Tag: Gas

  • گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ زیادتی ہے: امتیاز شیخ

    گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ زیادتی ہے: امتیاز شیخ

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ کرنا سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ میں گیس ہماری ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سے گیس بحران پر بات ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاق کےسامنے سندھ کا مؤقف پیش کیا ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ ضرورت پیش آئی تو عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ گیس ہماری اپنی پیداوار ہے، گیس کی لوڈ شیڈنگ کرنا سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ میں گیس ہماری ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ کو اس کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے، امید ہے وزیر اعظم اس اہم مسئلے پر نوٹس لیں گے، گیس کے معاملے پر پہلے سندھ کو ترجیح دینی چاہیئے۔

  • پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس کی صورتحال بہتر ہوگی؟

    پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس کی صورتحال بہتر ہوگی؟

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس کی صورتحال بہتر ہوگی، لیکن ایسا بھی نہیں کہ سردیوں میں گیس کا کھلا کھاتہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ جنوری کے لیے ایل این جی کے ایک اضافی کارگو کا بندوبست کر چکے ہیں۔

    مصدق ملک کا کہنا ہے کہ اس سال فروری کے لیے 9 کارگوز دستیاب ہوں گے، اس کے باوجود بھی ہماری تگ و دو جاری ہے۔ پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس کی صورتحال بہتر ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ میں بالکل نہیں کہہ رہا کہ سردیوں میں گیس کا کھلا کھاتہ ہوگا، گیس کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ ایل پی جی گیس فراہمی کا بندوبست کریں، سوئِی ناردرن پنجاب اور پختونخواہ میں ایل پی جی سلنڈرز فراہم کرے گی۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ گیزرز اور بوائلرز سب سے زیادہ گیس استعمال کرتے ہیں، درخواست کروں گا کہ گیس کے استعمال میں کفایت شعاری کریں۔

    مصدق ملک نے مزید کہا کہ پاکستان میں توانائی کا مستقبل کیا ہے، یہ وزیر اعظم بتائیں گے۔

  • ملک میں قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی

    ملک میں قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی

    لاہور: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال 27 فیصد زائد تیل امپورٹ کیا گیا، قدرتی گیس کی پیداوار میں 6 فیصد کمی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سالانہ رپورٹ جاری کردی گئی، اوگرا کا کہنا ہے کہ مالی سال 21-2020 کے دوران 27.82 فیصد زائد تیل درآمد کیا گیا۔

    اوگرا کا کہنا ہے کہ قدرتی گیس کی پیداوار میں 6 فیصد کمی ہوگئی، قدرتی گیس کی پیداوار کم ہو کر 2 ہزار 6 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی۔

    اوگرا کے مطابق مقامی ریفائنریز کی پیداوار میں 14.48 فیصد اضافہ ہوا، ریفائنریز میں تیل کی پیداوار سال 21-2020 میں 9.3 سے بڑھ کر 10.66 ملین ٹن رہی۔ مقامی ریفائنریز سے ایل پی جی کی پیداوار میں 25.32 فیصد اضافہ ہوا۔

    اوگرا رپورٹ میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مانگ میں 12.95 فیصد اضافہ ہوا، پیٹرولیم مصنوعات کی مانگ 17.63 سے بڑھ کر 19.92 ملین ٹن ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق قدرتی گیس سے پنجاب کو 52 فیصد حصہ یعنی 14 سو 26 ملین مکعب کیوبک فٹ گیس ملتی ہے، سندھ کو 39 فیصد حصہ یعنی 1 ہزار 52 ملین مکعب کیوبک فٹ گیس ملتی ہے۔

    رواں مالی سال کے دوران سندھ کو گیس کی سپلائی میں 40 سے 45 فیصد کٹوتی کی گئی، پختونخواہ کو 12 سے 13 فیصد، بلوچستان کو 11 فیصد اور پنجاب کو گیس سپلائی کی صرف 3 فیصد کٹوتی کی گئی۔

