Tag: GB

  • سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا

    سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی کے خلاف کیس میں عدالت نے بڑا فیصلہ کر لیا، سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ججز تعیناتی کیس میں عدالت نے مقدمے کے فیصلے تک تعیناتیوں پر حکم امتناع جاری کر دیا، وفاقی حکومت نے جواب دینے کے لیے عدالت سے مزید وقت مانگ لیا۔

    ججز تعیناتی کے خلاف وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ انھیں ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔

    وزیر اعلیٰ جی بی کے وکیل مخدوم علی خان کی جانب سے وقت مانگنے کی مخالفت کی گئی، انھوں نے کہا کہ ایک سال سے مقدمہ زیر التوا ہے، یہ کیس عدالت میں ہے لیکن پھر بھی ججز تعیناتیاں کی جا رہی ہیں۔

    جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا وزیر اعلیٰ کی ایڈوائس ججز تعیناتی میں ضروری ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس نکتے پر وہ تفصیلی دلائل دیں گے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس میں کہا کہ ایک دو ہفتے تعیناتیاں نہ بھی ہوں تو کچھ نہیں ہوگا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے جی بی سپریم اپیلیٹ کورٹ میں تعینات ججز کو بذریعہ رجسٹرار نوٹس جاری کر دیا ہے، جسٹس اعجاز الحسن نے اس پر کہا کہ ججز چارج سنبھال چکے ہیں، انھیں نوٹس دینے کی قانونی حیثیت آئندہ سماعت پر طے کریں گے۔

    جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیے کہ ججز کو نوٹس کرنا مناسب نہیں ہوگا، جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ جی بی میں ججز تعینات کون کرتا ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ججز تعیناتی وزیر اعظم پاکستان کرتے ہیں۔

    عدالت نے مزید سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی، اس کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کر رہا ہے۔

  • گلگت بلتستان کے لیے ایل پی جی فراہمی بڑھانے پر اتفاق

    گلگت بلتستان کے لیے ایل پی جی فراہمی بڑھانے پر اتفاق

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ گلگت میں ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ 6 ماہ میں فعال ہو جائے گا، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے ملاقات میں گلگت کے لیے ایل پی جی فراہمی بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں گلگت بلتستان کے لیے ایل پی جی فراہمی بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، حماد اظہر کا کہنا تھا کہ گلگت میں ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ 6 ماہ میں فعال ہو جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ گلگت میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت کم کرنے میں مدد ملے گی، او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل جی بی میں کم آمدن گھروں کی سولرائزیشن کرے۔ جی بی کا قومی گرڈ کے ساتھ رابطہ یقینی بنانے کے لیے سرمایہ کاری کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے سفارشات کا مثبت جواب دینے پر وزیر توانائی کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے حماد اظہر کی دلچسپی قابل ستائش ہے۔

  • گلگت بلتستان اسمبلی کی نشست کے لیے ضمنی انتخاب

    گلگت بلتستان اسمبلی کی نشست کے لیے ضمنی انتخاب

    گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 4 ۔ نگر 1 میں ضمنی انتخاب جاری ہے، مذکورہ نشست پیپلز پارٹی کے امجد حسین کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 4 ۔ نگر 1 میں ضمنی انتخاب جاری ہے، حلقے کے 42 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ جاری ہے۔

    پولنگ بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گی، حلقے میں 4 امیدوار مدمقابل ہیں، حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 23 ہزار 497 ہے۔ مرد ووٹرز کی تعداد 12 ہزار 858 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 10 ہزار 639 ہے۔

    ضمنی الیکشن کے لیے 42 پولنگ اسٹیشنز اور 98 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، 16 پولنگ اسٹیشن مردوں اور خواتین کے لیے مخصوص ہیں۔ 10 پولنگ اسٹیشنز میں مردوں اور خواتین دونوں کی پولنگ جاری ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ پر امن طریقے سے جاری ہے۔

    نگر کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں میں سخت مقابلہ متوقع ہے، مذکورہ نشست پیپلز پارٹی کے امجد حسین کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی تھی۔ گلگت بلتستان کے الیکشن میں امجد حسین 2 نشستوں سے کامیاب ہوئے تھے۔

  • گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہیں بند

    گلگت بلتستان میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہیں بند

    چلاس: شاہراہ قراقرم پر 9 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد شاہراہ کی بحالی کا کام جاری ہے، دوسری جانب گلگت استور روڈ کو لینڈ سلائیڈنگ کے بعد کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ شاہراہ قراقرم کھولنے کا کام صبح سے جاری ہے، شاہراہ قراقرم پر 9 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تھی۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی ٹیمیں روڈ بحالی کا کام کر رہی ہیں۔

