غزہ: فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں ہفتے کے روز سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کے درمیان انسداد پولیو مہم شروع ہو گیا ہے، النصیر اسپتال میں بچوں کو قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
انسداد پولیو مہم کے لیے اسرائیلی فورسز نے راہداری فراہم کرتے ہوئے جنگ بندی کی خبروں کی تردید کی ہے، اسرائیلی وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیو مہم کے لیے جنگ بندی نہیں کی گئی ہے، صرف انسانی بنیادوں پر پولیو ورکرز کو راہداری فراہم کی جاری ہے تاکہ وہ قطرے پلا سکیں۔
دوسری طرف عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے مہم کے دوران عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے تصدیق کی ہے کہ ویکسین کا سرکاری طور پر بڑی مہم آج اتوار سے شروع ہوگی۔
تین روزہ ویکسینیشن مہم کا مقصد تقریباً 6 لاکھ 40,000 فلسطینی بچوں تک پہنچنا ہے، یاد رہے کہ غزہ میں گزشتہ ماہ پہلا پولیو کا کیس سامنے آیا تھا۔ پہلے دن وسطی غزہ، دوسرے دن خان یونس اور تیسرے دن پٹی کے شمالی حصے میں ویکسینیشن ہوگی۔