ سے تنگ خواتین اور بچے سوئی گیس کے دفتر پہنچ گئے، اور وہاں انھوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے۔

    خواتین سوئی گیس کے دفتر کا گیٹ زبردستی کھول کر اندر داخل ہو گئیں، اور دفتر کے اندر بھی شدید نعرے بازی کی، خواتین کا مؤقف تھا کہ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ دن میں 8 گھنٹے 3 وقت کھانا پکانے کے لیے گیس ملے گی، لیکن گیس ہوتی ہی نہیں توکھانا کیسے پکائیں، بچے ناشتے کیے بغیر بھوکے پیٹ اسکول چلے جاتے ہیں۔

    خواتین کا کہنا ہے کہ گیس آتی بھی ہے تو پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ چائے کا پانی تک گرم نہیں ہو سکتا، اس پر کھانا کیسے پکائیں، بہت سارے گھروں میں گیس پائپ لائنوں میں گیس کی بجائے پانی آ رہا ہے۔

    خواتین کا کہنا تھا کہ سوئی گیس کو متعدد بار گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پائپ لائنوں میں پانی آنے کی شکایات کی گئیں ہیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہو سکی، دوسری طرف حکومت کے کانوں پر بھی جوں نہیں رینگ رہی۔

  • گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ زیادتی ہے: امتیاز شیخ

    گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ زیادتی ہے: امتیاز شیخ

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ کرنا سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ میں گیس ہماری ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سے گیس بحران پر بات ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاق کےسامنے سندھ کا مؤقف پیش کیا ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ ضرورت پیش آئی تو عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ گیس ہماری اپنی پیداوار ہے، گیس کی لوڈ شیڈنگ کرنا سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ میں گیس ہماری ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ کو اس کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے، امید ہے وزیر اعظم اس اہم مسئلے پر نوٹس لیں گے، گیس کے معاملے پر پہلے سندھ کو ترجیح دینی چاہیئے۔

  • ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی: پیٹرولیم ڈویژن کا دعویٰ

    ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی: پیٹرولیم ڈویژن کا دعویٰ

    اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، گیس دباؤ میں کمی کی شکایات کو حل کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا دعویٰ ہے کہ ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، ترجمان کا کہنا ہے کہ گھریلو، انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کے لیے کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ 18 دسمبر کے لیے شیڈول ایل این جی کارگو آج پہنچ جائے گا، گیس دباؤ میں کمی کی شکایات کو حل کیا جا رہا ہے، دونوں گیس کمپنیاں گیس فراہمی نارمل رکھنے میں سرگرم عمل ہیں۔

    ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ گیس کمپریسر کا استعمال غیر قانونی ہے، گیس کمپریسر کے استعمال میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے گیس بحران کا معاملہ سندھ اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ وفاق قدرتی گیس کی منصفانہ تقسیم نہیں کر رہا، وفاق آرٹیکل 158 کی خلاف ورزی کر رہا ہے، صوبائی حکومت وفاقی ناانصافیوں پر عدالت جانے پر قانونی مشاورت کر رہی ہے۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ سندھ کے عوام کو ہر صورت انصاف دلا کر رہیں گے، حکمرانوں کی کرپشن کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔

  • گیس کی لوڈشیڈنگ، تاجر پریشان، صوبائی وزیر توانائی کا نوٹس

    گیس کی لوڈشیڈنگ، تاجر پریشان، صوبائی وزیر توانائی کا نوٹس

    کراچی : صنعتی علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث صنعتی سرگرمیاں متاثر ہونے سے تاجر برادری کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے صنعتی علاقوں میں بجلی کے بعد گیس کی لوڈشیڈنگ نے بھی تاجروں کا جینا دوبھر کردیا ہے، گیس کی کمی سے برآمدی یونٹس کی پیدا وار متاثر ہورہی ہیں، برآمدی آرڈر کینسل ہونے کا خدشہ ہے۔

    تاجر رہنماوں کا کہنا ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ سائٹ، کورنگی، نیوکراچی، ایف بی ایریا، سائٹ ،نوری آباد ،لانڈھی میں جاری ہے۔

    صدر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری صنعتی علاقوں میں گیس کی کمی کے خلاف مسلسل سراپا احتجاج ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔

    شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ گیس کی عدم فراہمی میں کیسے صنعتی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں؟

    تاجروں کی مشکلات و پریشانی دیکھتے ہوئے وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ پر شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی کا کراچی کی عوام سے سلوک دشمنوں والا ہے، ہر طبقے کے افراد اس سے متاثر ہورہے ہیں۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ سردیاں شروع ہونے سے قبل گیس کی لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاہے، وفاق نے کے الیکٹرک کو اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی چھوٹ دے رکھی ہے۔

    دوسری جانب اورنگی ٹاون مومن آباد میں گیس بحران پر عوام سراپا احتجاج ہی، مشتعل شہریوں نے سوئی سدرن کمپنی کی گاڑی کو گھیر لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ صبح سے علاقے میں گیس نہیں ہے کھانا کیسے پکائیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتعل شہریوں کی سوئی سدرن کمپنی کی گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی۔

  • کراچی: متعدد علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ، شہری پریشان

    کراچی: متعدد علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ، شہری پریشان

    کراچی: شہر قائد میں گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی، کئی علاقوں‌ میں گیس کا پریشر کم ہونے کی وجہ سے شہریوں‌ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا.