    محکمہ داخلہ کے مطابق مزید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ نہیں ہوئی تو شاہراہ جلد کھول دی جائے گی، سڑک کو جلد کھلوانے کے لیے مزید مشینری بجھوائی جارہی ہے۔ بین الاضلاعی شاہراہوں کو بھی ہنگامی بنیادوں پر کھولا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند استور ویلی سڑک کھول دی گئی، حکام کا کہنا ہے کہ تعمیرات عامہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سڑک کھول کر آمد و رفت بحال کردی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گلگت استور روڈ 15 مقامات پر لینڈ سلائیڈئنگ کے باعث بند تھا، شاہراہ پر ہر قسم کا ٹریفک بحال کردیا۔

  • کیا دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں پیدا ہونے والا پاکستانی پھل چین کی مارکیٹ پہنچ سکے گا؟

    کیا دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں پیدا ہونے والا پاکستانی پھل چین کی مارکیٹ پہنچ سکے گا؟

    گلگت: دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں پیدا ہونے والا رسیلا پاکستانی پھل چیری ذائقے میں اپنی مثال آپ ہے، تاہم گلگت بلتستان کے مقامی کاشت کار اس مٹھاس سے بھرپور پھل کو عالمی سطح پر متعارف کرانے سے ناواقف ہیں، اور اب وہ اسے چین کی مارکیٹ لے جانے کے خواہاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں ہمالیہ اور قراقرم کے پہاڑی سلسلوں کے درمیان ذائقہ دار چیری بہ کثرت پیدا ہوتی ہے، ماہرین کا خیال ہے کہ اگر چیری کا یہ پھل اس علاقے سے آگے چین اور دنیا کی دوسری منڈیوں تک پہنچ پاتا ہے، تو چیری اس علاقے کے لوگوں کی زندگی میں خوش حالی لا سکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان فی الحال دنیا کے کئی ممالک سے چیری کی تیاری اور پروسیسنگ کے حوالے سے پیچھے ہے، تاہم، اگر چیری کے کاشت کاروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مناسب رہنمائی، علم اور ٹیکنالوجی فراہم کی جائے توصورت حال بہتر ہو سکتی ہے، پاکستان کی ایکسپورٹس میں یہ اچھا اضافہ ہوگا۔

    خیال رہے کہ پاکستانی چیری متحدہ عرب امارات کی چند مارکیٹوں کے علاوہ اب تک کسی بھی بین الاقوامی مارکیٹ تک نہیں پہنچ سکی ہے۔

    بتایا جاتا ہے کہ مقامی کاشت کاروں کو بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی مصنوعات کو رجسٹر کرانے کا طریقہ معلوم نہیں، علم کی کمی کی وجہ سے غیر ملکی تجارتی مراکز تک رسائی کے لیے بین الاقوامی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں بھی مشکلات ہیں۔

    چیری کے ایک مقامی کاشت کار 47 سالہ ذوالفقارعلی غازی نے شنہوا نیوز کو بتایا کہ یہاں چیری کی 19 اقسام ہیں، لیکن ان میں سے صرف چند ایک ہی بیرون ملک برآمد کے لیے موزوں ہیں۔

    وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے مطابق پاکستان میں ڈھائی ہزار ہیکڑ اراضی پر چیری کی کاشت کی جاتی ہے، جب کہ گلگت بلتستان اور بلوچستان چیری کی پیداوار کے دو بڑے علاقے ہیں، 2016 میں ملک میں چیری کی مجموعی پیداوار 6 ہزار ٹن سے زیادہ تھی۔

  • گلگت: سیاحوں کے لیے اہم شرط

    گلگت: سیاحوں کے لیے اہم شرط

    گلگت بلتستان: سیاحت کے لیے جی بی آنے والے سیاحوں کے لیے کرونا نیگٹیو رپورٹ لازمی قرار دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جی بی حکومت نے گلگت بلتستان آنے والوں سیاحوں کے لیے کرونا نیگیٹو ہونا لازمی قرار دے دیا۔

    جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ملک میں بڑھتے کرونا کیسز کے پیش نظر کیا گیا ہے، کرونا نیگٹیو رپورٹ پر ہی سیاحوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ روز 3 ہزار 876 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، اور خطرناک وائرس مزید 42 افراد کی جان لے گیا۔