  • روس نے جرمنی کی معیشت پر کاری وار کر دیا

    روس نے جرمنی کی معیشت پر کاری وار کر دیا

    ماسکو: روس نے جرمن معیشت پر کاری وار کر دیا، گیس سپلائی کم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق روس نے جرمنی کی معیشت پر کاری وار کرتے ہوئے گیس کی سپلائی کم کر دی ہے، روسی سرکاری کمپنی گیز پروم کا کہنا ہے جرمنی کو نارڈ اسٹریم کے ذریعے گیس کی سپلائی میں 80 فی صد کمی کی گئی ہے۔

    دوسری طرف جرمن حکام کا کہنا ہے کہ گیس میں حالیہ کمی کی کوئی تکنیکی وجہ نہیں دیکھی گئی۔

    روسی کمپنی گیزپروم کی جانب سے اس اعلان کے بعد نورڈ اسٹریم وَن سے یورپ کو فراہم ہونے والی گیس کم ہو کر یومیہ صرف 33 ملین کیوبک میٹرز ہو جائے گی، اور اس پائپ لائن سے صرف 20 فی صد گیس فراہم کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ جرمنی کا شمار ایسے ممالک میں ہوتا ہے جن کا توانائی کی ضروریات کے لیے روس پر زیادہ انحصار ہے اور وہ یوکرین پر روس کے حملے سے پہلے اپنی ضرورت کی گیس کا 55 فی صد حصہ روس سے خریدتا تھا۔

    گیزپروم کا کہنا ہے کہ گیس کی فراہمی میں کمی کا فیصلہ تکنیکی بنیادوں پر کیا گیا ہے اور ٹربائن کو اوور ہالنگ کی بھی ضرورت ہے۔

    تاہم جرمنی کی وزارت اقتصادی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گیس کی سپلائی میں کمی میں کوئی تکنیکی وجہ حائل نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ روس نے رواں ماہ کے آغاز ہی سے بحیرۂ بالٹک کے ذریعے آنے والی اس پائپ لائن، نارڈ سٹریم وَن سے جرمنی کو گیس کی فراہمی معطل کر رکھی ہے۔

  • اٹلی کا روسی گیس کی ادائیگی روبل میں کرنے کا فیصلہ

    اٹلی کا روسی گیس کی ادائیگی روبل میں کرنے کا فیصلہ

    روم: اٹلی کی توانائی فرم نے روسی گیس کی ادائیگی روبل میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لییے ماسکو کے بینک میں اکاؤنٹ قائم کیا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اطالوی توانائی فرم ای این آئی روسی گیس کے لیے روبل کی ادائیگی کے لیے Gazprombank میں ایک اکاؤنٹ قائم کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

    یورپی یونین کی جانب سے پولینڈ اور بلغاریہ کو گیس کی سپلائی بند کرنے کے روس کے فیصلے پر تنقید کرنے کے بعد کمپنیوں کو خبردار کیا گیا، روس کے مطالبات کی تعمیل کرتے ہوئے پابندیوں کی خلاف ورزی کے خلاف اب اٹلی کو بھی روسی گیس کی قیمت روبل میں ادا کرنی ہوگی۔

    ای این آئی کا روسی بینک میں روبل اکاؤنٹ کھولنے کا فیصلہ ایک احتیاطی اقدام ہے جو اسے روسی صدر ولادی میر پوٹن کے حکم کی تعمیل کرنے کی اجازت دے سکتا ہے کہ غیر دوست ممالک گیس کی روسی کرنسی میں ادائیگی کریں۔

    یورپ کی کمپنیاں اس معاملے پر یورپی یونین کے حکام سے مزید رہنمائی کی کوشش کر رہی ہیں لیکن رپورٹ کے مطابق روسی گیس کی ایک اور بڑی خریدار جرمنی کی یونیپر کمپنی کا خیال ہے کہ وہ بغیر کسی اصول کی خلاف ورزی کیے روسی گیس کی خریداری جاری رکھ سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ روس نے یورپی ممالک کو گیس کی قیمت صرف روبل میں وصول کرنے کی شرط عائد کی تھی کیونکہ یورپی ممالک نے یوکرین میں جاری روس کے فوجی آپریشن کے بعد روس کے خلاف پابندیاں عائد کی تھیں۔

    مشرقی یوکرین کا بحران اس وقت شروع ہوا جب یوکرینی حکام نے ان علاقوں میں فوجی طاقت سے کام لینے کی کوشش کی، جنگ بندی پرعمل نہیں کیا، دونباس میں عام شہریوں کا قتل عام نہیں رکوایا اور اس علاقے کے لوگوں کا محاصرہ کرلیا۔

