Tag: gaza

  • یہودیوں کی نیویارک میں بڑی سول نافرمانی، 300 گرفتار

    یہودیوں کی نیویارک میں بڑی سول نافرمانی، 300 گرفتار

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک کے سینٹرل اسٹیشن میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف یہودیوں کی جانب سے بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا، جس پر نیویارک پولیس نے 300 افراد کو گرفتار کر لیا۔

    الجزیرہ کے مطابق جیوش وائس فار پیس کی جانب سے نیویارک کے گرینڈ سینٹرل اسٹیشن پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، مظاہرین نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کیا، تاہم نیویارک پولیس نے دھرنے کے بعد سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔

    دھرنے کا انتظام کرنے والے گروپ جے وی پی نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ’’سیکڑوں یہودیوں اور اتحادیوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے جو ممکنہ طور پر دو دہائیوں میں نیویارک شہر کی سب سے بڑی سول نافرمانی ہے۔‘‘

    دھرنے کی وجہ سے شہر کا بڑا ٹرانزٹ مرکز بند ہو گیا تھا، شرکا نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف خوب نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے سیاہ ٹی شرٹس پہنی ہوئی تھیں جن پر لکھا تھا ’سیز فائر کیا جائے‘ اور ’ہمارے نام پر نہیں‘ مظاہرین نے فلسطینیوں کی آزادی اور غزہ پر بمباری بند کرنے کے مطالبات کے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ جنگ بندی کے لیے لڑ رہے ہیں، اور مزید جنگ نہیں چاہتے، جو مر گئے ان کے لیے ماتم کریں اور جو زندہ ہیں انھیں زندہ رکھنے کے لیے جدوجہد کریں۔

    ادھر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ اس نے ریلی میں کم از کم 200 مظاہرین کو گرفتار کیا تھا، تاہم جنگ مخالف گروپ جیوش وائس فار پیس نے گرفتاریوں کی تعداد 300 سے زیادہ بتائی ہے۔ تصاویر اور ویڈیوز میں پولیس کو درجنوں مظاہرین کے ساتھ دکھایا گیا ہے جن کے بازو کمر کے پیچھے بندھے ہوئے تھے۔

  • اسرائیل کی حمایت میں امریکا نے کینیڈا سے ترمیم شدہ قرارداد پیش کرا دی، نتیجہ کیا نکلا؟

    اسرائیل کی حمایت میں امریکا نے کینیڈا سے ترمیم شدہ قرارداد پیش کرا دی، نتیجہ کیا نکلا؟

    نیویارک: امریکا اور بعض یورپی ممالک کی جانب سے اسرائیل کی اندھی حمایت جاری ہے، تاہم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں امریکا کو اسرائیل کی اندھی حمایت پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے یو این جنرل اسمبلی میں عرب لیگ کے مقابلے پر کینیڈا سے ترمیم شدہ قرراداد پیش کرائی، تاہم امریکی حمایت کی قرارداد بھاری اکثریت حاصل نہ کر سکی۔

    ترمیم شدہ قرارداد کو اکثریت نہ ملنے پر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں تالیاں بجائی گئیں، اس قرارداد میں حماس اور اسرائیلیوں کو یرغمال بنانے کی مذمت کی گئی تھی، جب کہ جنگ بندی اور غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں جنگ بندی کیلئے قرارداد منظور

    یہ ترمیم شدہ قرارداد عرب لیگ کی جنگ بندی کے مطالبے کی قرارداد کے مقابلے میں پیش کی گئی تھی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھاری اکثریت سے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی قرارداد کو منظور کر لیا گیا ہے، قرارداد کے حق میں 120 ووٹ پڑے، جب کہ 45 غیر حاضر رہے اور 14 بشمول اسرائیل اور امریکا نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔

  • حماس نے اسرائیل پر ڈرون حملے شروع کر دیے

    حماس نے اسرائیل پر ڈرون حملے شروع کر دیے

    حماس کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملے کیے ہیں۔

    حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر کہا کہ اس نے اسرائیلی فورسز پر دو ڈرون حملے کیے ہیں۔

    ایک نے اسرائیلی فضائیہ کے حوثی اڈے کو نشانہ بنایا جبکہ دوسرے نے تسلیم فوجی اڈے پر واقع اسرائیلی فوج کے سینائی ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا۔

    اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے غزہ کی پٹی کے ساتھ باڑ کے قریب نیر اوز اور عین ہابیسور کی جنوبی آبادیوں میں مشتبہ ڈرون کی دراندازی کے الرٹ کی تصدیق کی ہے۔

    حماس کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ کے اندر اسرائیلی فوجیوں کا مقابلہ کیا ہے۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ اور محصور انکلیو میں رات بھر لڑائی جاری رہی۔

