Tag: GDA Leader

  • کچرے سے بجلی بنائی جاتی ہے ہم نے پارٹی بنالی، سائرہ بانو

    کچرے سے بجلی بنائی جاتی ہے ہم نے پارٹی بنالی، سائرہ بانو

    کراچی : گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے کہا ہے کہ کچرے سے بجلی بنائی جاتی ہے لیکن ہم نے پارٹی بنائی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے کہا کہ سیاسی استحکام کیلئے استحکام پاکستان پارٹی کو وجود میں لایا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے4سال تک ہمیں بتایا کہ جہانگیر ترین اے ٹی ایم ہیں، آج وہ سب اچھے ہوگئے، اب عطا تارڑ کہتے ہیں کہ مل کر چلیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ کرچکا ہے اس کی کوئی تردید بھی نہیں آئی، گزشتہ ٹیکس ہدف پورا نہیں کیا گیا تو اس بار کیسے ہوگا؟ ملک نے ڈیفالٹ نہیں کیا لیکن عوام ڈیفالٹ کرگئے ہیں۔

    سائرہ بانو نے کہا کہ ایوان میں اپوزیشن کا مضبوط کردار ہوتا ہے لیکن ہمیں اپوزیشن وہاں نظر نہیں آرہی بلکہ اپوزیشن لیڈر تو یہ کہتے ہیں کہ آئندہ الیکشن ن لیگ کے ٹکٹ پر لڑوں گا۔

    پیپلز پارٹی کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ زرداری صاحب پنجاب میں متحرک ہیں،الیکشن ضرور ہوں گے، وہ اپنی زبان کے پکے ہیں، ن لیگ کیلئے الارمنگ صورتحال ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وقت پر انتخابات کے حق میں ہے، مسئلہ ن لیگ کو ہے، زرداری صاحب کے پاس جنوبی پنجاب میں سیٹیں ہیں۔

    جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ ن لیگ پنجاب میں اپنا ووٹ بینک ڈھونڈ رہی ہے، اب سیاسی گیم دلچسپ مراحل میں داخل ہوچکا ہے، جس طرح ہارنے والا بچہ لڈو کی گوٹیاں اڑا دیتا ہے شاید ن لیگ بھی ایسا ہی کرے۔

  • روس سے پہلے ہی تیل خرید لیتے تو آج یہ حال نہ ہوتا، فہمیدہ مرزا

    روس سے پہلے ہی تیل خرید لیتے تو آج یہ حال نہ ہوتا، فہمیدہ مرزا

    اسلام آباد : قومی اسمبلی کے ایوان میں بھی ہوشربا مہنگائی کی گونج سنائی دی، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رہنما فہمیدہ مرزا حکومت پر برس پڑیں۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکم پر تو ٹیکس کٹتا ہے کچھ بھی خرید لیں ہرچیز پر ٹیکس کٹتا ہے، ہم جیسوں کی کمر ٹوٹ گئی مگر غریب تومزید س بوجھ تلے دبتا جارہا ہے، دیکھتے دیکھتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ڈبل ہوجائیں گی۔

    فہمیدہ مرزا نے کہا کہ سنا ہے کہ حکومت روس سے تیل خریدنے جارہی ہے، اگر یہی سب کچھ آتے ہی کرلیتے توآج غریب پر زیادہ بوجھ نہ پڑتا، پیٹرول اور ڈیزل کا بڑھنا قابو سے باہر ہے۔،

    انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل بڑھنے سے ہرچیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے، کراچی میں جو40ہزار انڈسٹریز ہیں وہ بند ہوجائیں گی۔

    جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ کےالیکٹرک کو ہر طرح سے فائدہ دیا گیا، کراچی کے حالات دیکھ کر لگتا ہے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا ہوجائےگی، جہاں24گھنٹےکی لوڈشیڈنگ ہوگی تو لوگ کہاں جائیں گے؟

    انہوں نے کہا کہ آپ نے ایل این جی نہیں خریدی کیوں کہ مہنگی ہوگئی ہے، اگرعالمی منڈی میں پٹرول سستا ہوگا تو کیا آپ عوام کو ریلیف دینگے؟

    خاتون رکن قومی اسمبلی نے شکوہ کیا کہ میرے حلقے کی تمام ترقیاتی اسکیمیں ہٹادی گئی ہیں، 2018میں سندھ کا سودا ہوگیا تھا ویسے تواس سے پہلے بھی ہوتا رہا ہے، ہم تھے ہم نے بی بی کے ساتھ مل کر ڈکٹیٹرز سے مقابلے کیے تھے۔

    فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ جواتحادی یہاں بیٹھے ہیں سچ بتائیں کیا ان کےساتھ انصاف ہوا ہے، سندھ میں لوکل گورنمنٹ الیکشن میں مکمل طورپردھاندلی ہوئی ہے، آپ اپنی انتظامیہ ،ایڈمنسٹریشن کونیوٹرل کریں پھردیکھیں الیکشن۔

    اداروں نے آنکھیں نہ کھولیں،عقل کے ناخن نہ لیے تو ہم ڈیزاسٹر کی طرف آچکے ہیں، آپ حج عمرہ کر آئے ان99ناموں کے نیچے بیٹھے ہیں خدارا کچھ کریں۔

    میں بار بار پانی کی بات کرتی ہوں، میرے حلقے میں پانی کے حوالے سےایک دھیلہ نہیں رکھا، ہم نے کوشش کی تھی بچوں کیلئے اسپورٹس گراؤنڈ بنادیں گے، خدا کیلئے سندھ کو پیسےدیں۔

     

  • وفاقی بجٹ : "صرف ڈی آئی خان اور لاڑکانہ کیلئے علیحدہ رقم مختص کیوں”؟

    وفاقی بجٹ : "صرف ڈی آئی خان اور لاڑکانہ کیلئے علیحدہ رقم مختص کیوں”؟

    کراچی : جی ڈی اے رہنما سردارعبدالرحیم نے بجٹ کو آئی ایم ایف اور عوام دشمن قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ عوام اور زراعت دشمن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا۔

    جی ڈی اے رہنما کا کہنا تھا کہ بالواسطہ ٹیکس میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھےگی، صنعتوں کو دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے سے صنعتیں بند ہوجائیں گی۔

    سردار رحیم نے کہا کہ تعمیراتی صنعت میں مزید ٹیکس بڑھانے سے کوئی گھر نہیں بنا سکتا، سیمنٹ اور سریے کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کررہی تھیں۔

    انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ وفاقی بجٹ میں ڈیرہ اسماعیل خان اور لاڑکانہ کیلئے علیحدہ رقم مختص کی گئی ہے، کیا باقی تمام اضلاع اور شہر ملک کا حصہ نہیں ہیں؟

    جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے، کراچی کو موجودہ بجٹ میں نظر انداز کردیا گیا۔

    سردار رحیم نے مزید کہا کہ ملک کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکالنے کے لیے کوئی نیا منصوبہ نہیں رکھا گیا، ادویات کی قیمتیں بڑھا کرغریب عوام کو موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا ہے۔