Tag: gaza

  • موسیقی کا شوق رکھنے والے غزہ کے نوجوان کا کارنامہ

    موسیقی کا شوق رکھنے والے غزہ کے نوجوان کا کارنامہ

    غزہ: موسیقی کا شوق رکھنے والے غزہ کے نوجوان نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے ناکارہ سامان کی مدد سے انوکھا ڈرم سیٹ تیار کر لیا۔

    روئٹرز کے مطابق کے مطابق غزہ کے اس نوجوان موسیقار کا بچپن سے خواب تھا کہ اس کے پاس اپنا ایک ڈرم سیٹ ہو، چناں چہ حسان قسیم نے آخر کار ری سائیکل شدہ اشیا کا استعمال کرتے ہوئے ڈرم سیٹ رکھنے کا اپنا خواب پورا کر لیا۔

    حسام اب اپنی مرضی کی دھنیں بجاتے ہیں، ڈرم سیٹ تیاری میں انھوں نے بائیک کے کلچ اور چَین، برتن، پلاسٹک کی بالٹیاں، لکڑی کی ٹرے استعمال کی۔

    حسام نے بتایا ’’میں نے ایک بائیک کلچ استعمال کی اور اسے ایک ’کریش سمبل‘ (موسیقی کا آلہ) میں بدل دیا، ڈرم (snare) بنانے کے لیے میں نے برتن اور ریڈیوگراف کا استعمال کیا، اسے اچھی طرح سے جوڑا اور یہ آواز دینے لگا ہے۔‘‘

    انھوں نے مزید بتایا ٹام 1 اور ٹام 2 کے طور پر انھوں نے دو بالٹیاں استعمال کیں، اور انھیں لکڑی کے اسٹینڈ پر جمایا، جس سے اس میں اچھی آواز نکلنے لگی۔

    حماس کا اسرائیل پر 5 ہزار راکٹ داغنے کا دعوٰی، بڑے آپریشن کا اعلان

    حسام کا کہنا تھا کہ ڈرم سیٹ کے ایک اہم حصے یعنی ٹریش کے متبادل کے طور پر انھوں نے اس ٹرے سے کام لیا جو چائے پیش کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا ’’میرا خواب ہے کہ خود کو بہتر بنا سکوں، بین الاقوامی اداروں میں پڑھ سکوں اور موسیقی کا مزید تجربہ حاصل کرلوں۔

  • حماس کا اسرائیل پر 5 ہزار راکٹ داغنے کا دعوٰی، بڑے آپریشن کا اعلان

    حماس کا اسرائیل پر 5 ہزار راکٹ داغنے کا دعوٰی، بڑے آپریشن کا اعلان

    غزہ: حماس نے ’طوفان الاقصیٰ‘ کے نام سے بڑے آپریشن کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی جانب سے اسرائیل پر پانچ ہزار راکٹ داغے گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کی صبح حماس کی جانب سے اچانک حملے میں غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر ہزاروں راکٹ فائر کیے گئے، جس کے بعد اسرائیل کے متعدد قصبوں سے کالے دھوئیں کے بڑے بڑے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

    حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جانب سے اسرائیل پر 5 ہزار راکٹ داغنے گئے ہیں، جس میں 5 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں، سوشل میڈیا پر آنے والی تصاویر میں سے معلوم ہوتا ہے کہ کئی کاروں کو آگ لگی اور کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

    اسرائیلی طبی کارکنوں کے مطابق فلسطینی جنگجو جنوبی اسرائیل کے علاقوں میں گھسے، اور اسرائیلی علاقوں پر راکٹ باری کا سلسلہ تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز صہیونی فورسز کی فائرنگ سے 4 فلسطینی شہید ہوئے تھے، جس کے بعد حماس کی جانب سے جوابی کارروائی پر آج صبح اسرائیل کے طول و عرض میں خطرے کے سائرن بج اٹھے تھے۔