    کرونا شدت اختیار کرگیا، ایک دن میں 3800 سے زائد کیسز رپورٹ

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کہتے ہیں این سی او سی نے جو اقدامات اٹھائے بد قسمتی سے ان پر صحیح طرح عمل درآمد نہ ہو سکا، اب انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے ورنہ صورت حال ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔

    ٰخیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کرونا وائرس بے قابو ہو چکا ہے، اور مثبت کرونا کیسز کی ہفتہ وار شرح خطرناک حد کو چھونے لگی ہے، ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم کے مطابق پازیٹو کرونا کیسز کی موجودہ ہفتہ وار شرح 8.76 فی صد ہے۔ جب کہ 11 تا 17 جنوری مثبت کرونا کیسز کی ہفتہ وار شرح 2.47 فی صد تھی، کرونا کی کم ترین ہفتہ وار شرح 1 تا 7 فروری کو 1.57 فی صد تھی۔

    ادھر پنجاب میں بھر میں کرونا مریضو ں میں اضافہ ہو چکا ہے، جس پر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں کو بستر بڑھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

  • محمد علی سدپارہ کے نام سے منسوب انسٹیٹیوٹ کی منظوری دے دی گئی

    محمد علی سدپارہ کے نام سے منسوب انسٹیٹیوٹ کی منظوری دے دی گئی

    گلگت: گلگت بلتستان کی کابینہ نے کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے نام سے منسوب انسٹیٹیوٹ کی منظوری دے دی، محمد علی سدپارہ کو اعلیٰ سول اعزاز کے لیے بھی نامزد کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کابینہ نے محمد علی سدپارہ کے نام سے منسوب انسٹیٹیوٹ کی منظوری دے دی، ادارے کا نام علی سدپارہ انسٹیٹیوٹ آف ایڈونچر اسپورٹس ماونٹینئرنگ اینڈ راک کلائمبنگ ہوگا۔

    بلتستان کابینہ نے علی سدپارہ کے بیٹے کو موزوں ملازمت دینے کا بھی اعلان کیا جبکہ محمد علی سدپارہ کو اعلیٰ سول اعزاز کے لیے بھی نامزد کر دیا گیا۔

    کابینہ نے محمد علی سدپارہ کی بیوہ کے لیے 30 لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کیا، کابینہ اجلاس میں محمد علی سدپارہ کے لیے دعا کی گئی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

    خیال رہے کہ علی سدپارہ اپنے بیٹے ساجد سدپارہ سمیت 2 کوہ پیماؤں کے ساتھ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے 2 سر کرنے کے لیے نکلے تھے، وہ اس چوٹی کو موسم سرما میں سر کرنے کا ریکارڈ بنانا چاہتے تھے تاہم ان سے قبل نیپالی کوہ پیماؤں نے یہ اعزاز حاصل کرلیا۔

    محمد علی سدپارہ بھی پاکستان کے لیے اس اعزاز کو حاصل کرنا چاہتے تھے لہٰذا وہ خراب موسم کے باوجود اپنے مشن پر کاربند رہے، بعد ازاں ان کا اور دیگر کوہ پیماؤں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

    پاک فوج کی ریسکیو ٹیم کئی روز تک انہیں تلاش کرتی رہی لیکن ناکام رہی جس کے بعد ان کے بیٹے ساجد سدپارہ نے جو مہم جوئی ادھوری چھوڑ کر واپس آگئے تھے، ان کی موت کا باضابطہ اعلان کردیا تھا۔

  • جی بی کابینہ کی تقریب حلف برداری، وزیر اعظم آج گلگت کا دورہ کریں گے

    جی بی کابینہ کی تقریب حلف برداری، وزیر اعظم آج گلگت کا دورہ کریں گے

    گلگت: وزیر اعظم عمران خان آج گلگت کا دورہ کریں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم گلگت بلتستان کابینہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گلگت دورے کے دوران وزیر اعظم جی بی گورنر اور وزیر اعلیٰ سمیت کابینہ سے بھی ملاقات کریں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ دورے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    دورے کے موقع پر چیف آرگنائزر سیف اللہ، علی امین گنڈاپور بھی وزیر اعظم کے ہم راہ ہوں گے، وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی امین اسلم بھی ہم راہ جائیں گے۔

    واضح رہے کہ گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو شکست دینے کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے وزیر اعلیٰ جی بی کے عہدے کے لیے خالد خورشید کو نامزد کیا گیا تھا جو دو دن قبل وزیر اعلیٰ جی بی منتخب ہو گئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا اپنے اور کابینہ کے اخراجات میں نمایاں کمی کرنے کا اعلان