  • اسرائیل کا شمالی غزہ میں تمام اسپتالوں کو خالی کرنے کا انتباہ

    اسرائیل کا شمالی غزہ میں تمام اسپتالوں کو خالی کرنے کا انتباہ

    صہیونی ریاست اسرائیل کی مظلوم فلسطینیوں کے خلاف جارحیت جاری ہے قابض فوج نے غزہ کے پنا گزین کیمپ، اسپتال، مسجد گھروں سب کو مسمار کررہی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے فوج کے جنگی جرائم کی انتہا کر دی، تاہم اب بھی صہیونی اسرائیل کی جانب سے غزہ کو تباہ کرنے کی دھمکی دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

    اسرائیل نے حملہ کرنے بعد اب شمالی غزہ میں تمام اسپتالوں کو خالی کرنے کی دھمکی دی ہے کہا کہ شمالی غزہ کے اسپتال خالی نہ کیے تو  ان پر بمباری کریں گے۔

    غزہ میں 100 سے زائد نومولود کی زندگیاں خطرے میں

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے جاری بیان میں کہا کہ غزہ میں تمام اسپتالوں کو خالی کرنا ناممکن ہے، بہت سے مریض وینٹی لیٹرز  پر ہیں، متعدد بچے انکیوبیٹرز میں ہیں۔

    دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شیلنگ، ایندھن کی قلت سے 10 اسپتالوں میں کام بند ہوگیا۔

    غزہ کے اسپتال پر بمباری اسرائیل نے کی، روسی میڈیا

    یاد رہت کہ اس سے قبل یونیسیف کے ترجمان جوناتھن کرکس نے کہا تھا کہ ہمارے پاس اس وقت 120 نوزائیدہ بچے ہیں جو انکیوبیٹرز میں ہیں جن میں سے ہمارے پاس 70 نوزائیدہ بچے ہیں جن میں مکینیکل وینٹیلیشن ہے، اور یقیناً یہ وہ جگہ ہے جہاں ہم انتہائی فکر مند ہیں۔

    یاد رہے کچھ روز قبل اسرائیل فوج نے غزہ میں ایک اسپتال پر بمباری کی تھی، جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے ، شہید ہونے والوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی۔

  • غزہ کے اسپتال پر بمباری اسرائیل نے کی، روسی میڈیا

    غزہ کے اسپتال پر بمباری اسرائیل نے کی، روسی میڈیا

    روسی میڈیا نے کہا ہے کہ غزہ کے اسپتال پر بمباری اسرائیل نےکی اسرائیل پروپیگنڈا کر رہا ہے کہ اسپتال پر حماس کا راکٹ گرا۔

    روسی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا غزہ کی سیٹلائٹ تصاویر سامنے لا سکتا ہے بائیڈن سےکوئی سیٹلائٹ تصاویر کی بات کیوں نہیں کرتا؟

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اسرائیل کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تصاویر کے فرانزک سے ظاہر ہوتا ہے یہ اسرائیل کا فضائی حملہ نہیں تھا۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیل کی جانب سے کی گئی وحشیانہ بمباری کو ’بڑی تباہی‘ قرار دیا۔

    پیوٹن نے کہا کہ اسپتال پر ہونے والی بمباری بہت تکلیف دہ منظر ہے، سینکڑوں ہلاکتیں اور درجنوں زخمی ایک بڑی تباہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں پُرامید ہوں کہ یہ جنگ کو جلد از جلد ختم کرنے کا اشارہ ہوگا، اس کے برعکس ہمیں مذاکرات اور رابطوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

  • اسرائیل کا غزہ پر حملے مزید تیز کرنے کا اعلان

    اسرائیل کا غزہ پر حملے مزید تیز کرنے کا اعلان

    اسرائیل نے غزہ پر حملے مزید تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بمباری کر کے کے مزید 55 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

    اسرائیل نے فوج کے جنگی جرائم کی انتہا کر دی۔ غزہ پر بمباری کے بعد صہیونی فورسز کا مغربی کنارے کی پٹی پر پہلا فضائی حملہ کر دیا جب کہ پناہ گزین کیمپ جنین میں ایک مسجد کو شہید کر دیا جس کے نتیجے میں دو افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے جب کہ اسرائیلی فوج نے غزہ پر آج سے حملے مزید تیز کرنے کا اعلان کر دیا۔

    کئی روز سے جاری وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں شہدا کی مجموعی تعداد 4ہزار 651 ہو گئی ہے جب کہ 14ہزار زخمی ہیں۔

    شہید ہونے والوں میں ہیلتھ ورکرز کی تعداد بھی 51 ہو گئی ہے اور 11 صحٓافی بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اسرائیلی حملوں میں غزہ میں سالانہ کتب میلے کی جگہ بھی مکمل مسمار ہو گئی ہے، غزہ میں بے گھر افراد کی تعداد بھی 14 لاکھ سے بڑھ گئی۔