    غزہ میں راکٹوں کی سنساتی آواز فضا اور تل ابیب میں سائرن کی آوازیں سنائی دیتی رہیں، اسرائیلی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ غزہ سے عسکریت پسند اسرائیلی علاقوں میں گھس گئے ہیں، جس پر اسرائیلی فوج نے جنگی حالات کا الرٹ جاری کر دیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان کر دیا ہے، اسرائیلی وزارتِ دفاع نے ریزرو فورسز کو طلب کرنے کی منظوری دے دی، واضح رہے کہ حالیہ راکٹ باری غزہ کے ساتھ اسرائیلی سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مقبوضہ غرب اردن میں شدید لڑائی کے کئی ہفتوں بعد سامنے آئی ہے۔

  • غزہ بمباری کے جواب میں فلسطینی مجاہدین نے اسرائیل پر سیکڑوں راکٹ برسا دیے

    غزہ بمباری کے جواب میں فلسطینی مجاہدین نے اسرائیل پر سیکڑوں راکٹ برسا دیے

    غزہ: فلسطینی مجاہدین نے اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر سیکڑوں راکٹ برسا دیے۔

    الجزیرہ کے مطابق فلسطینی مجاہدین نے غزہ کی پٹی سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 400 سے زائد راکٹ برسا دیے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، اور تل ابیب میں سائرن بجتے رہے۔

    اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کی شام تک غزہ سے 470 راکٹ فائر کیے جا چکے ہیں، تاہم زیادہ تر کو اسرائیلی میزائل ڈیفنس سسٹم نے غزہ کے کھلے علاقوں میں روک دیا، جب کہ چند راکٹ اسرائیلی علاقے میں گرے اور نقصان کا باعث بنے۔

    الجزیرہ کی رپورٹر کے مطابق غزہ سے راکٹ جنوبی اسرائیلی قصبوں کی طرف داغے گئے، اور ہر طرف سے راکٹ فائر کیے گئے، جن سے آسمان دھوئیں سے بھر گیا تھا، انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد سے 36 گھنٹوں میں یہ فلسطینیوں کا پہلا ردعمل ہے۔

    اسرائیلی فضائیہ کی دوسرے روز بھی غزہ پر بمباری، فلسطینی کمانڈر سمیت 24 فلسطینی شہید

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق منگل کی صبح فلسطینی اسلامک جہاد (PIJ) کے رہنماؤں کے قتل کے بعد سے اسرائیلی فوج اور حکومتی اہلکار غزہ کی پٹی میں فلسطینی مجاہدین کی جانب سے متوقع جوابی کارروائی کے حوالے سے چوکس تھے۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ پر ’شیلڈ اینڈ ایرو‘ نامی فوجی آپریشن کے تحت فضائی حملے شروع کیے ہیں۔

  • اسرائیلی فضائیہ کی دوسرے روز بھی غزہ پر بمباری، فلسطینی کمانڈر سمیت 24 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فضائیہ کی دوسرے روز بھی غزہ پر بمباری، فلسطینی کمانڈر سمیت 24 فلسطینی شہید

    غزہ: اسرائیلی فضائیہ کی دوسرے روز بھی غزہ پر بمباری جاری رہی، آج صبح فلسطینی کمانڈر سمیت دو دنوں میں مجموعی طور پر 24 فلسطینی شہید ہو گئے۔

    الجزیرہ کے مطابق فلسطینی علاقے غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فضائیہ بمباری دوسرے روز بھی جاری رہی، جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں علی الصبح بمباری سے اسلامی جہاد کے رہنما علی حسن غالی شہید ہو گئے۔

    وحشیانہ اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 24 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 5 خواتین اور 5 بچے بھی شامل ہیں، شہدا میں فلسطینی اسلامی جہاد تحریک کے متعدد رہنما بھی شامل ہیں، جب کہ حملوں میں زخمیوں کی تعداد 64 ہو چکی ہے۔

    اسرائیلی فورسز نے ایک بیان میں کہا کہ انھوں نے جمعرات کی صبح غزہ کے جنوبی خان یونس میں ایک عمارت پر فضائی حملے میں راکٹ یونٹ کے ایک کمانڈر کو نشانہ بنایا۔ فلسطینی اسلامی جہاد کے مطابق شہید رہنما علی غالی راکٹ لانچ یونٹ کے کمانڈر تھے۔

  • اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری میں 12 فلسطینی شہید ہو گئے

    اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری میں 12 فلسطینی شہید ہو گئے