    روس بارہا یوکرین کو اسلحے کی فراہمی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ نہ دینے اور مشرقی یوکرین کے روسی نژاد باشندوں پر یوکرینی فوج کے حملوں کے بارے میں مغربی ملکوں کو سخت خبردار کر چکا ہے۔

    مغربی ممالک اور خاص کر امریکا حالیہ برسوں کے دوران یوکرین کو بڑے پیمانے پر مالی اور عسکری امداد فراہم کرتا رہا ہے، مشرقی علاقوں میں جنگ شروع ہونے کے بعد اس نے جنگجو بھی بھیجنا شروع کردیے ہیں۔

  • گیس کے بلوں میں 3 گنا اضافہ ہوسکتا ہے

    گیس کے بلوں میں 3 گنا اضافہ ہوسکتا ہے

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ اس سال ادارے نے گیس کی قیمت میں 932 روپے اضافہ مانگا ہے، گھریلو صارف کے گیس کے بلوں میں 3 گنا اضافہ ممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ اس سال ادارے نے گیس کی قیمت میں 932 روپے اضافہ مانگا ہے، جو بھی فیصلہ اتھارٹی کرتی ہے اس کو مشاورت سے کیا جاتا ہے۔

    چیئرمین کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ گیس ڈالرز میں خریدی جا رہی ہے، ہم نے سوچ سمجھ کر گیس کی قیمتوں میں اضافہ مانگا ہے۔

    اوگرا کی جانب سے مزید کہا گیا کہ گھریلو صارف کے گیس کے بلوں میں 3 گنا اضافہ ممکن ہے، گیس جتنی سسٹم میں آنا تھا وہ نہیں آئی گیس کی کمی ہے۔

  • گیس کھینچنے کی مشین استعمال کرنے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی ہوگی

    گیس کھینچنے کی مشین استعمال کرنے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی ہوگی

    کراچی: شہر قائد میں گیس کھینچنے کی مشینیں استعمال کرنے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گیس سَکشن ڈیوائسز استعمال کرنے والی صنعتوں کے گیس کنکشنز منقطع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق کمپنی کی انتظامیہ نے آج گورنر ہاؤس کراچی میں تجارتی انجمنوں اور صنعتی اداروں کے وفد سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں دیگر مسائل کے علاوہ بعض صنعتوں کی طرف سے طاقت ور سَکشن بوسٹرز کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس کھلم کھلا خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیا۔

    ترجمان سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ سَکشن ڈیوائسز کے استعمال سے کراچی میں گیس کی فراہمی کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اور سَکشن بوسٹرز کا استعمال گیس کی چوری کے ارتکاب کے مترادف ہے۔

    ترجمان کے مطابق سَکشن بوسٹرز کے ذریعے حاصل کی گئی اضافی گیس ادارے کے میٹرنگ سسٹم اور اس کی پیمائش کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔

    ملاقات کے موقع پر سوئی سدرن کی انتظامیہ نے تقریباً 189 صنعتوں کی فہرست پیش کی، جن پر غیر قانونی سکشن ڈیوائسز کے استعمال میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ گورنر نے اس مجرمانہ سرگرمی میں ملوث تمام یونٹس کو فوری طور پر گیس کا کنکشن منقطع کرنے کا حکم دے دیا۔

  • وفاق کے پاس صلاحیت نہیں تو سوئی سدرن گیس ہمارے حوالے کریں: محکمہ توانائی سندھ

    وفاق کے پاس صلاحیت نہیں تو سوئی سدرن گیس ہمارے حوالے کریں: محکمہ توانائی سندھ

    کراچی: محکمہ توانائی سندھ نے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کو خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ 3 سال سے تسلسل کے ساتھ سندھ کی گیس پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، وفاق کے پاس صلاحیت نہیں تو سوئی سدرن گیس کمپنی ہمارے حوالے کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ توانائی سندھ نے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کو خط لکھ دیا، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاق کے پاس صلاحیت نہیں تو سوئی سدرن گیس کمپنی ہمارے حوالے کر دیں۔