    حماس کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    غزہ میں کھانے پینےکی اشیا، پانی، بجلی اور ایندھن کی شدیدقلت ہے۔ فلسطین میں جاری مظالم کےخلاف پوری دنیا سراپا احتجاج ہے اور مظاہرین نے غزہ میں بمباری بند کرانے اور اسرائیل پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • غزہ کی مزاحمت اسرائیل کے تیل کے منصوبے کے لیے خطرہ بن گئی، اسرائیلی اخبار

    غزہ کی مزاحمت اسرائیل کے تیل کے منصوبے کے لیے خطرہ بن گئی، اسرائیلی اخبار

    تل ابیب: غزہ کی مزاحمت اسرائیل کے تیل کے منصوبے کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی اخبار ہارتز نے لکھا ہے کہ غزہ کے میزائل  اور راکٹ اسرائیل کے تیل کے منصوبے کے لیے سیکیورٹی رسک بن گئے ہیں۔

    اخبار کے مطابق اسرائیلی ریاست بین الاقوامی پائپ لائن کے ذریعے تیل کی نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ایک سپر پاور بننا چاہتی ہے تاہم حماس کی مزاحمت اس میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

    اخبار نے لکھا کہ ایک ایسے وقت میں جب بہت سی ریاستیں تیزی سے فوصل فیول سے قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر منتقل ہو رہی ہیں، ایسے میں ’یورپ ایشیا پائپ لائن کمپنی‘ تیل کی نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے میں اسرائیل  کو سپر پاور میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔

    حماس نے اسرائیل کو کتنے ارب ڈالر نقصان سے دوچار کیا؟

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یورپ-ایشیا پائپ لائن کمپنی کے آئل ٹرمینل پر لنگر انداز ہونے والے آئل ٹینکرز کی تعداد میں پچھلے دو سالوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ اکتوبر میں ایک ایسی کمپنی کے ساتھ بھی معاہدہ کیا گیا تھا جس میں متحدہ عرب امارات کے کاروباری حضرات شریک ہیں۔

  • اسرائیلی بمباری کے بعد غزہ میں موت کے سائے، قیامت صغریٰ کے مناظر

    اسرائیلی بمباری کے بعد غزہ میں موت کے سائے، قیامت صغریٰ کے مناظر

    غزہ: اسرائیلی بمباری کے بعد غزہ میں ہر طرف موت کے سائے چھا گئے ہیں، قیامت صغریٰ کے مناظر دکھائی دے رہے ہیں اور شہر کھنڈرات کا سا منظر پیش کر رہا ہے۔

    اقوام متحدہ سمیت عالمی میڈیا رپورٹس میں بار بار فلسطینی محصور شہر غزہ میں بے رحم صہیونی فورسز کے ہاتھوں انسانی المیے کی طرف توجہ دلائی جا رہی ہے، لیکن فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فضائی بمباری چھٹے روز بدستور جاری ہے۔

    حماس کے زیر انتظام غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی انسانی المیہ بن گئی ہے، مکمل محاصرے کی وجہ سے شہر میں پانی، بجلی، خوارک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، جب کہ ایندھن اور طبی سامان کی بھی ایک ہفتے کی سپلائی باقی رہ گئی۔

    حماس حملوں میں 22 امریکیوں سمیت 1300 اسرائیلی ہلاک، 1200 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں شہر کے رابطے کا نظام تباہ ہو چکا ہے، ہر طرف قیامت صغریٰ کے مناظر ہیں، اور شہر کھنڈر بن چکا ہے، ماؤں کی گود میں جگر گوشوں کے لاشے ہیں، ہنسنے کھیلتے بچے کفن میں لپٹے ہیں، جو بچے زندہ ہیں وہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں، زخمی بچوں کی پکار اور ماؤں کی آہ و بکا غزہ کی فضا پر چھائی ہوئی ہے۔

    اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے شہر میں شہید ہونے والوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کی جا رہی ہے، اور شہدا میں کمسن بچے بھی شامل ہیں، نمازِ جنازہ کے مواقع پر جو رقت آمیز مناظر سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں دیکھے گئے، لواحقین کی دُہائیوں نے ویڈیوز دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے ہیں۔

  • غزہ میں چوبیس گھنٹوں میں 450 اہداف پر اسرائیلی بمباری، زمینی کارروائی شروع کرنے کا بھی دعویٰ

    غزہ میں چوبیس گھنٹوں میں 450 اہداف پر اسرائیلی بمباری، زمینی کارروائی شروع کرنے کا بھی دعویٰ