    غزہ: اسرائیلی فضائیہ کے طیاروں نے فلسطین کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر 12 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری میں بچوں سمیت بارہ فلسطینی شہید ہو گئے، قابض افواج نے غزہ کی کراسنگ بھی بند کر دی۔

    عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے حملے غزہ، رفاح اور خان یونس میں کیے، شہدا میں اسلامی جہاد کے سینئر کمانڈرغنم اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں، فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حملے میں اسلامی جہاد کے سینئر کمانڈرز کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    اسرائیلی وزیر کی اشتعال انگیزی؛ یورپی یونین نے پروگرام منسوخ کر دیا

    حماس میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر میں 2 مقامات کو نشانہ بنایا، فضائی حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، شہریوں کا کہنا تھا کہ بمباری کے بعد غزہ دھماکے سے لرز اٹھا۔

  • غزہ میں فلسطینی بچوں اور خواتین پر بزدلانہ اسرائیلی بمباری کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    غزہ میں فلسطینی بچوں اور خواتین پر بزدلانہ اسرائیلی بمباری کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    غزہ سٹی: غزہ میں فلسطینی بچوں اور خواتین پر بزدلانہ اسرائیلی بمباری کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے فضائی حملے دوسرے روز بھی جاری رہے، جس سے شہادتیں 24 ہو گئی ہیں۔

    فلسطینی وزارت صحت کے حکام نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک چوبیس افراد جاں بحق، 203 زخمی ہو چکے ہیں، جاں بحق افراد میں 6 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

    غزہ پر فضائی حملوں کا دوسرا روز، اسرائیل نے 24 فلسطینی شہید کر دیے

    الجزیرہ کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جیٹ طیاروں کی جانب سے دوسرے روز بھی محصور فلسطینیوں پر بمباری کے نتیجے میں متعدد بچے شہید ہو گئے ہیں۔

    اسرائیلی جنگی طیاروں کی جانب سے رہائشی علاقوں پر بمباری کے باعث غزہ میں فلسطینی خوف و ہراس کی زندگی گزار رہے ہیں، گزشتہ روز رہائشی علاقے پر ایسا ہی ایک خوف ناک اور دل دہلا دینے والا حملہ کیا گیا، جس کی ویڈیو ٹویٹر پر وائرل ہو گئی ہے۔

    ویڈیو میں فلسطینی شہریوں، بچوں اور خواتین کی چیخ و پکار سنائی دے رہی ہے، لوگ جانیں بچانے کے لیے دوڑ رہے ہیں، سڑک پر ایک بلی بھی محفوظ ہونے کے لیے دوڑتی نظر آتی ہے۔

  • پاکستان نے غزہ پر اسرائیلی حملے کو غیر قانونی اقدام قرار دے دیا

    پاکستان نے غزہ پر اسرائیلی حملے کو غیر قانونی اقدام قرار دے دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے غزہ پر اسرائیلی حملے کو غیر قانونی اقدام قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیلی وحشیانہ فضائی حملوں نے تباہی مچا دی ہے، جس سے مجموعی طور پر اب تک 24 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

    اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری پر دنیا میں ہلچل مچ چکی ہے، اور کئی ممالک نے حملوں کی شدید مذمت کی ہے، پاکستان کی جانب سے بھی حملہ غیر قانونی اقدام کی مثال قرار دیا گیا ہے۔

    ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے حملوں کی شدید مذمت کی جب کہ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے اسرائیل کو نہتے فلسطینیوں پر کیے گئے ان حملوں کی بھاری قیمت چکا نا پڑے گی۔

    غزہ پر فضائی حملوں کا دوسرا روز، اسرائیل نے 24 فلسطینی شہید کر دیے

    سعودی عرب نے بھی غزہ پر ا سرائیل کی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی، مصر نے صورت حال کو معمول پر لانے کے لیے ثالثی کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

    یورپی یونین اور برطانیہ نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا ہے، جب کہ روس نے بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے جنگ بندی پر زور دیا۔

    روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخاروا کا کہنا ہے کہ روس فلسطین اسرائیل تنازع کے علاقے میں نئے مسلح پُرتشدد واقعات پر تشویش میں مبتلا ہے، فریقین پائیدار جنگ بندی کی طرف واپس آئیں۔

    واضع رہے اسرائیل اور حماس کے درمیان 2021 میں 11 روز جنگ ہو چکی ہے جس میں 250 نہتے فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔

  • غزہ پر فضائی حملوں کا دوسرا روز، اسرائیل نے 24 فلسطینی شہید کر دیے

    غزہ پر فضائی حملوں کا دوسرا روز، اسرائیل نے 24 فلسطینی شہید کر دیے

    غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے دوسرے روز بھی جاری رہے، شہادتیں 24 ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نہتے فلسطینیوں پر صہیونی مظالم عروج پر پہنچ گئے، اسرائیل نے دوسرے روز بھی غزہ کی پٹی پر فضائی بم باری کا سلسلہ جاری رکھا، جس سے مجموعی طور پر اب تک 24 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، آج (اتوار کو) یہودی روزے کے دن کو فریقین میں تشدد مزید بھڑکنے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

    حماس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ مہاجر کیمپ کے قریب بچوں پر بم باری کی، فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 2 روز کے دواران اسرائیلی بمباری سے 6 بچوں سمیت چوبیس افراد شہید اور 203 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

    اسرائیل نے ایک ہفتے تک حملے کرنے کی دھمکی بھی دے دی ہے، اور دعویٰ کیا ہے کہ اسلامی جہاد کی جانب سے اسرائیل پر سینکڑوں راکٹ فائر کیے گئے۔

    اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر بمباری کے نتیجے میں درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، کئی مقامات سے دھوئیں کے بادل اٹھتے رہے۔

    غزہ سٹی اسرائیل کے حملے میں سیکڑوں فلسطینیوں کے زخمی ہونے کے بعد ڈاکٹروں کو طبی سامان کی شدید قلت کا سامنا ہے، جمعے کو غزہ پر حملے کے بعد اسرائیلی فورسز نے شہر کو ہونے والی ایندھن کی ترسیل بھی روک دی، جس سے شہر کے واحد پاور پلانٹ سے دن بھر میں محض چند گھنٹوں کے لیے ہی بجلی فراہم ہو پا رہی ہے۔

    دنیا میں ردِ عمل

    اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری پر دنیا میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جب کہ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے اسرائیل کو نہتے فلسطینیوں پر کیے گئے ان حملوں کی بھاری قیمت چکا نا پڑے گی۔

    مصر نے صورت حال کو معمول پر لانے کے لیے ثالثی کی کوششیں شروع کر دیں، سعودی عرب نے بھی غزہ پر ا سرائیل کی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی، پاکستان کی جانب سے بھی حملہ غیر قانونی اقدام کی مثال قرار دیا گیا ہے۔

    روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخاروا کا کہنا ہے کہ روس فلسطین اسرائیل تنازع کے علاقے میں نئے مسلح پُر تشدد واقعات پر تشویش میں مبتلا ہے، فریقین پائیدار جنگ بندی کی طرف واپس آئیں۔

    واضح رہے اسرائیل اور حماس کے درمیان 2021 میں 11 روز جنگ ہو چکی ہے، جس میں 250 نہتے فلسطینی شہید کیے گئے تھے۔

  • گندم کی فصل ضائع ہونے کے باوجود غزہ کے خاندان نے ضرورت مندوں کے لیے ایثار کی مثال قائم کر دی

    گندم کی فصل ضائع ہونے کے باوجود غزہ کے خاندان نے ضرورت مندوں کے لیے ایثار کی مثال قائم کر دی

    غزہ: فلسطین میں غزہ کے علاقے میں اسرائیلی بم باری سے ایک خاندان کی گندم کی فصل ضائع ہونے کے باوجود اہل خانہ نے بچا کچا گندم جمع کر کے اسے پکا کر ضرورت مندوں میں تقسیم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں ابو توائما کے خاندان نے ایثار کی بڑی مثال قائم کر دی، اسرائیلی ٹینک نے ان کے گندم کے کھیتوں کو نشانہ بنا کر سیزن کی بیش تر فصلوں کو تباہ کر دیا تھا، تاہم انھوں نے بچے ہوئے گندم سے دلیہ بنا کر ضرورت مندوں کے درمیان تقسیم کر دیا۔

    خیال رہے کہ اسرائیل اور غزہ کے حماس حکمرانوں کے مابین 11 روزہ جنگ کے دوران 14 مئی کی گولہ باری میں کھیتوں کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تھا، کیوں کہ گندم کی فصل تیار ہو چکی تھی اور اس کی کٹائی کی جانی تھی۔

    ہزاروں کلو گرام گندم والے فصلوں سے تباہی کے بعد بدقسمت لیکن ایثار کیش خاندان محض 100 کلو گرام گندم ہی اکٹھا کر سکا، گندم کی بیش تر فصل اسرائیلی حملے میں خاکستر ہو چکی تھی۔

    خان یونس میں کھیتوں کے مالک خلیل ابو توائما کا کہنا تھا کہ ہم ایک سرحدی علاقے میں رہتے ہیں، اسرائیلی فوج نے ہمارے گندم کے کھیتوں پر بمباری کی، ہم لوگوں نے بچی ہوئی فصل کو جمع کیا اور حریثہ یعنی گندم کا دلیہ پکایا، اور جنگ کے خاتمے کے بعد اسے ضرورت مند لوگوں میں تقسیم کر دیا۔

    جنگ کے بعد بڑی تعداد میں لوگ ابو توائما کے خاندان کو بچ جانے پر مبارک باد دینے آئے، اور کئی کنبے ایسے تھے جنھیں خوراک میسر نہیں تھا، انھوں نے کھانا کھایا۔

    واضح رہے کہ غزہ میں مقیم 250 سے زائد فلسطینی اسرائیلی بم باری میں شہید ہو چکے ہیں، وزارت زراعت کے مطابق جنگ کے دوران 490 زرعی سہولیات بشمول انیمل فارم، پلاسٹک زرعی مکانات، کنوئیں اور آب پاشی کی لائنوں کو نقصان پہنچا ہے۔

  • متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے یو این ٹیم غزہ پہنچ گئی

    متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے یو این ٹیم غزہ پہنچ گئی

    غزہ: اسرائیلی بم باری سے تباہ حال علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے اقوام متحدہ کی ٹیم غزہ پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے اسرائیلی بم باری سے کھنڈر بننے والے غزہ کے علاقوں کی بحالی کے لیے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کر دی ہے، جنگ بندی کے بعد متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے یو این ٹیم بھی غزہ پہنچ گئی۔

    اقوام متحدہ کی عہدے دار لین ہیسٹنگز نے غزہ میں وحدہ اسٹریٹ اور دیگر علاقوں کادورہ کیا، انھوں نے بے گھر ہونے والوں سے بات کی، اور شہدا کے لواحقین سے اظہار ہم دردی کیا۔

    یو این کی خاتون عہدے دار نے متاثرین کی ہر ممکن مدد اور ان کی جلد بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی، لین ہیسٹنگز کا کہنا تھا کہ پائیدار امن ہی سے علاقے میں بحالی کے کاموں کو مکمل کیا جا سکے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ غزہ میں خوراک اور دواؤں کی فراہمی کے لیے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کر چکا ہے۔

    آج بھی یروشلم میں جھڑپیں ہوئی ہیں، تاہم اس کے باوجود اسرائیل اور حماس کے درمیان سیز فائر برقرار ہے، مسجد اقصیٰ میں گزشتہ روز اسرائیلی فورسز کی جارحیت سے زخمیوں کی تعداد 50 سے تجاوز کرگئی ہے، نیز کل سے اب تک پچاس فلسطینی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

    غزہ میں ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں، اسرائیلی بم باری نے 11 روز میں غزہ کا نقشہ بدل دیا ہے، 15 فیکٹریاں، 180 عمارتیں، 16 ہزار سے زیادہ گھر ملبے کا ڈھیربن چکے ہیں، 75 ہزار افراد بے گھر ہوئے، جن کی بحالی کے لیے اب اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔

    اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کا کہنا ہے غزہ میں ہنگامی بنیادوں پر خوراک، ادویات کی ضرورت ہے اور بچوں کو ذہنی دباؤ سے نکالنے کے لیے جلد از جلد اقدام کرنے ہوں گے، امریکی وزیر خارجہ اینتھنی بلنکن نے فلسطینی صدر محمود عباس کو غزہ میں بحالی کے کام میں مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، چین نے بھی بے گھر فلسطینیوں کے لیے دوبارہ تعمیرات کی پیش کش کی ہے۔