Tag: GAZA attack

  • غزہ:اسرائیلی حملے جاری، تازہ حملوں میں 6فلسطینی شہید، تعداد 200ہوگئی

    غزہ:اسرائیلی حملے جاری، تازہ حملوں میں 6فلسطینی شہید، تعداد 200ہوگئی

    غزہ: اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری ہیں، تازہ حملوں میں چھ فلسطینیوں کی شہادت کے بعد نو روز میں اسرائیلی بربریت کی بھینٹ چڑھنے والے فلسطینیوں کی تعداد دو سو سے زیادہ ہوگئی ہے، اسرائیل نے مشرقی اور شمالی غزہ کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔

    اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، نو دنوں سے جاری اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والوں میں اکتیس بچے بھی شامل ہیں، اسرائیلی فضائیہ کی تازہ کارروائی میں رفاہ اور جوہر الدیک کے علاقوں میں بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں چھ فلسطینی شہید ہوگئے۔

    مصر کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز کو قبول کرنے کے بعد اسرائیل نے چھ گھنٹے تک حملوں کا سلسلہ روکے رکھا تاہم حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کا بہانہ بنا کر ایک بار پھر بمباری شروع کردی، غزہ کی سرحد پر راکٹ حملے میں ایک اسرائیلی ہلاک ہوا ہے، نو روز سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران اسرائیل میں یہ پہلی ہلاکت ہے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس نے جنگ کا انتخاب کیا ہے، اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی، فلسطینی علاقوں پر حملوں میں تیزی لائیں گے، دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری کشیدگی کم کرانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم اسرائیل اپنے شہریوں کے دفاع کا حق رکھتا ہے۔

    اطالوی وزیر خارجہ نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی اور غزہ کے لیے چوبیس لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا۔

  • غزہ پر اسرائیلی بمباری، شہید فلسطینیوں کی تعداد188ہوگئی

    غزہ پر اسرائیلی بمباری، شہید فلسطینیوں کی تعداد188ہوگئی

    غزہ :اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے بے گناہ فلسطینیوں کی تعداد ایک سو نواسی ہوگئی ہے اور چودہ سو افراد زخمی ہیں، حماس نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی مصری پیش کش مسترد کردی ہے جبکہ اسرائیل کی کابینہ نے جنگ بندی کی منظوری دے دی ہے۔

    غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل اب تک غزہ پر ایک ہزار سے زائد حملے کرچکے ہے، جس میں زخمی ہونے والوں کی تعداد بارہ سو سے زائد ہوگئی ہے، غزہ میں امن کی بحالی کے لئے حماس اور اسرائیل میں ثالثی کی مصری پیش کش کو حماس نے مسترد کردیا ہے۔

    حماس کا کہنا ہے کہ کسی ٹھوس معاہدے کے بغیر جنگ بندی نہیں کریں گے، جنگ روک کر مذاکرات نہیں کئے جا سکتے، اسرائیل کی سیکورٹی کابینہ کے اجلاس میں مصر کی جنگ بندی کی تجویز کی منظوری دے دی گئی۔

    مصر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے لئے ثالثی کی پیش کش کا مقصد غزہ میں کھانے پینے کی اشیا اور دوائیں فراہم کرنا ہیں، اسرائیلی دھمکی کے بعد ہزاروں فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑ کر امدادی کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبورہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ نہتے فلسطینیوں کے خلاف آپریشن غیرمعینہ مدت تک جاری رہے گا۔