Tag: Gaza Palestine

  • پاکستانی ڈاکٹر غزہ میں فلسطینیوں کی مدد کے لئے پہنچ گئے

    پاکستانی ڈاکٹر غزہ میں فلسطینیوں کی مدد کے لئے پہنچ گئے

    خدمت کے جذبے سے سرشار پاکستانی نژاد امریکن ڈاکٹر غزہ جاکر زخمی فلسطینیوں کا علاج کرنے میں مصروف ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ جانیوالی پاکستانی حنا چیمہ گائناکالوجسٹ اور خواجہ اکرام آرتھوپیڈک ڈاکٹر ہیں۔

    ڈاکٹر خواجہ اکرام کا کہنا تھا کہ غزہ میں زخمیوں کی سب سے بڑی تعداد بچوں کی ہے، وہاں میلوں تک امدادی ٹرک کھڑے ہیں مگر امداد کو غزہ میں جانے نہیں دیا جارہا۔

    ڈاکٹر حنا چیمہ کا کہنا تھا کہ فلسطین کو اس وقت سب سے زیادہ جنگ بندی کی ضرورت ہے، شکر گزار ہوں کہ میرے پاس امریکا واپسی کاموقع ہے، فلسطینیوں کے پاس نہیں۔

    امریکا نے حماس سے متعلق قطر کو اہم پیغام پہنچا دیا ؟

    واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کے باعث 30ہزار سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں، جن میں بچوں اور خواتین کی بہت بڑی تعداد شامل ہے۔

  • فلسطین پر اسرائیلی قبضہ کے خلاف  برسلز میں احتجاجی مظاہرہ

    فلسطین پر اسرائیلی قبضہ کے خلاف برسلز میں احتجاجی مظاہرہ

    برسلز : فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کے قبضہ کے خلاف برسلز میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کرکے اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجئیم کے دارالحکومت برسلز میں اسرائیل کے زیر قبضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں غیرقانونی یہودی بستیوں اور اردن وادی کے الحاق پلان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    متعدد تنظیموں کی اپیل پر سینکڑوں مظاہرین امریکی سفارت خانے کے قریب ٹرون اسکوائر میں جمع ہوئے اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے، اس موقع پر پولیس نے سخت حفاظتی اقدامات کر رکھے تھے۔

    مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اور "فلسطین زندہ باد” اور "اسرائیل فلسطین کو اپنی کالونی بنا رہا ہے فلسطین تکلیف میں ہے” جیسے نعروں والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل امریکا کی مدد سے غیرقانونی آباد کاری کررہا ہے، اراکین یورپی پارلیمنٹ نے کہا کہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں، گزشتہ روز بھی یورپی ارکان پارلیمنٹ نے اسرائیلی آباد کاری پرشدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

    واضح رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 28 جنوری کو اسرائیل کے صدر بنیامین نیتان یاہو کے ساتھ وائٹ ہاوس میں کی گئی پریس کانفرنس میں نام نہاد مشرق وسطیٰ امن پلان کا اعلان کیا تھا۔

    یہ پلان دریائے اردن کے مغربی کنارے میں واقع غیر قانونی یہودی بستیوں کو اسرائیلی زمین قبول کرنے اور فلسطین کی اردن وادی پر تل ابیب کی حاکمیت کے دوام جیسی شقوں پر مشتمل ہے۔

  • فلسطین: اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری، متاثرین کی مدد کے لیے قطر کے اقدامات

    فلسطین: اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری، متاثرین کی مدد کے لیے قطر کے اقدامات

    دوحہ: فلسطین میں قابض اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ متاثرین کی مدد کے لیے قطری کی جانب سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قطر کے تعاون سے فلسطین میں قائم حمد اسپتال کی آپریشنل سرگرمیوں میں تعاون کے لیے قطری وزارت صحت کا وفد غزہ پہنچ گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں قطر کے تعاون سے قائم کئے گئے حمد اسپتال کی آپریشنل سرگرمیوں میں تعاون کے لیے قطری وزارت صحت کا اعلیٰ سطحی وفد غزہ پہنچ گیا۔

    غزہ میں الشیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی اسپتال قطر کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے، گزشتہ وفد قطر کی وزارت صحت کا وفد رافت سعد کی قیادت میں غزہ پہنچا، وفد میں ضیاءالدین سرھید، محمد الحموی اور مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹر شامل ہیں۔

    قطری وفد کی آمد پر فلسطینی وزارت صحت کے عہدیدار اور حمد اسپتال کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رافت لبد نے استقبال کیا۔

    قطری وفد کی آمد کا مقصد غزہ کے مریضوں اور زخمیوں کی بحالی میں مدد فراہم کرنا اور سرجری کے عمل کے منتظر مریضوں کے آپریشنز میں ان کی مدد کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، غاضب صیہونی ریاست کے خلاف ہر جمعے فلسطینی غزہ بارڈر پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہیں، یہ سلسلہ گذشتہ سال 30 مارچ سے چلا آرہا ہے۔

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، شہید ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی

    ایک محتاط اندازے کے مطابق ہفتہ وار احتجاجی مظاہروں کے دوران اب تک اسرائیلی فوج 300 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہے، جبکہ ہزاروں زخمی بھی ہوئے۔