Tag: general election 2018

  • 25 جولائی کو میڈیا سات بجے سے قبل پولنگ نتائج جاری نہ کرے، الیکشن کمیشن

    25 جولائی کو میڈیا سات بجے سے قبل پولنگ نتائج جاری نہ کرے، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ انتخابات والے دن شام سات بجے سے قبل پولنگ کے نتائج جاری نہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ میڈیا اس بات کو یقینی بنائے کہ پچیس جولائی کو شام سات بجے سے پہلے انتخابات کے نتائج ٹی وی پر آن ایئر نہیں ہوں گے۔

    بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ” برائے مہربانی اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولنگ والے دن شام سات بجے سے قبل انتخابات کے نتائج جاری نہ ہوں۔“

    یہ درخواست ای سی اپی کے سیکریٹری، چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا اور چیئرمین پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) محمد بیگ کے مابین ایک ملاقات میں کی گئی۔

    کراچی شہر میں الیکشن کے روز32 ہزار 849 اہلکار تعینات ہوں گے


    پیمرا کے چیئرمین محمد بیگ نے انتخابات منعقد کرانے والے ادارے کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی، انھوں نے اس موقع پر جسٹس سردار محمد رضا اور ای سی پی سیکریٹری کو میڈیا ضابطۂ اخلاق کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    خیال رہے کہ پچیس جولائی کو عوام صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک ووٹ ڈال سکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • مسلم لیگ ن  الیکشن 2018 کے لیے پارٹی منشور آج پیش کریں گے

    مسلم لیگ ن الیکشن 2018 کے لیے پارٹی منشور آج پیش کریں گے

    لاہور : مسلم لیگ ن الیکشن 2018 کے لیے پارٹی منشور آج اعلان کریں گے، گذشتہ دور حکومت میں مکمل کیے جانے والے منصوبوں کا ذکر بھی منشور میں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف لاہور میں مرکزی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انتخابی منشور کا اعلان کریں گے، منشور میں گذشتہ دور حکومت میں مکمل کیے جانیوالے منصوبوں کا بھی ذکر ہوگا۔

    کسانوں مزدوروں کو ریلیف، کھاد، سستی زراعت کے لیے بجلی کی فراہمی اور خواتین کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے اعلانات بھی منشور کا حصہ ہوں‌ گے جبکہ تعلیم اور صحت کے لیے انقلابی اقدامات کے وعدے، پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے چھوٹے بڑے ڈیموں کی تعمیر کو بھی منشور کا حصہ بنایا جائے گا۔

    مسلم لیگ نون منشور میں روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بھی اہم اعلانات کرے گی اور پینے کے صاف پانی کے لیے اقدامات اور جنوبی پنجاب کی ترقی کے وعدے کئے جائیں گے.

    منشورمیں کراچی، بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر کرنے پر بھی لائحہ عمل دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ انتخابات 2018 کے لیے سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم میں دن بدن تیزی آ رہی ہے اور مختلف جماعتیں اپنے منشور کا اعلان کرچکی ہے۔

    واضح رہے ملک بھر میں 25 جولائی کو انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا ، جس کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عمران خان نے زلفی بخاری کو انتخابی مہم کا انچارج مقرر کردیا

    عمران خان نے زلفی بخاری کو انتخابی مہم کا انچارج مقرر کردیا

    کراچی: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے قریبی دوست زلفی بخاری کو انتخابی مہم کا انچارج مقرر کردیا۔

    ذرائع کے مطابق زلفی بخاری قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 میں عمران خان کی انتخابی مہم چلائیں گے اور تمام سیاسی اجتماعات و پارٹی مٹینگز میں شرکت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری کو چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے حلقے کی انتخابی مہم چلانے اور تمام سیاسی امور دیکھنے کا سربراہ مقرر کردیا۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں مقیم عمران خان کے قریبی دوست گزشتہ ماہ پاکستان تشریف لائے تھے اور وہ کپتان کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے لیے جارہے تھے کہ ائیرپورٹ پر انہیں روک دیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے سے متعلق فیصلہ محفوظ

    کچھ دیر بعد زلفی بخاری کو وزارتِ داخلہ نے مراسلہ جاری کر کے بیرونِ ملک سفر کی مشروط اجازت دی تھی جس کے تحت وہ چار روز کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے۔

    عمران خان کے قریبی دوست کا نام بلیک لسٹ تھا جس کی بنیاد پر انہیں سول ایوی ایشن کے حکام نے ائیرپورٹ پر روک لیا تھا مگر وزارتِ داخلے کا حکم نامہ سامنے آتے ہی قانون کے تحت انہیں اجازت دے دی گئی تھی۔

    یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل تھا جسے نکلوانے میں عمران خان نے کردار ادا کیا مگر وزارتِ داخلہ کے حکام نے سینیٹ کمیٹی کے سامنے وضاحت کی کہ اُن کا نام بلیک لسٹ میں شامل تھا اور نہ ہی تحریک انصاف کے چیئرمین نے اس ضمن میں کوئی کردار ادا کیا۔

    اسے بھی پڑھیں: زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں تھا، سیکریٹری داخلہ

    ایک روز قبل 3 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی، عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