    وزیر اعلیٰ کے چناؤ کے عمل میں 31 اراکین اسمبلی نے حصہ لیا، خالد خورشید کو 22 اور پیپلز پارٹی کے امجد ایڈووکیٹ کو 9 اراکین کی حمایت حاصل ہوئی، جس کے بعد امجد ایڈووکیٹ اپوزیشن لیڈر منتخب ہوئے۔

    منتخب ہونے کے بعد نو منتخب وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ آئندہ 5 سال عوام کو پی ٹی آئی کی صاف و شفاف حکومت نظر آئے گی، اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور ہمارا بازو بنیں۔

  • گلگت بلتستان کا وزیر اعلیٰ کون ؟ انتخاب آج ہوگا

    گلگت بلتستان کا وزیر اعلیٰ کون ؟ انتخاب آج ہوگا

    اسلام آباد: گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا، ریٹرننگ افسر نے اس سلسلے میں تفصیلات جاری کر دیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے بیرسٹر خالد خورشید کو وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے جب کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ایڈووکیٹ امجد حسین امیدوار نامزد کیے گئے ہیں۔

    گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ کے لیے پولنگ آج شام 4 بجے ہوگی، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد فہرست شائع کی جائے گی۔

    آر او کا کہنا تھا کہ امیدواران کاغذات نامزدگی 2 بجے تک واپس لے سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ 16 نومبر کو گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پی ٹی آئی نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 10 نشستیں حاصل کی تھیں، جب کہ دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار رہے تھے جن کی تعداد 7 تھی، پیپلز پارٹی نے 3 جب کہ ن لیگ نے صرف 2 نشستیں حاصل کیں۔

    گلگت بلتستان میں تاریخی کامیابی کے بعد تحریک انصاف کی آزاد کشمیر الیکشن کیلئے منصوبہ بندی شروع

    چند دن قبل گلگت بلتستان کی نئی کابینہ کی تشکیل کے لیے وزیر اعظم عمران خان سے علی امین گنڈا پور اور سیف اللہ نیازی نے ملاقات کی تھی، جس میں ایڈووکیٹ خالد خورشید کو وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا جب کہ فتح اللہ خان کو پلاننگ و ڈویلپمنٹ انفارمیشن کا قلم دان دیے جانے کا فیصلہ ہوا۔

    اس ملاقات میں وزارت ورکس کے لیے وزیر سلیم، محکمہ جنگلات کے لیے راجا ذکریا اور وزیر تعلیم کے لیے اعظم خان کے نام فائنل کیے گئے، وزارت صحت کے لیے گل بر خان اور وزارت خوراک کے لیے شمس لون کو نامزد کیا گیا، وزارت پانی و بجلی کے قلم دان کے لیے مشتاق حسین کے نام پر اتفاق ہوا۔

  • منصوبے کے مطابق گلگت میں ن لیگ کے جیتنے والے حلف نہیں اٹھائیں گے: فردوس عاشق

    منصوبے کے مطابق گلگت میں ن لیگ کے جیتنے والے حلف نہیں اٹھائیں گے: فردوس عاشق

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام ووٹ کے ذریعے نئے گلگت بلتستان کی بنیاد رکھنے جا رہے ہیں، اپوزیشن نتائج کو لے کر بد امنی پھیلانے کی کوشش کر سکتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جی بی انتخابی نتائج کو لے کر بدامنی پھیلانے کی کوشش کر سکتی ہے، مریم کے منصوبے کے مطابق ن لیگ کے جیتنے والے حلف نہیں اٹھائیں گے۔

    ان کا کہنا ہے کہ دھاندلیوں کا واویلا کر کے جی بی میں بدانتظامی کی کوشش کی جائے گی، بیرون ملک بیٹھے مخالفین بھی اس بدامنی میں شامل ہو سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کانٹے کا مقابلہ جاری ہے، انتخابی جائزوں کے مطابق پی ٹی آئی کی پوزیشن مضبوط ہے، تیر اور شیر پر بلا بھاری دکھائی دے رہا ہے۔

    گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری، عوام میں جوش و خروش

    گلگت بلتستان میں 23 نشستوں پر 320 امیدوار میدان میں ہیں، حلقہ 3 گلگت میں امیدوار کے انتقال کر جانے کے باعث الیکشن ملتوی ہوئے، ووٹرز میں جوش و خروش ہے، پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی قطاریں لگ چکی ہیں، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

    پولنگ عملے کی عدم موجودگی کے باعث دیامر حلقہ ون میں پولنگ تاخیر کا شکار ہے، گلگت بلتستان میں سیکورٹی کے بھی کڑے انتظامات کیے گئے ہیں، 415 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے۔