    تفصیلات کے مطابق موسم سرما شروع ہوتے ہی کراچی کےمتعدد علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی. چند علاقوں‌ میں گیس کا پریشر گر گیا، جب کہ کہیں کہیں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی.

    اطلاعات کے مطابق گلشن اقبال کے تمام بلاکس، گلستان جوہر اور اسکیم 33 میں گیس کی فراہمی بند ہے.

    گلشن معمار، احسن آباد، اوٹاوا، نیوکراچی، نارتھ کراچی، ناظم اباد کے مختلف علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی میں‌ تعطل کی شکایات موصول ہوئیں.

    شہر کے دیگرعلاقوں سے بھی گیس پریشرمیں کمی کی اطلاعات ہیں، جس کی وجہ عوام کو مشکلات درپیش ہیں.


    مزید پڑھیں: ہفتے کو بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند


    اس ضمن میں‌ ترجمان ایس ایس جی سی کا موقف بھی سامنا آیا ہے، جس کے مطابق ایس ایس جی سی سسٹم میں پریشرکی کمی ہوئی ہے، جس کے باعث کچھ علاقو ں میں مختصرمدت تک گيس کاپریشرکم رہے گا.

    ترجمان ایس ایس جی سی نے گیس کی جلد بحالی کی یقین دہانی کروائی ہے.

    واضح رہے کہ کراچی میں سی این جی کی فراہمی کا شیڈول بھی تبدیل ہوا ہے، جس کی وجہ سے ہفتے کے روز اسٹیشن بند رکھے جائیں‌ گے.

  • حکومت کا اہم اقدام : موسم سرما میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے گی

    حکومت کا اہم اقدام : موسم سرما میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے گی

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ موسم سرما میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے گی جبکہ گیس کی کمی آرایل این جی سے پوری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے گیس صارفین کو خوشخبری سنادی، حکومت کی جانب سے ایک اور عوام دوست قدم اٹھاتے ہوئے سردیوں کے موسم میں گیس لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس لوڈ منیجمنٹ پلان کی منظوری دے دی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موسم سرما میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے گی۔ گیس کی کمی کو آرایل این جی کے ذریعے پورا کیا جائے گا، اس کے علاوہ اجلاس میں نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کیلیےحکومتی گارنٹی کی اصولی منظوری بھی دی گئی، علاوہ ازیں پاور سیکٹر کے لیے اسلامک فناسنگ کی سہولت دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

     مزید پڑھیں: حکومت نے گیس لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا

    واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے نو نومبر کو موسم سرما کے تین ماہ کے لیے گھریلو صارفین کیلئے گیس لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کیا تھا، شیڈول میں صبح و شام کے اوقات میں گھریلو صارفین کے لیے گیس لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق درآمدی صنعتوں کو 3 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائے گی جبکہ دیگر صنعتوں کو سردیوں میں گیس کی فراہمی بند رہے گی، مذکورہ گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کا نفاذ تین ماہ یعنی دسمبر سے مارچ تک کے لیے ہوگا۔

  • لاہور:گیس لوڈشیڈنگ،گھروں میں کھانالکڑیوں پرپکنےلگا

    لاہور:گیس لوڈشیڈنگ،گھروں میں کھانالکڑیوں پرپکنےلگا

    لاہور کے بیشتر علاقوں میں گیس کی غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ سے لوگ لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہوگئے۔

    صوبائی دارلحکومت لاہور کے بیشترعلاقوں میں کئی کئی گھنٹے گیس کی فراہمی معطل ہونے سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    صدر،اقبال ٹاون اور کینٹ سمیت ملتان روڈ، مصطفی ٹاون،ایجوکیشن ٹاون اور ٹھوکر نیاز بیگ کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ حکومت موسم سرما کے ابتدا میں ہی گیس فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے جس کے باعث وہ لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    حکومت نے گھریلو صارفین کو گیس فراہم کرنے کے غرض سے سی این جی اسٹیشنز کو بھی گیس کی فراہمی معطل کر رکھی ہے۔