    غزہ: اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے محصور علاقے میں 450 اہداف پر بمباری کی، اسرائیلی فورسز نے غزہ میں زمینی کارروائی شروع کرنے کا بھی دعویٰ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی شہر غزہ میں اسرائیلی فورسز نے گزشتہ روز ساڑھے چار سو اہداف کو نشانہ بنایا، اسرائیلی طیاروں نے صرف غزہ کے علاقے الفرقان میں 200 سے زیادہ اہداف پر بمباری کی۔

    اسرائیلی فورسز کے مطابق غزہ میں بیت حانون میں 80 مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور التفاح میں بھی بمباری کی گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری میں 24 فلسطینی شہید ہوئے۔

    غزہ میں بمباری کے بعد اسرائیلی فورسز کی زمینی کارروائی بھی شروع ہو گئی، فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جانب سے زمینی کارروائی کے دوران حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیل نے غزہ کے قریب مزید 3 ہزار فوجی دستے تعینات کر دیے ہیں، حماس کے مطابق خان یونس میں اسرائیلی بمباری کے جواب میں حماس نے اسرائیلی طیاروں پر 2 میزائل بھی داغے ہیں۔

    امریکا نے اسرائیل کے قریب دوسرے بیڑے کی تعیناتی پر غور شروع کر دیا

    امریکی برادکاسٹنگ نیٹ ورک سی بی ایس نے اسرائیلی ملٹری ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ حماس کے حملوں میں اسرائیل میں ہلاکتوں کی تعداد 1200 تک پہنچ گئی ہے، دوسری طرف فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 900 ہو گئی ہے، اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ کے 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوئے ہیں۔

    جنگ ختم ہونے تک قیدیوں کا تبادلہ نہیں ہوگا، قیمت حماس طے کرے گی: اسماعیل ہانیہ

    واضح رہے کہ غزہ میں بجلی اور پانی بند کیا جا چکا ہے، اور پانچویں روز بھی مکمل محاصرہ رہا، فلسطینی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اسپتالوں میں بجلی کی بندش سے زخمیوں کا علاج مشکل ہو گیا ہے، جب کہ فیول سپلائی بند ہونے سے بجلی گھر کام نہیں کر رہے۔

    فلسطینی وزارت داخلہ کے مطابق بجلی گھر میں صرف 10 سے 12 گھنٹے کی بجلی کا ایندھن موجود ہے، اسرائیلی فورسز جان بوجھ کر اسپتال اور ایمبولنسوں کو نشانہ بنا رہی ہے، عالمی برادری غزہ میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری روکے۔

  • اسرائیل نے امریکی صدر کو غزہ میں طویل زمینی آپریشن سے متعلق آگاہ کر دیا، اسرائیلی اخبار

    اسرائیل نے امریکی صدر کو غزہ میں طویل زمینی آپریشن سے متعلق آگاہ کر دیا، اسرائیلی اخبار

    تل ابیب: اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن کو غزہ میں طویل زمینی آپریشن سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اتوار کے روز صدر بائیڈن کو فون کر کے بتایا کہ اسرائیل کے پاس غزہ میں زمینی کارروائی شروع کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہا ہے۔

    اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیل غزہ میں کئی ماہ پر مشتمل زمینی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے، اور جنگ بندی سے متعلق کسی سے بات چیت کے لیے تیار نہیں، حماس کے خلاف مکمل کارروائی تک اسرائیل کسی سے بات نہیں کرے گا۔

    اخبار نے لکھا کہ حماس کے حملے پر اسرائیل کا رد عمل مشرق وسطیٰ کو تبدیل کردے گا۔

    بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ اتوار کو جوبائیڈن کے ساتھ فون پر گفتگو میں بن یامین نیتن یاہو نے کہا کہ ہمیں غزہ کے اندر جانا ہی ہوگا، یہ طویل اور مشکل جنگ ہوگی، اس گفتگو میں بائیڈن نے غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں کا مسئلہ بھی اٹھایا تاہم انھوں نے نیتن یاہو کو غزہ کے اندر نہ جانے پر مائل نہیں‌ کیا۔

    اسرائیلی وزیر نیتن یاہو نے بائیڈن کو بتایا کہ اسرائیل کے پاس طاقت سے جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے کیوں کہ کوئی ملک مشرق وسطیٰ میں کمزوری نہیں دکھا سکتا، ہمیں ڈیٹرنس کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ وائٹ ہاؤس اور اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے اس خبر پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے غزہ میں ممکنہ زمینی حملے کی تیاریوں کے سلسلے میں 3 لاکھ ریزرو فوجیوں کو متحرک کر دیا ہے۔ ادھر امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک نیوز کانفرنس میں ایک بار پھر اسرائیل کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے، یہودیوں اور اسرائیل کی حفاظت کریں گے۔