    خط میں کہا گیا کہ ہم گیس کی پیداوار اور درست تقسیم کر کے دکھا سکتے ہیں، صوبے کو گیس پیدا کرنے کے باوجود اس کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

    خط کے مطابق گزشتہ 3 سال سے تسلسل کے ساتھ سندھ کی گیس پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، گیس کی بندش اور لو پریشر کے نتیجے میں کراچی کے مکین مشکلات کا شکار ہیں، شہری ملازمتوں اور بچے بھوکے اسکول جانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

    وفاق کو لکھے خط میں کہا گیا ہے کہ شہری لکڑی، کوئلے اور سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

    صوبائی وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ سندھ کی گیس کی ضرورت 750 اور فراہمی 560 ایم ایم سی ایف ڈی ہے، آئین گیس پیدا کرنے والے صوبے کو استعمال کا ترجیحی حق دیتا ہے۔

  • صنعتوں کو کل سے گیس سپلائی بحال ہوجائے گی

    صنعتوں کو کل سے گیس سپلائی بحال ہوجائے گی

    اسلام آباد: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے وفد نے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات کی، ملاقات میں کہا گیا کہ 29 دسمبر سے صنعتوں کو 75 ایم ایم سی ایف یومیہ گیس سپلائی بحال ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات کے بعد اپٹما کا کہنا تھا کہ 29 دسمبر سے صنعتوں کو 75 ایم ایم سی ایف یومیہ گیس سپلائی بحال ہوگی، حکومت نے برآمدات میں اضافہ برقرار رکھنے کے لیے گیس کی فراہمی پر اتفاق کیا۔

    اپٹما کے مطابق ایکسپورٹ سیکٹر کو گیس سپلائی مزید بڑھانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی، اقدامات سے صنعت کو 21 بلین ڈالر برآمدی ہدف پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

    وفد کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین سے بھی ملاقات کی گئی جس میں مناسب گیس فراہمی اور ورکنگ کیپٹل کی واپسی کے طریقہ کار میں نرمی کا یقین دلایا گیا۔

    اپٹما کے مطابق شوکت ترین نے تجویز دی کہ صنعت کار کو 7 دن کے اندر رقم کی واپسی ہو سکتی ہے، ایف بی آر 7 دن میں جواب نہیں دیتا تو صنعت واپسی میں ایڈجسٹ کی حقدار ہوگی۔

  • فواد چوہدری نے گورنر سندھ اور حماد اظہر میں معاملہ حل کروا دیا

    فواد چوہدری نے گورنر سندھ اور حماد اظہر میں معاملہ حل کروا دیا

    اسلام آباد: سندھ میں گیس کی بندش کے معاملے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کے درمیان ناراضی کا معاملہ حل ہو گیا۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گورنر سندھ اور حماد اظہر کے درمیان معاملہ حل کروا دیا ہے، اس حوالے سے وزیر اطلاعات کے دفتر میں ان کی ملاقات کرائی گئی، جس میں عامر کیانی بھی موجود تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں گورنر سندھ نے کراچی میں گیس پریشر نہ ہونے کا معاملہ سامنے رکھا، اور کہا ہمارے کراچی میں گیس کے مسائل ہیں، کراچی کی عوام کو گیس ملنی چاہیے، میرا آپ سے صرف اتنا شکوہ ہے۔

    گیس بحران پر ارکان اسمبلی پھٹ پڑے، حماداظہر کی برطرفی کا مطالبہ

    حماد اظہر نے ملاقات میں کہا آپ میرے بڑے بھائی ہیں اور آپ کے ساتھ پرانا تعلق ہے، لیکن کراچی میں انڈسٹری نے اسٹے آرڈر لے رکھا ہے، جس کی وجہ سے گیس پریشر کے مسائل ہیں، سوئی سدرن کو بولا ہے کہ لیگل ٹیم کے ذریعے اسٹے ختم کروایا جائے۔

    ایک حد سے زیادہ سستی گیس سپلائی نہیں کی جا سکتی: حماد اظہر

    فواد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں معلات کو مل کر حل کرنا ہے، ایک دوسرے کا دفاع کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق حماد اظہر نے جلد کراچی میں گیس مسئلہ حل کروانے کی بھی یقین دہانی کرا دی ہے۔