Tag: GE2018

  • عمران خان نے زلفی بخاری کو انتخابی مہم کا انچارج مقرر کردیا

    عمران خان نے زلفی بخاری کو انتخابی مہم کا انچارج مقرر کردیا

    کراچی: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے قریبی دوست زلفی بخاری کو انتخابی مہم کا انچارج مقرر کردیا۔

    ذرائع کے مطابق زلفی بخاری قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 میں عمران خان کی انتخابی مہم چلائیں گے اور تمام سیاسی اجتماعات و پارٹی مٹینگز میں شرکت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری کو چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے حلقے کی انتخابی مہم چلانے اور تمام سیاسی امور دیکھنے کا سربراہ مقرر کردیا۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں مقیم عمران خان کے قریبی دوست گزشتہ ماہ پاکستان تشریف لائے تھے اور وہ کپتان کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے لیے جارہے تھے کہ ائیرپورٹ پر انہیں روک دیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے سے متعلق فیصلہ محفوظ

    کچھ دیر بعد زلفی بخاری کو وزارتِ داخلہ نے مراسلہ جاری کر کے بیرونِ ملک سفر کی مشروط اجازت دی تھی جس کے تحت وہ چار روز کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے۔

    عمران خان کے قریبی دوست کا نام بلیک لسٹ تھا جس کی بنیاد پر انہیں سول ایوی ایشن کے حکام نے ائیرپورٹ پر روک لیا تھا مگر وزارتِ داخلے کا حکم نامہ سامنے آتے ہی قانون کے تحت انہیں اجازت دے دی گئی تھی۔

    یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل تھا جسے نکلوانے میں عمران خان نے کردار ادا کیا مگر وزارتِ داخلہ کے حکام نے سینیٹ کمیٹی کے سامنے وضاحت کی کہ اُن کا نام بلیک لسٹ میں شامل تھا اور نہ ہی تحریک انصاف کے چیئرمین نے اس ضمن میں کوئی کردار ادا کیا۔

    اسے بھی پڑھیں: زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں تھا، سیکریٹری داخلہ

    ایک روز قبل 3 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی، عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انتخابات 2018:‌ علی ترین نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا

    انتخابات 2018:‌ علی ترین نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا

    لودھراں: تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیرترین کےصاحبزادےعلی ترین نے الیکشن ٹکٹ سےدستبرداری کااعلان کر دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں علی ترین کا کہنا تھا کہ بیرون ملک تعلیم کی وجہ سےالیکشن نہیں لڑسکوں گا، اس بار خودکو الیکشن لڑنے کا حقدار نہیں سمجھتا، ٹکٹ اُسے ملنا چاہے جو حلقے اور پارٹی کو وقت دے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے درخواست ہے کسی اور امیدوار کو حلقے سے ٹکٹ دیں، میں اور میرے والد تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر کی بھرپور حمایت کریں گے۔

    علی ترین کا کہنا تھا کہ ’ہم نے حلقہ این اے 154 میں حکومت سے مقابلہ کیا اور 90 ہزار ووٹ حاصل کیے البتہ اُس میں ہمیں فتح نہ ہوئی، ابھی میری پڑھائی جاری ہے اور ستمبر میں فائنل امتحان ہے اس لیے میں انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکوں گا‘۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال 15 دسمبر کو مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر  سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو آف شور کمپنی اور اس کے اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دیا تھا۔

    نااہلی کے بعد حلقہ این اے 154 کی نشست خالی ہوگئی تھی جس پر تحریک انصاف کی جانب سے علی ترین کو ٹکٹ دیا گیا البتہ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار نے ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد ووٹ لے کر فتح اپنے نام کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کراچی: ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لگا دیا

    کراچی: ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لگا دیا

    کراچی: عام انتخابات 2018 کی آمد کے پیش نظر پیپلزپارٹی، پاک سرزمین پارٹی اور تحریک انصاف کے چیئرمینز نے شہر قائد کے مختلف حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے، ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے کاغذات پر اعتراض لگا کر انہیں 12 جون کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کا وقت قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شہر قائد کے مختلف حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرانا شروع کردیے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کاغذات جمع کرانے سٹی کورٹ پہنچے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی سٹی کورٹ پہنچے تو ہاتھوں میں پارٹی پرچم تھامے جیالوں نے بلاول بھٹو کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر خوب نعرے بازی کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اُن کا استقبال کیا۔

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے لیاری کے حلقے این اے 246 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، اسی اثناء مصطفیٰ کمال بھی فارم جمع کرانے سٹی کورٹ پہنچے تو جیالوں نے انہیں گھیر لیا اور چیئرمین کے حق میں نعرے لگائے۔

    مصطفیٰ کمال نے قومی اسمبلی کے حلقے 247 جنوبی اور این اے 253 وسطی اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 127 اور پی ایس 124 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سےکراچی کے دوحلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے عمران اسماعیل،عارف علوی،خرم شیر زمان سٹی کورٹ پہنچے۔

    ریٹرننگ افسر نے کپتان کے کاغذات تصدیق شدہ نہ ہونے کے باعث اعتراض لگاتے ہوئے انہیں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے 12 جون کو طلب کرلیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں